Monday, 18 December 2023

دعوت کا بلاوا قبول کرنے کا حکم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اُس ولیمے کا کھانا بُرا کھانا ہے جس میں امیروں کو بلایا جائے اور مسکینوں کو چھوڑ دیا جائے اور جس نے ( بُلانے کے باوجود ) دعوت میں شرکت نہ کی، اس نے ﷲﷻ اور اس کے رسولﷺ کی نافرمانی کی ۔

صحیح مسلم 3521 (صحیح)

کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی مت سمجھو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو ۔

مشکوٰۃ 1894

بیت الخلاء میں داخل ہونے اور نکلنے کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ جب قضائے حاجت کے لیے بیت الخلاء میں داخل ہوتے تو پڑھتے: اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبَائِثِ ”اے اللّٰه میں تیری پناہ چاہتا ہوں ناپاک جنوں اور ناپاک جنیوں سے.“ ۱؎۔
 نبی کریم ﷺ قضائے حاجت کے بعد جب بیت الخلاء سے نکلتے تو فرماتے: غُفرانك‏ یعنی ”اے اللّٰه میں تیری بخشش کا طلب گار ہوں“ ٢؎۔

جامع الترمذی 6, جامع الترمذی 7 (صحیح)

مومن کی فضیلت وصفات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌ نے فرمایا: بیشک ﷲﷻ اپنے مؤمن بندے کو دنیا (اور اُسکے مال و اسباب) سے بچاتا ہے، حالانکہ وہ اس سے محبت کرتا ہے، اسکی مثال ایسے ہی ہے کہ جیسے تم اپنے بیمار آدمی پر ڈرتے ہوئے اس کو کھانے پینے سے بچاتے ہو۔

مسند احمد 146 (صحیح)

وصیت کرنے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  کسی مسلمان کے لیے جس کے پاس وصیت کے قابل کوئی بھی مال ہو درست نہیں کہ دو رات بھی وصیت کو لکھ کر اپنے پاس محفوظ رکھے بغیر گزارے ۔

صحیح البخاری 2738 (صحیح)

لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّه کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے ایک دن میں سو بار یہ الفاظ کہے: لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ. اُسے دس غلام آزاد کرنے کا ثواب ہوگا، اور اُسکے لیے ( نامہ اعمال میں ) سو نیکیاں لکھی جائیں گی، اور اُسکے سو گناہ مٹادیے جائیں گے، اور انکی وجہ سے سارا دن، رات تک وہ شیطان سے محفوظ رہے گا، اور کسی کا عمل اسکے عمل سے افضل نہیں ہوگا، سوائے اس شخص کے جو اس سے زیادہ ذکر کرے۔

سنن ابنِ ماجہ 3798 (صحیح)

دس مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جو شخص {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} یعنی سورۂ اخلاص آخر تک دس مرتبہ پڑھے گا، ﷲﷻ اسکے لیے جنت میں ایک محل تعمیر کرے گا۔سیدنا عمر ؓ نے فرمایا: اے اللّٰه کے رسولﷺ ! پھر تو میں بہت سے محلات حاصل کرسکتا ہوں۔ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: اللّٰه تعالٰی بھی بہت کثرت والا اور بہت عمدہ عطا کرنے والا ہے۔

مسند احمد 8869 (صحیح)

تقاضے میں نرمی کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کہ ایک شخص کا انتقال ہوا ( قبر میں ) اس سے سوال ہوا، تمہارے پاس کوئی نیکی ہے؟ اس نے کہا کہ میں لوگوں سے خرید و فروخت کرتا تھا ۔ ( اور جب کسی پر میرا قرض ہوتا ) تو میں مالداروں کو مہلت دیا کرتا تھا اور تنگ دستوں کے قرض کو معاف کر دیا کرتا تھا۔ اسی پر اس کی بخشش ہو گئی

صحیح البخاری 2391 (صحیح)

صدقہ وخیرات میں بہترین مال دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک دفعہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ تشریف لائے، آپﷺ کے ہاتھ میں عصا تھا۔ کوئی شخص ( مسجد میں بطور صدقہ ) ردی قسم کی کھجور کا ایک خوشہ لٹکا گیا تھا۔ آپﷺ اس خوشے پر اپنی لاٹھی مارنے لگے اور فرمایا: اگر اس صدقے والا چاہتا تو اس سے اچھی کھجور کا صدقہ کرسکتا تھا۔ بلاشبہ اس قسم کا صدقہ کرنے والا قیامت کے دن ردی کھجوریں ہی کھائے گا۔

سنن النسائی 2495 (صحیح)

تلاوتِ قرآن پاک میں سُستی نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: قرآن کی خبر گیری (تلاوت ) کرتے رہو، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھوں میں میری جان ہے ! وہ (قرآن سینوں سے) نکل جانے میں، اس اونٹ کے نکل جانے سے بھی زیادہ تیز ہے جس کی رسی کھل چکی ہو۔

مشکوٰۃ 2187 (متفق علیہ)

اپنے مال کی حفاظت میں قتل ھونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنے مال کو ( چور یا ڈاکو سے ) بچانے کے لیے ( اس کا مقابلہ کرتے ہوئے ) قتل ہوگیا، وہ شہید ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 2580 (صحیح)

ذکرِ الٰہی کرنے والوں کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جو قوم ﷲﷻ کو یاد کرتی ہے ( ذکر الٰہی میں رہتی ہے ) اُسے فرشتے گھیر لیتے ہیں اور رحمت الٰہی اُسے ڈھانپ لیتی ہے، اُس پر سکینت ( طمانیت ) نازل ہوتی ہے اور ﷲ کریم اس کا ذِکر اپنے ہاں فرشتوں میں کرتا ہے“۔

جامع الترمذی 3378 (صحیح)

خیر وبھلائی کی تعلیم دینے والے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ سے دو آدمیوں کا ذکر کیا گیا، ان میں سے ایک عابد اور دوسرا عالم ہے، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’عالم کی عابد پر اس طرح فضیلت ہے جس طرح میری فضیلت تمہارے ادنیٰ آدمی پر ہے۔‘‘ پھر رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا:  بے شک اللہ، اس کے فرشتے، زمین و آسمان کی مخلوق حتٰی کہ چیونٹی اپنے بل میں اور مچھلیاں، لوگوں کو خیر و بھلائی کی تعلیم دینے والے کے لیے دعائے خیر کرتی ہیں۔

مشکوٰۃ 213 (صحیح)

Tuesday, 5 December 2023

نمازِ عصر کی اہمیت و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جس شخص کی نمازِ عصر فوت (قضا) ہوگئی تو گویا اس کا گھر بار لٹ گیا۔

مشکوٰۃ 594 (متفق علیہ)

تین بلیغ مگر مختصر نصیحتیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کے پاس آیا اور کہا کہ مجھے کوئی بلیغ و مختصر نصیحت کریں، آپ ‌ﷺ نے فرمایا: جب تو نماز ادا کرے تو (اپنی زندگی کی) آخری نماز سمجھ کر ادا کر، اور ایسا کلام مت کر کہ جس سے کل تجھے معذرت کرنا پڑے، نیز جو کچھ لوگوں کے پاس ہے اس سے مکمل ناامید (بے پرواہ ) ہوجا۔

مسند احمد 9584 (صحیح)

گری پڑی گمشدہ چیزوں کے متعلق بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جسے کوئی گری پڑی چیز ملے تو اسے چاہیے کہ ایک یا دو عادل گواہ بنالے اور چھپائے نہیں اور نہ غائب کرے، پھر اگر اس کے مالک کو پائے تو اسے لوٹا دے، ورنہ وہ اللہ کا مال ہے جسے چاہتا ہے عنایت فرما دیتا ہے۔

سنن ابوداؤد 1709 (صحیح)

سردیوں میں وضو کرنے کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’کیا میں تمہیں وہ اعمال نہ بتاؤں جنکی وجہ سے ﷲﷻ غلطیاں معاف فرمادیتا ہے اور نیکیوں میں اضافہ فرما دیتا ہے؟‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا: کیوں نہیں ! اللہ کے رسولﷺ ! آپ ﷺ نے فرمایا: اس وقت کامل ( سنوار کر ) وضو کرنا جب ( سردی وغیرہ کی وجہ سے ) دل نہ چاہتا ہو، اور مسجدوں کی طرف زیادہ قدم اٹھانا، اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا۔

سنن ابنِ ماجہ 427 (صحیح)

غرور گھمنڈ اور تکبر کی برائی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں جنت والوں کی خبر نہ دوں. ہر کمزور و تواضع کرنے والا اگر وہ ( ﷲﷻ کا نام لے کر ) قسم کھالے تو اللہ اس کی قسم پوری کردے۔ کیا میں تمہیں دوزخ والوں کی خبر نہ دوں ہر تند خو (بد مزاج )، اکڑ کر چلنے والا اور متکبر۔

صحیح البخاری 6071 (صحیح)

جنت و جہنم کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ” جنت میں جو بھی داخل ہوگا اسے اس کا جہنم کا ٹھکانا بھی دکھایا جائے گا کہ اگر نافرمانی کی ہوتی ( تو وہاں اسے جگہ ملتی ) تاکہ وہ اور زیادہ شُکر کرے اور جو بھی جہنم میں داخل ہوگا اسے اس کا جنت کا ٹھکانا بھی دکھایا جائے گا کہ اگر اچھے عمل کئے ہوتے ( تو وہاں جگہ ملتی ) تاکہ اس کے لیے حسرت و افسوس کا باعث ہو "۔

صحیح البخاری 6471 (صحیح)

دُعا کی قبولیت میں جلدی نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے ہر کسی کی دُعا قبول کی جاتی ہے، جب تک کہ وہ جلدی نہ مچائے ( جلدی یہ ہے کہ ) وہ کہنے لگتا ہے: میں نے دُعا کی مگر وہ قبول نہ ہوئی“۔

جامع الترمذی 3387 (صحیح)

الْغِنَى غِنَى النَّفْسِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مالداری (امیری) یہ نہیں ہے کہ سامان زیادہ ہو، بلکہ امیری یہ ہے کہ دل غنی ہو۔

صحیح البخاری 6446 (صحیح)

آپس میں لڑائی شیطان کرواتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: شیطان اس بات سے مایوس ہو چکا ہے کہ جزیرہ عرب میں نمازی اس کی پوجا کریں، لیکن وہ انہیں آپس میں لڑانے کی کوشش کرتا رہے گا۔

مشکوٰۃ 72 (صحیح)

مومن پر آزمائشیں آتی رہتی ہیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

بی بی آمنہ کے لعل حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مومن کی مثال کھیتی کی نرم و نازک شاخ کی طرح ہے جسے ہوائیں جھکاتی ہیں۔ کبھی اسے نیچے گرا دیتی ہیں اور کبھی سیدھا کردیتی ہیں، حتٰی کہ اُسکی موت آجاتی ہے، جبکہ منافق کی مثال صنوبر کے درخت کی طرح ہے، جس پر کوئی چیز اثر انداز نہیں ہوتی حتٰی کہ وہ ایک ہی مرتبہ ٹوٹ جاتا ہے۔

مشکوٰۃ 1541 (متفق علیہ)

نمازوں سے گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’پانچوں نمازیں اور ایک جمعہ ( دوسرے ) جمعہ تک درمیانی مدت کے گناہوں کا کفارہ ہیں“۔

صحیح مسلم 551 (صحیح)

نماز کے بعد مسنون اذکار

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کچھ چیزیں نماز کے پیچھے ( بعد میں ) پڑھنے کی ایسی ہیں کہ ان کا کہنے والا محروم و نامراد نہیں رہتا، ہر نماز کے بعد 33 بار سبحان اللہ کہے، 33 بار الحمدللہ کہے، اور 34 بار اللہ اکبر کہے“۔

جامع الترمذی 3412 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

نماز فجر سے اشراق تک ذِکر کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے نمازِ فجر جماعت سے پڑھی پھر بیٹھ کر ﷲﷻ کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل گیا، پھر اس نے دو رکعتیں پڑھیں، تو اسے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا“۔ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”پورا، پورا، پورا، یعنی حج و عمرے کا پورا ثواب“۔

جامع الترمذی 586 (صحیح)

اہل وعیال پر خرچ کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب آدمی ثواب کی نیت سے اپنے اہل و عیال پر خرچ کرے پس وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے ۔

صحیح البخاری 55 (صحیح)

Monday, 20 November 2023

عقیدہ توحید اور عمل کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ ‌ نے سیدنا معاذ ؓ سے فرمایا: جو آدمی ﷲﷻ کو ا س حال میں ملے کہ وہ لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ کی شہادت دیتا ہو اور ﷲ تعالٰی کے ساتھ شرک نہ کرتا ہو تو وہ جنت میں داخل ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا: اے ﷲ کے نبی ﷺ ! کیا میں لوگوں کو یہ خوشخبری سنا نہ دوں؟ آپ ﷺ ‌نے فرمایا: نہیں، مجھے یہ ڈر ہے کہ اس پر توکّل کرلیں گے (اور عمل ترک کردیں گے)۔

مسند احمد 45 (صحیح)

اللّٰہ دل کو پاک و صاف کردے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ فرمایا کرتے تھے : اے اللہ ! میری غلطیاں برف اور اولوں کے پانی سے دھو دے، اور میرے دل کو غلطیوں سے اس طرح پاک صاف فرما دے جس طرح تو نے سفید کپڑے کو میل کچیل سے پاک صاف رکھا ہے ۔
سنن النسائی 334 (صحیح)

مجاہد اور مہاجر میں فرق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: مجاہد وہ ہے جو ﷲﷻ کی اطاعت کے بارے میں اپنے نفس سے جہاد کرے، جبکہ مہاجر وہ ہے جو خطاؤں اور گناہوں سے کنارہ کش ہو جائے۔

مشکوٰۃ 34 (صحیح)

وضو کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”جب مسلمان یا مومن بندہ وضو کرتا اور اپنا چہرہ دھوتا ہے تو پانی کے ساتھ یا پانی کے آخری قطرے کے ساتھ اس کے چہرے سے وہ تمام گناہ جھڑ جاتے ہیں، جو اسکی آنکھوں نے کیے تھے یا اسی طرح کی کوئی اور بات فرمائی، پھر جب وہ اپنے ہاتھوں کو دھوتا ہے تو پانی کے ساتھ یا پانی کے آخری قطرے کے ساتھ وہ تمام گناہ جھڑ جاتے ہیں جو اسکے ہاتھوں سے ہوئے ہیں، یہاں تک کہ وہ گناہوں سے پاک و صاف ہو کر نکلتا ہے“۔

جامع الترمذی 2 (صحیح)

اپنے مال و اولاد کو بد دُعا دینا منع ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’اپنے آپ کو بددُعا نہ دو، اپنی اولاد کو بددُعا نہ دو، اپنے خادموں کو بددُعا نہ دو اور اپنے مالوں کو بددُعا نہ دو، ایسا نہ ہوکہ وہ ﷲﷻ کی طرف سے عطا و قبولیت کی گھڑی ہو ( ادھر تم کوئی بددُعا کرو کہ اللہ تعالٰی اسے ) تمہارے لیے قبول کرلے

سنن ابوداؤد 1532 (صحیح)

ضعیف راویوں سے روایت کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

بلاشبہ شیطان کسی آدمی کی شکل اختیار کرتا ہے، پھر لوگوں کے پاس آتا ہے اور انہیں جھوٹ ( پر مبنی ) کوئی حدیث سناتا ہے، پھر وہ بکھر جاتے ہیں، ان میں سے کوئی آدمی کہتا ہے: میں نے ایک آدمی سے ( حدیث ) سنی ہے، میں اس کا چہرہ تو پہچانتا ہوں پر اس کا نام نہیں جانتا، وہ حدیث سنا رہا تھا۔ 

صحیح مسلم 17 (صحیح)

تکبر اور قرض سے بچو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کی جان اس حال میں اس کے جسم سے نکلی کہ وہ تین چیزوں سے پاک تھا، وہ جنت میں داخل ہوجائے گا: تکبر سے، مال غنیمت کی خیانت سے اور قرض سے۔

سنن ابنِ ماجہ 2412 (صحیح)

اچھے اور بُرے دوست کی مثال

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبی کریم ﷺ نے فرمایا نیک اور بُرے دوست کی مثال مشک ساتھ رکھنے والے اور بھٹی دھونکنے والے کی سی ہے ( جسکے پاس مشک ہے اور تم اس کی محبت میں ہو ) وہ اس میں سے یا تمہیں کچھ تحفہ کے طور پر دے گا یا تم اس سے خرید سکو گے یا ( کم از کم ) تم اسکی عمدہ خوشبو سے تو محظوظ ہو ہی سکو گے، اور بھٹی دھونکنے والا یا تمہارے کپڑے ( بھٹی کی آگ سے ) جلا دے گا یا تمہیں اسکے پاس سے ایک ناگوار بدبودار دھواں پہنچے گا ۔

صحیح البخاری 5534 (صحیح)

Sunday, 12 November 2023

تم آخرت کے طلبگار بنو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دنیا گزر رہی ہے جبکہ آخرت آرہی ہے، اور دونوں میں سے ہر ایک کے طلبگار ہیں، تم آخرت کے طلبگار بنو اور دنیا کے طلبگار نہ بنو کیونکہ آج عمل (کا وقت) ہے اور حساب نہیں جبکہ کل حساب ہوگا اور عمل نہیں ہوگا ۔

مشکوٰۃ 5215 (صحیح)

زیادہ باتونی شخص کے لیے وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: ’’ﷲ کے ذکر کے سوا زیادہ باتیں نہ کیا کرو، کیونکہ ﷲ کے ذکر کے سوا زیادہ باتیں کرنا دل کی قسادت (سختی) کا باعث ہے اور سخت دل شخص ﷲﷻ سے کوسوں دور ہے

مشکوٰۃ 2276 (صحیح)

نبی کریمﷺ پر درود پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : جو شخص مجھ پر ایک دفعہ درود پڑھے گا، ﷲﷻ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا اور اس کی دس غلطیاں معاف کردی جائیں گی اور اسکے دس درجے بلند کیے جائیں گے ۔

سنن النسائی 1298(صحیح)

نمازی کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  بے شک میری امت کے لوگوں کو قیامت کے دن بلایا جائے گا، تو وضو کے نشانات کی وجہ سے ان کے ہاتھ پاؤں اور پیشانی چمکتی ہوگی، پس تم میں سے جو شخص اپنی چمک کو بڑھانا چاہے تو وہ بڑھا لے ۔

مشکوٰۃ 290 (متفق علیہ)

نماز کے بارے میں پوچھ گچھ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: سب سے پہلے بندے سے اسکی نماز کا حساب لیا جائے گا۔ اگر اس نے نمازوں کو مکمل کیا ہوگا ( تو درست ) ورنہ ﷲﷻ ( فرشتوں سے ) فرمائے گا: دیکھو ! کیا میرے بندے کے نامۂ اعمال میں کوئی نفل ہیں ؟ اگر نفل پائے گئے تو اللہ تعالٰی فرمائے گا، ان سے فرضوں کی کمی کو پورا کر دو ۔

سنن النسائی 468

ﷲﷻ کا محبوب ذکر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : دو کلمے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں اور میزان میں بھاری ہیں اور ﷲﷻ کو بہت محبوب ہیں

سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهٖ سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ

صحیح مسلم 6846

قرض لینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص قرض لے جبکہ وہ ادائیگی کا ارادہ رکھتا ہو، ﷲﷻ اس کی مدد فرماتا ہے۔

سنن نسائی 4691

سلام کرنے میں پہل کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: سلام میں پہل کرنے والا شخص ﷲﷻ کا سب سے زیادہ قریبی ہے ۔

مشکوٰۃ 4646 (صحیح)

قرآنِ کریم پڑھنے کے مناقب و فضائل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور قرآن پڑھنے میں مہارت رکھتا ہے وہ بزرگ پاکباز فرشتوں کے ساتھ ہوگا، اور جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور بڑی مشکل سے پڑھ پاتا ہے، پڑھنا اسے بہت شاق (دشوار ، مشکل) گزرتا ہے تو اسے دہرا اجر ملے گا“۔ 

جامع الترمذی 2904 (صحیح)

عورتوں کو صدقہ کرنے کی نصیحت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: اے عورتوں کی جماعت! صدقہ کیا کرو، اگرچہ اپنے زیورات میں سے ہو، کیونکہ تم میں سے اکثر آگ والیاں ہیں۔ ایک عورت، جو اشراف عورتوں میں سے نہیں تھی، کھڑی ہوئی اور اس نے کہا:اے اللہ کے رسولﷺ! اس کی کیا وجہ ہے؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: اس لیے کہ تم لعن طعن (اور گالی گلوچ) بہت کرتی ہو اور خاوندوں کی ناشکری کرتی ہو۔  

مسند احمد 2862 (صحیح)

صبح دیر تک سونے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ کے سامنے ایک شخص کا ذکر آیا کہ وہ صبح تک پڑا سوتا رہا اور فرض نماز کے لیے بھی نہیں اٹھا۔ اس پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ شیطان نے اس کے کان میں پیشاب کردیا ہے ۔

صحیح البخاری 1144 (صحیح)

میت کی تعریف یا برائی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ کے پاس سے ایک جنازہ گزرا، اسکی اچھی عادتوں کی وجہ سے اسکی تعریف کی گئی تو آپ ﷺ نے فرمایا:’’ واجب ہو گئی۔‘‘ پھر لوگ ایک اور جنازہ لے کر گزرے تو اسکی بُری عادتوں کی وجہ سے اسکے بارے میں بُری رائے ظاہر کی گئی تو آپ ﷺ نے فرمایا: واجب ہوگئی، تم لوگ زمین میں ﷲﷻ کے گواہ ہو۔

سنن ابنِ ماجہ 1492 (صحیح)

Monday, 30 October 2023

خرید وفروخت میں دھوکہ نہ دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ ایک غلہ کے ڈھیر سے گزرے، تو آپﷺ نے اس کے اندر اپنا ہاتھ داخل کر دیا، آپﷺ کی انگلیاں تر ہوگئیں تو آپﷺ نے فرمایا: ”غلہ والے! یہ کیا معاملہ ہے؟“ اس نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ! بارش سے بھیگ گیا ہے، آپﷺ نے فرمایا: ”اسے اوپر کیوں نہیں کردیا تاکہ لوگ دیکھ سکیں“، پھر آپﷺ نے فرمایا: جو دھوکہ دے، ہم میں سے نہیں ہے

جامع الترمذی 1315 (صحیح)

انسان کی نیکی کے درجات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی شخص جب اپنے اسلام کو عمدہ بنالے( یعنی نفاق اور ریا کاری سے پاک کرلے) تو ہر نیک کام جو وہ کرتا ہے اس کے عوض دس سے لے کر سات سو گنا تک نیکیاں لکھی جاتی ہیں اور ہر بُرا کام جو کرتا ہے تو وہ اتنا ہی لکھا جاتا ہے( جتنا کہ اس نے کیا ہے) ۔

صحیح البخاری 42

قرض سے اللّٰہ کی پناہ مانگنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نماز میں دُعا کرتے تو یہ بھی کہتے: ” اے اللہ ! میں گناہ اور قرض سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ “کسی نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ ! آپ قرض سے اتنی پناہ مانگتے ہیں؟ آپ ﷺ نے جواب دیا کہ جب آدمی مقروض ہوتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے۔ اور وعدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

صحیح البخاری 2397 (صحیح)

آپس میں صلح جوئی کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں وہ عمل نہ بتلاؤں کہ جس کا درجہ نماز، روزے اور صدقہ سے بھی زیادہ ہے؟ لوگوں نے کہا: کیوں نہیں، آپ ‌ﷺ نے فرمایا: آپس میں مصالحت کرنا اور آپس میں فساد پیدا کرنا تو (نیکیوں کو) تباہ کردیتا ہے۔ 

مسند احمد 6083

اطاعتِ الہٰی کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امامِ المرسلین حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا:  بیشک ﷲﷻ فرماتا ہے: انسان ! میری عبادت کے لیے فارغ ہوجا، میں تیرے دل کو مال داری (قناعت) سے بھر دوں گا، تیری محتاجی ختم کردوں گا اور اگر تو (ایسے) نہیں کرے گا تو میں تمہیں (دنیاوی) کاموں میں مصروف کردوں گا اور تیری محتاجی ختم نہیں کروں گا ۔

مشکوٰۃ 5172 (صحیح)

عشاء اور فجر نماز کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: اگر لوگوں کو پتہ چل جائے کہ عشاء اور صبح کی نمازوں میں کتنا (اجر و ثواب) ہے، تو وہ ان کو ادا کرنے کے لیے ضرور آئیں، اگرچہ انھیں سرین کے بل گھسٹ کر آنا پڑے ۔

مسند احمد 2453 (صحیح)

ﷲﷻ سے جنت الفردوس مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم ﷲﷻ سے سوال کرو تو جنت الفردوس کا سوال کیا کرو، کیونکہ وہ جنت کا اعلٰی و افضل حصہ اور مقام ہے، اس کے اوپر رحمٰن کا عرش ہے، اسی سے جنت کی نہریں پھوٹتی ہیں۔ 

مسند احمد 10210 (صحیح)

قبر میں سوال وجواب کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ جب میت کو دفن کرکے فارغ ہو جاتے تو قبر پر رُکتے اور فرماتے :’’ اپنے بھائی کے لیے استغفار کرو اور ثابت قدمی کی دُعا کرو بیشک اب اس سے سوال کیا جائے گا"۔  

سنن ابوداؤد 3221 (صحیح)

ایک جوتا پہن کر چلنے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں کوئی شخص صرف ایک پاؤں میں جوتا پہن کر نہ چلے یا دونوں پاؤں ننگا رکھے یا دونوں میں جوتا پہنے ۔

صحیح البخاری 5856 (صحیح)

جمائی لینے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی محبوب ربُّ العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے تو وہ اپنا ہاتھ اپنے منہ پر رکھے کیونکہ شیطان (منہ میں ) داخل ہوجاتا ہے ۔

مشکوٰۃ 4737(صحیح)

غصے کا علاج

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو آدمی آپس میں گالی گلوچ کر رہے تھے کہ ایک شخص کا منہ سرخ ہو گیا اور گردن کی رگیں پھول گئیں۔ نبيِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ مجھے ایک ایسا کلمہ معلوم ہے کہ اگر یہ شخص اسے پڑھ لے تو اسکا غصہ جاتا رہے گا۔ فرمایا: 

أَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطَانِ الرَّجِیم.‏

 ”میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی شیطان سے۔“ تو اس کا غصہ جاتا رہے گا۔

صحیح البخاری 3282 (صحیح)

دُعا مانگنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ دُعا میں یوں فرمایا کرتے تھے : اے اللہ ! میں سخت بڑھاپے، اونچی جگہ سے گر جانے، دب جانے، غم و اندوہ، آگ سے جل مرنے اور غرق ہو جانے سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔ اور اس بات سے تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میری موت کے وقت شیطان مجھے بدحواس کر دے اور یہ کہ میں دوران جہاد میں میدان جنگ سے پیٹھ پھیر کر بھاگتا ہوا مارا جاؤں ۔ اور اس بات سے بھی تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میں کسی زہریلی چیز کے ڈنک سے مر جاؤں ۔

سنن النسائی 5534 (صحیح)

ﷲﷻ سے عافیت طلب کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں، میں مریض تھا، رسول کریمﷺ میرے پاس سے گزرے، اور اس وقت میں کہہ رہا تھا، اے اللہ ! اگر میری موت کا وقت آ چکا ہے تو مجھے (موت کے ذریعے) راحت عطا فرما، اور اگر ابھی دیر ہے تو پھر مجھے صحت عطا فرما، اور اگر یہ آزمائش ہے تو پھر مجھے صبر عطا فرما، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم نے کیسے کہا ہے؟ ‘‘میں نے آپﷺ کو دوبارہ سنا دیا، آپﷺ نے اسے اپنا پاؤں مارا اور فرمایا :’’ اے اللہ ! انہیں عافیت عطا فرما۔‘‘ یا فرمایا:’’ اسے شفا عطا فرما۔

مشکوٰۃ 6107 (صحیح)

مومن کی صفات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’اصل مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں، اور اصل مومن وہ ہے جس سے لوگوں کو اپنی جان و مال کے بارے میں کوئی خطرہ نہ ہو ۔

سنن النسائی 4998 (صحیح)

بھاری حق مہر رکھنے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت عمر بن خطابؓ نے ہمیں خطبہ دیا اور کہا: ’’خبردار ! عورتوں کے سلسلے میں بھاری بھاری مہر مت باندھا کرو، اگر یہ چیز دنیا میں عزت اور ﷲﷻ کے ہاں تقویٰ کا ثبوت ہوتی تو اس میں نبی کریم ﷺ سب سے بڑھ کر ہوتے ۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی کسی بیوی اور اپنی صاحبزادیوں میں سے کسی کو بارہ اوقیہ سے زیادہ مہر نہیں دیا۔

سنن ابوداؤد 2106 (صحیح)

توبہ و اِستغفار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص یوں کہتا ہے: أَسْتَغْفِرُ اللَّهَ الَّذِي لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيَّ الْقَيُّومَ وَأَتُوبُ إِلَيْهِ ’’ میں معافی مانگتا ہوں اللہ سے، وہ ذات کہ اس کے علاوہ اور کوئی معبود نہیں، وہ زندہ ہے اور نگرانی کرنے والا ہے۔ اور میں اسی کی طرف توبہ اور رجوع کرتا ہوں۔‘‘ تو اسکو بخش دیا جاتا ہے اگرچہ وہ جہاد سے بھی بھاگا ہو ۔‘‘   

سنن ابوداؤد 1517 (صحیح)

فوت شدگان کو بُرا نہ کہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا ”جو لوگ مرگئے ان کو بُرا نہ کہو کیونکہ جو کچھ انہوں نے آگے بھیجا تھا اسکے پاس وہ خود پہنچ چکے ہیں، انہوں نے بُرے بّھلے جو بھی عمل کئے تھے ویسا بدلہ پا لیا۔

مشکوٰۃ 6516 (صحیح)

سچ بولنے کی اہمیت و ترغیب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

 ایک آدمی، نبی کریم ‌ﷺ کے پاس آیا اور کہا: اے اللہ کے رسولﷺ ! جنت کے اعمال کون سے ہیں؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: سچائی، جب بندہ سچ بولتا ہے تو نیکی کرتا ہے، جب نیکی کرتا ہے تو ایماندار بن جاتا ہے اور جب ایماندار بنتا ہے تو جنت میں داخل ہوجاتا ہے۔ لوگوں نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ ! آگ کے اعمال کون کون سے ہیں؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: جھوٹ، جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو برائی کرتا ہے، جب برائی کرتا ہے تو کفر کرتا ہے اور جب کفر کرتا ہے تو آگ میں داخل ہوجاتا ہے۔

مسند احمد 9233 (صحیح)

جمعہ کو کثرت سے درود شریف پڑھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: دنوں میں افضل ترین جمعہ کا دن ہے، اس میں آدم علیہ السلام کو پیدا کیا گیا اور فوت کیا گیا، اور اسی میں نَفْخَہ (صور) ہوگا ، لہٰذا تم مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، کیونکہ تمہارا یہ درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔ صحابہ کرامؓ نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ! ہمارا درود آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا، جبکہ آپﷺ تو (مٹی میں) فنا ہوچکے ہوں گے؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ نے زمین پر حرام کر دیا کہ وہ انبیاء کے جسموں کو کھائے۔

مسند احمد 2701 (صحیح)

نفلی صدقہ کی ترغیب و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

اِمامُ المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی آگ سے بچنے کی طاقت رکھتا ہے تو وہ صدقہ کرے، خواہ وہ کھجور کے ایک حصے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو اور جسے وہ بھی نہ ملے تو اچھی بات کے ذریعے (جہنم سے بچنے کی کوشش کرے)۔

مسند احمد 3576 (صحیح)

چھینکنے والے کا الحمدللہ کہنا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ کے پاس دو اصحاب کرامؓ چھینکے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک کا جواب یرحمک اللہ( اللہ تم پر رحم کرے ) سے دیا اور دوسرے کا نہیں۔ آپ ﷺ سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا کہ اس نے الحمدللہ کہا تھا ( اس لیے اس کا جواب دیا ) اور دوسرے نے الحمدللہ نہیں کہا تھا۔ چھینکنے والے کو الحمدللہ ضرور کہنا چاہئے اور سننے والوں کو یرحمک اللہ۔ 

صحیح البخاری 6221 (صحیح)

Tuesday, 10 October 2023

اچھی طرح وضو کرنے کی برکات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: جس نے وضو کیا اور خوب اچھی طرح وضو کیا، تو اسکے جسم سے اس کے گناہ خارج ہوجاتے ہیں حتٰی کہ اس کے ناخنوں کے نیچے سے بھی نکل جاتے ہیں ۔

صحیح مسلم 578 (صحیح)

انصاف کرنے کا سنہری اصول

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جب تمہارے پاس دو آدمی فیصلہ کے لیے آئیں تو تم پہلے کے حق میں فیصلہ نہ کرو جب تک کہ دوسرے کی بات نہ سن لو، عنقریب تم جان لو گے کہ تم کیسے فیصلہ کرو“۔ حضرت علی رضی الله عنہ کہتے ہیں: اس کے بعد میں برابر فیصلے کرتا رہا۔

جامع الترمذی 1331 (صحیح)

اچھی بات کہو یا خاموش رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا : جو شخص ﷲﷻ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنے پڑوسی سے اچھا سلوک کرے۔ جو شخص ﷲ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنے مہمان کی عزت کرے۔ جو شخص ﷲ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3672 (صحیح)

نرمی اختیار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے ۔

مشکوٰۃ 5069 (صحیح)

میراث اور وصیت کے معاملات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  بے شک آدمی اور عورت ساٹھ سال تک ﷲﷻ کی اطاعت میں نیک عمل کرتے رہتے ہیں، پھر انہیں موت آتی ہے تو وہ وصیت میں کسی کو نقصان پہنچا جاتے ہیں، تو ان دونوں کے لیے جہنم کی آگ واجب ہوجاتی ہے ۔

مشکوٰۃ 3075 (صحیح)

اہل وعیال پر خرچ کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب آدمی ثواب کی نیت سے اپنے اہل و عیال پر خرچ کرے پس وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے ۔

صحیح البخاری 55 (صحیح)

مشکل و تکلیف میں پڑھنے کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو جب کوئی کام سخت تکلیف و پریشانی میں ڈال دیتا تو آپﷺ یہ دعا پڑھتے: 

يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيثُ

 ”اے زندہ اور ہمیشہ رہنے والے! تیری رحمت کے وسیلے سے تیری مدد چاہتا ہوں“۔ 

جامع الترمذی 3524

قول و فعل میں تضاد کا عذاب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا:  معراج کی رات میں کچھ ایسے لوگوں کے پاس سے گزرا جن کے ہونٹ آگ کی قینچیوں سے کاٹے جارہے تھے، میں نے کہا: جبریل ! یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا : یہ آپﷺ کی امت کے خطیب حضرات ہیں، جن کے قول و فعل میں تضاد تھا۔

مشکوٰۃ 4802 (صحیح)

نیکی کرنے کے مواقع تلاش کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”تم لوگوں میں سے کوئی شخص کسی بھی نیک کام کو حقیر نہ سمجھے، اگر کوئی نیک کام نہ مل سکے تو اپنے بھائی سے مسکرا کر ملے، اور اگر تم گوشت خریدو یا ہانڈی پکاؤ تو شوربا ( سالن ) بڑھالو اور اس میں سے چلو بھر اپنے پڑوسی کو دے دو“۔

جامع الترمذی 1833(صحیح)

درُود وسلام کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک روز رسولِ کریم ﷺ بڑے خوش تشریف لائے اور فرمایا: جبریلِ امین میرے پاس تشریف لائے اور انہوں نے فرمایا: آپ کا رب فرماتا ہے: محمد ﷺ ! کیا یہ بات آپ کے لیے باعث مسرت نہیں کہ جب آپکی امت میں سے کوئی شخص ایک مرتبہ آپ پر درود بھیجے تو میں اس پر دس رحمتیں بھیجوں اور آپ کی امت میں سے جو شخص ایک مرتبہ آپ پر سلام بھیجے تو میں اس پر دس مرتبہ سلامتی بھیجوں۔

مشکوٰۃ 928 (صحیح)

Saturday, 30 September 2023

زبان کی حفاظت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 جب اِبن آدم صبح کرتا ہے تو سارے اعضاء زبان سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے (حقوق کے تحفظ کے) بارے میں ﷲ سے ڈرنا، کیونکہ ہم تیرے رحم و کرم پر ہیں، اگر تو سیدھی رہی تو ہم بھی سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہوگئی تو ہم بھی ٹیڑھے ہوجائیں گے ۔

مشکوٰۃ 4838

سچ خرید وفروخت کا سنہری اصول


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ 

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ  نے فرمایا: دو خرید و فروخت کرنے والے جب تک ایک دوسرے سے جُدا نہ ہوں، انہیں سودا ختم کرنے کا اختیار رہتا ہے۔ اگر وہ دونوں سچ بولیں اور ہر بات وضاحت سے بیان کردیں تو ان کے سودے میں برکت ہو گی۔ اور اگر وہ جھوٹ بولیں اور صورت حال چھپالیں تو ان کے سودے سے برکت اٹھ جائے گی۔

سنن النسائی 4462 (صحیح)

عشقِ نبیﷺ ایمان کی پہلی شرط ھے


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا)  جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)

قناعت اختیار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  اس شخص نے فلاح پائی جس نے (اپنے رب کی) اطاعت کرلی اور اسے بقدر ضرورت رزق عطا کیا گیا اور ﷲﷻ نے جو اسے عطا کیا اس پر اس نے قناعت اختیار کی۔

مشکوٰۃ 5165 (صحیح)

کھانا کھاکر شُکر ادا کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کھانا کھا کر ﷲﷻ کا شُکر ادا کرنے والا ( اجر و ثواب میں ) صبر کرنے والے روزہ دار کے برابر ہے“۔

جامع الترمذی 2486 (صحیح)

کون سا مومن عقلمند ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک نصاری صحابی آئے، انھوں نے رسولِ کریم ﷺ کو سلام کیا ، پھر کہا : اللّٰه کے رسولﷺ ! کون سا مومن افضل ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’ جس کا اخلاق زیادہ اچھا ہو۔‘‘ انھوں نے کہا : کون سا مومن زیادہ عقل مند ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جو موت کو زیادہ یاد کرتے ہیں اور اس کے بعد ( کے مراحل ) کے لیے زیادہ اچھی تیاری کرتے ہیں، یہی عقل مند ہیں۔

سنن ابنِ ماجہ 4259 (صحیح)

ایمان کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

بی بی آمنہ کے لعل حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک اپنے ( مسلمان ) بھائی کے لیے یا فرمایا اپنے ہمسائے کے لیے بھی وہ چیز پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 66 (صحیح)

صدقہ کرنے کی اہمیت وفضیلت


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: انسان کے ہر جوڑ پر ہر روز صدقہ کرنا واجب ہے، دو آدمیوں کے درمیان عدل کرنا صدقہ ہے، آدمی کی اسکی سواری کے بارے میں مدد کرنا، وہ اسے سواری پر بٹھائے یا اس کا سامان اس پر رکھوائے، یہ بھی صدقہ ہے، اچھی بات کرنا صدقہ ہے، نماز کی طرف ہر قدم اٹھانا صدقہ ہے، اور راستے سے تکلیف دہ چیز دور کر دینا صدقہ ہے۔

مشکوٰۃ 1896(متفق علیہ)

سود خوری کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے سود لینے والے، سود دینے والے، اس کے دونوں گواہوں اور اس کے لکھنے والے پر لعنت بھیجی ہے۔

جامع الترمذی 1206 (صحیح)

Thursday, 21 September 2023

نوافل و سنتوں کے احکام ومسائل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: عمل اسی قدر اختیار کرو جسکی تم میں طاقت ہو کیونکہ ﷲﷻ ( تمہیں ثواب دینے سے ) نہیں اکتاتا، حتٰی کہ تم ہی ( عمل سے ) اُکتا جاؤ ۔ بلاشبہ ﷲ عزوجل کو وہی عمل محبوب ہے جو ہمیشہ ہو اگرچہ تھوڑا ہی ہو  اور نبی کریم ﷺ جب کوئی عمل اختیار کرتے تو اس پر ہمیشگی کرتے تھے ۔  

سنن ابوداؤد 1368 (صحیح)

لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  آسانی پیدا کرو، تنگی نہ پیدا کرو، لوگوں کو تسلی اور تشفی دو نفرت نہ دلاؤ۔

صحیح البخاری 6125 (صحیح)

تکالیف سے گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی نے یہ آیت تلاوت کی: {مَنْ یَعْمَلْ سُوئً ا یُجْزَ بِہِ}… جو بھی کوئی برائی کرے گا اسے اسکی جزا دی جائےگی۔ اور پھر کہا: اگر ہمیں ہر بُرے عمل کا بدلہ ملا تو ہم تو مارے جائیں گے، جب یہ بات نبی کریم ‌ﷺ تک پہنچی تو آپ ‌ﷺ نے فرمایا: ہاں! (بدلہ تو ہر بُرے عمل کا ملتا ہے) لیکن ایمانداروں کو دنیا میں تکلیف دینے والی جو مصیبت لاحق ہوتی ہے، یہ ان (کے گناہوں کا) بدلہ ہوتا ہے۔ 

مسند احمد 8569 (صحیح)

جنت والے اعمال کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جس شخص کی جان اس حال میں اسکے جسم سے نکلی کہ وہ تین چیزوں سے پاک تھا، وہ جنت میں داخل ہوجائے گا: تکبر سے، مال غنیمت کی خیانت سے اور قرض سے۔

سنن ابنِ ماجہ 2412 (صحیح)

روزانہ دو فرشتوں کا اعلان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ جب بندے صبح کو اٹھتے ہیں تو دو فرشتے آسمان سے نہ اترتے ہوں ۔ ایک فرشتہ تو یہ کہتا ہے کہ اے اللّٰه ! خرچ کرنے والے کو اس کا بدلہ دے ۔ اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللّٰه ! ممسك (کنجوس) اور بخیل کے مال کو تلف کردے ۔

صحیح البخاری 1442 (صحیح)

صدقہ جاریہ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب انسان فوت ہوجاتا ہے تو تین کاموں، صدقہ جاریہ، وہ علم جس سے استفادہ کیا جائے اور نیک اولاد جو اس کے لیے دُعا کرے، کے سوا اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے ۔

مشکوٰۃ 203

زکوٰۃ ادا نہ کرنے کی سزا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنے مال ( سونا، چاندی اور رقم ) کی زکاۃ ادا نہیں کرتا، قیامت کے دن اس کے مال کو اس کے سامنے گنجے سانپ کی صورت میں لایا جائے گا جس کی آنکھوں پر دو سیاہ نقطے ہوں گے۔ وہ اسے چمٹ جائے گا یا اس کے گلے کا طوق بن جائے گا اور کہے گا: میں تیرا خزانہ ہوں ۔ میں تیرا خزانہ ہوں ۔

سنن نسائی 2483

بدگمانی سے بچتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  بدگمانی سے بچتے رہو، بدگمانی اکثر تحقیق کے بعد جھوٹی بات ثابت ہوتی ہے اور کسی کے عیوب ڈھونڈنے کے پیچھے نہ پڑو، کسی کا عیب خواہ مخواہ مت ٹٹولو اور کسی کے بھاؤ پر بھاؤ نہ بڑھاؤ اور حسد نہ کرو، بغض نہ رکھو، کسی کی پیٹھ پیچھے برائی نہ کرو بلکہ سب ﷲ کے بندے آپس میں بھائی بھائی بن کر رہو ۔

صحیح البخاری 6066 (صحیح)

ایمان کی نشانی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌ نے فرمایا: جو نیکی کر کے خوش ہوا اور برائی کر کے پریشان ہوا، وہ مؤمن ہے۔ 

مسند احمد 94

محافل و مجالس میں ذِکرﷲکی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جو لوگ کسی مجلس سے اٹھیں اور انہوں نے اس میں ﷲﷻ کا ذکر نہ کیا ہو، تو وہ ایسے ہیں گویا کسی مردار گدھے پر سے اٹھے ہوں اور ( آخرت میں ) یہ مجلس اُن کے لیے حسرت کا باعث ہوگی۔‘‘ ( تمنا کریں گے کہ کاش ہم نے اس میں ﷲ کا ذکر کرلیا ہوتا)  

سنن ابوداؤد 4855 (صحیح)

بہترین صدقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا:  ایک دینار وہ ہے جسے تو نے ﷲﷻ کی راہ میں خرچ کیا، ایک دینار جو تو نے گردن آزاد کرنے میں خرچ کیا ایک دینار وہ ہے جسے تونے کسی مسکین پر خرچ کیا اور ایک دینار وہ ہے جسے تونے اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا، ان میں سے سب سے زیادہ باعث اجر وہ ہے جو تو نے اپنے اہل وعیال پر خرچ کیا۔

مشکوٰۃ 1931(صحیح)

مسافر کی دُعا قبول ہوتی ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: تین دُعائیں قبول ہوتیں ہیں۔ ان ( کی قبولیت ) میں کوئی شک نہیں: مظلوم کی دُعا ، مسافر کی دُعا اور والد کی اپنی اولاد کے حق میں دُعا ۔

سنن ابنِ ماجہ 3862 (صحیح)

والدین کے لئے دعائے مغفرت کرتے رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: ’’جنت میں آدمی کا درجہ بلند کیا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے: یہ کس وجہ سے ہوا ؟ اسے کہا جاتا ہے: تیری اولاد کے تیرے لیے دعائے مغفرت کرنے کی وجہ سے

سنن ابنِ ماجہ 3660 (صحیح)

لوگوں کے لیے آسانی کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”کیا میں تمہیں ایسے لوگوں کی خبر نہ دوں جو جہنم کی آگ پر یا جہنم کی آگ ان پر حرام ہے؟ جہنم کی آگ لوگوں کے قریب رہنے والے، آسانی کرنے والے، اور نرم اخلاق والے پر حرام ہے“۔

جامع الترمذی 2488 (صحیح)

فقراء ومساکین کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  مجھے اپنے ضعیفوں میں تلاش کرو، تم اپنے ان کمزوروں ہی کی وجہ سے رزق دیے جاتے یا مدد کیے جاتے ہو ۔

مشکوٰۃ 5246 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

سجدہ کی حالت میں دُعا کی فضیلت


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

مکینِ گنبدِ خضرا ہمارے پیارے رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بندہ اپنے رب کے سب سے زیادہ قریب اس حالت میں ہوتا ہے جب وہ سجدے میں ہوتا ہے، لہٰذا اس میں کثرت سے دُعا کرو ۔

صحیح مسلم 1083 (صحیح)

اللّٰه سے دُعا پورے یقین سے مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی دُعا کرے تو یوں نہ کہے: اے اللّٰه ! اگر تو چاہے تو مجھے بخش دے، بلکہ اسے پختہ عزم کے ساتھ اور بڑی رغبت کے ساتھ دُعا کرنی چاہیے، کیونکہ کسی بھی چیز کا عطا کرنا ﷲﷻ کے لیے کوئی مشکل نہیں۔

مشکوٰۃ 2226 (صحیح)

مسلمان کی پردہ پوشی کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جس نے کسی مومن سے دنیا کی تکلیفوں میں سے کوئی تکلیف دور کی، ﷲﷻ اس کی آخرت کی تکلیفوں میں سے کوئی تکلیف دور کرے گا، اور جس نے کسی مسلمان کی پردہ پوشی کی تو ﷲ تعالٰی دنیا و آخرت میں اس کی پردہ پوشی فرمائے گا، ﷲ بندے کی مدد میں لگا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں لگا ہے“۔  

جامع ترمذی 1425 (صحیح)

مومن کے لیے صبر و شکر پر اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مومن کی عجیب شان ہے، اگر اسے کوئی خیر و بھلائی نصیب ہوتی ہے تو ﷲﷻ کی حمد بیان کرتا اور شکر کرتا ہے، اور اگر اسے کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو بھی ﷲ تعالٰی کی حمد بیان کرتا ہے اور صبر کرتا ہے، پس مومن اپنے (شکر و صبر کے) ہر معاملے میں اجر پاتا ہے، حتٰی کہ اس لقمہ پر بھی جو وہ اپنی اہلیہ کے منہ میں ڈالتا ہے۔

مشکوٰۃ 1733 (صحیح)

Friday, 1 September 2023

اللّٰہ کا شکر کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب ﷲﷻ بندے کو کوئی نعمت دیتا ہے اور بندہ الحمد للہ کہتا ہے تو بندے نے جو ( شکر ) ادا کیا، وہ ملنے والی نعمت سے افضل ہوتا ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3805 (صحیح)

مہمان نوازی کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’مہمان نوازی تین دن ہے اور خصوصی اہتمام ایک دن اور ایک رات کا ہے اور کسی مسلمان آدمی کے لیے حلال نہیں کہ وہ اپنے بھائی کے ہاں ( ہی ) ٹھہرا رہے حتی کہ اسے گناہ میں مبتلا کر دے ۔‘‘ صحابہ کرامؓ نے پوچھا : اے اللہ کے رسولﷺ ! وہ اسے گناہ میں کیسے مبتلا کرے گا؟ آپﷺ نے فرمایا :’’ وہ اس کے ہاں ٹھہرا رہے اور اس کے پاس کچھ نہ ہو جس سے وہ اس کی میزبانی کر سکے۔‘‘ ( تو وہ غلط کام کے ذریعے سے اس کی میزبانی کا انتظام کرے ۔) 

صحیح مسلم 4514 (صحیح)

توبہ کی قبولیت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت عبد اللہ بن عمروؓ سے مروی ہے: جس نے اپنی موت سے ایک سال پہلے توبہ کی، اسکی توبہ قبول کی جائے گی، جس نے اپنی موت سے ایک ماہ پہلے توبہ کی، اسکی توبہ بھی قبول کی جائے گی، یہاں تک کہ انھوں نے ایک دن، ایک گھڑی، بلکہ ایک فُوَاق کا بھی ذکر کیا۔ ایک آدمی نے کہا: اسکے بارے میں تمہارا کیا خیال ہے کہ اگر بندہ مشرک ہو اور پھر اس وقت میں مسلمان ہوجائے؟ انھوں نے کہا: میں تم لوگوں کو اتنا ہی بیان کروں گا، جتنا رسول اللہ ‌ﷺ سے سنا ہے۔

مسند احمد 10166 (صحیح)

جنت کی طلب اور جہنم سے نجات کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نےفرمایا: جو شخص ﷲﷻ سے تین مرتبہ جنت کا سوال کرے (اَللّٰھُمَّ اِنِیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ الْفِرْدُوْسَ) تو جنت کہتی ہے : اے اللہ اسے جنت میں داخل فرما : اور جو شخص تین دفعہ آگ سے پناہ مانگے (اللَّھُمَّ اَجِرنِی مِنَ النَّار) تو آگ خود کہتی ہے : یااللہ ! اس کو آگ سے بچا ۔

سنن النسائی 5523 (صحیح)

باوضو عیادت کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

جو شخص شام کے وقت کسی مریض کی عیادت کے لیے نکلتا ہے تو اسکے ساتھ ستر ہزار فرشتے بھی نکلتے ہیں جو اسکے لیے صبح تک بخشش طلب کرتے رہتے ہیں اور جنت میں اسے ایک باغ بھی حاصل ہو گا، اور جو کوئی صبح کے وقت عیادت کے لیے نکلے تو اسکے ساتھ ستر ہزار فرشتے نکلتے ہیں جو اسکے لیے شام تک بخشش مانگتے رہتے ہیں اور جنت میں اسے ایک باغ بھی حاصل ہو گا۔ 

سنن ابوداؤد 3098 (صحیح)

پلِ صراط پر گزرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  پل صراط کو جہنم کے اوپر رکھا جائے گا۔ اس پر کانٹے ہوں گے، جیسے سعدان کے کانٹے۔ پھر لوگ گزریں گے۔ کچھ صحیح سلامت بچ نکلیں گے، کچھ ناقص جسم والے ہوکر آخر کار بچ نکلیں گے۔ پھر ( نتیجہ یہ ہو گا کہ ) کوئی نجات پاجائے گا، کوئی وہاں روک لیا جائے گا اور کوئی سر کے بل اس میں جا گرے گا۔

سنن ابنِ ماجہ 4280 (صحیح)

رشک کن لوگوں پر کیا جاسکتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا:  رشک صرف دو آدمیوں پر کیا جا سکتا ہے، ایک اس پر جسے ﷲﷻ نے قرآن کا علم دیا اور وہ اسکی تلاوت رات دن کرتا ہے تو ایک دیکھنے والا کہتا ہے کہ کاش مجھے بھی اسی جیسا قرآن کا علم ہوتا تو میں بھی اسکی طرح تلاوت کرتا رہتا، اور دوسرا وہ شخص ہے جسے ﷲﷻ نے مال دیا اور وہ اسے اسکی راہ میں خرچ کرتا ہے جسے دیکھنے والا کہتا ہے کہ کاش مجھے بھی ﷲ اتنا مال دیتا تو میں بھی اسی طرح خرچ کرتا جیسے یہ کرتا ہے۔

صحیح البخاری 7528 (صحیح)

نمازِ فجر و عصر کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا کہ رات اور دن میں فرشتوں کی ڈیوٹیاں بدلتی رہتی ہیں، اور فجر اور عصر کی نمازوں میں ( ڈیوٹی پر آنے والوں اور رخصت پانے والوں کا ) اجتماع ہوتا ہے۔ پھر تمہارے پاس رہنے والے فرشتے جب اُوپر چڑھتے ہیں تو ﷲﷻ پوچھتا ہے حالانکہ وہ اُن سے بہت زیادہ اپنے بندوں کے متعلق جانتا ہے، کہ میرے بندوں کو تُم نے کس حال میں چھوڑا، وہ جواب دیتے ہیں کہ ہم نے جب اُنہیں چھوڑا تو وہ ( فجر کی ) نماز پڑھ رہے تھے اور جب اُن کے پاس گئے تب بھی وہ ( عصر کی ) نماز پڑھ رہے تھے ۔

صحیح البخاری 555 (صحیح)

Thursday, 24 August 2023

مسنون اذکار

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ یہ دُعا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْهُدَى وَالتُّقَى وَالْعَفَافَ وَالْغِنَى

 ”اے اللہ! میں تجھ سے ہدایت کا طالب ہوں، تقویٰ کا طلب گار ہوں، پاکدامنی کا خواہشمند ہوں، مالداری اور بے نیازی چاہتا ہوں“۔

جامع الترمذی 3489 (صحیح)

اہل و عیال پر خرچ بھی صدقہ ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: " جب آدمی ثواب کی نیت سے اپنے اہل و عیال پر خرچ کرے پس وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے" ۔

صحیح البخاری 55 (صحیح)

دُعا مانگنے کے آداب

لبِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے ایک شخص کو نماز کے اندر دُعا کرتے ہوئے سنا، اس نے نبی اکرمﷺ پر صلاۃ ( درود ) نہ بھیجا، نبی کریمﷺ نے فرمایا: ”اس نے جلدی کی“، پھر آپﷺ نے اسے بلایا، اور اس سے اور اسکے علاوہ دوسروں کو خطاب کرکے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی بھی نماز پڑھ چکے تو اسے چاہیئے کہ وہ پہلے ﷲﷻ کی حمد و ثنا بیان کرے، پھر نبیﷺ پر صلاۃ ( درود ) بھیجے، پھر اسکے بعد وہ جو چاہے دُعا مانگے“۔

جامع الترمذی 3477 (صحیح)

سب سے زیادہ فضیلت والا صدقہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی نے کہا: اے اللّٰه کے رسول ﷺ ! بہترین صدقہ کونسا ہے؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: تمہارا اُس وقت اور اُس حال میں صدقہ کرنا کہ جب تم حریص اور صحت مند ہو، زندگی کی امید ہو اور فقیری کا ڈر ہو اور ِاس قدر تاخیر نہ کرو کہ جب روح حلق تک آن پہنچے تو تم کہنا شروع کردو کہ فلاں کو اتنا دے دینا، فلاں کو اس قدر دے دینا، حالانکہ اس وقت تو وہ مال دوسروں کا ہوچکا ہوتا ہے۔

مسند احمد 3591 (صحیح)

کامیاب و بامراد انسان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدسﷺ نے فرمایا:  وہ انسان کامیاب و بامراد ہوگیا جو مسلمان ہوگیا، اور اسے گزر بسر کے بقدر روزی ملی، اور ﷲﷻ نے اسے جو دیا اُس پر قناعت کی توفیق بخشی۔ 

صحیح مسلم 2426 (صحیح)

دُعا کی قبولیت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تم میں سے کسی شخص کی دُعا اس وقت تک قبول ہوتی ہے جب تک وہ جلد بازی کرتے ہوئے یہ نہیں کہتا : میں نے دُعا کی ، لیکن میرے حق میں قبول نہیں ہوتی یا نہیں ہوئی ۔

صحیح مسلم 6934 (صحیح)

نیکی اور گناہ کی تعریف

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سیدنا ابو ثعلبہ خشنیؓ نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ! مجھے ان چیزوں کے بارے میں بتلائیں جو میرے لیے حلال اور مجھ پر حرام ہیں، نبی کریم ‌ﷺ نے اس کی طرف نگاہ بلند کی اور پھر پست کی اور فرمایا:  نیکی وہ ہے، جس پر نفس کو تسکین ملے اور دل کو اطمینان ہو اور برائی وہ ہے کہ جس پر نہ نفس کو سکون ملے اور نہ دل مطمئن ہو۔

مسند احمد 8987 (صحیح)

تہجد کی نیت کرکے سونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  جو آدمی بستر پر لیٹتے وقت نیت رکھتا ہوکہ رات کو ( نمازِ تہجد کے لیے ) اٹھے گا لیکن اسے گہری نیند آ گئی اور وہ صبح تک سویا رہا تو اسکے لئے اس نماز کا ثواب لکھا جائے گا جس کی اس نے نیت کی اور اسکی نیند اس کے رب عزوجل کی طرف سے اس پر نوازش ہوگی ۔

سنن النسائی 1788 (صحیح)

صدقہ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  ہر معروف (احسان کرنا) صدقہ ہے، تمہارا اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملنا اور تمہارا اپنی بالٹی سے اپنے بھائی کے برتن میں پانی ڈال دینا بھی نیکی میں سے ہے ۔

مشکوٰۃ 1910 (صحیح)

گفتگو اور معاملات میں نرمی کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے ۔

مشکوٰۃ 5069 (صحیح)

صحت و تندرستی اللّٰہ کی نعمت یے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 تاجدار کائنات حضورِ اقدسﷺ نے فرمایا:  متقی آدمی کے لیے دولت مند ہونے میں حرج نہیں، اور متقی کے لیے صحت دولت سے بہتر ہے۔ اور طبیعت کا خوش ہونا بھی ( ﷲﷻ ) کی نعمت ہے ۔

سنن ابنِ ماجہ 2141 (صحیح)

بدگمانی اور ہر بُرائی کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  بدگمانی سے بچتے رہو کیونکہ بدگمانی کی باتیں اکثر جھوٹی ہوتی ہیں، لوگوں کے عیوب تلاش کرنے کے پیچھے نہ پڑو، آپس میں حسد نہ کرو، کسی کی پیٹھ پیچھے برائی نہ کرو، بغض نہ رکھو، بلکہ سب اللّٰه کے بندے آپس میں بھائی بھائی بن کر رہو ۔

صحیح البخاری 6064 (صحیح)

Saturday, 12 August 2023

تین دعاؤں کی قبولیت میں شک نہیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: تین دُعائیں قبول کی جاتی ہیں، اُن کی قبولیت میں کوئی شک نہیں ہے، مظلوم کی دُعا، مسافر کی دُعا اور والدین کی اپنی اولاد کے حق میں دُعا۔

مسند احمد 9979 (صحیح)

سُنت رسول ﷺ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  ساری اُمت جنت میں جائے گی سوائے ان کے جنہوں نے انکار کیا۔ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا: یا رسول اللہﷺ ! انکار کون کرے گا؟ فرمایا کہ جو میری اطاعت کرے گا وہ جنت میں داخل ہوگا اور جو میری نافرمانی کرے گا اس نے انکار کیا۔

صحیح البخاری 7280 (صحیح)

نمازِ جمعہ کے لیے غُسل کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  ہر بالغ پر جمعہ کے دن غُسل واجب ہے ۔

صحیح البخاری 2665 (صحیح)

گناہوں سے توبہ کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب مؤمن گناہ کا ارتکاب کرتا ہے تو اُسکے دل میں ایک سیاہ نکتہ لگ جاتا ہے، اگر وہ توبہ کرلے اور بخشش طلب کرے تو دل میں چمک اور جلا پیدا ہوجاتی ہے، اور اگر مزید گناہ کرتا ہے تو نکتے بڑھتے چلے جاتے ہیں، یہاں تک کہ اس کے دل پر وہ زنگ چڑھ جاتا ہے، جس کا ﷲﷻ نے اس آیت میں ذکر کیا: ہر گز نہیں، بلکہ ان کے کرتوتوں کی وجہ سے اُن کے دلوں پر زنگ لگ گیا۔

مسند احمد 10153(صحیح)

معاملات میں نرمی کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا : ﷲﷻ نرمی کرنے والا ہے، نرمی کو پسند کرتا ہے، اور نرمی پر وہ کچھ عطا فرماتا ہے جو سختی پر عطا نہیں فرماتا۔

سنن ابنِ ماجہ 3688 (صحیح)

محفل/ مجلس کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اسکی بے مقصد اور بے ہودہ باتیں زیادہ ہوجائیں اور پھر وہ اٹھنے سے پہلے یہ دُعا: سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ۔ پڑھتا ہے تو اسکی اس مجلس میں ہونے والی خطائیں معاف کردی جاتی ہیں۔

مشکوٰۃ 2433 (صحیح)

ﷲﷻ سے عملِ صالح کی توفیق مانگو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب ﷲﷻ کسی بندے کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرتا ہے تو اس سے عمل کراتا ہے، عرض کیا گیا: اللہ کے رسولﷺ ! کیسے عمل کراتا ہے؟ آپ ﷺنے فرمایا: ”موت سے پہلے اسے عملِ صالح کی توفیق دیتا ہے“۔  

جامع الترمذی 2142 (صحیح)

اچھے اور بُرے کام کے موجد کا انجام

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے ہدایت کی طرف بلایا، اسے پیروی کرنے والوں کے ثواب کے برابر ثواب ملے گا، اس سے ان کے اجر و ثواب میں کمی نہیں آئے گی، اور جس نے گمراہی کی طرف بلایا، اسے پیروی کرنے والوں کے گناہوں کے برابر گناہ ہو گا، اس سے ان کے گناہوں میں کمی نہیں آئے گی ۔

سنن ابنِ ماجہ 206(صحیح)

کسب و طلب میں حلال کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو چیز تجھے شک میں ڈال دے اسے چھوڑ دے اور شک سے پاک چیز اختیار کر، کیونکہ سچائی میں اطمینان ہے اور جھوٹ میں شک ہے ۔

مشکوٰۃ 2773 (صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929