Monday, 21 February 2022

ﷲﷻ کے ذکر وتقرب کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک اعرابی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اس نے عرض کیا: کون سے لوگ بہتر ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اس شخص کے لیے خوشخبری ہے جس کی عمر دراز ہو اور اس کا عمل اچھا ہو۔‘‘ اس نے عرض کیا: ﷲ کے رسول ﷺ ! کون سا عمل بہتر ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  مرتے وقت تیری زبان پر ﷲﷻ کا ذکر جاری ہو۔

مشکوٰۃ 2270

وضو کے بعد کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو شخص وضو کرتا ہے اور اچھی طرح مکمل وضو کرتا ہے پھر کہتا ہے:

أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ

تو اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جاتے ہیں، وہ جس سے چاہے داخل ہوجائے ۔

مشکوٰۃ 289

جمعہ کے دن زیب و زینت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

أشرف المرسلين سيدنا حضرت محمد ﷺ نے فرمایا: جو کوئی جمعہ کے لیے آئے تو غسل کرکے آئے، اور اگر خوشبو میسر ہوتو لگالے، اور تم لوگ اپنے اوپر مسواک کو لازم کر لو۔ 

سنن ابنِ ماجہ 1098

سلام سے پہلے سجدہ سہو کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: شیطان تم میں سے کسی کے پاس نماز کی حالت میں آتا ہے، اور انسان اور اس کے دل کے درمیان داخل ہوکر وسوسے ڈالتا ہے، یہاں تک کہ آدمی نہیں جان پاتا کہ اس نے زیادہ پڑھی یا کم پڑھی، جب ایسا ہو تو سلام پھیرنے سے پہلے دو سجدے کرے، پھر سلام پھیرے 

سنن ابن ماجہ 1216

بہترین صدقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : ایک دینار وہ ہے جسے تو نے اللہ کی راہ میں خرچ کیا ، ایک دینار جو تو نے گردن آزاد کرنے میں خرچ کیا ایک دینار وہ ہے جسے تو نے کسی مسکین پر خرچ کیا اور ایک دینار وہ ہے جسے تو نے اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا ، ان میں سے سب سے زیادہ باعث اجر وہ ہے جو تو نے اپنے اہل وعیال پر خرچ کیا ۔

مشکوٰۃ 1931

عبادتِ الہٰی کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کاںٔنات ﷺ نے فرمایا:  بے شک ﷲﷻ فرماتا ہے، انسان ! میری عبادت کے لیے فارغ ہوجا، میں تیرے دل کو مال داری (قناعت) سے بھردوں گا، تیری محتاجی ختم کردوں گا اور اگر تو (ایسے) نہیں کرے گا تو میں تمہیں کاموں میں مصروف کردوں گا اور تیری محتاجی ختم نہیں کروں گا ۔

مشکوٰۃ 5172

صدقہ کی فضیلت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول کریم ﷺ نے فرمایا:  انسان کے ہر جوڑ پر ہر روز صدقہ کرنا واجب ہے، دو آدمیوں کے درمیان عدل کرنا صدقہ ہے، آدمی کی اس کی سواری کے بارے میں مدد کرنا، وہ اسے سواری پر بٹھائے یا اس کا سامان اس پر رکھوائے، یہ بھی صدقہ ہے، اچھی بات کرنا صدقہ ہے، نماز کی طرف ہر قدم اٹھانا صدقہ ہے، اور راستے سے تکلیف دہ چیز دور کر دینا صدقہ ہے۔

مشکوٰۃ 1896

آپس میں سلام کو پھیلاؤ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول کریم ﷺ نے فرمایا:  تم اس وقت تک جنت میں داخل نہیں ہوسکتے جب تک تم مومن نہیں بن جاتے، تم اس وقت تک مومن نہیں بن سکتے جب تک تم باہم محبت نہیں کرتے، کیا میں تمہیں ایسی چیز نہ بتاؤں ! جب تم اسے کرنے لگ جاؤ گے تو تمہاری باہم محبت ہوجائے، آپس میں سلام پھیلاؤ۔

مشکوٰۃ 4631

دنیاوی نمائش میں مقابلہ نہ کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، ایک دوسرے سے روگردانی نہ کرو، دولت کا حصول اور نمائش میں ایک دوسرے سے مقابلہ نہ کرو اور اللہ کے ایسے بندے بن جاؤ جو آپس میں بھائی بھائی ہیں ۔ 

صحیح مسلم 6540

نمازِ جمعہ ترک کرنے پر وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کے بارے میں فرمایا: ’’میں نے ارادہ کیا کہ میں کسی آدمی کو حکم دوں وہ لوگوں کو نماز پڑھائے ، پھر میں جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کو گھروں سمیت آگ لگا دوں‘‘ ۔

مشکوٰۃ 1378

مسواک کرنے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کونین سید الانبیاء ﷺ نے فرمایا: مسواک منہ کو صاف کرنے والی اور ﷲﷻ کی رضا مندی کا باعث ہے۔

مشکوٰۃ 381

کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی مت سمجھو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو ۔‘‘

مشکوٰۃ 1894

سجود اور ان کی فضیلت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا:  جب ابنِ آدم آیت سجدہ تلاوت کرکے سجدہ کرتا ہے تو شیطان الگ ہوکر رونے لگتا ہے، اور کہتا ہے: ہائے افسوس ! ابنِ آدم کو سجدے کا حکم دیا گیا تو اُس نے سجدہ کر لیا تو وہ جنت کا مستحق قرار پایا، جبکہ مجھے سجدے کا حکم دیا گیا تو میں نے انکار کردیا اور جہنم میرا مقدر ٹھہری۔

مشکوٰۃ 1023

نکاح کرنے کے تین اسباب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کونین سید الانبیاء ﷺ نے فرمایا: عورت سے نکاح اس کی دین داری، اس کے مال اور اس کی خوبصورتی کی وجہ سے کیا جاتا ہے، لیکن تو دیندار ( عورت ) سے نکاح کو لازم پکڑ لو

جامع الترمذی 1086

Monday, 7 February 2022

مریض کی عیادت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو مسلمان بھی کسی مسلمان کی صبح کے وقت عیادت کرتا ہے تو شام تک ستر ہزار فرشتے اس کے لیے استغفار کرتے ہیں۔ اور جو شام کو عیادت کرتا ہے تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اس کے لیے استغفار کرتے ہیں۔ اور اس کے لیے جنت میں ایک باغ ہوگا“۔

جامع الترمذی 969

لغزش پرفوراً توبہ کرنے کا بیان

لبِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب مومن کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل میں ایک سیاہ نکتہ(داغ) لگ جاتا ہے، اگر وہ توبہ کرے، باز آجائے اور مغفرت طلب کرے تو اس کا دل صاف کردیا جاتا ہے، اور اگر وہ (گناہ میں) بڑھتا چلا جائے تو پھر وہ دھبہ بھی بڑھتا جاتا ہے، یہ وہی زنگ ہے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں کیا ہے: ہرگز نہیں بلکہ ان کے بُرے اعمال نے ان کے دلوں پر زنگ پکڑ لیا ہے جو وہ کرتے ہیں(سورة المطففين 14)۔ 

سنن ابنِ ماجہ 4244

قرض کی وصولی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت شرید ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ (قرض کی ادائیگی میں) ٹال مٹول کرنے والے مالدار شخص کی بے عزتی کرنا اور اسے سزا دینا جائز ہے۔‘‘ ابن مبارک ؒ نے فرمایا: اس کی بے عزتی کرنے سے یہ مراد ہے کہ اس سے سخت کلامی کرنا جائز ہے، اور اس کو سزا دینے سے مراد ہے کہ اسے قید کرنا جائز ہے ۔

مشکوٰۃ 2919

تین چیزوں میں دیر نہ کرنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت علی ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ’’علی ؓ ! تین چیزوں میں تاخیر نہ کرنا، ایک نماز جب اس کا وقت آجائے، جنازہ جب تیار ہوجائے اور بیوہ، مطلقہ اور کنواری خاتون (کے نکاح میں) جب تمہیں اس کا کفو(برابری کا رشتہ) مل جائے۔

مشکوٰۃ 605

برتن وغیرہ ڈھانپنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:’’ برتن ڈھانپو، مشکیزوں کے منہ باندھو، کیونکہ سال میں ایک ایسی رات ہے جس میں وبا پھیلتی ہے، اور وہ وبا جب ایسے برتن سے گزرتی ہے جس پر ڈھکنا نہ ہو یا کسی ایسے مشکیزے سے گزرتی ہے جس کا منہ بند نہ ہو تو وہ اس میں داخل ہوجاتی ہے ۔

مشکوٰۃ 4298

باہر بیٹھنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’جب تم میں سے کوئی سائے میں ہو، پھر وہ (سایہ) اس سے بلند ہوجائے اور اُس شخص کا کچھ حصہ دھوپ میں ہوجائے اور کچھ سائے میں تو وہ (وہاں سے) اُٹھ جائے ۔

مشکوٰۃ 4725

حسد اور پیٹھ پیچھے بُرائی کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سردار الانبیاء حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”بدگمانی سے بچتے رہو کیونکہ بدگمانی کی باتیں اکثر جھوٹی ہوتی ہیں، لوگوں کے عیوب تلاش کرنے کے پیچھے نہ پڑو، آپس میں حسد نہ کرو، کسی کی پیٹھ پیچھے برائی نہ کرو، بغض نہ رکھو، بلکہ سب ﷲ کے بندے آپس میں بھائی بھائی بن کر رہو۔

صحیح البخاری 6064

فَاذْكُرُونِي أَذْكُرْكُمْ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے اپنے رب سے روایت کیا کہ ﷲﷻ فرماتا ہے کہ جب بندہ مجھ سے ایک بالشت قریب ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس سے قریب ہوتا ہوں اور جب بندہ مجھ سے ایک ہاتھ قریب ہوتا ہے تو میں اس سے دو ہاتھ قریب ہوتا ہوں اور جب وہ میرے پاس پیدل چل کر آتا ہے تو میں دوڑ کر آجاتا ہوں۔ 

صحیح البخاری 7536

ﷲﷻ سے ڈرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”سات طرح کے لوگ وہ ہیں جنہیں ﷲ تعالٰی اپنے سایہ میں پناہ دے گا۔ ( ان میں ) ایک وہ شخص بھی ہے جس نے تنہائی میں ﷲ کو یاد کیا تو اس کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔

صحیح البخاری6479

ریشم مردوں پر حرام ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے ریشم پکڑا اور اسے اپنے دائیں ہاتھ پر رکھ لیا، پھر آپ ﷺ نے سونا پکڑا اور اسے اپنے بائیں ہاتھ پر رکھ لیا، پھر فرمایا:  بے شک یہ دونوں چیزیں میری اُمت کے مَردوں پر حرام ہیں

مشکوٰۃ 4394

ریا و شہرت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ مجھے تمہارے متعلق شرکِ اصغر کا سب سے زیادہ اندیشہ ہے۔‘‘ انہوں نے عرض کیا، ﷲ کے رسول ﷺ ! شرک اصغر سے کیا مراد ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  ریاکاری ۔

مشکوٰۃ 5334

دعاؤں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’مسلمان شخص کی اپنے (مسلمان) بھائی کے لیے وہ دُعا قبول ہوتی ہے جو اسکی غیر موجودگی میں کی جاتی ہے، اور (دُعا کرنے والے) کے پاس ایک فرشتہ مامور ہوتا ہے، جب وہ اپنے بھائی کے لیے دُعائے خیر کرتا ہے تو وہ مامور فرشتہ آمین کہتا ہے اور کہتا ہے: اسی مثل تمہارے لیے بھی ہو ۔

مشکوٰۃ 2228

بد دُعا نہ کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’اپنی اولاد اور اپنے اموال کے لیے بد دُعا نہ کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم کسی ایسی گھڑی میں ﷲﷻ سے دُعا کر بیٹھو جس میں دُعا قبول ہوجاتی ہے۔

مشکوٰۃ 2229