أَعُوْذُ بِاﷲِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ
بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
1- جنت کے وارث کون لوگ ہیں
ارشاد باری تعالٰی ہے کہ یہ وہ ایماندار لوگ ہیں جو اپنی نمازوں میں گڑگڑاتے(خشوع و خضوع اور توجہ سے ادا کرتے) ہیں، بیہودہ باتوں سے پرہیز کرتے ہیں، زکوٰۃ ادا کرتے ہیں، شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں بجز اپنی زوجات کے،امانتوں میں خیانت نہیں کرتے، عہد جو ﷲ ذُوالْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ اور بندوں سے کرتے پورا کرتے ہیں اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ یہی لوگ بہشت کے وارث ہیں اور اللہ تعالٰی کے فضل سے جنت الفردوس میں رہیں گے۔
2- گھروں میں داخلے کے آداب
یہاں پر شرعی ادب بیان ہو رہا ہے کہ کسی کے گھر میں داخل ہونے سے پہلے اجازت مانگو جب اجازت مل جائے تو پہلے سلام کرو، اگر پہلی بار اندر سے اجازت طلبی پر جواب نہ ملے تو پھر کل تین مرتبہ اجازت مانگو(گھنٹی بجاؤ یا دروازہ کھٹکھٹاؤ یا آواز دو)، اگر پھر بھی اجازت نہ ملے تو واپس لوٹ جاؤ یا اگر تم سے واپس جانے کو کہا جائے تو فوراً واپس چلے آؤ یہ تمھارے لیے بہتر اور پاکیزھ بات ہے۔
3- ہر چیز ﷲ تعالٰی کی تسبیح کرتی ھے
اللّٰہ تبارک وتعالٰی فرماتا ہے کہ کیا تو نہیں دیکھتا کہ زمین وآسمان کی کل مخلوقات انسان، جنات، فرشتے اور جانور یہاں تک کہ پر پھلائے پرندے سب کے سب اللہ وَحْدَہٗ لاَشَرِیْکَ کی تسبیح کرتے ہیں اور ہر مخلوق کو اپنی نماز اور تسبیح کا طریقہ معلوم ھے۔
4- پاک دامن پر تہمت کی سزا
جو لوگ کسی عورت یا مرد پر بدکاری کی تہمت لگائیں تو انہیں چار گواہ پیش کرنے ہوں گے اگر ایسا نہ کرسکیں تو الزام لگانے والے کو اسی (80) کوڑے لگاؤ آئندہ کے لیے اس کی گواہی قبول نہ کرو کیونکہ یہ لوگ ﷲﷻ کے نافرمان ہیں۔ ہاں جو لوگ توبہ اور اپنی اصلاح کرلیں تو اللہ تعالٰی بخشنے والا مہربان ہے۔
5- مسلمان مرد اور عورت اپنی نگاہیں نیچی رکھیں
حکم الہٰی ہے کہ مسلمان مرد اور عورت اپنی نظروں کی حفاظت کریں۔ جس کا بہترین طریقہ ہے کہ نگاہیں نیچی رکھیں اور جن چیزوں کا دیکھنا حرام ہیں ان پر نگاہیں نہ ڈالیں۔
6- برائی کی اشاعت حرام ہے
ارشادِ حق تعالیٰ ہے کہ جو لوگ مسلمانوں میں برائی پھلانے کے آرزومند رہتے ہیں ان کے لیے دنیا اور آخرت میں درد ناک عذاب ہے۔ اکثر ان میں سے سنی سنائی باتیں بیان کرتے ہیں، لوگوں کی عیب تلاش کرتے ہیں اور ٹوہ میں لگے رہتے ہیں۔ حدیث مبارکہ ہے کہ جو شخص اپنے مسلمان بھائی کے عیوب ٹٹولے گا ﷲ ﷻ اس کے عیبوں کے پیچھے پڑجائے گا اور اسے یہاں تک رسوا کرے گا کہ اس کے گھر والے بھی اسے بری نظر سے دیکھنے لگیں گے۔
(سورہ مومنون، سورہ نور، سورہ فرقان)
No comments:
Post a Comment