Friday, 24 July 2026

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے منبر کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر فرمایا :  لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آجائیں ورنہ اللہ تعالٰی انکے دلوں پر مہر لگا دے گا اور وہ یقینی طور پر غافلین میں سے ہو جائیں گے۔

سنن النسائی 1371 (صحیح )

دنیا کی محبت ہر بُرائی کی جڑ ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب اللہ تعالٰی کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو اسے دنیا سے اسی طرح بچاتا ہے، جس طرح تم میں سے کوئی آدمی اپنے بیمار کو پانی سے بچاتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 2036 (صحیح )

جس سے اللہﷻ محبت کرتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جب اللہﷻ کسی بندہ سے محبت کرتا ہے تو جبریل ؑ کو آواز دیتا ہے کہ اللہ فلاں بندہ سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو ۔ جبریل ؑ بھی اس سے محبت کرنے لگتے ہیں ، پھر وہ تمام آسمان والوں میں آواز دیتے ہیں کہ اللہ فلاں بندے سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو ۔ پھر تمام آسمان والے اس سے محبت کرنے لگتے ہیں ۔ اسکے بعد وہ زمین میں بھی ( بندگان خدا کا ) مقبول اور محبوب بن جاتا ہے ۔

صحیح البخاری 6040 (صحیح )

سُود اور شراب کی تجارت حرام ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

جب سُود کی ( حرمت کی ) آیات اتریں تو رسول اللہ ﷺ منبر پر تشریف فرما ہوئے اور یہ آیات لوگوں کو پڑھ کر سنائیں، پھر آپ ﷺ نے شراب کی تجارت کو بھی حرام قرار دیا ۔ 

سنن النسائی 4669 (صحیح )

سونے سے پہلے مسنون عمل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبي رحمت ﷺ ہر رات جب اپنے بستر پر تشریف لاتے تو اپنی ہتھیلیاں جمع کرتے اور اُن پر سورہ اخلاص اور معوذتین (سورہ الفلق، سورہ الناس) پڑھ کر پھونکتے اور جہاں جہاں تک ممکن ہوتا اپنے جسم پر ان ہاتھوں کو پھیر لیتے اور سب سے پہلے اپنے سر اور چہرے اور سامنے کے جسم پر ہاتھ پھیرتے تھے اور تین مرتبہ اس طرح کرتے تھے۔

مسند احمد 25365 (صحیح )

آیت الکرسی پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

( مفصل حدیث اس سے پہلے کتاب الوکالۃ میں گزر چکی ہے )

"جب تم رات کو اپنے بستر پر سونے کے لیے جاؤ تو آیت الکرسی پڑھ لیا کرو ، پھر صبح تک اللہ تعالٰی کی طرف سے تمہاری حفاظت کرنے والا ایک فرشتہ مقرر ہوجائے گا اور شیطان تمہارے پاس بھی نہ آسکے گا"۔

صحیح البخاری 5010 (صحیح )

ریشم اور سونے کے بارے میں حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے اپنے بائیں ہاتھ میں ریشم اور دائیں ہاتھ میں سونا لیا ، پھر دونوں ہاتھ بلند کرکے فرمایا : یہ دونوں چیزیں میری اُمت کے مـردوں پر حرام اور انکی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔

سنن ابنِ ماجہ 3595 (صحیح )

جمعہ کے روز قبولیت کی گھڑی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :  اس گھڑی کو تلاش کریں جس کے بارے میں امید کی جاتی ہے کہ وہ جمعہ کے روز بعد نمازِ عصر سے غروب آفتاب تک ہوتی ہے۔

مشکوٰۃ 1360 (صحیح )

جسکی سفارش کی اس سے تحفہ نہ لو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا :  جس نے اپنے کسی بھائی کی سفارش کی اور پھر اسے اس پر کوئی ہدیہ دیا ، تو اگر اس نے اسے قبول کر لیا تو ، وہ سود کے دروازوں میں سے ایک بڑے دروازے میں داخل ہوگیا۔

سنن ابوداؤد 3541 (صحیح )

سونے کے آداب کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں، نبی کریم ﷺ میرے پاس سے گزرے جبکہ میں اپنے پیٹ کے بل لیٹا ہوا تھا ۔ آپ ﷺ نے اپنے پاؤں سے مجھے چونکا مارا اور فرمایا :’’ جندب ! یہ تو جہنمیوں کا سا لیٹنا ہے"۔

مشکوٰۃ 4731 (صحیح )

جھوٹی بات پھیلانے کی سزا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبیِ کریم ﷺ نے فرمایا :  میرے پاس گذشتہ رات خواب میں دو آدمی آئے انہوں نے کہا کہ جسے آپ ﷺ نے دیکھا کہ اس کا جبڑا چیرا جا رہا تھا وہ بڑا ہی جھوٹا تھا ، جو ایک بات کو لیتا اور ساری دنیا میں پھیلا دیتا تھا ، قیامت تک اس کو یہی سزا ملتی رہے گی۔

صحیح البخاری 6096 (صحیح )

ہر نماز کے بعد مسنون دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ اکرم ﷺ نے حضرت معاذ ؓ کا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: ’’ اے معاذ ؓ ! اللہ کی قسم ! مجھے تم سے محبت ہے۔ پھر فرمایا: اے معاذ ؓ ! میں تمہیں وصیت کرتا ہوں کہ کسی نماز کے بعد یہ دُعا ہرگز ترک نہ کرنا

اللَّهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ وَشُكْرِكَ وَحُسْنِ عِبَادَتِكَ

اے اللہ ! اپنا ذکر کرنے، شُکر کرنے اور بہترین انداز میں اپنی عبادت کرنے میں میری مدد فرما"۔

سنن ابوداؤد 1522 (صحیح)

میت کو جلد دفنانے کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جنازہ جلدی لے جایا کرو ، اگر تو وہ صالح ہے تو پھر تم اسے بھلائی کی طرف لے جارہے ہو ، اور اگر وہ اسکے علاوہ ہے تو پھر وہ ایک شر ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتار رہے ہو"۔

مشکوة 1646 (متفق علیہ)

امت محمد ﷺ کا فتنہ مال ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ” ہر امت کی آزمائش کسی نہ کسی چیز میں ہے اور میری امت کی آزمائش مال میں ہے"۔

جامع الترمذی 2336 (صحیح)

Friday, 10 July 2026

نمازِ جمعہ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’ جس نے جمعہ کے روز غسل کیا اور بہترین کپڑے زیب تن کیے اور خوشبو بھی لگائی اگر میسر ہو تو ، پھر جمعہ کے لیے آیا اور لوگوں کی گردنیں نہ پھلانگیں ، پھر ( نفلی تحیتہ المسجد) نماز پڑھی جو اسکے لیے مقدر کی گئی ، پھر خاموش رہا جب امام ( خطبے کے لیے ) نکلا ، حتیٰ کہ اپنی نماز ( جمعہ) سے فارغ ہوا تو یہ اسکے لیے اس جمعے اور سابقہ جمعے کے مابین ( صادر ہونے والے گناہوں ) کا کفارہ ہے۔

سنن ابوداؤد 343 (صحیح)

مریض کی عیادت کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : جو شخص کسی مریض کی عیادت کے لئے جاتا ہے گویا وہ جنت کے باغات میں چلتا ہے ، جب وہ بیمار کے پاس بیٹھتا ہے تو ﷲﷻ کی رحمت کے سمندر میں غوطے کھاتا ہے اور جب وہاں سے واپس روانہ ہوتا ہے تو اسکے لئے ستر ہزار فرشتے مقرر کر دیئے جاتے ہیں جو اس دن اسکے لئے بخشش کی دُعا مانگتے رہتے ہیں۔ 

مسند احمد 1166 (صحیح)

اچھا گمان رکھنےکی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : اچھا گمان رکھنا حسن عبادت میں سے ہے۔

سنن ابوداؤد 4993 (صحیح)

جوتا پہننےکا سنت طریقہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  جب تم میں سے کوئی جوتا پہنے تو دائیں ( طرف ) سے ابتدا کرے اور جب اتارے تو بائیں سے شروع کرے ، دایاں پاؤں پہننے میں پہلے اور اتارنے میں آخری ہونا چاہیے۔ 

سنن ابوداؤد 4139 (صحیح)

جھوٹی قسم پر سخت ترین وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’ جس نے اپنی قسم کے ذریعے سے کسی مسلمان کا حق مارا ، ﷲﷻ نے اس کے لیے آگ واجب کر دی اور اس پر جنت حرام ٹھہرائی۔ ایک شخص نے آپ ﷺ سے عرض کیا : اگرچہ وہ معمولی سی چیز ہو ، اے اللہ کے رسول ﷺ ! آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ چاہے وہ پیلو کے درخت کی ایک شاخ ہو ۔

صحیح مسلم 353 (صحیح)

سلام کرنے کا سنہری اصول

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ فرمایا : چھوٹا بڑے کو ، چلنے والا (کھڑا شخص) بیٹھے ہوئے کو اور قلیل ، کثیر کو سلام کریں۔

مشکوة 4633 (صحیح)

دائیں ہاتھ سےکھانے، پینے کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ فرمایا : جب تم میں سے کوئی شخص کھانا کھائے تو اسے چاہیے کہ دائیں ہاتھ سے کھائے اور جب پیئے تو دائیں ہاتھ سے ، کیونکہ بائیں ہاتھ سے شیطان کھاتا پیتا ہے ۔

مسند احمد 4886 (صحیح)

نمازِ جمعہ کے لیے جلدی کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
  
نبی اکرم ﷺ فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو مساجد کے ہر دروازے پر فرشتے آجاتے ہیں اور پہلے دوسرے نمبر پر آنے والے نمازی کا ثواب لکھتے رہتے ہیں چنانچہ جمعہ کی نماز میں سب سے پہلے آنے والا اونٹ قربان کرنے والے کی طرح ثواب پاتا ہے، دوسرے نمبر پر آنے والا گائے ذبح کرنے والے کی طرح، تیسرے نمبر پر آنے والا مینڈھا قربان کرنے والے کی طرح ثواب پاتا ہے، پھر مرغی، پھر انڈہ صدقہ کرنے والے کا ثواب پاتا ہے، اور جب امام نکل آتا ہے اور منبر پر بیٹھ جاتا ہے تو وہ اپنے صحیفے لپیٹ کر ذکر سننے کے لئے بیٹھ جاتے ہیں ۔

مسند احمد 10654 (صحیح)

Thursday, 2 July 2026

صاحبِ استطاعت کو حج کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبی رحمت ﷺ نے فرمایا : جس شخص کا حج کا ارادہ ہو ، اسے یہ ارادہ جلد پورا کر لینا چاہیے ، کیونکہ بعض اوقات سواری گم ہوجاتی ہے ، کبھی کوئی بیمار ہوجاتا ہے اور کبھی کوئی ضرورت آڑے آجاتی ہے ۔ 

مسند احمد 1833 (صحیح)

زبان ہر وقت ذکرِ الٰہی سے تر رہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو دیہاتی آدمی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان میں سے ایک نے پوچھا اے محمد ﷺ ! سب سے بہترین آدمی کون ہے؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس کی عمر لمبی ہو اور اس کا عمل اچھا ہو، دوسرے نے کہا کہ احکام اسلام تو بہت زیادہ ہیں، کوئی ایسی جامع بات بتا دیجئے جسے ہم مضبوطی سے تھام لیں؟ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا تمہاری زبان ہر وقت ذکرِ الٰہی سے تر رہے ۔ 

مسند احمد 17832(صحیح)

سخت دل کو نرم کرنے کا نسخہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی نے رسولِ کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے شکایت کی کہ اس کا دل بہت سخت ہے۔ آپ ﷺ نے اس سے فرمایا: اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا دل نرم ہو جائے تو مسکین کو کھانا کھلاؤ، اور یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرو۔

السلسلۃ 281 (صحیح)

نمازِ فجر اور نمازِ عصر کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: رات اور دن میں فرشتوں کی ڈیوٹیاں بدلتی رہتی ہیں. فجر اور عصر کی نمازوں میں ( ڈیوٹی پر آنے والوں اور جانے والوں کا ) اجتماع ہوتا ہے۔ پھر تمہارے پاس رہنے والے فرشتے جب اوپر چڑھتے ہیں تو اللہ تعالٰی پوچھتا ہے حالانکہ وہ ان سے بہت زیادہ اپنے بندوں کے متعلق جانتا ہے، کہ میرے بندوں کو تم نے کس حال میں چھوڑا۔ وہ جواب دیتے ہیں کہ ہم نے جب انہیں چھوڑا تو وہ ( فجر کی ) نماز پڑھ رہے تھے اور جب انکے پاس گئے تب بھی وہ ( عصر کی ) نماز پڑھ رہے تھے۔

صحیح البخاری 555 (صحیح)

فَاذۡكُرُوۡنِىۡٓ اَذۡكُرۡكُمۡ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ ‌نے فرمایا: ﷲﷻ فرماتا ہے : اے ابنِ آدم !جب تم مجھے تنہائی میں یاد کرو گے تو میں تمہیں تنہائی میں یاد کروں گا۔ اور جب تم مجھے لوگوں میں یاد کرو گے تو میں تمہیں ان لوگوں میں یاد کروں گا جو ان سے بہتر ہوں گے جن میں تم مجھے یاد کرتے ہو۔

السلسلۃ 2866 (صحیح)

فوت شدہ والدین کےحقوق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی رسولِ کریم ﷺ کے پاس آیا اور پوچھا : اے اللہ کے رسولﷺ ! کیا میرے ماں باپ کے فوت ہوجانے کے بعد بھی مجھ پر ان کا کوئی حق باقی ہے کہ انکے ساتھ حسن سلوک کرتا رہوں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہاں ! انکے لیے دُعا کرنا، انکے لیے بخشش مانگنا، انکے بعد انکے وعدہ کو پورا کرنا، ایسے رشتہ داروں سے میل ملاپ رکھنا کہ ان ( ماں باپ ) کے بغیر ان سے ملاقات نہ ہوسکتی تھی اور انکے دوست کی عزت کرنا۔

سنن أبوداؤد 5142 (صحیح)

بغیر عذر جمعہ چھوڑنے پر وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا : جس نے کسی مجبوری کے بغیر تین بار جمعے کی نماز ترک کی ، اللہ تعالٰی اسکے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔

سنن أبن ماجہ 1126 (صحیح)

اچھی بات کرو ورنہ خاموش رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ” جو کوئی ﷲﷻ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ پہنچائے اور جو کوئی اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے مہمان کی عزت کرے اور جو کوئی اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اچھی بات زبان سے نکالے ورنہ خاموش رہے۔

صحیح البخاری 6018 (صحیح)

یومِ عاشورہ کے روزہ کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

جب رسولِ کریم ﷺ مدینہ تشریف لائے تو یہودی عاشورہ کا روزہ رکھتے تھے ۔ آنحضرت ﷺ نے ان سے اسکے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ اس دن حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرعون پر غلبہ پایا تھا ۔ آپ ﷺ نے اس پر فرمایا کہ پھر ہم ان کے مقابلے میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زیادہ حقدار ہیں ۔ مسلمانو ! تم لوگ بھی اس دن روزہ رکھو ( پھر آپ ﷺ نے یہود کی مشابہت سے بچنے کے لیے اس کے ساتھ ایک روزہ اور ملانے کا حکم صادر فرمایا جو اب بھی مسنون ہے ۔ )

صحیح البخاری 4737 (صحیح)

جب مرغ یا گدھے کی آواز سنو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبی کریم ﷺ نے فرمایا : جب مرغ کی بانگ سنو تو ﷲﷻ سے اسکے فضل کا سوال کیا کرو ( اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مِنْ فَضْلِکَ وَرَحْمَتِکَ)، کیونکہ اس نے فرشتے کو دیکھا ہے اور جب گدھے کی آواز سنو تو شیطان سے ﷲﷻ کی پناہ مانگو (اعوذ باللہ من الشیطان الرجیم ) کیونکہ اس نے شیطان کو دیکھا ہے۔

صحیح البخاری3303 (صحیح)

ﷲﷻ کا ذکر کرنےکی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  وہ شخص جو اپنے رب کا ذکر کرتا ہے وہ زندہ کی طرح ہے اور وہ شخص جو ذکر نہیں کرتا مردہ کی طرح ہے۔

مشکوٰۃ 2263 (متفق علیہ)