أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ
بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۔
1- شرح صدر سے کیا مراد ھے
شرح صدر یہ ھے کہ ﷲﷻ جسے راہ راست پر لانا چاہتا ہے اس کا سینہ اسلام کے لیے کھول دیتا ہے اور جسے گمراہی میں رکھنا چاہتا ھے اس کے کفر کی وجہ سے اس کا سینہ ایسا تنگ کر دیتا ہے کہ حق کو سمجھ کر قبول کرنا اس کے لئے ایسا دشوار ہوتا ہے جیسے آسمان پر چڑھنا۔
2- نیکی کا ثواب کئی گنا جبکہ بدی ایک ہی لکھی جاتی ھے
جس نے دنیا میں نیکی کی ہوگی اسے اس کا دس گنا ثواب ملے گا اور جس نے برائی کی ہوگی اسے اس برائی کے برابر سزا دی جائے گی۔ حدیث نبوی ﷺ کے مطابق اگر نیک کام کا ارادہ کیا لیکن عمل نہ کرسکا تو ایک نیکی لکھ دی جاتی ہے اور اگر عمل کرلیا تو حسنِ نیت کے لحاظ سے ثواب سات سو گنا تک جا پہنچتا ہے۔
3- اصحابِ اعراف
جنت اور دوزخ والے دونوں گروہوں کے درمیان ایک دیوار حائل ہوگی جس کے اوپر کے مقام پر جسے اعراف کہتے ہیں کچھ لوگ اس دیوار پر ہونگے جن کے نیک اور بد اعمال برابر ہونگے۔
4- قوم نوح پر پانی کا عذاب
ﷲ تعالٰی نے نوح علیہ السلام کو ان کی قوم کی ہدایت کے لئے مبعوث فرمایا مگر قوم کے رؤسا نے الٹا انہیں صریح گمراہ بتایا۔ ﷲ نے اس قوم پر پانی کا عذاب بھیجا مگر نوح علیہ السلام اور ان کے ایماندار ساتھی جو کشتی میں سوار تھے بچا لیا گیا۔
5- قوم عاد کی ہلاکت-آندھی کا عذاب
قوم عاد کی طرف حضرت ھود علیہ السلام کو نبی بنا بھیجا گیا۔ آپ نے قوم کو یہی تعلیم دی کہ تم صرف ایک ﷲ کی عبادت کرو جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ کیا تم غیر ﷲ کی عبادت سے ڈرتے نہیں؟ قوم نے کہا ہم آپ کو جھوٹا اور جاہل سمجھتے ہیں اور حضرت ہود علیہ السلام سے کہا کہ اپنے اللہ کاعذاب لےآ۔ پس ﷲﷻ نےہود علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کو نجات دی اور باقی سب کی جڑ کاٹ دی (آندھی کا عذاب بھیجا اور یہ آندھی آٹھ دن اور سات راتوں تک چلتی رہی).
6- قوم ثمود کی ہلاکت-زلزلہ کا عذاب
قوم ثمود کی طرف حضرت صالح علیہ السلام کو نبی بنا کر بھیجا گیا۔ آپ نے قوم کو ایک ﷲ کی عبادت کا پیغام دیا۔نبوت کی دلیل کے طور پر ﷲ نے اونٹی بھی بھیجی۔ پس ظالموں نے اونٹی کو مار ڈالا۔ اور حضرت صالح علیہ السلام سے کہا کہ اپنے اللہ کاعذاب لے آ۔ پھر غضب الٰہی زلزلہ کی صورت میں ان پر نازل ھوا جس سے وہ اپنے گھروں میں اوندھے کے اوندھےپڑے رہ گئے۔
7- قوم لوط پر پتھروں کا عذاب
ﷲ تعالٰی فرماتا ھے ہم نے ہی لوط علیہ السلام کو نبی بناکر بھیجا تو انہوں نے قوم سے یوں خطاب کیا کہ تم ایسی بےحیائ کا کام کرتے ہو جو تم سے پہلے آج تک اہل عالم میں سے کسی نے نہیں کیا۔ پس جب ﷲ نے نافرمانوں کی ہلاکت کا سامان کیا تو لوط علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کو بچالیا اور باقیوں پر آسمان سے پتھروں کی بارش برسائی جس سے وہ سب ہلاک ہو گئے۔
(سُوْرَةُ الْأنْعَامِ,سورہ الاعراف)
No comments:
Post a Comment