أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ
بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۔
1- قرآنِ مجید میں پرانے واقعات عبرت و نصیحت کےلئے بیان ہوتے ہیں
حضرت یوسف علیہ السلام کا تمام قصہ بیان فرماکر کہ کس طرح بھائیوں نے جان تلف کرنی چاہی اور کس طرح ﷲ ﷻنے بچایا اور عزت دی۔ قرآن کریم میں اللہ تعالٰی اس جیسی اور مثالیں اور واقعات بیان کرتا ہے جیسے قوم عاد، قوم ثمود، قوم لوط، قوم شعیب اور اصحابِ کہف کے واقعات تاکہ لوگ اس سے نصیحت اور عبرت حاصل کریں۔
2- نبوت ورسالت مردوں میں ہی رہی ہے
اللّٰہ تعالٰی فرماتا ہے کہ آپﷺ سے پہلے بھی جتنے نبی بھیجے وہ ان ہی بستیوں میں رہنے والے آدمی ہی تھے۔
3- اللہﷻ کی نشانیاں ہیں عقل والوں کے لیے
اللّٰہ تعالٰی فرماتا ہے کہ زمین میں کئی طرح کے ٹکڑے ہیں اور ایک دوسرے سے ملے ہوئے ان میں انگور کےباغ اور ہر قسم کی کھیتیاں اور کھجوروں کے درخت ہیں، بعض کی بہت سی شاخیں ہیں اور بعض کی کم۔ پانی سب کو ایک ہی ملتا ھے۔ اور ہم بعض میووں کو بعض پر لذت میں فضیلت دیتے ہیں۔(جیسے میٹھے، کھٹے اورکڑوے،کوئی سرخ ،زدر، پیلا، سبز اندرسےلال وغیرہ) اس میں سمجھنے والوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں۔
4- کلمہ طیبہ اور شجر طیبہ کی مثال
کلمہ طیبہ لآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ کی مثال پاکیزہ درخت کھجور سے دی ہے جس کی جڑ مضبوط اور شاخیں آسمان تک پہنچ رہی ہیں اور اللہ تعالٰی کے حکم سے ہر وقت خوب پھل لاتا ہے اور کلمہ کفر کی مثال خراب درخت یعنی حنظل جیسی ہے جس کی جڑیں مضبوط نہیں ہوتی اور بڑی آسانی سے زمین کے اوپر ہی سے اکھاڑا جاسکتا ہے۔
5- اہل جہنم کے لیے گندھک کا لباس
ارشاد باری تعالٰی ہے اس روز جس میں زمین وآسمان بدل دیے جائیں گے اور لوگ قبروں سے باہر نکل آئیں گے۔مجرم لوگ زنجیروں میں جکڑے ہونگے اور ان کے کُرتے گندھک کے ہونگے اور ان کے چہروں کو آگ کی لپٹ نے گھیر رکھا ہوگا۔ ہر شخص کو اس کے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا۔
6- ظالم مشرک اللہ سے مہلت مانگیں گے
اللہﷻ فرماتا ہے آپ ﷺ ان لوگوں کو اس دن کے آنے سے پہلے ڈراتے رہیں کہ جس میں ان پر عذابِ الٰہی نازل ھوگا، پھر وہ کہیں گے خدایا ! ہمیں تھوڑی مدت اور مہلت دے کہ ہم دعوتِ اسلام قبول کریں اور تیرے رسولوں کی اتباع کریں۔
(سورہ یوسف، سورہ الرعد، سورہ ابرھیم،سورہ الحجر)
No comments:
Post a Comment