Thursday, 1 June 2023

بِسْمِ ﷲ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

ایک آدمی کھانا کھا رہا تھا، اس نے بسم ﷲ نہیں پڑھی تھی، حتٰی کہ ایک لقمہ باقی رہ گیا اور وہ لقمہ جب اس نے منہ کی طرف اٹھایا تو اس نے کہا: بسم اللہ اولہ و آخرہ  تو (یہ سن کر) نبی کریمﷺ مسکرا دیے، پھر فرمایا: شیطان اسکے ساتھ کھاتا رہا حتٰی کہ جب اس نے ﷲ کا نام لیا تو اس نے اپنے پیٹ کا سب کچھ قے کردیا۔
مشکوٰۃ 4203 (صحیح)

ﷲ تعالٰی سے شہادت کی موت طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص صدق دل سے ﷲﷻ سے شہادت طلب کرتا ہے تو وہ اسے شہداء کے مقام پر پہنچا دیتا ہے، خواہ اسے اپنے بستر پر موت آئے۔
مشکوٰۃ 3808 (صحیح)

ہمسائے کے حقوق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ کے متعلق مروی ہے کہ انہوں نے ایک بکری ذبح کی اور پھر پوچھا: کیا تم نے میرے یہودی ہمسائے کی طرف بھی کچھ بھیجا ہے؟ بلاشبہ میں نے نبی کریم ﷺ سے سنا ہے، آپﷺ فرماتے تھے: جبریل امین مجھے ہمسائے کے متعلق وصیت کرتے رہے حتٰی کہ مجھے خیال ہوا کہ وہ اسے وارث ہی بنا دیں گے۔
سنن ابوداؤد 5152 (صحیح)

جائے پیدائش سے جائے وفات تک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مدینہ میں پیدا ہونے والا ایک شخص فوت ہوگیا تو نبی کریم ﷺ نے اس کی نماز جنازہ پڑھ کر فرمایا:’’ کاش کہ یہ اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کسی اور جگہ فوت ہوتا۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا، اللہ کے رسولﷺ ! کس لیے؟ آپﷺ نے فرمایا: بیشک جب کوئی آدمی اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کسی جگہ فوت ہوتا ہے تو اسکی جائے پیدائش سے جائے وفات تک کے فاصلے کے برابر اسے جنت عطا کر دی جاتی ہے ۔

مشکوٰۃ 1593 (صحیح)

نبی کریمﷺ پر ایمان لانے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ ‌ نے فرمایا: اس شخص کے لیے ایک دفعہ خوشخبری ہے، جو مجھ پر ایمان لایا اور میرا دیدار کیا، لیکن جو آدمی بِن دیکھے مجھ پر ایمان لایا، اس کے لیے سات دفعہ خوشخبری ہے"۔ 
مسند احمد 140 (صحیح)

نیک عمل کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ سے پوچھا گیا کون سا عمل ﷲﷻ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ ہے؟ فرمایا کہ جس پر ہمیشگی کی جائے، خواہ وہ تھوڑا ہی ہو اور فرمایا نیک کام کرنے میں اتنی ہی تکلیف اٹھاؤ جتنی طاقت ہے ( جو ہمیشہ نبھ سکے ) ۔

صحیح البخاری 6465 (صحیح)

Wednesday, 17 May 2023

صدقہ جاریہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے عمل کا سلسلہ بند ہو جاتا ہے سوائے تین چیزوں کے: ایک صدقہ جاریہ ہے، دوسرا ایسا علم ہے جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں اور تیسرا نیک و صالح اولاد ہے جو اس کے لیے دعا کرے“۔

جامع الترمذی 1376 (صحیح)