Sunday, 10 March 2024

ﷲﷻ کی پکڑ بہت سخت ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اللّٰه تعالٰی ظالم کو چند روز دنیا میں مہلت دیتا رہتا ہے لیکن جب پکڑتا ہے تو پھر نہیں چھوڑتا۔ راوی نے بیان کیا کہ پھر آپ ﷺ نے اس آیت کی تلاوت کی ” اور تیرے پروردگار کی پکڑ اسی طرح ہے، جب وہ بستی والوں کو پکڑتا ہے ۔ جو ( اپنے اوپر ) ظلم کرتے رہتے ہیں، بیشک اُسکی پکڑ بڑی تکلیف دینے والی اور بڑی ہی سخت ہے ۔

صحیح البخاری 4686 (صحیح)

مسنون دعائیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے عرض کیا: اللہ کے رسول ﷺ! مجھے کوئی دعا سکھائیں جو میں اپنی نماز میں کیا کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ کہو، اللَّهُمَّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي ظُلْمًا كَثِيرًا وَلَا يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ فَاغْفِرْ لِي مَغْفِرَةً مِنْ عنْدك وارحمني إِنَّك أَنْت الغفور الرَّحِيم۔ اے اللہ ! بے شک میں نے اپنی جان پر بہت ظلم کیا ہے، تیرے سوا گناہوں کو کوئی نہیں بخش سکتا، سو اپنی جناب سے مجھے بخش دے، اور مجھ پر رحم فرما، بے شک تو ہی بخشنے والا مہربان ہے۔‘‘

مشکوٰۃ 942 (متفق علیہ)

بہترین صدقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ایک دینار وہ ہے جسے تو نے ﷲﷻ کی راہ میں خرچ کیا، ایک دینار جو تو نے گردن آزاد کرنے میں خرچ کیا ایک دینار وہ ہے جسے تونے کسی مسکین پر خرچ کیا اور ایک دینار وہ ہے جسے تونے اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا، ان میں سے سب سے زیادہ باعث اجر وہ ہے جو تو نے اپنے اہل وعیال پر خرچ کیا۔

مشکوٰۃ 1931(صحیح)

بوڑھے والدین کی خدمت کا اجر جنت ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اُس شخص کی ناک خاک آلود ہو جس کے سامنے میرا ذکر کیا جائے لیکن وہ مجھ پر درود نہ پڑھے، اس شخص کی ناک خاک آلود ہو جس کے پاس رمضان المبارک آکر چلا گیا لیکن اسکی مغفرت نہ ہو سکے، اور اُس شخص کی ناک بھی خاک آلود ہو جس کی زندگی میں اسکے والدین یا ان میں سے کوئی ایک بڑھاپے کو پہنچ جائے لیکن (ان کی خدمت) پھر بھی اسے جنت میں داخل نہ کروا سکے۔

مشکوٰۃ 927 (صحیح)

قرض کو بہتر طور ادا کرنے کا طریقہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت جابر بن عبداللہ ؓ نے بیان کیا کہ نبی کریم ﷺ پر میرا کچھ قرضہ تھا، آپ ﷺ نے مجھے وہ ادا فرمایا تو اس سے زیادہ دیا" ۔  

سنن ابوداؤد 3347 (صحیح)

میت کی طرف سے (فرض) حج کرنا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ سے پوچھا گیا کہ ایک عورت کی ماں ( فرض ) حج کیے بغیر فوت ہوگئی ہے۔ اگر وہ عورت اپنی ماں کی طرف سے حج کرلے تو وہ اسے کفایت کرجائے گا ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ہاں ۔ اگر اس کی ماں کے ذمے قرض ہوتا اور وہ عورت اسکی طرف سے ادا کر دیتی تو کیا اسے کفایت نہ کرتا ؟ اسے چاہیے کہ وہ اپنی ماں کی طرف سے حج کرے ۔

سنن النسائی 2634 (صحیح)

انسان کا جنت و جہنم میں ٹھکانا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جنت میں جو بھی داخل ہوگا اسے اُسکا جہنم کا ٹھکانا بھی دکھایا جائے گا کہ اگر نافرمانی کی ہوتی ( تو وہاں اسے جگہ ملتی ) تاکہ وہ اور زیادہ شُکر کرے اور جو بھی جہنم میں داخل ہوگا اسے اس کا جنت کا ٹھکانا بھی دکھایا جائے گا کہ اگر اچھے عمل کئے ہوتے ( تو وہاں جگہ ملتی ) تاکہ اس کے لیے حسرت و افسوس کا باعث ہو" ۔

صحیح البخاری 6569 (صحیح)