Monday, 30 September 2024

محفل/ مجلس کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اسکی بے مقصد اور بے ہودہ باتیں زیادہ ہوجائیں اور پھر وہ اٹھنے سے پہلے یہ دُعا: سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ ۔ پڑھتا ہے تو اسکی اس مجلس میں ہونے والی خطائیں معاف کردی جاتی ہیں۔

مشکوٰۃ 2433 (صحیح)

ﷲﷻ کی نعمتوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” ﷲﷻ اپنے بندے پر اپنی نعمت کا اثر دیکھنا پسند کرتا ہے“۔

جامع الترمذی 2819 (صحیح)

غسل کے لیے پردہ کا اہتمام کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

رسولِ کریم ﷺ نے کسی شخص کو کھلے میدان میں (عریاں) غسل کرتے ہوئے دیکھا، تو آپ ﷺ منبر پر تشریف لائے اور ﷲﷻ کی حمد و ثنا بیان کی، پھر فرمایا: ’’ بیشک ﷲ تعالٰی حیادار، پردہ پوشی کرنے والا ہے، وہ حیاداری اور پردہ پوشی کو پسند فرماتا ہے، پس جب تم میں سے کوئی نہائے تو وہ پردہ کرے ۔

مشکوٰۃ 447 (صحیح)

سلام کرنے میں پہل کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: سلام میں پہل کرنے والا شخص ﷲﷻ کا سب سے زیادہ قریبی ہے ۔

مشکوٰۃ 4646 (صحیح)

مخفی صدقہ کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تین اشخاص ہیں جنہیں ﷲﷻ پسند کرتا ہے، دورانِ تہجد قرآن کی تلاوت کرنے والا، دائیں ہاتھ سے صدقہ کرنے والا جو اسے اپنے بائیں ہاتھ سے بھی مخفی رکھتا ہے، اور ایک وہ آدمی جو کسی لشکر میں ہو اور اسکے ساتھی شکست کھاجائیں لیکن وہ پھر بھی دشمن کے سامنے سینہ سپر رہے۔
مشکوٰۃ 1921 (صحیح)

آزمائش پر صبر کا بدلہ جنت ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” ﷲﷻ فرماتا ہے کہ میرے اس مومن بندے کا جس کی میں کوئی عزیز چیز دنیا سے اٹھالوں اور وہ اس پر ثواب کی 
نیت سے صبر کرلے، تو اس کا بدلہ میرے یہاں جنت کے سوا اور کچھ نہیں۔
صحیح البخاری 6424 (صحیح)

Tuesday, 24 September 2024

قیامت سے پہلے فتنوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 حضرت جابر بن سمرہ ؓ بیان کرتے ہیں، میں نے نبی کریم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: قیامت سے پہلے (نبی ﷺ کی طرف جھوٹی باتیں منسوب کرنے والے) کذاب ہوں گے، تم ان سے محتاط رہنا۔

مشکوٰۃ 5438 (صحیح)

فرشتے کس گھر میں داخل نہیں ہوتے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جناب رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا اس گھر میں رحمت کے فرشتے داخل نہیں ہوتے جس میں کوئی جنبی ہو یا تصویر یا کتا ہو ۔

مسند احمد 632 (صحیح)

الحمدللہ کہنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’ جب ﷲﷻ بندے کو کوئی نعمت دیتا ہے اور بندہ الحمد للہ کہتا ہے تو بندے نے جو ( شکر ) ادا کیا، وہ ملنے والی نعمت سے افضل ہوتا ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3805 (صحیح)

ظالم کو ظلم سے روکنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ” اپنے بھائی کی مدد کرو خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔“ ایک صحابی ؓ نے عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ! جب وہ مظلوم ہو تو میں اسکی مدد کروں گا لیکن آپﷺ کا کیا خیال ہے جب وہ ظالم ہوگا پھر میں اسکی مدد کیسے کروں؟ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ اس وقت تم اسے ظلم سے روکنا کیونکہ یہی اس کی مدد ہے۔

صحیح البخاری 6952 (صحیح)

مسلمان کی پردہ پوشی کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا تو ﷲﷻ دنیا اور آخرت میں اس کا پردہ رکھے گا۔

سنن ابنِ ماجہ 2544 (صحیح)

شدید قرض سے ﷲ کی پناہ مانگنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ  قرض اور گناہ سے بہت زیادہ پناہ طلب کیا کرتے تھے۔ آپ ﷺ سے عرض کی گئی: اے اللہ کے رسول ﷺ ! ( کیا وجہ ہے کہ ) آپ ﷺ قرض اور گناہ سے بہت زیادہ پناہ طلب فرماتے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ آدمی جب مقروض ہوجاتا ہے پھر بات کرتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے اور وعدہ کرتا ہے تو خلاف ورزی کرتا ہے ۔ 

سنن النسائی 5474 (صحیح)

Wednesday, 18 September 2024

اتباع سنت کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:   جس کام کا میں تمہیں حکم دوں، اس پر عمل کرو اور جس سے منع کروں، اس سے باز رہو ۔

سنن ابنِ ماجہ 1 (صحیح)

عشقِ نبیﷺ ایمان کی پہلی شرط ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا) جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)

ﷲﷻ بہت غَفُورُ الرَّحِیم ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  ﷲﷻ رات کے وقت اپنا ہاتھ پھیلاتا ہے تاکہ دن کے وقت گناہ کرنے والا توبہ کرلے، اور وہ دن کے وقت اپنا ہاتھ پھیلاتا ہے تاکہ رات کے وقت گناہ کرنے والا توبہ کرلے (اور یہ سلسلہ جاری رہتا ہے) حتیٰ کہ سورج مغرب کی طرف سے طلوع ہوجائے (یعنی قیامت تک)۔

مشکوٰۃ 2329 (صحیح)

طبیعت کا خوش ہونا بھی نعمت ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہم لوگ ایک مجلس میں موجود تھے کہ نبی کریم ﷺ تشریف لے آئے۔ آپ ﷺ کے سر مبارک پر پانی کا اثر تھا ( غسل فرما کر تشریف لائے تھے۔) بعض لوگوں نے عرض کیا: آج ہم آپ ﷺ کو خوش دیکھ رہے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا:’’ ہاں، اللہ کا شکر ہے۔‘‘ پھر لوگوں نے خوشحالی ( اور دولت مندی ) کا ذکر چھیڑ دیا تو آپ ﷺ نے فرمایا :’’ متقی آدمی کے لیے دولت مند ہونے میں حرج نہیں۔ اور متقی کے لیے صحت دولت سے بہتر ہے اور طبیعت کا خوش ہونا بھی ( ﷲﷻ ) کی نعمت ہے۔

مسند احمد 23616 (صحیح)

نیکی کرکے شہرت کی طلبگار نہ بنو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  بے شک ﷲﷻ ایسے مالدار کو پسند فرماتا ہے جو پرہیزگار ، گم نام ہو۔

مشکوٰۃ 5284 (صحیح)

نماز جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کے بارے میں فرمایا:   میں نے ارادہ کیا کہ میں کسی آدمی کو حکم دوں وہ لوگوں کو نماز پڑھائے، پھر میں جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کو گھروں سمیت آگ لگا دوں۔ 

مشکوٰۃ 1378 (صحیح)

نرمی، حیا اور اچھے اخلاق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدار کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا:   روزِ قیامت مومن کی میزان میں حُسن خلق سے زیادہ بھاری چیز کوئی نہیں رکھی جائے گی، اور ﷲﷻ یقیناً بدزبان اور بے ہودہ باتیں کرنے والے کو پسند نہیں فرماتا۔ 

مشکوٰۃ 5081 (صحیح)

مریض کی عیادت کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللّٰه ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ”جو مسلمان بھی کسی مسلمان کی صبح کے وقت عیادت کرتا ہے تو شام تک ستر ہزار فرشتے اسکے لیے استغفار کرتے ہیں۔ اور جو شام کو عیادت کرتا ہے تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اسکے لیے استغفار کرتے ہیں۔ اور اس کے لیے جنت میں ایک باغ ہو گا“۔

جامع الترمذی 969 (صحیح)

چھینک اور جمائی کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ” ﷲﷻ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند، پس جب تم میں سے کسی کو چھینک آئے اور وہ الحمد للہ کہے تو ہر مسلمان کے لیے جو اسے سنے یرحمک اللہ کہنا ضروری ہے۔ اب رہی جمائی کی بات تو جس کسی کو جمائی آئے، اسے چاہیئے کہ وہ اپنی طاقت بھر اسے روکے اور ہاہ ہاہ نہ کہے، کیونکہ یہ شیطان کی طرف سے ہے، اور شیطان اس سے ہنستا ہے“۔

جامع الترمذی 2747 (صحیح)

آزمائش میں صبر کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے ارشاد فرمایا: کہ ﷲﷻ جب کسی قوم سے محبت کرتا ہے تو انہیں آزمائش میں مبتلا کرتا ہے پھر جو شخص صبر کرتا ہے اسے صبر ملتا ہے اور جو شخص جزع فزع (رونا دھونا) کرتا ہے، اس کے لئے جزع فزع ہے ۔

مسند احمد 24041 (صحیح)

دو ناپسندیدہ چیزیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا :  دو چیزیں ہیں جنہیں انسان ناپسند کرتا ہے، انسان موت کو ناپسند کرتا ہے، حالانکہ موت مومنوں کے لیے فتنے سے بہتر ہے، اور وہ قلت مال کو ناپسند کرتا ہے جبکہ قلت مال کا حساب کم ہے۔ 

مشکوٰۃ 5251 (صحیح)

دورانِ صحت عبادات کو معمول بناؤ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب بندہ بیمار ہوتا ہے یا سفر کرتا ہے تو اُسکے لیے اُن تمام عبادات کا ثواب لکھا جاتا ہے جنہیں اقامت یا صحت کے وقت یہ کیا کرتا تھا۔

صحیح البخاری 2996 (صحیح)

ملازم کے ساتھ اچھے سلوک کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے دس سال سفر و حضر میں نبی کریم ﷺ کی خدمت کا شرف حاصل کیا ہے، یہ ضروری نہیں ہے کہ میرا ہر کام نبی اکرم ﷺ کو پسند ہی ہو، لیکن نبی پاک ﷺ نے مجھے کبھی اف تک نہیں کہا، نبی اکرم ﷺ نے مجھ سے کبھی یہ نہیں فرمایا کہ تم نے یہ کام کیوں کیا؟ یا یہ کام تم نے کیوں نہیں کیا؟

مسند احمد 13710 (صحیح)

میت پر بین کرنے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ فرمایا: میت کو اپنے اوپر اہل محلہ کے رونے کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے، جب بین کرنے والی کہتی ہے ہائے میرا بازو، ہائے میرا مددگار، ہائے میرا کمانے والا، تو میت کو کھینچ کر پوچھا جاتا ہے کیا واقعی تو اس کا بازو، مددگار اور کمانے والا تھا۔

مسند احمد 19954 (صحیح)

قربِ قیامت کی نشانیاں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” قیامت نہیں قائم ہوگی یہاں تک کہ زمانہ قریب ہوجائے گا۔ سال ایک مہینہ کے برابر ہوجائے گا جب کہ ایک مہینہ ایک ہفتہ کے برابر اور ایک ہفتہ ایک دن کے برابر اور ایک دن ایک ساعت ( گھڑی ) کے برابر ہوجائے گا اور ایک ساعت ( گھڑی ) آگ سے پیدا ہونے والی چنگاری کے برابر ہوجائے گی“۔

جامع الترمذی 2332 (صحیح)

Sunday, 1 September 2024

مسواک کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  اگر میری امت پر شاق (مشکل) نہ ہوتا تو میں ان پر مسواک کرنا واجب قرار دیتا۔

صحیح البخاری 7240(صحیح)

غیبت اور بہتان کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریمﷺ سے پوچھا گیا: اے اللہ کے رسولﷺ! غیبت کیا ہے ؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’تمہارا اپنے بھائی کا ایسے انداز میں ذکر کرنا جسے وہ ناپسند کرتا ہو۔‘‘ کہا گیا: جو بات میں کہہ رہا ہوں اگر وہ میرے بھائی میں ( فی الواقع ) ہو ؟ ( تو بھی وہ غیبت ہو گی ؟ ) آپﷺ نے فرمایا: ’’ اگر اس میں وہ بات موجود ہو اور تم کہو، تب ہی تو غیبت ہے۔ اگر تم کوئی ایسی بات کہو جو اس میں نہ ہو، تو تم نے اس پر بہتان لگایا ۔

سنن ابوداؤد 4874 (صحیح)

صلہ رحمی کرنے کا اجر و انعام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کا رزق فراخ کردیا جائے اور اس کی عمر دراز کردی جائے تو وہ صلہ رحمی کرے ۔

مشکوٰۃ 4918 (متفق علیہ)

خشوع وخضوع والی نماز کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب کوئی مسلمان فرض نماز کا وقت ہونے پر اس کے لیے اچھی طرح وضو کرتا ہے اور اس کے خشوع و رکوع کا اچھی طرح اہتمام کرتا ہے تو وہ اس (نماز) سے پہلے کیے ہوئے گناہوں کا کفارہ بن جاتی ہے بشرطیکہ کبیرہ گناہوں کا ارتکاب نہ ہو، اور یہ (فرض نماز سے صغیرہ گناہوں کا معاف ہو جانا) ہمیشہ کے لیے ہے۔

مشکوٰۃ 286 (صحیح)

مجاہد اور مہاجر میں فرق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: مجاہد وہ ہے جو ﷲﷻ کی اطاعت کے بارے میں اپنے نفس سے جہاد کرے، جبکہ مہاجر وہ ہے جو خطاؤں اور گناہوں سے کنارہ کش ہو جائے۔

مشکوٰۃ 34 (صحیح)

مسلمان کے مسلمان پر چار حق

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر چار حقوق ہیں، جب وہ دعوت دے تو اس کی دعوت قبول کرے، جب وہ چھینکے تو اس کو یَرْحَمُکَ اللّٰہ کہے، جب وہ بیمار ہوجائے تو اس کی تیمارداری کرے اور جب وہ فوت ہوجائے تو اس کی نمازِ جنازہ میں شرکت کرے۔

مسند احمد 9618 (صحیح)

ہرحال میں صدقہ وخیرات کرنے کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خیرالبشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  وہ شخص جو اپنی موت کے قریب صدقہ کرتا ہے یا غلام آزاد کرتا ہے تو وہ اس شخص کی طرح ہے جو شکم سیر ہونے کے بعد ہدیہ کرے۔

مشکوٰۃ 1871 (صحیح)

ریاکاری و دکھلاوے کے اعمال کی سزا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: ’’ جو شخص شہرت کی خاطر کوئی عمل کرتا ہے تو (روز قیامت) ﷲﷻ اس شخص کو (لوگوں کے سامنے) ذلیل فرمائے گا (کہ اس نے اس نیت سے عمل کیا تھا) اور جو دکھلاوا کرتا ہے تو ﷲ تعالٰی اسے (لوگوں کو) دکھلا دے گا (کہ یہ شخص ریا کار ہے)۔

مشکوٰۃ 5316 (متفق علیہ)

تلاوتِ قرآن مجید- فضائل و برکات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عبداللہ بن خبیب ؓ بیان کرتے ہیں، ہم برسات میں ایک شدید تاریک رات میں رسولِ کریم ﷺ کی تلاش میں نکلے تو ہم نے آپ ﷺ کو پا لیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ کہو۔‘‘ میں نے عرض کیا، میں کیا کہوں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ تم صبح و شام تین مرتبہ سورۂ اخلاص اور سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھا کرو، وہ تمہیں ہر چیز کے لیے کافی ہوجائیں گی۔

مشکوٰۃ 2163 (صحیح)

بحث وتکرار اور جھگڑے سے بچو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  جب کوئی قوم ہدایت یافتہ ہونے کے بعد گمراہی اختیار کرلیتی ہے تو باہمی نزاع (اختلاف ، بحث و تکرار) ان کا شغل بن جاتا ہے۔‘‘ پھر رسول اللہ ﷺ نے یہ آیت تلاوت فرمائی: ’’ وہ آپ سے یہ باتیں محض جھگڑا پیدا کرنے کے لیے کرتے ہیں بلکہ یہ لوگ ہیں ہی جھگڑالو۔

مشکوٰۃ 180 (صحیح)

ﷲﷻ بہت توبہ قبول کرنے والا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اپنے غصے پر قابو پالیا، ﷲﷻ اس سے اپنا عذاب روک لے گا, اور جس شخص نے اپنی زبان کی حفاظت کی ﷲ تعالٰی اس کی پردہ پوشی کرے گا، اور جو شخص ﷲ سے معذرت کرے گا ﷲ اس سے اس کی معذرت قبول کرے گا۔

السلسلۃ 418 (صحیح)

مومن کی چار بہترین عادات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
سرورِ کائنات شافعِ روزِ محشر ساقی حوض کوثر خاتم النبین امام الانبیاء حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: نہ مومن طعنہ زنی کرنے والا ہوتا ہے اور نہ  لعنت کرنے والا اور نہ فحش بکنے والا ہوتا ہے اور نہ زبان درازی کرنے والا ہوتا ہے۔

مسند احمد 10096 (صحیح)

افضل ترین جہاد کونسا ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  سب سے فضیلت والا جہاد اس شخص کا ہے جو ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہتا ہے۔ 

مشکوٰۃ 3705 (صحیح)