Monday, 25 October 2021

نظرِ بد کا علاج

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ جنوں اور انسان کی نظرِ بد سے پناہ مانگا کرتے تھے، یہاں تک کہ معوذتین ( سورۃ الفلق اور سورۃ الناس) نازل ہوئیں، جب یہ سورتیں اترگئیں تو آپﷺ نے ان دونوں کو لے لیا اور ان کے علاوہ کو چھوڑ دیا

جامع الترمذی 2058

فتنے میں زبان بند رکھنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص ﷲ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیئے کہ وہ اچھی بات کہے، یا خاموش رہے ۔ 

سنن ابنِ ماجہ 3971

امید و حرص کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

امامُ المرسلین حضرت محمد ﷺ نے فرمایا:  اگر انسان کے لیے مال کی دو وادیاں ہوں تو وہ تیسری تلاش کرتا ہے، انسان کے پیٹ کو صرف (قبر کی) مٹی ہی بھرے گی، اور ﷲﷻ توبہ کرنے والے شخص کی توبہ قبول فرماتا ہے۔

مشکوٰۃ 5273

دعا مانگنے کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: " تم ﷲﷻ سے دُعا مانگو اور اس یقین کے ساتھ مانگو کہ تمہاری دُعا ضرور قبول ہوگی، اور ( اچھی طرح ) جان لو کہ اللہ تعالٰی بےپرواہی اور بےتوجہی سے مانگی ہوئی غفلت اور لہو و لعب میں مبتلا دل کی دُعا قبول نہیں کرتا“۔

جامع الترمذی 3479

دعا مانگنے کا سلیقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں، میں نماز پڑھ رہا تھا، جبکہ نبی کریم ﷺ، حضرت ابوبکر ؓ اور حضرت عمر ؓ کے ساتھ تشریف فرما تھے، جب میں بیٹھا تو میں نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی ثنا بیان کی، پھر نبی اکرم ﷺ پر درود بھیجا، پھر اپنے لیے دُعا کی تو نبی کریمﷺ نے فرمایا: ’’ مانگو ! دیا جائے گا، مانگو ! دیا جائے گا ۔

مشکوٰۃ 931

توبہ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا عبد اللہ بن عمرو ‌رضی ‌اللہ ‌عنہماسے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: جس نے اپنی موت سے ایک سال پہلے توبہ کی، اس کی توبہ قبول کی جائے گی، جس نے اپنی موت سے ایک ماہ پہلے توبہ کی، اس کی توبہ بھی قبول کی جائے گی،یہاں تک کہ انھوں نے ایک دن، ایک گھڑی، بلکہ ایک فُوَاق (جاں کنی کے وقت کی ہچکی) کا بھی ذکر کیا۔

مسند احمد 10166

نرمی، حیا اور حسن خلق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

امام صفِ انبیاءرسول کریم ﷺ نے فرمایا:  حیا ایمان کا حصہ ہے، اور ایمان (والے) جنت میں ہوں گے، جبکہ فحش گوئی برائی ہے اور برائی (والے) جہنم میں جائیں گے۔ 

مشکوٰۃ 5077

مقام و مرتبہ کے لحاظ سے بدترین شخص

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  کیا میں تمہیں مقام و مرتبہ کے لحاظ سے بدترین شخص کے بارے میں نہ بتاؤں؟‘‘ عرض کیا گیا، جی ہاں، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ جس سے ﷲ کے نام پر سوال کیا جائے اور وہ نہ دے ۔

مشکوٰۃ 1881

Monday, 18 October 2021

سخت دل کو نرم بنانے کا طریقہ


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نے نبيِ رحمت ﷺ  سے اپنے دِل کی سختی کا شکوہ کیا،تو آپ ﷺ نے اسے فرمایا: اگر تُو اپنے دل کو نرم کرنا چاہتا ہے تو مسکین کو کھانا کھلایا کر اور یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرا کر۔

مسند احمد 9556

مسجد میں نماز ادا کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: آدمی جب اپنے گھر سے مسجد کے لیے نکلتا ہے اور قدم اٹھاتا ہے تو ( ہر قدم کے لیے ) ایک پاؤں اٹھانے پر نیکی لکھی جاتی ہے اور دوسرا پاؤں اٹھانے پر ایک برائی مٹائی جاتی ہے۔

سنن نسائی 706

بیوہ اور مسکین پر خرچ کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  بیوہ اور مسکین پر خرچ کرنے والا ﷲﷻ کی راہ میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے، یا اس آدمی کی طرح ہے جو دن میں روزہ رکھتا ہے اور رات میں عبادت کرتا ہے۔ 

جامع الترمذی 1969

جامع دعاؤں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب ایک شخص نے اسلام قبول کیا تو نبی کریمﷺ نے اسے نماز سکھائی، پھر اسے اِن کلمات کے ذریعے دُعا کرنے کا حکم فرمایا 

اللَّهُمَّ اغْفِرْلِي وَارْحَمْنِي وَاهْدِنِي وَعَافِنِي وَارْزُقْنِي

اے اللہ ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے عافیت میں رکھ اور مجھے رزق عطا فرما۔

مشکوٰۃ 2486

سفید بالوں کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: سفید بال ختم نہ کرو کیونکہ وہ مسلمان کا نور ہے، جس کا حالت اسلام میں بال سفید ہوتا ہے تو اسکے بدلے میں ﷲﷻ اس کے لیے ایک نیکی لکھ دیتا ہے، اس کے بدلہ میں اس کی ایک غلطی ختم کردیتا ہے اور اس کے بدلہ میں اس کا ایک درجہ بلند کر دیتا ہے ۔

مشکوٰۃ 4458

کثرت سے دعاؤں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ الانبیاءحضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے فرمایا : جس شخص کو پسند ہو کہ مشکلات و مصائب کے وقت اللہ تعالٰی اس کی دُعا قبول فرمائے تو پھر اسے چاہیے کہ وہ خوشحالی میں کثرت سے دعائیں کرے۔

مشکوٰۃ 2240

Monday, 11 October 2021

دُعا کی قبولیت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:  آذان و اقامت کے مابین دُعا رد نہیں کی جاتی ۔ 

مشکوٰۃ 671

افلاس اور مہلت دینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو یہ پسند ہو کہ اللہ اسے روزِ قیامت کی تکلیفوں سے نجات دے دے تو وہ تنگدست کو مہلت دے یا اسے (قرض) معاف کر دے ۔

مشکوٰۃ 2902

گھریلو ملازمین کے ساتھ حُسنِ سلوک

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب تم میں کسی شخص کا خادم اس کا کھانا لائے تو اگر وہ اسے اپنے ساتھ نہیں بٹھاسکتا تو کم از کم ایک یا دو لقمہ اس کھانے میں سے اسے کھلا دے (کیونکہ) اس نے ( پکاتے وقت) اس کی گرمی اور تیاری کی مشقت برداشت کی ہے۔ 

صحیح البخاری 5460

کبیرہ گناہ اور نفاق کی علامتوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: سات مہلک چیزوں سے اجتناب کرو۔ ﷲﷻ کے ساتھ شرک کرنا، جادو کرنا، جس کے قتل کرنے کو اللہ نے حرام قرار دیا ہے اسے ناحق قتل کرنا، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، معرکہ کے دن میدانِ جہاد سے پیٹھ پھیر کر فرار ہونا اور    پاک دامن عورتوں پر تہمت لگانا

مشکوٰۃ 52

مصیبت زدہ کو دیکھ کر دعا مانگیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص کسی مصیبت زدہ شخص کو دیکھ کر یہ دعا پڑھتا ہے:’’ ہر قسم کی تعریف اللہ کے لئے ہے جس نے مجھے اس چیز سے عافیت دی جس میں تجھے مبتلا کیا ہے، اور اس نے مجھے اپنی بہت سی مخلوق پر بہت زیادہ فضیلت دی۔‘‘ تو اسے وہ مصیبت و بیماری نہیں پہنچے گی خواہ وہ کوئی بھی ہو ۔

مشکوٰۃ 2429

زبان کی حفاظت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عقبہ بن عامر رضی الله عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ ! نجات کی کیا صورت ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: اپنی زبان کو قابو میں رکھو، اپنے گھر کی وسعت میں مقید رہو اور اپنی خطاؤں پر روتے رہو

جامع الترمذی 2406

حطیم میں نماز پڑھنے کا بیان

 بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میری خواہش تھی کہ میں بیت اللہ میں داخل ہو کر اس میں نماز پڑھوں، تو رسول اللہ ﷺ نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے حطیم میں داخل کردیا اور فرمایا: جب تم بیت اللہ میں داخل ہونا چاہو تو حطیم کے اندر نماز پڑھ لیا کرو کیونکہ یہ بھی بیت اللہ ہی کا ایک ٹکڑا ہے، تمہاری قوم کے لوگوں نے جب کعبہ تعمیر کیا تو اسی پر اکتفا کیا تو لوگوں نے اسے بیت اللہ سے خارج ہی کر دیا

سنن ابوداؤد 2028

Monday, 4 October 2021

ﷲﷻ کی رحمت سے کبھی مایوس نہ ہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲ عزوجل رات کو اپنا دست ( رحمت بندوں کی طرف ) پھیلا دیتا ہے تاکہ دِن کو گُناہ کرنے والا توبہ کرے اور دن کو اپنا دست ( رحمت ) پھیلا دیتا ہے تاکہ رات کو گناہ کرنے والا توبہ کرے ( اور وہ اُس وقت تک یہی کرتا رہےگا ) یہاں تک کہ سورج مغرب سے طلوع ہو جائے ۔ 

صحیح مسلم 6989

بسم اللہ سے کھانا شروع کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی کھائے تو ﷲ کا نام لے، اگر شروع میں ( ﷲ کا نام ) بسم ﷲ بھول جائے تو اسے یوں کہنا چاہیئے بِسْمِ اللَّهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ (اس کی ابتداء و انتہاء دونوں اللہ کے نام سے) ۔ 

سنن ابوداؤد 3767

درُود وسلام کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک روز رسول ﷲ ﷺ بڑے خوش تشریف لائے تو فرمایا : جبریل ؑ میرے پاس تشریف لائے تو انہوں نے فرمایا : آپ کا رب فرماتا ہے : محمد ﷺ ! کیا یہ بات آپ کے لیے باعث مسرت نہیں کہ جب آپ کی امت میں سے کوئی شخص ایک مرتبہ آپ پر درود بھیجے تو میں اس پر دس رحمتیں بھیجوں اور آپ کی امت میں سے جو شخص ایک مرتبہ آپ پر سلام بھیجے تو میں اس پر دس مرتبہ سلامتی بھیجوں ۔

مشکوٰۃ 928

لغزش پرفوراً توبہ کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب مومن کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل میں ایک سیاہ نکتہ(داغ) لگ جاتا ہے، اگر وہ توبہ کرے، باز آجائے اور مغفرت طلب کرے تو اس کا دل صاف کردیا جاتا ہے، اور اگر وہ (گناہ میں) بڑھتا چلا جائے تو پھر وہ دھبہ بھی بڑھتا جاتا ہے، یہ وہی زنگ ہے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں کیا ہے: كَلَّا بَلْ رَانَ عَلَى قُلُوبِهِمْ مَا كَانُوا يَكْسِبُونَ  ہرگز نہیں بلکہ ان کے بُرے اعمال نے ان کے دلوں پر زنگ پکڑ لیا ہے جو وہ کرتے ہیں( سورة المطففين: 14) ۔ 

سنن ابنِ ماجہ 4244

من گھڑت احادیث سے محتاط رہنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا :  قیامت سے پہلے (نبی ﷺ کی طرف جھوٹی باتیں منسوب کرنے والے) کذٌاب ہوں گے ، تم ان سے محتاط رہنا ۔

مشکوٰۃ 5438

سرگوشی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جب تم تین آدمی ساتھ رہو تو تم میں سے دو آدمی تیسرے کو اکیلا چھوڑ کر باہم کانا پھوسی اور سرگوشی نہ کریں، کیونکہ یہ اسے رنج و غم میں مبتلا کر دے گا

سنن ابنِ ماجہ 2775

حسن سلوک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت معاویہ بن حیدہ قشیری رضی الله عنہ نے عرض کیا اللہ کے رسولﷺ! میں کس کے ساتھ نیک سلوک اور صلہ رحمی کروں؟ آپﷺ نے فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ“، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ“، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ“، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: ”پھر اپنے باپ کے ساتھ، پھر رشتہ داروں کے ساتھ پھر سب سے زیادہ قریبی رشتہ دار پھر اس کے بعد کا، درجہ بدرجہ 

جامع ترمذی 1897

نمازِ جمعہ میں جلدی پر اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آ جاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہو جاتے ہیں۔

صحیح بخاری 929

نزدیک قیامت وقت میں برکت ختم ہو جائے گی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: قیامت قائم نہیں ہو گی حتیٰ کہ زمانہ قریب آجائےگا تو سال مہینے کی طرح، مہینہ جمعے (سات دن) کی طرح، جمعہ (یعنی ہفتہ) دن کی طرح، دن گھنٹے کی طرح اور گھنٹہ آگ کے شعلے کی طرح (گزرے) گا۔

مشکوٰۃ 5448