Wednesday, 27 March 2024

يَعْتَذِرُونَ پارہ-11 مختصر مضامین

أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۔

1- اکثر انسان احسان فراموش ہیں

ارشادِ باری تعالٰی ہے کہ انسان ایسا احسان فراموش ہے کہ جب دنیا میں اسے کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو کھڑے، بیٹھے اور لیٹے اپنی امداد کے لیے پکارتا ہے اور جب ہم اس کی تکلیف دور کردیتے ہیں تو اپنے پہلے طریقہ غفلت میں چلا جاتا ہے۔

2- مومنوں سے جنت کا سودا

ﷲ تعالٰی نے مسلمانوں سے عہد کرلیا ہے کہ جہاد فی سبیل اللہ میں وہ اپنی جانیں اور مال قربان کرینگے تو ﷲ اس کے عوض انہیں آخرت میں بہشت دےگا۔ یہ وعدہ تورات اور انجیل میں بھی ہے۔ اور ﷲﷻ سے بڑھکر کون وعدہ پورا کرنے والاہے۔ 

3- مسجد ضرار کا بیان

منافقین نے مسلمانوں میں پھوٹ ڈلوانے اور ﷲ ورسول ﷺ کے دشمن ابو عامر راہب کے قیام اور اس کی تحریک سے مسجد قبا کے پاس ایک مسجد بنائی اور آپ ﷺ سے درخواست کی کہ جنگ تبوک سے واپسی پر اس میں نماز پڑھائیں، جس پر ﷲ تعالٰی نے چند آیات نازل کرکے ان کا نفاق ظاہر کردیا۔ آنحضرت ﷺ کے حکم پر اس مسجد جس کا نام مسجد ضرار تھا گرادیا گیا کیونکہ اس کی بنیاد تقویٰ پر نہیں تھی بلکہ نفاق پر تھی۔

4- اولیاءاللہ کی فضیلت

ارشاد باری تعالٰی ہوتا ہے کہ اولیاء ﷲ وہ لوگ ہیں جو ایمان لانے کے بعد پرہیزگاری بھی اختیار کرتے ہیں چنانچہ جو پرہیزگار ہے ﷲﷻ کا دوست ہے اور جو اللہﷻ کے دوست ہیں قیامت کے دن میں نہ انہیں کوئی خوف ہوگا اور نہ غم۔

5- کن نیک بندوں کے لیےجنت کی بشارت ھے

توبہ کرنے والے، عبادت کرنے والے، حمد کرنے والے، روزہ رکھنے والے، رکوع کرنے والے،سجدہ کرنے والے،نیک کاموں کا حکم دینے والے، بری باتوں سے منع کرنے والے، اللہ کی حدود کی حفاظت کرنے والے (یہی لوگ مومن ہیں اے پیغمبر ﷺ مومنوں کو بہشت کی) خوشخبری سنادیں۔

(سورہ التوبة، سورہ یونس، سورہ ھود)

No comments:

Post a Comment