Thursday, 27 February 2020

نفل نماز گھر میں ادا کرے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : جب تم میں سے کوئی مسجد میں نماز ادا کرے تو وہ اس کا کچھ حصہ نفل وغیرہ اپنے گھر میں بھی ادا کرے ، کیونکہ اللہ اس کی نماز کی وجہ سے اس کے گھر میں خیر و برکت فرمائے گا ۔

مشکوٰۃ 1297

بہترین صدقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : ایک دینار وہ ہے جسے تو نے اللہ کی راہ میں خرچ کیا ، ایک دینار جو تو نے گردن آزاد کرنے میں خرچ کیا ایک دینار وہ ہے جسے تو نے کسی مسکین پر خرچ کیا اور ایک دینار وہ ہے جسے تو نے اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا ، ان میں سے سب سے زیادہ باعث اجر وہ ہے جو تو نے اپنے اہل وعیال پر خرچ کیا ۔

مشکوٰۃ 1931

تہجد کا ثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ثوبان ؓ نبی صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے روایت کرتے ہیں ۔ آپ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : یہ بیداری ایک مشکل اور گراں کام ہے ، جب تم میں سے کوئی شخص وتر پڑھ لے تو وہ دو رکعت ادا کرے ، اگر وہ رات کے وقت بیدار ہو جائے (تو پھر وہ نماز تہجد پڑھے) ورنہ وہ دو رکعتیں اس کے لیے کافی ہوں گی ۔

مشکوٰۃ 1286

صدقہ کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : ہر انسان کے تین سو ساٹھ جوڑ ہیں جس شخص نے اللہ اکبر ، الحمد للہ ، لا الہ الا اللہ ، سبحان اللہ اور استغفر اللہ کہا ، اور لوگوں کے راستے سے پتھر یا کانٹے یا ہڈی کو دور کر دیا یا نیکی کا حکم یا برائی سے منع کیا اور یہ کام تین سو ساٹھ عدد کے برابر کیا تو وہ اس روز اس طرح چلتا ہے کہ اس نے اپنے آپ کو جہنم سے بچا لیا ہے ۔

مشکوٰۃ 1897

سبحان الملک القدوس

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابی بن کعب ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم وتر پڑھ کر سلام پھیرتے تو آپ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم فرماتے :سبحان الملک القدوس پاک ہے بادشاہ نہایت پاک ۔‘‘ ابوداؤد ، نسائی ، اور انہوں نے یہ اضافہ کیا ہے : تین مرتبہ لمبی آواز سے فرماتے ۔

مشکوٰۃ 1274

اچھی بات صدقہ ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : انسان کے ہر جوڑ پر ہر روز صدقہ کرنا واجب ہے ، دو آدمیوں کے درمیان عدل کرنا صدقہ ہے ، آدمی کی اس کی سواری کے بارے میں مدد کرنا ، وہ اسے سواری پر بٹھائے یا اس کا سامان اس پر رکھوائے ، یہ بھی صدقہ ہے ، اچھی بات کرنا صدقہ ہے ، نماز کی طرف ہر قدم اٹھانا صدقہ ہے ، اور راستے سے تکلیف دہ چیز دور کر دینا صدقہ ہے ۔

مشکوٰۃ 1896

Friday, 21 February 2020

اونگھ آئے تو وہ سو جائے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : جب تم میں سے کسی کو نماز پڑھتے ہوئے اونگھ آئے تو وہ سو جائے یہاں تک کہ نیند پوری ہو جائے ، کیونکہ جب تم میں سے کوئی نماز پڑھتے ہوئے اونگھ رہا ہو تو اسے پتہ نہیں ہوتا کہ وہ مغفرت طلب کر رہا ہے یا اپنے لیے بددعا کر رہا ہے ۔

مشکوٰۃ 1245