Sunday, 15 February 2026

بخار کو بُرا بھلا مت کہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کے پاس بخار کا ذکر کیا گیا تو کسی آدمی نے اسے بُرا بھلا کہا ، تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا :  اسے بُرا بھلا نہ کہو ، کیونکہ وہ گناہوں کو ایسے صاف کر دیتا ہے جیسے آگ لوہے کی میل کچیل دور کر دیتی ہے۔

مشکوٰۃ 1583 (صحیح)

غلطی اور بھول والے گناہوں کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا :  ﷲﷻ نے میری امت سے غلطی ، بھول اور وہ گناہ معاف کر دیے ہیں جن پر انہیں زبردستی مجبور کیا گیا ہو۔

سنن ابنِ ماجہ 2045 (صحیح)

نمازِ جمعہ کی تیاری کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  جو شخص جمعہ کے دن غسل کر کے، اچھا لباس پہن کر اور اگر خوشبو ہو تو اسے لگا کر جمعہ کے لیے آئے اور لوگوں کی گردنیں نہ پھلانگے، پھر جس قدر ﷲﷻ نے اسکے مقدر میں کیا ہے نماز پڑھے، اور پھر جب امام صاحب (منبر پر) آجائے تو نماز مکمل ہوجانے تک خاموشی اختیار کرے تو یہ (سارا اہتمام) اس کے اِس اور سابقہ جمعہ کے مابین ہونے والے گناہوں کا کفارہ ہوگا۔ 

صحیح البخاری 1387 (صحیح)

نماز پنجگانہ کے فیوض وبرکات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: وضو گذشتہ گناہوں کا کفارہ بن جاتا ہے اور نماز انعامات کا سبب بنتی ہے ، کسی نے حضرت ابوامامہ ؓ سے پوچھا کہ کیا آپ نے واقعی نبی کریم ﷺ سے یہ حدیث سنی ہے ؟ انہوں نے فرمایا ہاں ! ایک دو یا تین چار اور پانچ مرتبہ نہیں ( بے شمار مرتبہ سنی ہے)۔

مسند احمد 22608 (صحیح)

غیرتِ الٰہی کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ کو غیرت آتی ہے اور ﷲ تعالٰی کو غیرت اس وقت آتی ہے جب بندہ مومن وہ کام کرے جسے ﷲ نے حرام کیا ہے۔

صحیح البخاری 5223 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں (سیدھے) ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ( الٹے ) ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

پانی و مشروبات پینے کا سنت طریقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت انس ؓ سے روایت ہے : نبی کریم ﷺ پینے کی چیز تین سانسوں میں پی لیتے تھے اور فرماتے تھے:  یہ ( طریقہ ) زیادہ سیر کرنے والا ، زیادہ محفوظ اور زیادہ مزیدار ہے ۔
حضرت انس ؓ نے فرمایا: میں ( بھی ) پینے کی چیز تین سانس میں پی لیتا ہوں۔ 

صحیح مسلم 5287 (صحیح)

مسواک کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  اگر میری امت پر شاق (مشکل) نہ ہوتا تو میں ان پر مسواک کرنا واجب قرار دیتا ۔

صحیح البخاری 7240 (صحیح)

ناقص وضو کرنے پر وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد  مصطفٰی ﷺ نے ایک آدمی کو دیکھا جس نے (وضو میں ) اپنی ایڑی نہیں دھوئی تھی تو آپ ﷺ نے فرمایا:  ( ان ) ایڑیوں کے لیے آگ کا عذاب ہے۔

صحیح مسلم 573 (صحیح)

Friday, 6 February 2026

قبروں کی زیارت کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  قبروں کی زیارت کیا کرو ، یہ تمہیں آخرت کی یاد دہانی کراتی ہے ۔

سنن ابنِ ماجہ 1569 (صحیح)

پہلی صف میں نماز کا اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ اور اُسکے فرشتے صف اوّل میں شامل ہونے والوں پر صلوٰۃ پڑھتے ہیں ( ﷲ تعالٰی دُعا قبول فرماتے ہیں اور فرشتے اُنکے لئے رحمت کی دُعا کرتے ہیں)۔

مسند احمد 18554 (صحیح)

جب غصہ آئے تو خاموش ہوجاؤ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے ارشاد فرمایا: لوگوں کو علم سکھاؤ ، آسانیاں پیدا کرو ، مشکلات پیدا نہ کرو اور تین مرتبہ فرمایا کہ جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے خاموشی اختیار کر لینی چاہئے۔ 

مسند احمد 3448 (صحیح)

دل میں بغض و کینہ رکھنے پر وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  ﷲﷻ نصف شعبان کی رات دنیا والوں کی طرف جھانکتا ہے اور اپنی تمام مخلوق کو معاف کر دیتا ہے، سوائے مشرک ، بغض وعداوت اور کینہ رکھنے والے کے۔

السلسلۃ 3407 (صحیح)

اللّٰه کی راہ میں خرچ کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ” تم میں کون ہے جسے اپنے مال سے زیادہ اپنے وارث کا مال پیارا ہو ۔“ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا : یارسول اللہﷺ ! ہم میں کوئی ایسا نہیں جسے مال زیادہ پیارا نہ ہو۔ رسولِ ﷺ نے فرمایا: پھر اس کا مال وہ ہے جو اس نے ( موت سے ) پہلے ( اللہ کے راستہ میں خرچ ) کیا اور اس کے وارث کا مال وہ ہے جو وہ چھوڑ کر مرا۔

صحیح البخاری 6442 (صحیح)

توبہ واستغفار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص یوں کہتا ہے 

 ( _أَسْتَغْفِرُ اللَّهَ الَّذِي لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيَّ الْقَيُّومَ وَأَتُوبُ إِلَيْهِ_ )

 ’’ میں معافی مانگتا ہوں اللّٰه سے ، وہ ذات کہ اسکے علاوہ اور کوئی معبود نہیں ، وہ زندہ ہے اور نگرانی کرنے والا ہے ۔ اور میں اسکی طرف توبہ اور رجوع کرتا ہوں۔‘‘ تو اس کو بخش دیا جاتا ہے اگرچہ وہ جہاد سے بھی بھاگا ہو۔

سنن ابوداؤد 1517 (صحیح)

سلام میں پہل کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

پوچھا گیا: اللّٰه کے رسول ﷺ! جب دو آدمی آپس میں ملیں تو سلام کرنے میں پہل کون کرے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  ان دونوں میں سے جو اللّٰه کے زیادہ قریب ہے ( وہ پہل کرے گا )

جامع الترمذی 2694 (صحیح)

رحمت الٰہی سے کبھی مایوس نہ ہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  جب تک کوئی بندہ گناہ یا قطع رحمی کی دُعا نہ کرے اور قبولیت کے معاملے میں جلد بازی نہ کرے ، اسکی دُعا قبول ہوتی رہتی ہے۔‘‘ عرض کی گئی : اللّٰه کے رسولﷺ ! جلد بازی کرنا کیا ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ وہ کہے : میں نے دُعا کی اور میں نے دُعا کی اور مجھے نظر نہیں آتا کہ وہ میرے حق میں قبول کرے گا ، پھر اس مرحلے میں ( مایوس ہو کر ) تھک جائے اور دُعا کرنا چھوڑ دے ۔

صحیح مسلم 6936 (صحیح)

جھگڑے یا گالی کا کفارہ-صلاةتوبہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مرفوعا مروی ہے: ہر جھگڑے (یا گالی ) کا كفارہ دو ركعتیں ہیں۔

السلسلۃ 3689 (صحیح)

ﷲ نے ہر مرض کیلئے شفا پیدا کی ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا : ﷲ کے رسول ﷺ ! کیا ہم علاج معالجہ کریں؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ’’ ہاں ، ﷲ کے بندو ! علاج معالجہ کرو کیونکہ ﷲﷻ نے بڑھاپے کے سوا ایسی کوئی بیماری پیدا نہیں کی جس کے لیے شفا پیدا نہ کی ہو۔

مشکوٰۃ 4532 (صحیح)

دوست بنانے میں بہت احتیاط کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  انسان اپنے محبوب ساتھی کے دین پر ہوتا ہے، تو تمہیں چاہیے کہ غور کرو کہ کس سے دوستی کر رہے ہو۔

سنن ابوداؤد 4833 (صحیح)