Tuesday, 20 August 2024

مال و اولاد کے لیے بددُعا کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’اپنے آپ کو بد دُعا نہ دو، اپنی اولاد کو بد دُعا نہ دو، اپنے خادموں کو بد دُعا نہ دو اور اپنے مالوں کو بد دُعا نہ دو، ایسا نہ ہو کہ وہ ﷲﷻ کی طرف سے عطا و قبولیت کی گھڑی ہو ( ادھر تم کوئی بد دُعا کرو کہ اللہ تعالٰی اسے ) تمہارے لیے قبول کرلے۔

سنن ابوداؤد 1532 (صحیح)

سات ہلاک کرنے والے گناہوں سے بچو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: سات مہلک کاموں سے بچو۔ پوچھا گیا : اے اللہ کے رسول ﷺ ! وہ کون سے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا:’’ اللہ کا شریک ٹھہرانا، جادو کرنا، جس جان کو اللہ نے محترم بنایا ہے اسے قتل کر ڈالنا سوائے اس کے کہ حق کے ساتھ ہو، سود کھانا، یتیم کا مال ہڑپ کر جانا، جہاد کے دن پشت پھیر کر چلے جانا اور پاک دامن گناہ سے ناواقف مومن عورتوں پر تہمت لگانا۔

سنن ابوداؤد 2874 (صحیح)

بیٹیوں کی پرورش پر اجر عظیم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جس کی تین بیٹیاں ہوں اور وہ ان کی تنگدستی اور خوشحالی پر صبر کرے تو ﷲﷻ ان بچیوں پر رحمت کرنے کی وجہ سے اس شخص کو جنت میں داخل کر دے گا۔ ایک شخص نے کہا: اے ﷲ کے رسول ﷺ! اگر دو بیٹیاں ہوں تو؟ آپ ﷺ نے فرمایا: اگرچہ دو ہوں۔ اس نے پھر کہا: اور اگر ایک ہو اے ﷲ کے رسول ﷺ ؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: اگرچہ ایک بھی ہو۔

مسند احمد 9046 (صحیح)

عالم نزع میں سورہ یٰسین کی برکت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صفوان کہتے ہیں: بعض بزرگوں نے مجھے بیان کیا کہ وہ غضیف بن حارث پثمالی کے پاس موجود تھے، ان پر عالم نزع کی بڑی سختی تھی، پس انھوں نے کہا: کیا تم میں سے کوئی آدمی سورۂ یس پڑھ سکتا ہے؟ صالح بن شریح سکوتی نے سورۂ یس کی تلاوت کی، ابھی تک انھوں نے چالیس آیتیں پڑھی تھیں کہ وہ فوت ہوگئے۔ بزرگ کہتے تھے کہ جب میت پر اس سورت کی تلاوت کی جائے تو اس کی وجہ سے اس پر تخفیف کی جاتی ہے۔

مسند احمد 8731 (صحیح)

نمازِ جمعہ کے لیےاول وقت آنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص جمعہ کے روز خوب اچھی طرح غسل کرے، پیدل چل کر اول وقت مسجد میں جا کر امام کے قریب بیٹھ کر خوب غور سے خطبہ سنے اور اس دوران کوئی لغو کام نہ کرے تو اسے ہر قدم کے بدلے ایک سال کے روزے اور ایک سال کے قیام کا ثواب ملتا ہے۔

مشکوٰۃ 1388 (صحیح)

اللّٰہ والوں سے محبت رکھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے عرض کیا، اللہ کے رسول ﷺ ! آپ اُس شخص کے متعلق کیا فرماتے ہیں جو کچھ لوگوں سے محبت کرتا ہے لیکن وہ (صحبت یا علم و عمل کے لحاظ سے) ان سے ملا نہیں (ان جیسا نہیں) ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :  آدمی ان کے ساتھ ہوگا جس سے اسکی محبت ہوگی۔

مشکوٰۃ 5008 (متفق علیہ)

مہمان نوازی کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اس آدمی میں کوئی خیر نہیں ہے، جو مہمان نوازی نہیں کرتا۔

مسند احمد 9087 (صحیح)

کون سا مومن زیادہ عقلمند ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک نصاری صحابی ؓ آئے، انھوں نے نبی کریم ﷺ کو سلام کیا، پھر کہا: اللّٰه کے رسول ﷺ ! کون سا مومن افضل ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کا اخلاق زیادہ اچھا ہو۔‘‘ انھوں نے کہا: کون سا مومن زیادہ عقل مند ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’ جو موت کو زیادہ یاد کرتے ہیں اور اسکے بعد ( کے مراحل ) کے لیے زیادہ اچھی تیاری کرتے ہیں، یہی عقل مند ہے ہیں ۔

سنن ابنِ ماجہ 4259 (صحیح)

زبان پر ہلکا, میزان میں بھاری ذکر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’ دو کلمات ایسے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں، ( اعمال کے ) میزان میں بھاری ہیں، رحمان کو پیارے ہیں۔ سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهٖ سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ ’’. میں اللہ کی پاکیزگی بیان کرتا ہوں اور اس کی تعریف کرتا ہوں، پاک ہے اللہ عظمتوں والا۔

سنن ابنِ ماجہ 3806 (صحیح)

آنسو جو خوفِ خدا سے نکلے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”ﷲﷻ کو دو قطروں اور دو نشانیوں سے زیادہ کوئی چیز محبوب نہیں ہے: آنسو کا ایک قطرہ جو ﷲ کے خوف کی وجہ سے نکلے اور دوسرا خون کا وہ قطرہ جو ﷲ کے راستہ میں بہے، دو نشانیوں میں سے ایک نشانی وہ ہے جو ﷲ کی راہ میں لگے اور دوسری نشانی وہ ہے جو ﷲ کے فرائض میں سے کسی فریضہ کی ادائیگی کی حالت میں لگے“۔

جامع الترمذی 1669 (صحیح)

ذکر واذکار کے فضائل وبرکات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سیّدنا جابر بن عبداللہؓ کا بیان ہے، جب سعد بن معاذؓ کا انتقال ہوا، ہم رسول ﷺ کی معیت میں گئے، آپ ‌ﷺ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی، بعد ازاں جب انہیں قبر میں رکھ کر مٹی برابر کردی گئی تو رسولِ اکرم ﷺ کافی دیر تک سُبحان اللّٰہ اور اللّٰہ اکبر پڑھتے رہے۔ ہم بھی آپ ‌ﷺ کے ہمراہ سبحان اللّٰہ اور اللّٰہ اکبر کہتے رہے۔ عرض کیا گیا: یا رسول اللہﷺ! اس موقع پر سبحان اللّٰہ اور اللّٰہ اکبر کہنے کی کیا وجہ تھی؟ فرمایا: اس صالح بندے پر اس کی قبر تنگ ہوگئی تھی۔ یہاں تک کہ ﷲﷻ نے اسے فراخ کردیا۔

مسند احمد 3329 (صحیح)

لوگوں میں خیر وخیرات تقسیم کرنا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک صحابیہ ؓ رسولِ کریم ﷺ کے ہاں آئیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ( مال کو ) تھیلی میں بند کرکے نہ رکھنا ورنہ اللّٰه پاک بھی تمہارے لیے اپنے خزانے میں بندش لگا دے گا۔ جہاں تک ہو سکے لوگوں میں خیر خیرات تقسیم کرتی رہ۔

صحیح البخاری 1434 (صحیح)

تکالیف کے باعث گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مسلمان جب بھی کسی پریشانی، بیماری، رنج و ملال، تکلیف اور غم میں مبتلا ہوجاتا ہے یہاں تک کہ اگر اسے کوئی کانٹا بھی چبھ جائے تو ﷲﷻ اسے اسکے گناہوں کا کفارہ بنا دیتا ہے۔

صحیح البخاری 5642 (صحیح)

قیامت کے دن دھوکے باز کی پہچان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  ہر دھوکہ دینے والے کے لیے قیامت کے دن ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعہ وہ پہچانا جائے گا۔

صحیح البخاری 6966 (صحیح)

ہر قسم کے ضرر سے حفاظت کی دعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص یہ دُعا پڑھے گا: بِسْمِ اللّٰہِ الَّذِی لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِہِ شَیْئٌ فِی الْأَرْضِ وَلَا فِی السَّمَائِ وَہُوَ السَّمِیعُ الْعَلِیمُ (اس اللہ کے نام کے ساتھ جس کے نام کے ساتھ زمین و آسمان میں کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی اور وہ خوب سننے والا اور خوب جاننے والا ہے)، کوئی چیز اس کو نقصان نہیں دے گی۔   

مسند احمد 5571 (صحیح)

سونے سے پہلے مسنون عمل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ ہر رات جب اپنے بستر پر تشریف لاتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کو اکٹھا کرکے ان میں ( قل هو الله أحد، قل أعوذ برب الفلق ) اور ( قل أعوذ برب الناس ) سورتیں پڑھ کر دم کرتے اور پھونک مارتے، پھر انہیں جہاں تک ہوسکتا پورے جسم پر پھیرتے۔ پہلے اپنے سر، چہرے اور اگلے حصے سے ابتداء کرتے اور تین بار ایسا کرتے۔

سنن ابوداؤد 5056 (صحیح)

جھوٹے حاکم کی تقلید پر وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: میرے بعد کچھ ایسے امیر ہوں گے کہ جو شخص انکے جھوٹ میں انکی تصدیق کرے گا اور انکے ظلم میں انکی مدد کرے گا تو اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ اس سے میرا کوئی تعلق ہے۔ اور اسے میرے پاس حوض کوثر پر آنا نصیب نہیں ہوگا۔ اور جو شخص انکے جھوٹ میں انکی تصدیق نہ کرے اور انکے ظلم میں انکا ساتھ نہ دے، وہ مجھ سے تعلق رکھتا ہے اور میں اس سے تعلق رکھتا ہوں اور وہ لازماً میرے پاس حوض کوثر پر آئے گا۔

سنن النسائی 4212 (صحیح)

محفل کے کفارہ کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اس سے بہت سی لغو اور بیہودہ باتیں ہوجائیں، اور وہ اپنی مجلس سے اٹھ جانے سے پہلے پڑھ لے:
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ ۔ تو اس مجلس میں اس سے ہونے والی لغزشیں معاف کردی جاتی ہیں“۔

جامع الترمذی 3433 (صحیح)

Thursday, 1 August 2024

ایمان کی نشانی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  قسم اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے ! تم میں سے کوئی شخص ( اس وقت تک ) مومن نہیں ہوسکتا جب تک وہ اپنے ( ہر مسلمان ) بھائی کے لیے اسی طرح خیر و بھلائی پسند نہ کرے جس طرح اپنے لیے کرتا ہے۔

سنن النسائی 5020 (صحیح)

ظاہری و باطنی عیب تلاش مت کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، دوسروں کے ظاہری عیب تلاش نہ کرو، دوسروں کے باطنی عیب مت ڈھونڈو، ایک دوسرے کے لیے دھوکے سے قیمتیں نہ بڑھاؤ ، اور اللہ کے ایسے بندے بن جاؤ جو آپس میں بھائی بھائی ہیں ۔

صحیح مسلم 6538 (صحیح)

والدین سے حُسنِ سلوک کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: والد راضی تو رب راضی، والد ناراض تو رب ناراض۔

مشکوٰۃ 4927 (صحیح)

میت پر قرض کی ادائیگی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریمﷺ کے یہاں نماز پڑھنے کے لیے کسی کا جنازہ آیا۔ آپﷺ نے دریافت فرمایا: کیا اس میت پر کسی کا قرض تھا؟ لوگوں نے کہا کہ نہیں۔ آپﷺ نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھا دی۔ پھر ایک اور جنازہ آیا۔ آپﷺ نے دریافت فرمایا، میت پر کسی کا قرض تھا؟ لوگوں نے کہا کہ ہاں تھا۔ یہ سن کر آپﷺ نے فرمایا: کہ پھر اپنے ساتھی کی تم ہی نماز پڑھ لو۔ حضرت ابوقتادہ ؓ نے عرض کیا یارسول اللہ ﷺ ! ان کا قرض میں ادا کر دوں گا۔ تب آپﷺ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ 

صحیح البخاری 2295

نماز کے بعد مسنون اذکار

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کچھ چیزیں نماز کے پیچھے ( بعد میں ) پڑھنے کی ایسی ہیں کہ ان کا کہنے والا محروم و نامراد نہیں رہتا، ہر نماز کے بعد 33 بار سبحان اللہ کہے، 33 بار الحمدللہ کہے، اور 34 بار اللہ اکبر کہے“۔

جامع الترمذی 3412 (صحیح)

قبر میں سوال و جواب کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ جب میت کو دفن کرکے فارغ ہوجاتے تو قبر پر رکتے اور فرماتے: اپنے بھائی کے لیے استغفار کرو اور ثابت قدمی کی دُعا کرو بیشک اب اس سے سوال کیا جائے گا۔

سنن ابوداؤد 3221 (صحیح)

جادو کرنا اور کرانا مہلک گناہ ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

شافع روزِ محشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تباہ کر دینے والی چیز ﷲﷻ کے ساتھ شرک کرنا ہے اس سے بچو، اور جادو کرنے کرانے سے بھی بچو۔

صحیح البخاری 5764 (صحیح)

دُعا کی قبولیت کی دُعا بھی مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اے اللّٰه ! میں تیری پناہ میں آتا ہوں اس علم سے جو فائدہ نہ دے، اس دل سے جو اللّٰه کے سامنے عاجزی نہ کرے، اس نفس سے جو سیر نہ ہو اور اس دُعا سے جو قبول نہ ہو۔

سنن النسائی 5538 (صحیح)

قناعت اختیار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  اس شخص نے فلاح پائی جس نے (اپنے رب کی) اطاعت کرلی اور اسے بقدر ضرورت رزق عطا کیا گیا اور ﷲﷻ نے جو اسے عطا کیا اس پر اس نے قناعت اختیار کی۔

مشکوٰۃ 5165 (صحیح)

اچھے اور بُرے خواب کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اچھا خواب ﷲ عزوجل کی طرف سے اور بُرا خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے۔ چنانچہ جب کوئی شخص کوئی ناپسند چیز دیکھے تو چاہیے کہ اپنے بائیں جانب تین بار تھوکے، پھر اس کے شر سے ﷲ کی پناہ مانگے۔ بلاشبہ وہ ( خواب ) اسے ضرر نہیں پہنچائے گا۔

 سنن ابوداؤد 5021 (صحیح)

قرآنِ پاک پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے اور مہربان نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور قرآن پڑھنے میں مہارت رکھتا ہے وہ بزرگ پاکباز فرشتوں کے ساتھ ہوگا، اور جو شخص قرآن پڑھتا ہے اور بڑی مشکل سے پڑھ پاتا ہے، پڑھنا اسے بہت شاق (مشکل ) گزرتا ہے تو اسے دہرا اجر ملے گا“۔

 جامع الترمذی 2904 (صحیح)

جہاد بالنفس کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مجاہد وہ ہے جو ﷲﷻ کی اطاعت کے بارے میں اپنے نفس سے جہاد کرے، جبکہ مہاجر وہ ہے جو خطاؤں اور گناہوں سے کنارہ کش ہوجائے ۔

 مشکوٰۃ 34 (صحیح)