Monday, 3 August 2026

حُسنِ سلوک اور شفقت کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! کوئی بندہ اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتا جب تک وہ اپنے بھائی ( یا ہمسایہ ) کے لیے وہی چیز پسند نہ کرے جو وہ اپنے لیے پسند کرتا ہے"۔

مشکوٰۃ 4961 (متفق علیہ)

توبہ واستغفار کرنے میں دیر مت کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : جب کسی مسلمان سے کوئی گناہ سرزد ہوتا ہے تو اسکے دل پر ایک سیاہ دھبہ پڑ جاتا ہے، اگر وہ توبہ و استغفار کرلے تو اس کا دل پھر سے صاف روشن ہو جاتا ہے، ورنہ جتنے گناہ بڑھتے جاتے ہیں اتنے ہی سیاہ دھبے بڑھتے جاتے ہیں، حتّیٰ کہ اسکے دل پر وہ زنگ چھا جاتا ہے جس کا ذکر اللہ نے قرآن کریم میں ان الفاظ کے ساتھ کیا ہے ۔ ﴿ كَلَّا ۖ بَلْ ۜ رَانَ عَلَىٰ قُلُوبِهِم مَّا كَانُوا يَكْسِبُونَ ﴾  یوں نہیں بلکہ انکے دلوں پر انکے اعمال کی وجہ سے زنگ چڑھ گیا ہے۔

مسند احمد 7939 (صحیح )

سود اور سود خوری کا انجام - ذلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مخبر صادق رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  بے شک سود خواہ کتنا بھی زیادہ ہو جائے لیکن اس کا انجام فقرو ذلت ہے ۔

مشکوٰۃ 2827 (صحیح )

جمعہ کے دن سورة الکہف پڑھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جو شخص جمعہ کے روز سورۃ الکہف پڑھتا ہے تو اُسکے لیے دو جمعوں کی درمیانی مدت کے لیے نُور چمکتا رہتا ہے"۔

مشکوٰۃ 2175 (صحیح )

ملازم کے ساتھ حُسنِ سلوک کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رحمۃ للعالمین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کا خادم کھانا لائے جس کی گرمی اور تکلیف اس نے برداشت کی ہو، اگر اسے کھانے کے لئے اپنے پاس نہ بٹھائے تو اسے ایک لقمہ ہی دے دے۔

السلسلۃ 19 (صحیح )

ایمان کا کمزور ترین درجہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : ’’ تم میں سے جو شخص بُرائی دیکھے تو وہ اسے اپنے ہاتھ سے بدل دے ، اگر وہ طاقت نہ رکھے تو پھر اپنی زبان سے ، اگر وہ (اسکی بھی) استطاعت نہ رکھے تو پھر اپنے دل سے (بدلنے کے لیے منصوبہ بندی کرے اور اس سے نفرت رکھے) ، اور یہ ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے" ۔

مشکوة 5137 (صحیح )

منکرین حدیث کے لیے تنبیہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 صادق و امین رسول کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ عنقریب ( ایسا زمانہ آنے والا ہے کہ ) آدمی اپنے تخت پر ٹیک لگائے بیٹھا ہوگا ، اسے میری کوئی حدیث سنائی جائے گی تو کہے گا : ہمارے اور تمہارے درمیان ( فیصلہ کرنے والی ) ﷲﷻ کی کتاب ( قرآن ) ہے ۔ ہمیں اس میں جو چیز حلال ملے گی ، اسے حلال مانیں گے ، اور جو چیز اس میں حرام پائیں گے ، ہم اسے حرام قرار دیں گے ۔ سن لو ! جو کچھ اللہ کے رسول ﷺ نے حرام قرار دیا ، وہ بھی اسی طرح حرام ہے جس طرح اللہ کا حرام کیا ہوا"۔ 

سنن ابن ماجہ 12 (صحیح )

توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص رسولِ کریمﷺ كے پاس آیا اور كہا: آپﷺ كا كیا خیال ہے، اگر ایک آدمی نے تمام گناہ كئے ہوں اور كوئی گناہ نہ چھوڑا ہو، اور اس نے اپنی کوئی خواہش نہ چھوڑی ہو تو كیا اس كے لئے توبہ ہے؟ آپﷺ ‌نے فرمایا: كیا تم مسلمان ہوگئے ہو؟ اس نے كہا:”اشہد ان لا الٰہ الا اللہ وحدہ لا شریك لہ وانك رسول اللہ“ آپﷺ نے فرمایا: ہاں، تم نیک كام كرو اور بُرے كام چھوڑ دو، اللہ ان تمام گناہوں كو تمہارے لئے نیكی بنادے گا۔ اس نے كہا: میرے دھوكے اور میری سركشیاں اور بدکاریاں بھی؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ہاں، اس نے بے ساختہ كہا: اللہ اكبر اور اللہ اكبر كہتا ہوا نظروں سے اوجھل ہوگیا۔

السلسلۃ 3663 (صحیح )

دوران نماز اپنی نظریں نیچے رکھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ’’ جب تم میں سے کوئی شخص نماز میں ہو تو اپنی نظر آسمان کی طرف نہ اٹھائے ( کہیں ایسا نہ ہو ) کہ وہ اچک لی جائے"۔

سنن النسائی 1195 (صحیح )

مرحومین کی طرف سے صدقہ وخیرات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت سعد بن عبادہ ؓ نے رسولِ کریم ﷺ سے پوچھا کہ انکی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے۔ کیا اگر وہ انکی طرف سے خیرات کریں تو انہیں اس کا فائدہ پہنچے گا ؟ آپ ﷺ نے جواب دیا: " ہاں " ۔ اس پر ان صحابی ؓ نے کہا کہ میرا ایک میوہ کا باغ ہے اور میں آپ ﷺ کو گواہ بناتا ہوں کہ میں نے وہ انکی طرف سے صدقہ کر دیا۔

صحیح البخاری 2770 (صحیح )

Friday, 24 July 2026

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے منبر کی سیڑھیوں پر کھڑے ہوکر فرمایا :  لوگ جمعہ چھوڑنے سے باز آجائیں ورنہ اللہ تعالٰی انکے دلوں پر مہر لگا دے گا اور وہ یقینی طور پر غافلین میں سے ہو جائیں گے۔

سنن النسائی 1371 (صحیح )

دنیا کی محبت ہر بُرائی کی جڑ ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب اللہ تعالٰی کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو اسے دنیا سے اسی طرح بچاتا ہے، جس طرح تم میں سے کوئی آدمی اپنے بیمار کو پانی سے بچاتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 2036 (صحیح )

جس سے اللہﷻ محبت کرتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جب اللہﷻ کسی بندہ سے محبت کرتا ہے تو جبریل ؑ کو آواز دیتا ہے کہ اللہ فلاں بندہ سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو ۔ جبریل ؑ بھی اس سے محبت کرنے لگتے ہیں ، پھر وہ تمام آسمان والوں میں آواز دیتے ہیں کہ اللہ فلاں بندے سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو ۔ پھر تمام آسمان والے اس سے محبت کرنے لگتے ہیں ۔ اسکے بعد وہ زمین میں بھی ( بندگان خدا کا ) مقبول اور محبوب بن جاتا ہے ۔

صحیح البخاری 6040 (صحیح )

سُود اور شراب کی تجارت حرام ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

جب سُود کی ( حرمت کی ) آیات اتریں تو رسول اللہ ﷺ منبر پر تشریف فرما ہوئے اور یہ آیات لوگوں کو پڑھ کر سنائیں، پھر آپ ﷺ نے شراب کی تجارت کو بھی حرام قرار دیا ۔ 

سنن النسائی 4669 (صحیح )

سونے سے پہلے مسنون عمل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبي رحمت ﷺ ہر رات جب اپنے بستر پر تشریف لاتے تو اپنی ہتھیلیاں جمع کرتے اور اُن پر سورہ اخلاص اور معوذتین (سورہ الفلق، سورہ الناس) پڑھ کر پھونکتے اور جہاں جہاں تک ممکن ہوتا اپنے جسم پر ان ہاتھوں کو پھیر لیتے اور سب سے پہلے اپنے سر اور چہرے اور سامنے کے جسم پر ہاتھ پھیرتے تھے اور تین مرتبہ اس طرح کرتے تھے۔

مسند احمد 25365 (صحیح )

آیت الکرسی پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

( مفصل حدیث اس سے پہلے کتاب الوکالۃ میں گزر چکی ہے )

"جب تم رات کو اپنے بستر پر سونے کے لیے جاؤ تو آیت الکرسی پڑھ لیا کرو ، پھر صبح تک اللہ تعالٰی کی طرف سے تمہاری حفاظت کرنے والا ایک فرشتہ مقرر ہوجائے گا اور شیطان تمہارے پاس بھی نہ آسکے گا"۔

صحیح البخاری 5010 (صحیح )

ریشم اور سونے کے بارے میں حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے اپنے بائیں ہاتھ میں ریشم اور دائیں ہاتھ میں سونا لیا ، پھر دونوں ہاتھ بلند کرکے فرمایا : یہ دونوں چیزیں میری اُمت کے مـردوں پر حرام اور انکی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔

سنن ابنِ ماجہ 3595 (صحیح )

جمعہ کے روز قبولیت کی گھڑی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :  اس گھڑی کو تلاش کریں جس کے بارے میں امید کی جاتی ہے کہ وہ جمعہ کے روز بعد نمازِ عصر سے غروب آفتاب تک ہوتی ہے۔

مشکوٰۃ 1360 (صحیح )

جسکی سفارش کی اس سے تحفہ نہ لو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا :  جس نے اپنے کسی بھائی کی سفارش کی اور پھر اسے اس پر کوئی ہدیہ دیا ، تو اگر اس نے اسے قبول کر لیا تو ، وہ سود کے دروازوں میں سے ایک بڑے دروازے میں داخل ہوگیا۔

سنن ابوداؤد 3541 (صحیح )

سونے کے آداب کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں، نبی کریم ﷺ میرے پاس سے گزرے جبکہ میں اپنے پیٹ کے بل لیٹا ہوا تھا ۔ آپ ﷺ نے اپنے پاؤں سے مجھے چونکا مارا اور فرمایا :’’ جندب ! یہ تو جہنمیوں کا سا لیٹنا ہے"۔

مشکوٰۃ 4731 (صحیح )