Friday, 19 July 2024

جھوٹی گواہی - کبیرہ گناہوں کا ذکر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  بڑے گناہ یہ ہیں: ﷲﷻ کے ساتھ شرک کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا، کسی شخص کو ناحق قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا۔

 سنن النسائی 4015 (صحیح)

کون سا مومن زیادہ عقلمند ھے؟

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ایک نصاری صحابی ؓ تشریف لائے، انھوں نے نبی اکرم ﷺ کو سلام کیا، پھر کہا: ﷲ کے رسولﷺ ! کون سا مومن افضل ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کا اخلاق زیادہ اچھا ہو۔‘‘ انھوں نے کہا: کون سا مومن زیادہ عقل مند ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  جو موت کو زیادہ یاد کرتے ہیں اور اس کے بعد ( کے مراحل ) کے لیے زیادہ اچھی تیاری کرتے ہیں، یہی عقل مند ہے ہیں۔

 سنن ابنِ ماجہ 4259 (صحیح)

تنگدست کو مہلت دینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جس شخص کو یہ پسند ہو کہ ﷲﷻ اسے روز قیامت کی تکلیفوں سے نجات دے دے تو وہ تنگدست کو مہلت دے یا اسے (قرض) معاف کردے ۔‘‘ 

 مشکوٰۃ 2902 (صحیح)

10 محرم الحرام کے روزہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

نبيِ رحمتﷺ نے فرمایا: یوم عرفہ یعنی (۹) ذوالحجہ کا روزہ گزشتہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے اور یومِ عاشورہ ( 10-محرم الحرام) کا روزہ ایک گزشتہ سال کے گناہوں کا۔

مسند احمد 3979 (صحیح)

عاشورہ پر ‏دو ‏روزے ‏رکھنے ‏کا ‏بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تو یہودی عاشورہ کا روزہ رکھتے تھے۔ نبی کریم ﷺ نے ان سے اس کے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ اس دن موسیٰ علیہ السلام نے فرعون پر غلبہ پایا تھا۔ آپﷺ نے اس پر فرمایا کہ پھر ہم ان کے مقابلے میں موسیٰ کے زیادہ حقدار ہیں۔ مسلمانوں! تم لوگ بھی اس دن روزہ رکھو ( پھر آپﷺ نے یہود کی مشابہت سے بچنے کے لیے اس کے ساتھ ایک روزہ اور ملانے { 9 اور 10 محرم یا 10 اور 11 محرم } کا حکم صادر فرمایا جو اب بھی مسنون ہے۔)  

صحیح البخاری4737 (صحیح)

نیکی اور صلہ رحمی کے احکامات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: جو آدمی ﷲ سبحانهٌ وتعالٰی اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے مہمان کی ضیافت کرے، جو شخص ﷲ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو، وہ اپنے ہمسائے کی حفاظت کرے، اسی طرح جو آدمی ﷲ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو، وہ خیر و بھلائی والی بات کرے یا پھر خاموش رہے۔  

مسند احمد 9085 (صحیح)

اچھی طرح وضو کرنے کی برکات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: جس نے وضو کیا اور خوب اچھی طرح وضو کیا، تو اسکے جسم سے اس کے گناہ خارج ہوجاتے ہیں حتٰی کہ اس کے ناخنوں کے نیچے سے بھی نکل جاتے ہیں ۔

صحیح مسلم 578 (صحیح)

کھانا کھانے کا سنہری اصول

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ 

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کسی آدمی نے کوئی برتن اپنے پیٹ سے زیادہ برا نہیں بھرا، آدمی کے لیے چند لقمے ہی کافی ہیں جو اس کی پیٹھ کو سیدھا رکھیں اور اگر زیادہ ہی کھانا ضروری ہو تو پیٹ کا ایک تہائی حصہ اپنے کھانے کے لیے، ایک تہائی پانی پینے کے لیے اور ایک تہائی سانس لینے کے لیے باقی رکھے“۔

جامع الترمذی 2380 (صحیح)

صدقہ اور مال خرچ کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ 

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  سب سے بہترین صدقہ وہ ہے جسے دے کر دینے والا مالدار ہی رہے اور ہر حال میں اوپر کا ہاتھ ( دینے والے کا ) نیچے کے ( لینے والے کے ) ہاتھ سے بہتر ہے اور ( خرچ کی ) ابتداء ان سے کرو جو تمہاری نگہبانی میں ہیں۔

صحیح البخاری 5355 (صحیح)

سورہ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک صحابی ؓ نے ایک دوسرے صحابی ؓ کو دیکھا کہ وہ رات کو سورہ قل هو الله أحد‏ بار بار پڑھ رہے ہیں۔ صبح ہوئی تو وہ صحابی ؓ رسولِ کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آنحضرت ﷺ سے اس کا ذکر کیا گویا انہوں نے سمجھا کہ اس میں کوئی بڑا ثواب نہ ہوگا۔ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! یہ سورت قرآن مجید کے ایک تہائی حصہ کے برابر ہے۔


صحیح البخاری 5013 (صحیح)

توکل اور صبر کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’قوی مومن، ضعیف مومن سے بہتر ہے نیز وہ ﷲ تعالٰی کو زیادہ پسند ہے، اور سب (مومنوں) میں خیر ہے، تو اپنے لیے نفع بخش چیز کے لیے محنت و کوشش کر اور ﷲﷻ سے مدد طلب کر اور عاجزی و سستی نہ کر، اور اگر تجھے کوئی نقصان پہنچے تو ایسے نہ کہو: اگر میں (اِس طرح ، اُس طرح) کرتا تو اس طرح، اس طرح ہوتا، بلکہ ایسے کہو : ﷲ نے مقدر کیا اور جو اس نے چاہا سو کیا، کیونکہ (لفظ) ’’اگر‘‘ عمل شیطان کھولتا ہے ۔

مشکوٰۃ 5298 (صحیح)

عذابِ قبر سے ﷲ کی پناہ طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک یہودی عورت حضرت عائشہ ؓ کے پاس آئی, اس نے عذابِ قبر کا ذکر چھیڑ دیا اور کہا کہ ﷲ تجھ کو عذابِ قبر سے محفوظ رکھے۔ اس پر حضرت عائشہ رضی ؓ نے رسولِ کریم ﷺ سے عذابِ قبر کے بارے میں دریافت کیا۔ آپ ﷺ نے اس کا جواب یہ دیا کہ ہاں عذابِ قبر حق ہے۔ حضرت عائشہ ؓ نے بیان کیا کہ پھر میں نے کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ آپ ﷺ نے کوئی نماز پڑھی ہو اور اس میں عذابِ قبر سے ﷲ کی پناہ نہ مانگی ہو۔

صحیح البخاری 1372 (صحیح)

لوگوں کی تعریف و برائی کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا :’’ جنتی آدمی وہ ہے جس کے کانوں کو ﷲﷻ لوگوں کی اچھی رائے سے بھر دیتا ہے، اور وہ سن رہا ہوتا ہے ( کہ لوگ میری تعریف کر رہے ہیں۔) اور جہنمی وہ ہے جس کے کانوں کو ﷲ تعالٰی لوگوں کی بُری رائے سے بھر دیتا ہے اور وہ سن رہا ہوتا ہے ( کہ لوگ مجھے اچھا نہیں سمجھتے)۔ 

سنن ابنِ ماجہ 4224 (صحیح)

مانگنے والے کی مدد کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: سائل کا حق ہے، خواہ وہ گھوڑے ہی پر سوار ہوکر آئے۔

سنن ابوداؤد 1665 (صحیح)

نفلی صدقہ کی ترغیب و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

اِمامُ المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی آگ سے بچنے کی طاقت رکھتا ہے تو وہ صدقہ کرے، خواہ وہ کھجور کے ایک حصے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو اور جسے وہ بھی نہ ملے تو اچھی بات کے ذریعے (جہنم سے بچنے کی کوشش کرے)۔

مسند احمد 3576 (صحیح)

حلال یاحرام مال کمانے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”یہ مال سرسبز اور میٹھا ہے، جس نے اسے حلال طریقے سے حاصل کیا اس کے لیے اس میں برکت ہوگی اور کتنے ایسے ہیں جو ﷲﷻ اور اس کے رسول ﷺ کے مال کو حرام و ناجائز طریقہ سے حاصل کرنے والے ہیں ان کے لیے قیامت کے دن جہنم کی آگ تیار ہے“۔

جامع الترمذی2374 (صحیح)

حُبِ مال، حُبِ جاہ کی ہوس کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدسﷺ نے فرمایا: ”دو بھوکے بھیڑیئے جنہیں بکریوں کے ریوڑ میں چھوڑ دیا جائے اتنا نقصان نہیں پہنچائیں گے جتنا نقصان آدمی کے مال(دولت) و جاہ(اقتدار، شان و شوکت، دبدبے) کی حرص اسکے دین کو پہنچاتی ہے۔

جامع الترمذی 2376 (صحیح)

دنیا اور اس کے فتنوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے کھڑے ہوکر خطبہ دیا۔ اس میں آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایا:  یہ دنیا سرسبز اور میٹھی ہے ۔ ﷲﷻ تمہیں اس میں ( دوسروں کا ) خلیفہ بناکر یہ دیکھے گا کہ تم لوگ کیسے عمل کرتے ہو۔ خبردار ! دنیا ( کے شر ) سے بچو اور عورتوں ( کی وجہ سے گمراہ ہونے ) سے بچو۔

سنن ابنِ ماجہ 4000 (صحیح)

فتنہ کے دور میں زبان بند رکھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  آدمی ( بعض اوقات ) ﷲﷻ کی ناراضی والا ایک لفظ کہہ دیتا ہے، وہ اس میں حرج نہیں سمجھتا۔ ( لیکن وہ اتنا بڑا گناہ کا لفظ ہوتا ہے کہ) وہ اس کی وجہ سے ستر سال تک جہنم میں گرجاتا ہے ۔

سنن ابنِ ماجہ 3970 (صحیح)

دُعا مانگنے کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے ایک شخص کو نماز کے اندر دُعا کرتے ہوئے سنا، اس نے نبی اکرمﷺ پر صلاۃ ( درود ) نہ بھیجا، نبی کریمﷺ نے فرمایا: ”اس نے جلدی کی“، پھر آپﷺ نے اسے بلایا، اور اس سے اور اسکے علاوہ دوسروں کو خطاب کرکے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی بھی نماز پڑھ چکے تو اسے چاہیئے کہ وہ پہلے ﷲﷻ کی حمد و ثنا بیان کرے، پھر نبیﷺ پر صلاۃ ( درود ) بھیجے، پھر اسکے بعد وہ جو چاہے دُعا مانگے“۔

جامع الترمذی 3477 (صحیح)