Wednesday, 23 September 2026

تہجد کی نیت کرکے سونے پر اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
رحمۃ للعالمین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جو آدمی بستر پر لیٹتے وقت نیت رکھتا ہو کہ رات کو ( نمازِ تہجد کے لیے ) اٹھے گا لیکن اسے گہری نیند آگئی اور وہ صبح تک سویا رہا تو اسکے لیے اس نماز کا ثواب لکھا جائے گا جسکی اس نے نیت کی اور اسکی نیند اسکے ربﷻ کی طرف سے اس پر نوازش ہوگی"۔

سنن النسائی 1788 (صحیح)

آخرت میں نیک بندوں کیلئے انعامات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
  
صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا : میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ کچھ تیار کرکے جمع کر رکھا ہے جو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ، نہ کسی کان نے سنا اور نہ کسی انسان کے دل میں ان ( کے تصور ) کا گزر ہوا ، ( یہ ) ان ( نعمتوں کے ) علاوہ ہے جن کے بارے میں ﷲﷻ نے تمہیں مطلع کر دیا ہے"۔

صحیح مسلم 7133 (صحیح)

قیام اللیل کے آغاز کی دعائیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
  
حضرت ربیعہ بن کعب اسلمی ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کے حجرے کے قریب سوتا تھا ۔ جب آپ ﷺ رات کو ( تہجد کے لیے ) اٹھتے تو میں سنتا کہ آپ ﷺ دیر تک ( سُبْحَانَ اللَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ) ’’ پاک ہے اللہ جو جہانوں کا رب ہے‘‘ پڑھتے رہتے ، پھر دیر تک ( سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهٖ ) ’’ ﷲﷻ تمام عیوب و نقائص سے پاک ہے اور تمام تعریفوں والا ہے ۔‘‘ پڑھتے ۔ 

سنن النسائی 1619 (صحیح)

مذاق میں بھی جھوٹ کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
  
صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ” تباہی و بربادی ہے اس شخص کے لیے جو ایسی بات کہتا ہے کہ لوگ سن کر ہنسیں حالانکہ وہ بات جھوٹی ہوتی ہے تو ایسے شخص کے لیے تباہی ہی تباہی ہے

جامع الترمذی 2315 (صحیح)

قانونِ شریعت سب کیلئے برابر ہیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
بنو مخزوم کی ایک عورت نے چوری کرلی ۔ اسے نبی کریم ﷺ کے پاس لایا گیا ۔ اس عورت نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے ہاں پناہ حاصل کرلی (اور حضرت اسامہ ؓ نے آپﷺ سے سفارش) ۔ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا : ’’ اگر ( چوری کرنے والی ) فاطمہ بنت محمد ﷺ بھی ہوتی تو میں اس کا بھی ہاتھ کاٹ دیتا ۔‘‘ پھر اس عورت کا ہاتھ کاٹ دیا گیا ۔ 

سنن النسائی 4895 (صحیح)

جمعہ کے لیے پیدل چلنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ جو آدمی جمعے کے دن غسل کرے اور اپنے جسم وغیرہ کو اچھی طرح دھوئے اور اول وقت جائے ، خطبہ شروع سے سنے ، پیدل جائے ، سوار نہ ہو ، امام کے قریب بیٹھے ، خاموش رہے اور فضول بات نہ کرے ، تو اسے ہر قدم کے عوض ایک سال کے عمل ( صیام و قیام ) کا ثواب ملے گا

سنن النسائی 1385 (صحیح)

گناہ پر مومن اور فاسق کی کیفیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
مومن اپنے گناہوں کو ایسا محسوس کرتا ہے جیسے وہ کسی پہاڑ کے نیچے بیٹھا ہے اور ڈرتا ہے کہ کہیں وہ اسکے اوپر نہ گر جائے اور بدکار اپنے گناہوں کو مکھی کی طرح ہلکا سمجھتا ہے کہ وہ اسکی ناک کے پاس سے گزری اور اس نے اپنے ہاتھ سے یوں اس طرف اشارہ کیا ( اڑا دیا) ۔

صحیح البخاری 6308 (صحیح)

ہر حال میں ﷲﷻ سے دُعا مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ تمھارا پروردگار حیا دار اور سخی ہے ۔ وہ اس بات سے شرماتا ہے کہ بندہ ( دُعا کے لئے ) اسکی طرف ہاتھ اٹھائے اور وہ انھیں خالی، یا فرمایا : نا کام پھیر دے"۔

سنن ابنِ ماجہ 3865 (صحیح)

نیک سلوک اور صلہ رحمی کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ اپنے والد کے ساتھ سب سے بڑا نیک سلوک یہ ہے کہ انسان اس شخص سے بھی بہت اچھا سلوک کرے جس کے ساتھ اسکے والد کا محبت کا رشتہ تھا"۔

صحیح مسلم 6514 (صحیح)

ننانوے بیماریوں کی دوا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا :" لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ, ننانوے بیماریوں کی دوا ہے اور ان میں سے سب سے ہلکی بیماری غم ہے۔

مشکوٰۃ 2320 (صحیح)

صدقہ وخیرات کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ جو شخص حلال کمائی سے کھجور کے برابر صدقہ کرتا ہے ، جبکہ ﷲﷻ صرف حلال مال ہی قبول کرتا ہے ، تو اللہ تعالٰی اسے اپنے دائیں ہاتھ میں قبول فرماتا ہے ، پھر اسے اسکے مالک کے لیے اس طرح بڑھاتا ہے جس طرح تم میں سے کوئی اپنے گھوڑے کے بچے کی پرورش کرتا ہے ، حتٰی کہ وہ پہاڑ کی مانند ہوجاتی ہے"۔

مشکوٰۃ 1888 (متفق علیہ )

صدقہ کرنے کی مختلف اقسام

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ


نبي رحمت ﷺ نے فرمایا: تم اپنے بھائی سے مسکرا کر ملو تو یہ بھی تمہارے لئے صدقہ ہے اور تم نیکی کا حکم کرو برائی سے روکو یہ بھی تمہارے لئے صدقہ ہے اور بھٹکے ہوئے کو راستہ بتاؤ یہ بھی تمہارے لئے صدقہ ہے اور کسی نابینا (کمزور نظر ) کو راستہ دکھاؤ یہ بھی تمہارے لئے صدقہ ہے اور راستے سے پتھر ، کانٹا اور ہڈی ہٹاؤ تو یہ بھی تمہارے لئے صدقہ ہے۔ اور تم اپنے ڈول سے اپنے بھائی کے ڈول میں پانی ڈالو تو یہ بھی تمہارے لئے صدقہ ہے

السلسلۃ 323 (صحیح)

سورۃ الکہف پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جو شخص جمعہ کے روز سورۃ الکہف پڑھتا ہے تو اسکے لیے دو جمعوں کی درمیانی مدت کے لیے نور چمکتا رہتا ہے"۔

مشکوٰۃ 2175 (صحیح)

Thursday, 10 September 2026

قطع تعلّقی اور عداوت کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ ہر جمعے (سات دنوں میں) لوگوں کے اعمال دو مرتبہ پیر اور جمعرات کے روز پیش کیے جاتے ہیں ، ہر بندہ مومن کو بخش دیا جاتا ہے ، البتہ اُس بندے کی مغفرت نہیں ہوتی جس کی اپنے بھائی کے ساتھ رنجش و عداوت ہو ، کہا جاتا ہے : ان دونوں کو چھوڑ دو حتٰی کہ وہ (عداوت ختم کرکے) رجوع کر لیں"۔

مشکوٰۃ 5030 (صحیح)

نمازِ عصر کی سنتوں کی فضیلت

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ ﷲتعالٰی ، عصر سے پہلے چار رکعتیں پڑھنے والے شخص پر رحم فرمائے"۔

مشکوٰۃ 1170 (صحیح)

بوڑھے والدین سے حُسنِ سلوک کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

ایک شخص رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ کے پاس جہاد کی اجازت طلب کرنے کے لیے آیا تو آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ کیا تمہارے والدین زندہ ہیں ؟‘‘ اس نے کہا : جی ہاں ، آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ پھر ان ( کی خدمت کرنے) میں جہاد کرو ۔ ( اپنی جان اور مال کو انکی خدمت میں صرف کرو۔)

صحیح مسلم 6504 (صحیح)

مومن، مسلمان، مجاہد، مہاجر میں فرق

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

نبی کریم ﷺ نے حجۃ الوداع میں فرمایا : کیا میں تمہیں ’’ مومن ‘‘ کے متعلق نہ بتاؤں ؟ مؤمن وہ ہوتا ہے جس سے لوگوں کی جان و مال محفوظ ہو ، مسلمان وہ ہوتا ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے لوگ محفوظ ہوں ، مجاہد وہ ہوتا ہے جو ﷲﷻ کی اطاعت کے معاملے میں اپنے نفس سے جہاد کرے اور مہاجر وہ ہوتا ہے جو گناہوں اور لغزشات کو چھوڑ دے ۔

مسند احمد 24467 (صحیح)

نیک اور بُرے دوست کی مثال

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم


رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : " نیک اور بُرے دوست کی مثال مشک ساتھ رکھنے والے اور بھٹی دھونکنے والے کی سی ہے ( جسکے پاس مشک ہے اور تم اسکی محبت میں ہو ) وہ اس میں سے یا تمہیں کچھ تحفہ کے طور پر دے گا یا تم اس سے خرید سکوگے یا ( کم از کم ) تم اسکی عمدہ خوشبو سے تو محظوظ ہوہی سکوگے اور بھٹی دھونکنے والا یا تمہارے کپڑے ( بھٹی کی آگ سے ) جلا دے گا یا تمہیں اسکے پاس سے ایک ناگوار بدبودار دھواں پہنچے گا"۔

صحیح البخاری 5534 (صحیح)

عذاب قبر سے اللہ کی پناہ مانگو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے : قبر آخرت کی پہلی منزل ہے ، اگر وہاں نجات مل گئی تو بعد کے سارے مراحل آسان ہوجائیں گے اور اگر وہاں نجات نہ ملی تو بعد کے سارے مراحل دشوار ہوجائیں گے اور نبی کریم ﷺ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ میں نے جتنے بھی مناظر دیکھے ہیں ، قبر کا منظر ان سب سے ہولناک ہے"۔ 

مسند احمد 454 (صحیح)

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

نبي رحمت ﷺ نے منبر کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر فرمایا : ’’ لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آجائیں ورنہ اللہ تعالٰی انکے دلوں پر مہر لگا دے گا اور وہ یقینی طور پر غافلین میں سے ہوجائیں گے"۔ 

سنن النسائی 1171 (صحیح)

Thursday, 3 September 2026

ہمسائے کے حقوق

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

  ام المومنین سیدہ عائشہ‬ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: میں نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول ﷺ ! میرے دو ہمسائے ہیں ۔ میں ( احسان کرنے میں ) کس سے ابتدا کروں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ جس کا دروازہ زیادہ قریب ہو"۔

سنن ابوداؤد 5155 (صحیح)

غیبت کرنے والوں کا بُرا انجام

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

مُخبرِ صادق رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جب مجھے معراج کرائی گئی تو میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے ناخن تانبے کے تھے جو اپنے چہروں اور سینوں کو چھیل رہے تھے ۔ میں نے پوچھا : اے جبریل ! یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے کہا : یہ وہ ہیں جو دوسرے لوگوں کا گوشت کھاتے ( غیبت کرتے) اور انکی عزتوں سے کھیلتے ہیں

سنن ابوداؤد 4878 (صحیح)

حسد وبغض وعداوت - نیکیاں ضائع

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ سابقہ امتوں کی بیماری (غیر محسوس طریقے سے) تمہاری طرٖف منتقل ہوگئی ہے، حسد اور بغض و عداوت، اور وہ نیکیوں کو زائل کرنے والی ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ وہ (بیماری) بال مونڈتی ہے بلکہ وہ دین کو ختم کردیتی ہے۔

مشکوٰۃ 5039(صحیح)

باوضو ذکر کرکے سونے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : " جو مسلمان باوضو ہوکر ﷲﷻ کا ذکر کرتے ہوئے رات کو سوتا ہے، پھر رات کے کسی حصے میں بیدار ہوکر اللہ تعالٰی سے دنیا و آخرت کی جس خیر کا بھی سوال کرتا ہے ، اللہ اسے وہ ضرور عطاء فرماتا ہے"۔

مسند احمد 22465 (صحیح)

خلع / طلاق کے مکروہ ہونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ حلال کاموں میں سے ﷲﷻ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ کام طلاق ہے"۔

مشکوٰۃ 3280 (صحیح)

ﷲﷻ کا ذکر کرنےکی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ وہ شخص جو اپنے رب کا ذکر کرتا ہے وہ زندہ کی طرح ہے اور وہ شخص جو ذکر نہیں کرتا مردہ کی طرح ہے۔

مشکوٰۃ 2263 (متفق علیہ)

نماز - قیامت کے دن پہلا سوال

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ تحقیق قیامت کے دن سب سے پہلے بندے سے جس چیز کا حساب ہوگا وہ اسکی نماز ہوگی۔ اگر وہ مکمل پائی گئی تو مکمل لکھی جائے گی اور اگر اس میں کچھ کمی ہوئی تو ﷲﷻ فرمائے گا : دیکھو ! کیا تم اس کے لیے کچھ نفل پاتے ہو جسکے ساتھ اسکے ضائع کردہ فرض کی کمی پوری کر دی جائے ۔ پھر باقی اعمال بھی اسی کے مطابق جاری ہوں گے"۔

سنن النسائی 467 (صحیح)

کون سا انسان افضل ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا گیا۔ کون سا آدمی افضل ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہر صاف دل والا ، سچی زبان والا ۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا سچی زبان والا تو ہم جانتے ہیں، صاف دل والا کون ہوتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ پرہیزگار ، پاک باز ، جس ( کے دل ) میں نہ کوئی گناہ ہو ، نہ زیادتی ، نہ کینہ ، نہ حسد"۔

سنن ابنِ ماجہ 4216 (صحیح)

محمد ﷺ کی محبت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا) جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)

قناعت اور شُکر کرنے کا نسخہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ ( دنیا میں ) اپنے سے نیچے والے ( کم مال ) کو دیکھو ، اپنے سے اوپر والے کو نہ دیکھو ، اس سے یہ ہوگا کہ تم ﷲﷻ کی نعمت کو حقیر نہ سمجھو گے"۔

سنن ابنِ ماجہ 4142 (صحیح)

جادو کرنے، کرانے کی سخت ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ” تباہ کر دینے والی چیز اللہ کے ساتھ شرک کرنا ہے اس سے بچو اور جادو کرنے کرانے سے بھی بچو ۔

صحیح البخاری 5764 (صحیح)

اچھے اور بُرے حکمرانوں کی پہچان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبي رحمت ﷺ نے فرمایا : ” کیا میں تمہیں تمہارے اچھے حکمرانوں اور بُرے حکمرانوں کے بارے میں نہ بتا دوں؟ اچھے حکمران وہ ہیں جن سے تم محبت کرو گے اور وہ تم سے محبت کریں گے، تم ان کے لیے دعائیں کرو گے اور وہ تمہارے لیے دعائیں کریں گے، تمہارے بُرے حکمران وہ ہیں جن سے تم نفرت کرو گے اور وہ تم سے نفرت کریں گے تم ان پر لعنت بھیجو گے اور وہ تم پر لعنت بھیجیں گے"۔

جامع الترمذی 2264 (صحیح)

تمام ضروریات ﷲﷻ سے ہی مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ تم میں سے ہر شخص کو اپنی تمام ضرورتیں اپنے رب سے مانگنی چاہئیں حتٰی کہ جب اسکے جوتے کا تسمہ ٹوٹ جائے تو اسکے بارے میں بھی اسی سے سوال کرنا چاہیے"۔

مشکوة 2251 (صحیح)

نمازِ جمعہ کے لیے غسل کرلو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تم میں سے جب کوئی شخص جمعہ کی نماز کے لیے آنا چاہے تو اسے غسل کر لینا چاہیے ۔

صحیح البخاری 877 (صحیح)