Sunday 29 September 2019

وضو کے بعد کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو وضو کرے اور اچھی طرح کرے پھر یوں کہے:

أَشْهَدُ أَنْ لَّا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ، ‏‏‏‏‏‏اللَّهُمَّ اجْعَلْنِي مِنَ التَّوَّابِينَ وَاجْعَلْنِي مِنَ الْمُتَطَهِّرِينَ

”میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں، اے اللہ! مجھے توبہ کرنے والوں اور پاک رہنے والوں میں سے بنا دے“ تو اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیئے جائیں گے وہ جس سے بھی چاہے جنت میں داخل ہو“۔

جامع ترمذی 55

دو سجدوں کے درمیان کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا عبد اللہ بن عباس  ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ  کہتے ہیں:  آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم دو سجدوں کے درمیان یہ دعا کرتے:

  رَبِّ اغْفِرْلِیْ وَارْحَمْنِیْ وَاجْبُرْنِیْ وَارْفَعْنِیْ وَارْزُقْنِیْ وَاھْدِنِیْ

(اے میرے رب! مجھے بخش دے ،مجھ پر رحم فرما، میرا نقصان پورا کر، مجھے رزق دے اور مجھے ہدایت دے۔) (مسند احمد 1697)



حضرت حذیفہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم دو سجدوں کے درمیان یہ دعا پڑھا کرتے تھے:

رَبِّ اغْفِرْلِیْ "میرے رب ! مجھے بخش دے ۔‘‘

مشکوة 901

درود شریف کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن مسعود ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : مجھ پر سب سے زیادہ درود بھیجنے والا شخص روز قیامت میرے سب سے زیادہ قریب ہو گا۔

مشکوة 923

کھانا کھانے سے پہلے کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم لوگوں میں سے کوئی کھانا کھانے لگے تو بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ پڑھ لے، اور اگر شروع میں بھول جائے تو (جب یاد آئے) یہ کہے:

بِسْمِ اللَّهِ فِي أَوَّلِهِ وَآخِرِهِ

جامع ترمذی 1858

ﷲﷻ "الستار" ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے  فرمایا : اللہ تعالیٰ دنیا میں جس شخص کی پردہ پوشی کرتا ہے ، قیامت کے دن بھی اس کا پردہ رکھے گا ۔

صحیح مسلم 6594

ایک بہت ہی "وزنی" دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ عَدَدَ خَلْقِہٖ وَرِضَا نَفْسِہٖ، وَزِنَۃَ عَرْشِہٖ وَمِدَادَ کَلِمَاتِہٖ

’’میں اللہ کی پاکیزگی بیان کرتا ہوں اس کی تعریفوں کے ساتھ، اس کی مخلوق کی تعداد کے برابر، اس کی ذات کی رضا کے برابر، اس کے عرش کے وزن اور اس کے کلمات کی روشنائی کے برابر۔"

سیدہ جویریہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہےکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم صبح کے وقت ہی نماز ادا کرنے کے بعد ان کے پاس سے چلے گئےاور وہ اپنی جائے نماز پر ہی بیٹھی ہوئی تھیں پھر دن چڑھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم واپس تشریف لائےتو وہ وہیں بیٹھی ہوئی تھیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس وقت میں تمہارے پاس سے گیا ہوں تم اسی طرح بیٹھی ہوئی ہو؟انہوں نے عرض کیا جی ہاں. نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا،میں نے تیرے بعد ایسے چار کلمات تین مرتبہ کہے ہیں کہ اگر تیرے آج کے وظیفہ کو ان کے ساتھ وزن کیا جائےتو ان کلمات کا وزن زیادہ ہوگا

جامع ترمذی 3555

Monday 23 September 2019

کھانے کی ابتدا بسم اللہ سے کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت حذیفہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ بے شک شیطان اس کھانے کو ، جس پر اللہ کا نام نہ لیا جائے ، کھانا حلال سمجھتا ہے ۔‘‘

مشکوة 4160

دکھلاوے کے اعمال شرک ہیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت شداد بن اوس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو فرماتے ہوئے سنا :’’ جو شخص دکھلاوے کی خاطر نماز پڑھتا ہے تو اس نے شرک کیا ، جو شخص دکھلاوے کی خاطر روزہ رکھتا ہے تو اس نے شرک کیا ، اور جو شخص دکھلاوے کی خاطر صدقہ کرتا ہے تو اس نے شرک کیا ۔‘‘

مشکوة 5331

جنت کے خزانوں میں سے خزانہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ

کثرت سے پڑھا کرو، کیونکہ یہ جنت کے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہے“۔ مکحول کہتے ہیں: جس نے کہا:

لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ وَلَا مَنْجَأَ مِنَ اللَّهِ إِلَّا إِلَيْهِ

تو اللہ تعالیٰ اس سے ستر طرح کے ضرر و نقصان کو دور کر دیتا ہے، جن میں کمتر درجے کا ضرر فقر ( و محتاجی ) ہے۔

جامع ترمذی 3601

سات کبیرہ گناہوں سے بچو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہﷺ نے فرمایا ”سات گناہوں سے جو تباہ کردینے والے ہیں بچتے رہو۔“ صحابہ رضی اللہ عنہم نے پوچھا یارسول اللہﷺ! وہ کون سے گناہ ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

”ﷲﷻ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، جادو کرنا، کسی کی ناحق جان لینا کہ جسے اللہ تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہے، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، لڑائی میں سے بھاگ جانا، پاک دامن بھولی بھالی ایمان والی عورتوں پر تہمت لگانا۔“

صحیح بخاری 2766

پردہ پوشی کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا، اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت دونوں میں اس کی پردہ پوشی فرمائے گا ۔

سنن ابن ماجہ 2544

نیا لباس پہننے کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب کوئی نیا کپڑا پہنتے تو قمیص یا عمامہ ( کہہ کر ) اس کپڑے کا نام لیتے پھر فرماتے:

اَللّٰھُمَّ لَکَ الْحَمْدُ اَنْتَ کَسَوْتَنِیْہِ اَسْئَلُکَ، مِنْ خَیْرِہٖ وَخَیْرِ مَا صُنِعَ لَہٗ، وَاَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّہٖ وَشَرِّ مَا صُنِعَ لَہٗ

’’اے اللہ! تیرے ہی لیے ہر قسم کی تعریف ہے، تجھی نے مجھے یہ پہنایا، میں تجھی سے سوال کرتا ہوں اس کی بھلائی کا اور اس کام کی بھلائی کا جس کے لیے اسے بنایا گیا ہے اور میں تیری پناہ میں آتا ہوں اس کے شر سے اور اس کام کے شر سے جس کے لیے اسے بنایا گیا ہے۔‘‘

حضرت ابونضرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سے جب کوئی نیا کپڑا پہنتا تو اس سے کہا جاتا: تو اسے پرانا کرے اور ﷲﷻ تجھے اس کی جگہ دوسرا کپڑا عطا کرے۔

سنن ابو داؤد 4020

تین اشخاص کی دعائیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ’’تین دعائیں ایسی ہیں جن کی قبولیت میں کوئی شک نہیں ، والد کی دعا ، مسافر کی دعا اور مظلوم کی دعا ۔‘‘

مشکوة  2250

Sunday 15 September 2019

سلام کرنے میں پہل کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوامامہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : ’’سلام میں پہل کرنے والا شخص اللہ کا سب سے زیادہ قریبی ہے ۔‘‘

مشکوة 4646

نمازِ باجماعت کا اہتمام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

میں( حضرت ابو الدرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ ) نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: تین آدمی کسی بستی یا جنگل میں ہوں اور وہ جماعت سے نماز نہ پڑھیں(ایک امام بن جائے اور دو مقتدی) تو ان پر شیطان مسلط ہو جاتا ہے، لہٰذا تم جماعت کو لازم پکڑو، اس لیے کہ بھیڑیا اسی بکری کو کھاتا ہے جو ریوڑ سے الگ ہوتی ہے ۔

سنن ابو داؤد 548

بے چینی کے وقت دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حالت پریشانی میں یہ دعا کیا کرتے تھے:

لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ ، لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ ، لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ رَبُّ السَّمَوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ ، وَرَبُّ الْعَرْشِ الْكَرِيمِ

”اللہ صاحب عظمت اور بردبار کے سوا کوئی معبود نہیں، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو عرش عظیم کا رب ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو آسمانوں اور زمینوں کا رب ہے اور عرش عظیم کا رب ہے۔“
صحیح بخاری 634

کثرت سے کرنے والی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

میں (حضرت شہر بن حوشب رضی اللہ عنہ) نے حضرت ام سلمہ رضی الله عنہا سے پوچھا: ام المؤمنین! جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قیام آپ کے یہاں ہوتا تو آپﷺ کی زیادہ تر دعا کیا ہوتی تھی؟ انہوں نے کہا: آپﷺ زیادہ تر یہ دعا کیا کرتے :

يَا مُقَلِّبَ الْقُلُوبِ ثَبِّتْ قَلْبِي عَلَی دِينِکَ

”اے دلوں کے پھیرنے والے! میرے دل کو اپنے دین پر جما دے.
جامع ترمذی 3522

بازار میں داخل ہونے کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ، لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ، یُحْیٖ وَیُمِیْتُ وَھُوَ حَیٌّ لَّا یَمُوْتُ بِیَدِہِ الْخَیْرُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْرٌ

’’اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہت اور سب تعریف اسی کے لیے ہے، وہی زندگی دیتا اور وہی مارتا ہے اور وہ زندہ ہے، مرتا نہیں، اسی کے ہاتھ میں سب بھلائی ہے اور وہ ہر چیز (کامل) قدرت رکھتا ہے۔‘‘

جامع ترمذی 3428

ﷲﷻ پر ایمان رکھنے والے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ 

حضرت زید بن خالد ؓ بیان کرتے ہیں ،رسول اللہﷺ نے ہمیں حدیبیہ کے مقام پر رات بارش ہو جانے کے بعد نمازِ فجر پڑھائی ، جب آپﷺ فارغ ہوئے تو لوگوں کی طرف متوجہ ہو کر فرمایا :’’ کیا تم جانتے ہو کہ تمہارے رب نے کیا فرمایا ہے؟ ‘‘ انہوں نے عرض کیا : اللہ اور اس کے رسولﷺ بہتر جانتے ہیں ۔ آپ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ اس نے فرمایا ہے : میرے بندوں میں سے بعض نے اس حال میں صبح کی کہ وہ مجھ پر ایمان لائے اور کچھ نے میرے ساتھ کفر کیا ، جس شخص نے کہا : اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے ہم پر بارش ہوئی ہے تو وہ مجھ پر ایمان لانے والا ہے اور ستاروں کا منکر ہے اور رہا وہ شخص جس نے کہا : فلاں فلاں (ستارے کے سقوط) کی وجہ سے ہم پر بارش ہوئی ہے تو وہ میرے ساتھ کفر کرنے والا ہے اور ستاروں پر ایمان رکھنے والا ہے ۔‘‘

مشکوة 4596

یوم عاشوراء کا روزہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا ابو قتادہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: یوم عرفہ یعنی (۹) ذوالحجہ کا روزہ گزشتہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے اور یومِ عاشوراء کا روزہ ایک گزشتہ سال کے گناہوں کا۔

مسند احمد 3979

بچوں کو ﷲ کی پناہ میں دینے کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حضرت حسن و  حضرت حسین رضی اللہ عنہما کے لیے پناہ طلب کیا کرتے تھے اور فرماتے تھے کہ تمہارے بزرگ دادا ( ابراہیم علیہ السلام ) بھی ان کلمات کے ذریعہ اللہ کی پناہ حضرت اسماعیل اور حضرت اسحاق علیہ السلام کے لیے مانگا کرتے تھے:

أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ

’’میں تم دونوں کو ﷲ تعالیٰ کے مکمل کلمات کی پناہ میں دیتا ہوں، ہر شیطان اور زہریلے جانور سے اور ہر لگ جانے والی نظر سے۔‘‘

صحیح بخاری 3371

عاشوراء کے روزے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عاشوراء کے دن کا روزہ رکھا اور ہمیں بھی اس کے روزہ رکھنے کا حکم فرمایا تو لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ! یہ ایسا دن ہے کہ یہودونصاری اس دن کی تعظیم کرتے ہیں، یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگلے سال ہم نویں محرم کا بھی روزہ رکھیں گے ، لیکن آئندہ سال نہیں آیا کہ آپ ﷺ وفات فرما گئے.

سنن ابو داؤد 2446

گھر میں داخل ہونے کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب کوئی آدمی اپنے گھر میں داخل ہونے لگے تو کہے:

اَللّٰھُمَّ اِنِّیْٓ اَسْئَلُکَ خَیْرَ الْمَوْلِجِ وَخَیْرَ الْمَخْرَجِ، بِسْمِ اللّٰہِ وَلَجْنَا وَبِسْمِ اللّٰہِ خَرَجْنَا، وَعَلَی اللّٰہِ رَبِّنَا تَوَکَّلْنَا

’’اے اﷲ! میں تجھ سے گھر میں داخل ہونے اور گھر سے نکلنے کی بہتری کا سوال کرتا ہوں، اﷲ کے نام کے ساتھ ہم (گھر میں) داخل ہوئے اور اﷲ ہی کے نام کے ساتھ ہم نکلے اوراپنے رب ہی پر ہم نے توکل کیا۔‘‘ پھر اپنے گھر والوں کو سلام کرے۔

سنن ابی داؤد 5096

گھر سے نکلتے وقت کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب آدمی اپنے گھر سے نکلے پھر کہے:

بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ

’’(میں اس گھر سے) ﷲ کے نام کے ساتھ (نکل رہا/رہی ہوں) میں نے اللہ پر بھروسا کیا اور گناہ سے بچنے کی ہمت ہے نہ نیکی کرنے کی طاقت مگر ﷲ ہی کی توفیق سے۔‘‘

توآپ ﷺ نے فرمایا: اس وقت کہا جاتا ہے ( یعنی فرشتے کہتے ہیں ) : اب تجھے ہدایت دے دی گئی، تیری طرف سے کفایت کر دی گئی، اور تو بچا لیا گیا، ( یہ سن کر ) شیطان اس سے جدا ہو جاتا ہے، تو اس سے دوسرا شیطان کہتا ہے: تیرے ہاتھ سے آدمی کیسے نکل گیا کہ اسے ہدایت دے دی گئی، اس کی جانب سے کفایت کر دی گئی اور وہ ( تیری گرفت اور تیرے چنگل سے ) بچا لیا گیا۔

سنن  ابو داؤد 5095

Wednesday 4 September 2019

صدقہ کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص حلال کمائی سے کھجور کے برابر صدقہ کرتا ہے ، جبکہ ﷲﷻ صرف حلال مال ہی قبول کرتا ہے ، تو اللہ اسے اپنے دائیں ہاتھ میں قبول فرماتا ہے ، پھر اسے اس کے مالک کے لیے اس طرح بڑھاتا ہے جس طرح تم میں سے کوئی اپنے گھوڑے کے بچے کی پرورش کرتا ہے ، حتیٰ کہ وہ پہاڑ کی مانند ہو جاتا ہے ۔‘‘

مشکوة 1888

عالمِ کی فضیلت عابد پر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے دو آدمیوں کا ذکر کیا گیا، ان میں سے ایک عابد تھا اور دوسرا عالم، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عالم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسے میری فضیلت تم میں سے ایک عام آدمی پر ہے“، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ اور اس کے فرشتے اور آسمان اور زمین والے یہاں تک کہ چیونٹیاں اپنی سوراخ میں اور مچھلیاں اس شخص کے لیے جو نیکی و بھلائی کی تعلیم دیتا ہے خیر و برکت کی دعائیں کرتی ہیں۔

جامع ترمذی 2685

محرم الحرام کا روزہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ایک آدمی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: رمضان کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزہ کون سا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ کے مہینے کا جسے تم لوگ *محرم* کہتے ہو ۔

سنن ابن ماجہ 1742

چھینک کا جواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں ، دو آدمیوں نے نبی کریم صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کے پاس چھینک ماری تو آپﷺ نے ان میں سے ایک کو چھینک کا جواب (یرحمک اللہ) دیا جبکہ دوسرے کو نہ کہا ، تو اس شخص نے عرض کیا ، اللہ کے رسول ﷺ! آپ نے اس کے لیے دعا فرمائی جبکہ میرے لیے دعا نہیں فرمائی ، آپ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ اس لیے کہ اس نے *الحمد للہ* کہا ، جبکہ تم نے ’’الحمد للہ‘‘ نہیں کہا ۔‘‘

مشکوة 4734

سات باتوں کا حکم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

حضرت ابوذر ؓ بیان کرتے ہیں ، میرے خلیل نے مجھے سات چیزوں کے متعلق حکم فرمایا:

1. آپ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے مساکین سے محبت کرنے اور ان کے قریب رہنے کا مجھے حکم فرمایا.
2. آپﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں اپنے سے کم تر کی طرف دیکھوں اور جو مجھ سے (دنیا کے لحاظ سے) برتر ہے اس کی طرف نہ دیکھوں.
3. آپﷺ نے مجھے صلہ رحمی کا حکم فرمایا اگرچہ وہ قطع رحمی کریں.
4. آپﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں کسی سے کوئی چیز نہ مانگوں.
5. آپﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں حق بات کروں اگرچہ وہ کڑوی ہو.
6. آپﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں اللہ کے (حق کے) بارے میں کسی ملامت گر کی ملامت سے نہ ڈروں.
7. اور آپﷺ نے مجھے حکم فرمایا کہ میں *لَا حَوْلَ وَلَا قَوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ* کثرت سے پڑھا کروں ، کیونکہ وہ (کلمات) عرش کے نیچے خزانوں میں سے ایک خزانہ ہیں ۔‘‘
مشکوة5259

خاوند کے خلاف مت بھڑکاؤ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ جو شخص کسی عورت کو اس کے خاوند کے خلاف یا غلام (ملازم) کو اس کے آقا (مالک) کے خلاف بھڑکائے وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘

مشکوة 3262

نظر بد کا علاج

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو) حکم دیا یا  ( آپ نے اس طرح بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے )  حکم دیا کہ نظر بد لگ جانے پر معوذتین (سورة الفلق، سورة الناس) سے دم کر لیا جائے۔

صحیح بخاری 5738

اسم اعظم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

اسماء بنت یزید ؓ سے روایت ہے کہ نبی صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ اللہ کا اسم اعظم ان دو آیتوں میں ہے ،

(وَاِلٰھُکُمْ اِلٰہٌ وَاحِدٌ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ)

اور سورہ آل عمران کے آغاز کی آیت:

(الٓمٓ  اللہُ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ) ۔‘‘

  الترمذی (۳۴۷۸) و ابوداؤد (۱۴۹۶) و ابن ماجہ (۳۸۵۵)

قرض سے نجات کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

اگر تیرے پر پہاڑ جیسا بھی قرض ھے تو اللہ تعالیٰ اتار (بندوبست کر) دے گا.

اَللّٰھُمَّ اکْفِنِیْ بِحَلَالِکَ عَنْ حَرَامِکَ وَاَغْنِنِیْ بِفَضْلِکَ عَمَّنْ سِوَاکَ

’’اے اللہ! تو ہمیں حلال دے کر حرام سے کفایت کر دے، اور اپنے فضل ( رزق، مال و دولت ) سے نواز کر اپنے سوا کسی اور سے مانگنے سے بے نیاز کر دے".

جامع ترمذی 3563

مجلس کے کفارہ کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اس سے بہت سی لغو اور بیہودہ باتیں ہو جائیں، اور وہ اپنی مجلس سے اٹھ جانے سے پہلے پڑھ لے:

سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِکَ اَشْھَدُ اَنْ لَّآ اِلٰہَ اِلَّآ اَنْتَ اَسْتَغْفِرُکَ وَاَتُوْبُ اِلَیْکَ

”پاک ہے تو اے اللہ! اور سب تعریف تیرے لیے ہے، میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں، میں تجھ سے مغفرت چاہتا ہوں اور تیری طرف رجوع کرتا ہوں“، تو اس کی اس مجلس میں اس سے ہونے والی لغزشیں معاف کر دی جاتی ہیں“۔

جامع ترمذی 3433