Wednesday, 22 January 2025

ہنسانے کے لیے جھوٹ بولنے پر وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”تباہی و بربادی ہے اس شخص کے لیے جو ایسی بات کہتا ہے کہ لوگ سن کر ہنسیں حالانکہ وہ بات جھوٹی ہوتی ہے تو ایسے شخص کے لیے تباہی ہی تباہی ہے“۔

جامع الترمذی 2315 (صحیح)

اچھے اور بُرے لوگوں کی پہچان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رسولِ کریمﷺ کچھ بیٹھے ہوئے لوگوں کے پاس آکر ٹھہرے اور فرمایا: ”کیا میں تمہارے اچھے لوگوں کو تمہارے بُرے لوگوں میں سے نہ بتا دوں؟“ لوگ خاموش رہے، آپﷺ نے تین مرتبہ یہی فرمایا، ایک آدمی نے کہا: ﷲ کے رسولﷺ! کیوں نہیں؟ آپﷺ ہمارے اچھے لوگوں کو بُرے لوگوں میں سے بتا دیجئیے، آپﷺ نے فرمایا: ”تم میں بہتر وہ ہے جس سے خیر کی امید رکھی جائے اور جس کے شر سے مامون( بےخوف ) رہا جائے اور تم میں سے بُرا وہ ہے جس سے خیر کی امید نہ رکھی جائے اور جس کے شر سے مامون ( بےخوف ) نہ رہا جائے۔

جامع الترمذی 2263 (صحیح)

مسلمان قاتل و مقتول دونوں جہنمی ہیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب دو مسلمان اپنی تلواریں لے کر ایک دوسرے سے ( لڑنے کے لیے ) ملتے ہیں تو قاتل اور مقتول ( دونوں فریق ) جہنم میں جائیں گے۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا : ﷲ کے رسولﷺ ! یہ قاتل ہے ( اس لیے مجرم ہے ) مقتول ( کے جہنمی ہونے ) کی کیا وجہ ہے؟ آپﷺ نے فرمایا :’’ وہ بھی اپنے ساتھی کو قتل کرنا چاہتا تھا۔

سنن ابن ماجہ 3964 (صحیح)

زندگی میں قرض ادا کرنے کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص اس حال میں فوت ہوا کہ اس کے ذمے ایک دینار یا ایک درہم تھا، وہ اسکی نیکیوں سے ادا کیا جائے گا، وہاں ( آخرت میں ) دینار ہوں گے نہ درہم ۔

سنن ابن ماجہ 2414 (صحیح)

صدقہ دے کر واپس لینے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص صدقہ دے کر اپنا صدقہ واپس لے لیتا ہے، اس کی مثال کتے کی سی ہے جو قے کرتا ہے، پھر پلٹ کر اپنی قے کھا لیتا ہے ۔

سنن ابن ماجہ 2391 (صحیح)

اگر قرض واپس کرنے کی نیت نہ ہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جو شخص قرض لیتا ہے اور اس کا پختہ ارادہ ہوتا ہے کہ اسے واپس نہیں کرے گا، وہ ﷲﷻ سے چور بن کر ملے گا۔

سنن ابن ماجہ 2410 (صحیح)

قرض سے بچنے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جس شخص کی جان اس حال میں اسکے جسم سے نکلی کہ وہ تین چیزوں سے پاک تھا، وہ جنت میں داخل ہوجائے گا: تکبر سے، مال غنیمت کی خیانت سے اور قرض سے۔

سنن ابن ماجہ 2412 (صحیح)