Showing posts with label hadees e nabvi in urdu.. Show all posts
Showing posts with label hadees e nabvi in urdu.. Show all posts

Thursday, 10 September 2026

قطع تعلّقی اور عداوت کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ ہر جمعے (سات دنوں میں) لوگوں کے اعمال دو مرتبہ پیر اور جمعرات کے روز پیش کیے جاتے ہیں ، ہر بندہ مومن کو بخش دیا جاتا ہے ، البتہ اُس بندے کی مغفرت نہیں ہوتی جس کی اپنے بھائی کے ساتھ رنجش و عداوت ہو ، کہا جاتا ہے : ان دونوں کو چھوڑ دو حتٰی کہ وہ (عداوت ختم کرکے) رجوع کر لیں"۔

مشکوٰۃ 5030 (صحیح)

نمازِ عصر کی سنتوں کی فضیلت

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ ﷲتعالٰی ، عصر سے پہلے چار رکعتیں پڑھنے والے شخص پر رحم فرمائے"۔

مشکوٰۃ 1170 (صحیح)

بوڑھے والدین سے حُسنِ سلوک کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

ایک شخص رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ کے پاس جہاد کی اجازت طلب کرنے کے لیے آیا تو آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ کیا تمہارے والدین زندہ ہیں ؟‘‘ اس نے کہا : جی ہاں ، آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ پھر ان ( کی خدمت کرنے) میں جہاد کرو ۔ ( اپنی جان اور مال کو انکی خدمت میں صرف کرو۔)

صحیح مسلم 6504 (صحیح)

مومن، مسلمان، مجاہد، مہاجر میں فرق

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

نبی کریم ﷺ نے حجۃ الوداع میں فرمایا : کیا میں تمہیں ’’ مومن ‘‘ کے متعلق نہ بتاؤں ؟ مؤمن وہ ہوتا ہے جس سے لوگوں کی جان و مال محفوظ ہو ، مسلمان وہ ہوتا ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے لوگ محفوظ ہوں ، مجاہد وہ ہوتا ہے جو ﷲﷻ کی اطاعت کے معاملے میں اپنے نفس سے جہاد کرے اور مہاجر وہ ہوتا ہے جو گناہوں اور لغزشات کو چھوڑ دے ۔

مسند احمد 24467 (صحیح)

نیک اور بُرے دوست کی مثال

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم


رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : " نیک اور بُرے دوست کی مثال مشک ساتھ رکھنے والے اور بھٹی دھونکنے والے کی سی ہے ( جسکے پاس مشک ہے اور تم اسکی محبت میں ہو ) وہ اس میں سے یا تمہیں کچھ تحفہ کے طور پر دے گا یا تم اس سے خرید سکوگے یا ( کم از کم ) تم اسکی عمدہ خوشبو سے تو محظوظ ہوہی سکوگے اور بھٹی دھونکنے والا یا تمہارے کپڑے ( بھٹی کی آگ سے ) جلا دے گا یا تمہیں اسکے پاس سے ایک ناگوار بدبودار دھواں پہنچے گا"۔

صحیح البخاری 5534 (صحیح)

عذاب قبر سے اللہ کی پناہ مانگو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے : قبر آخرت کی پہلی منزل ہے ، اگر وہاں نجات مل گئی تو بعد کے سارے مراحل آسان ہوجائیں گے اور اگر وہاں نجات نہ ملی تو بعد کے سارے مراحل دشوار ہوجائیں گے اور نبی کریم ﷺ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ میں نے جتنے بھی مناظر دیکھے ہیں ، قبر کا منظر ان سب سے ہولناک ہے"۔ 

مسند احمد 454 (صحیح)

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

نبي رحمت ﷺ نے منبر کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر فرمایا : ’’ لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آجائیں ورنہ اللہ تعالٰی انکے دلوں پر مہر لگا دے گا اور وہ یقینی طور پر غافلین میں سے ہوجائیں گے"۔ 

سنن النسائی 1171 (صحیح)

Thursday, 3 September 2026

ہمسائے کے حقوق

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

  ام المومنین سیدہ عائشہ‬ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: میں نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول ﷺ ! میرے دو ہمسائے ہیں ۔ میں ( احسان کرنے میں ) کس سے ابتدا کروں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ جس کا دروازہ زیادہ قریب ہو"۔

سنن ابوداؤد 5155 (صحیح)

غیبت کرنے والوں کا بُرا انجام

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

مُخبرِ صادق رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جب مجھے معراج کرائی گئی تو میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے ناخن تانبے کے تھے جو اپنے چہروں اور سینوں کو چھیل رہے تھے ۔ میں نے پوچھا : اے جبریل ! یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے کہا : یہ وہ ہیں جو دوسرے لوگوں کا گوشت کھاتے ( غیبت کرتے) اور انکی عزتوں سے کھیلتے ہیں

سنن ابوداؤد 4878 (صحیح)

حسد وبغض وعداوت - نیکیاں ضائع

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ سابقہ امتوں کی بیماری (غیر محسوس طریقے سے) تمہاری طرٖف منتقل ہوگئی ہے، حسد اور بغض و عداوت، اور وہ نیکیوں کو زائل کرنے والی ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ وہ (بیماری) بال مونڈتی ہے بلکہ وہ دین کو ختم کردیتی ہے۔

مشکوٰۃ 5039(صحیح)

باوضو ذکر کرکے سونے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : " جو مسلمان باوضو ہوکر ﷲﷻ کا ذکر کرتے ہوئے رات کو سوتا ہے، پھر رات کے کسی حصے میں بیدار ہوکر اللہ تعالٰی سے دنیا و آخرت کی جس خیر کا بھی سوال کرتا ہے ، اللہ اسے وہ ضرور عطاء فرماتا ہے"۔

مسند احمد 22465 (صحیح)

خلع / طلاق کے مکروہ ہونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ حلال کاموں میں سے ﷲﷻ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ کام طلاق ہے"۔

مشکوٰۃ 3280 (صحیح)

ﷲﷻ کا ذکر کرنےکی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ وہ شخص جو اپنے رب کا ذکر کرتا ہے وہ زندہ کی طرح ہے اور وہ شخص جو ذکر نہیں کرتا مردہ کی طرح ہے۔

مشکوٰۃ 2263 (متفق علیہ)

نماز - قیامت کے دن پہلا سوال

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ تحقیق قیامت کے دن سب سے پہلے بندے سے جس چیز کا حساب ہوگا وہ اسکی نماز ہوگی۔ اگر وہ مکمل پائی گئی تو مکمل لکھی جائے گی اور اگر اس میں کچھ کمی ہوئی تو ﷲﷻ فرمائے گا : دیکھو ! کیا تم اس کے لیے کچھ نفل پاتے ہو جسکے ساتھ اسکے ضائع کردہ فرض کی کمی پوری کر دی جائے ۔ پھر باقی اعمال بھی اسی کے مطابق جاری ہوں گے"۔

سنن النسائی 467 (صحیح)

کون سا انسان افضل ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا گیا۔ کون سا آدمی افضل ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ہر صاف دل والا ، سچی زبان والا ۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا سچی زبان والا تو ہم جانتے ہیں، صاف دل والا کون ہوتا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ پرہیزگار ، پاک باز ، جس ( کے دل ) میں نہ کوئی گناہ ہو ، نہ زیادتی ، نہ کینہ ، نہ حسد"۔

سنن ابنِ ماجہ 4216 (صحیح)

محمد ﷺ کی محبت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا) جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)

قناعت اور شُکر کرنے کا نسخہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ ( دنیا میں ) اپنے سے نیچے والے ( کم مال ) کو دیکھو ، اپنے سے اوپر والے کو نہ دیکھو ، اس سے یہ ہوگا کہ تم ﷲﷻ کی نعمت کو حقیر نہ سمجھو گے"۔

سنن ابنِ ماجہ 4142 (صحیح)

جادو کرنے، کرانے کی سخت ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ” تباہ کر دینے والی چیز اللہ کے ساتھ شرک کرنا ہے اس سے بچو اور جادو کرنے کرانے سے بھی بچو ۔

صحیح البخاری 5764 (صحیح)

اچھے اور بُرے حکمرانوں کی پہچان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبي رحمت ﷺ نے فرمایا : ” کیا میں تمہیں تمہارے اچھے حکمرانوں اور بُرے حکمرانوں کے بارے میں نہ بتا دوں؟ اچھے حکمران وہ ہیں جن سے تم محبت کرو گے اور وہ تم سے محبت کریں گے، تم ان کے لیے دعائیں کرو گے اور وہ تمہارے لیے دعائیں کریں گے، تمہارے بُرے حکمران وہ ہیں جن سے تم نفرت کرو گے اور وہ تم سے نفرت کریں گے تم ان پر لعنت بھیجو گے اور وہ تم پر لعنت بھیجیں گے"۔

جامع الترمذی 2264 (صحیح)

تمام ضروریات ﷲﷻ سے ہی مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ تم میں سے ہر شخص کو اپنی تمام ضرورتیں اپنے رب سے مانگنی چاہئیں حتٰی کہ جب اسکے جوتے کا تسمہ ٹوٹ جائے تو اسکے بارے میں بھی اسی سے سوال کرنا چاہیے"۔

مشکوة 2251 (صحیح)