Wednesday, 14 June 2023

عذاب قبر سے متعلق بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

( ایک مرتبہ ) نبی رحمتﷺ دو قبروں پر گزرے تو آپﷺ نے فرمایا کہ ان دونوں قبر والوں کو عذاب دیا جارہا ہے اور کسی بڑے گناہ پر نہیں، ایک تو ان میں سے پیشاب سے احتیاط نہیں کرتا تھا اور دوسرا چغل خوری کیا کرتا تھا۔ پھر آپﷺ نے ایک ہری ٹہنی لے کر بیچ سے اس کے دو ٹکڑے کیے اور ہر ایک قبر پر ایک ٹکڑا گاڑ دیا۔ لوگوں نے پوچھا کہ یارسول اللہﷺ! آپ نے ( ایسا ) کیوں کیا؟ آپﷺ نے فرمایا، شاید جب تک یہ ٹہنیاں خشک نہ ہوں ان پر عذاب میں کچھ تخفیف رہے

صحیح البخاری 218 (صحیح)

شراب- دس لوگوں پر ﷲ کی لعنت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ﷲ نے شراب پر، اس کے پینے والے، اس کے پلانے والے، اس کے بیچنے والے، اس کے خریدنے والے، اس کے بنانے والے، جس کے لیے بنائی جائے اس پر، اسے لے کر جانے والے اور جس کے لیے لے کر جائی جائے، ان سب پر لعنت فرمائی۔

مشکوٰۃ 2777 (صحیح)

شوہر پر بیوی کے حقوق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”ایمان میں سب سے کامل مومن وہ ہے جو سب سے بہتر اخلاق والا ہو، اور تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اخلاق میں اپنی عورتوں کے حق میں سب سے بہتر ہو“۔

جامع الترمذی 1162

صدقہ وخیرات میں بہترین مال دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک دفعہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ تشریف لائے، آپﷺ کے ہاتھ میں عصا تھا۔ کوئی شخص( مسجد میں بطور صدقہ ) ردی قسم کی کھجور کا ایک خوشہ لٹکا گیا تھا۔ آپﷺ اس خوشے پر اپنی لاٹھی مارنے لگے اور فرمایا: اگر اس صدقے والا چاہتا تو اس سے اچھی کھجور کا صدقہ کر سکتا تھا۔ بلاشبہ اس قسم کا صدقہ کرنے والا قیامت کے دن ردی کھجوریں ہی کھائے گا۔

سنن النسائی 2495 (صحیح)

حُسنِ سلوک اور صلہ رحمی کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نبی رحمت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اُس نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ ! میں نے ایک بہت بڑے گناہ کا ارتکاب کیا ہے تو کیا میرے لیے توبہ (کی گنجائش) ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’کیا تمہاری والدہ ہے؟ ‘‘اس نے عرض کیا، نہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’کیا تمہاری خالہ ہے؟ ‘‘اس نے عرض کیا: جی ہاں ! آپ ﷺ نے فرمایا: اس کے ساتھ حسن سلوک کرو۔

مشکوٰۃ4935 (صحیح)

توبہ کرنے میں جلدی کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

بائیں بازو والا فرشتہ چھ گھڑیاں مسلمان خطاکار یا گناہ گار بندے سے قلم اٹھائے رکھتا ہے، اگر وہ شرمسار ہوجائے، اور توبہ کرلے تو قلم رکھ دیتا ہے، وگرنہ ایک برائی لکھ دیتا ہے۔

السلسلہ 3121 (صحیح)

تہجد (قیام اللیل) کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

  رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: رحم فرمائے ﷲﷻ اس بندے پر جو رات کو اٹھ کر نماز پڑھتا اور اپنی بیوی کو جگاتا ہے۔ اگر وہ انکار کرے تو اس کے منہ پر پانی کے چھینٹے مارتا ہے۔ اور رحم فرمائے ﷲﷻ اس بندی پر جو رات کو اٹھ کر نماز پڑھتی اور اپنے شوہر کو جگاتی ہے۔ اگر وہ انکار کرے تو اس کے منہ پر پانی کے چھینٹے مارتی ہے ۔

سنن ابوداؤد 1308 (صحیح)