Monday, 30 October 2023

خرید وفروخت میں دھوکہ نہ دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ ایک غلہ کے ڈھیر سے گزرے، تو آپﷺ نے اس کے اندر اپنا ہاتھ داخل کر دیا، آپﷺ کی انگلیاں تر ہوگئیں تو آپﷺ نے فرمایا: ”غلہ والے! یہ کیا معاملہ ہے؟“ اس نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ! بارش سے بھیگ گیا ہے، آپﷺ نے فرمایا: ”اسے اوپر کیوں نہیں کردیا تاکہ لوگ دیکھ سکیں“، پھر آپﷺ نے فرمایا: جو دھوکہ دے، ہم میں سے نہیں ہے

جامع الترمذی 1315 (صحیح)

انسان کی نیکی کے درجات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی شخص جب اپنے اسلام کو عمدہ بنالے( یعنی نفاق اور ریا کاری سے پاک کرلے) تو ہر نیک کام جو وہ کرتا ہے اس کے عوض دس سے لے کر سات سو گنا تک نیکیاں لکھی جاتی ہیں اور ہر بُرا کام جو کرتا ہے تو وہ اتنا ہی لکھا جاتا ہے( جتنا کہ اس نے کیا ہے) ۔

صحیح البخاری 42

قرض سے اللّٰہ کی پناہ مانگنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نماز میں دُعا کرتے تو یہ بھی کہتے: ” اے اللہ ! میں گناہ اور قرض سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ “کسی نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ ! آپ قرض سے اتنی پناہ مانگتے ہیں؟ آپ ﷺ نے جواب دیا کہ جب آدمی مقروض ہوتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے۔ اور وعدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

صحیح البخاری 2397 (صحیح)

آپس میں صلح جوئی کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں وہ عمل نہ بتلاؤں کہ جس کا درجہ نماز، روزے اور صدقہ سے بھی زیادہ ہے؟ لوگوں نے کہا: کیوں نہیں، آپ ‌ﷺ نے فرمایا: آپس میں مصالحت کرنا اور آپس میں فساد پیدا کرنا تو (نیکیوں کو) تباہ کردیتا ہے۔ 

مسند احمد 6083

اطاعتِ الہٰی کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امامِ المرسلین حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا:  بیشک ﷲﷻ فرماتا ہے: انسان ! میری عبادت کے لیے فارغ ہوجا، میں تیرے دل کو مال داری (قناعت) سے بھر دوں گا، تیری محتاجی ختم کردوں گا اور اگر تو (ایسے) نہیں کرے گا تو میں تمہیں (دنیاوی) کاموں میں مصروف کردوں گا اور تیری محتاجی ختم نہیں کروں گا ۔

مشکوٰۃ 5172 (صحیح)

عشاء اور فجر نماز کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: اگر لوگوں کو پتہ چل جائے کہ عشاء اور صبح کی نمازوں میں کتنا (اجر و ثواب) ہے، تو وہ ان کو ادا کرنے کے لیے ضرور آئیں، اگرچہ انھیں سرین کے بل گھسٹ کر آنا پڑے ۔

مسند احمد 2453 (صحیح)

ﷲﷻ سے جنت الفردوس مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم ﷲﷻ سے سوال کرو تو جنت الفردوس کا سوال کیا کرو، کیونکہ وہ جنت کا اعلٰی و افضل حصہ اور مقام ہے، اس کے اوپر رحمٰن کا عرش ہے، اسی سے جنت کی نہریں پھوٹتی ہیں۔ 

مسند احمد 10210 (صحیح)