Thursday, 8 October 2026

سچ کی تلقین، جھوٹ کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
   
رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جھوٹ سے بچو۔ بلاشبہ جھوٹ گناہ کی طرف لے جاتا ہے اور گناہ جہنم میں پہنچانے والا ہے۔ بلاشبہ جو انسان جھوٹ بولتا ہو اور جھوٹ ہی کے درپے رہتا ہے تو وہ بالآخر اللہ کے ہاں کذاب ( انتہائی جھوٹا ) لکھ دیا جاتا ہے۔ ( ہمیشہ ) سچ اپناؤ، سچ ( انسان کو ) نیکی کی رہنمائی کرتا ہے اور نیکی جنت میں پہنچاتی ہے۔ اور جو شخص سچ بولتا اور سچ کے درپے رہتا ہے تو وہ بالآخر اللہ کے ہاں صدیق ( انتہائی سچا ) لکھ دیا جاتا ہے"۔  
سنن ابوداؤد 4989 (صحیح)

صف اوّل ، عشاء اور فجر کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
   
نبي رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’اگر لوگ اذان اور صف اوّل کی فضیلت کے بارے میں جان لیں پھر اگر انہیں اسکے حصول کے لیے قرعہ اندازی کرنی پڑے تو وہ ضرور قرعہ اندازی کریں، اور اگر وہ نماز کے لیے جلدی آنے کی فضیلت کے بارے میں جان لیں تو وہ اسکی طرف ضرور سبقت حاصل کریں، اور اگر انہیں نمازِ عشاء اور نمازِ فجر کی اہمیت کاپتہ چل جائے تو وہ انہیں پڑھنے کے لیے ضرور (مسجد میں) آئیں خواہ انہیں سرین یا پاؤں اور گھٹنوں کے بل چل کر آنا پڑے

مشکوة 628 (متفق علیہ)

دُعا مانگ کر مایوس نہ ہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
   
رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ تم میں سے ایک کی دُعا قبول ہوتی رہتی ہے جب تک کہ وہ جلدی نہ کرے ۔ یعنی یوں کہے کہ میں نے دُعا کی مگر قبول نہیں ہوئی"۔  

سنن ابوداؤد 1484 (صحیح)

میت کی خوبیاں بیان کرنے کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
صادق و امین رسول کریم ﷺ ‌ایک جنازے میں نكلے تو لوگوں نے اسكے بارے میں تعریفی كلمات كہے، اور اسكی (میت کی) تعریف كی۔ جبریل علیہ السلام تشریف لائے اور فرمایا: یہ آدمی ایسا نہیں تھا جیسا یہ لوگ ذكر كر رہے ہیں ، لیكن تم لوگ اِس زمین پر ﷲﷻ كے گواہ ہو ، اللہ تعالٰی نے اسكے وہ گناہ معاف كر دیئےجن كے بارے میں یہ لوگ لا علم ہیں

السلسلۃ 3247 (صحیح)

یتیم کی دیکھ بھال پر اجر - جنت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اپنے یتیم یا غیر کے یتیم کی دیکھ بھال کی، یہاں تک کہ اللہ تعالٰی نے اسے اس سے مستغنی کردیا، اس کے لئے جنت واجب ہوگئی۔

السلسلۃ 1988 (صحیح)

صلاةِ توبہ ۔ گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبي رحمت ﷺ نے فرمایا : ’’ کوئی بندہ ایسا نہیں جو کوئی گناہ کر بیٹھے پھر وضو کرے اچھی طرح ، پھر کھڑا ہو اور دو رکعتیں پڑھے اور ﷲﷻ سے استغفار کرے ، مگر اللہ اسے معاف کردیتا ہے ۔ پھر آپ ﷺ نے یہ آیت پڑھی۔ ترجمہ "متقی وہ لوگ ہیں جو اگر کبھی کوئی بے حیائی کا کام کریں یا اپنی جانوں پر کوئی ظلم کر بیٹھیں ، تو اللہ کو یاد کرتے اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں ۔ اور اللہ کے سوا اور کون ہے جو گناہ بخش دے ۔ اور یہ لوگ جانتے بوجھتے اپنے کیے پر نہیں اڑتے اور نہ اصرار کرتے ہیں"۔ 

سنن ابوداؤد 1521 (صحیح)

آخر رات میں دُعا کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ہمارا پروردگار بلند برکت والا ہے ہر رات کو اس وقت آسمان دنیا پر آتا ہے جب رات کا آخری تہائی حصہ رہ جاتا ہے ۔ وہ کہتا ہے کوئی مجھ سے دُعا کرنے والا ہے کہ میں اسکی دُعا قبول کروں ، کوئی مجھ سے مانگنے والا ہے کہ میں اسے دوں کوئی مجھ سے بخشش طلب کرنے والا ہے کہ میں اسکو بخش دوں"۔

صحیح البخاری 1145 (صحیح)

سلام کرنے کی فضیلت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کے پاس آ کر کہا: السلام عليكم،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) دس نیکیاں ہیں“، پھر ایک دوسرا شخص آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) بیس نیکیاں ہیں“، پھر ایک اور آدمی آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله وبركاته،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) تیس نیکیاں ہیں۔

جامع الترمذی 2689 (صحیح)

لوگوں کے آسانیاں پیدا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ اپنے صحابہ کرام ؓ کو جب اپنے کسی کام کے لیے بھیجا کرتے تھے تو انہیں فرماتے : ’’ خوشخبری دینے والے بننا ، نفرت نہ دلانا ، آسانی کرنا اور تنگی اور مشقت میں نہ ڈالنا

سنن ابوداؤد 4835 (صحیح)

نمازِ چاشت کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ہر انسان کے تین سو ساٹھ (360) جوڑ ہیں اور اس پر ہر جوڑ کی طرف سے صدقہ کرنا ضروری ہے ، لوگوں نے پوچھا یارسول اللہ ﷺ ! اسکی طاقت کس میں ہے ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا اس کا طریقہ یہ ہے کہ مسجد میں اگر تھوک نظر آئے تو اس پر مٹی ڈال دو، راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹا دو، اگر یہ سب نہ کرسکو تو چاشت کے وقت دو رکعتیں تمہاری طرف سے کفایت کرجائیں گی"۔

مسند احمد 23386 (صحیح)

اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
نبي رحمت ﷺ نے فرمایا : جو شخص کسی مسلمان سے دنیا کی پریشانیوں میں سے کسی ایک پریشانی کو دور کرتا ہے تو ﷲﷻ قیامت کے دن اسکی ایک پریشانی کو دور فرمائے گا ، جو شخص کسی مسلمان کے عیوب پر پردہ ڈالتا ہے ۔ اللہ تعالٰی دنیا و آخرت میں اسکے عیوب پر پردہ ڈالے گا ، اور بندہ جب تک اپنے بھائی کی مدد میں لگا رہتا ہے ، اللہ تعالٰی بندہ کی مدد میں لگا رہتا ہے"۔

مسند احمد 10687 (صحیح)

محفل / مجلس کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
 نبی کریم ﷺ نے اس سے منع فرمایا کہ کسی شخص کو اسکی جگہ سے اٹھایا جائے تاکہ دوسرا اسکی جگہ پر بیٹھے ، البتہ ( آنے والے کو مجلس میں ) جگہ دے دیا کرو اور فراخی کردیا کرو"۔

صحیح البخاری 6270 (صحیح)

تین کاموں میں جلدی کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ علی ؓ ! تین چیزوں میں دیر نہ کرنا ، ایک نماز جب اس کا وقت آجائے ، جنازہ جب تیار ہوجائے اور بیوہ ، مطلقہ اور کنواری خاتون (کے نکاح میں) جب تمہیں اس کا کفو ( مناسب رشتہ) مل جائے

مشکوة 605 (صحیح)

نمازِ جمعہ کے لیے جلدی کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
  
نبی اکرم ﷺ فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو مساجد کے ہر دروازے پر فرشتے آجاتے ہیں اور پہلے دوسرے نمبر پر آنے والے نمازی کا ثواب لکھتے رہتے ہیں چنانچہ جمعہ کی نماز میں سب سے پہلے آنے والا اونٹ قربان کرنے والے کی طرح ثواب پاتا ہے، دوسرے نمبر پر آنے والا گائے ذبح کرنے والے کی طرح، تیسرے نمبر پر آنے والا مینڈھا قربان کرنے والے کی طرح ثواب پاتا ہے، پھر مرغی، پھر انڈہ صدقہ کرنے والے کا ثواب پاتا ہے، اور جب امام نکل آتا ہے اور منبر پر بیٹھ جاتا ہے تو وہ اپنے صحیفے لپیٹ کر ذکر سننے کے لئے بیٹھ جاتے ہیں ۔

مسند احمد 10654 (صحیح)

قربِ قیامت کی نشانیاں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 

مُخبرِ صادق رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : قیامت سے پہلے لوگوں پر ایسے سال آئیں گے جو دھوکے کے سال ہوں گے ، ان میں جھوٹے کو سچا اور سچے کو جھوٹا سمجھا جائے گا ، خائن کو امانت دار اور امانت دار کو خائن سمجھا جائے گا ، اور اس میں ’’رویبضہ‘‘ کلام کرے گا ، ( کسی نے پوچھا کہ ’’رویبضہ‘‘ سے کیا مراد ہے ؟ فرمایا بیوقوف آدمی بھی عوام کے معاملات میں بولنا شروع کر دے گا ) ۔

مسند احمد 8440 (صحیح)