أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ.
بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.
1 - سورۂ ملک کی فضیلت
حضور کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ قرآنِ مجید میں تیس آیتوں کی ایک سورت ہے جو اپنے پڑھنے والوں کی سفارش کرتی رہے گی یہاں تک کہ اسے بخش دیا جائے وہ سورت (تَبَارَكَ الَّذِي بِيَدِهِ الْمُلْكُ ۔۔۔)ہے۔
ابوداؤد، نسائی، ترمذی، ابنِ ماجہ، مسند احمد۔
2- اگر اللہﷻ زمین میں پانی خشک کردے تو کون تمہیں پانی دے سکتا ہے؟
اللہ تعالیٰ پوچھتا ہے کہ پانی جس پر زندگی کا دارومدار ہے زمین میں خشک ہو جائے، یا زمین کی تہوں میں گہرا اتر جائے اور تم کھودتے کھودتے تھک جاؤ تو اللہﷻ کےسوا کون تمہیں پانی دے سکتا ہے؟
(حدیث مبارکہ میں اس کا جواب الله رَبِّ الْعَالَمِیْنَ آیا ھے)
3- اللہ تعالیٰ کو قرض دو
ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ اپنا مال اللہﷻ کی راہ میں صدقہ اور خیرات کرتے رہو، جو اللہ تعالیٰ کو قرض حسنہ دے گا اللہ تعالیٰ اسے اس سے بہت بہتر اور بڑھا چڑھا کر واپس دے گا۔
4- بد بخت انسان کی صفات
بدبخت اور بد نصیب شخص بہت زیادہ قسمیں کھانے والا، طعنے دینے والا، چغلی کرنے والا، بھلائی اور نیکی سے روکنے والا، سخت مزاج اورحد سے بڑھنے والا ہے۔
5- مجرم قیامت کے دن سجدہ نہ کر پائیں گے
قیامت کے دن جب اللہ تعالٰی اپنی تجلی دکھائیں گے تو ہر مومن مرد اور عورت سجدہ میں گر پڑیں گے۔ مگر جو لوگ دنیا میں سجدہ نہ کرتے یا دکھانے کے لیے سجدہ کرتے تھے، وہ بھی سجدہ کرنا چاہیں گے مگر ان کی کمر تختہ کی طرح ہوجائے گی اور سجدہ نہ کرسکیں گے۔ ان پر ذلت چھاجائیگی اور آنکھیں ندامت سے جھک جائیں گی۔
6- مسکینوں کو ان کے حق سے محروم نہ رکھو - سبق آموز واقعہ
اللّٰہ تعالیٰ باغ والوں کی آزمائش کا واقعہ بیان کرتا ہے کہ جب انہوں نے سوچا کہ ہم صبح سویرے آکر غریبوں اور مسکینوں کے آنے سے پہلے سارا پھل توڑ لیں گے۔ اور انشاء اللہ بھی نہ کہا۔ پس جب رات کو وہ سوئے تو حکم الٰہی سے آگ نے سارا باغ جلا کر راکھ کا ڈھیر کردیا۔ پس صبح ہوتے ہی تینوں بھائی ایک دوسرے کو جگانے لگے اور اٹھ کر باغ کی طرف روانہ ہوئے اور آپس میں آہستہ آہستہ باتیں کرتے تھے کہ آج کوئی محتاج گھسنے نہ پائے گا اور ہم سارا پھل توڑ لیں گے۔ جب وہاں پہنچے تو باغ راکھ کا ڈھیر تھا۔ کہنے لگے ہم راستہ بھول گئے ہیں یہ تو ہمارا باغ نہیں ہے۔ پس جب یقین آگیا کہ وہی جگہ ہےتو ایک دوسرے کو ملامت کرنے لگے۔
(سورۂ المک، سورۂ القلم، سورۂ الحاقہ، سورۂ المعارج، سورۂ نوح، سورۂ الجن، سورۂ المزمل، سورۂ المدثر، سورۂ القیالدھر، سورۂ الدھر، سورۂ المرسلت)
No comments:
Post a Comment