Wednesday 29 May 2024

رزق و روزی پر قناعت کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  اس شخص نے فلاح پائی جس نے (اپنے رب کی) اطاعت کرلی اور اسے بقدر ضرورت رزق عطا کیا گیا اور ﷲﷻ نے جو اسے عطا کیا اس پر اس نے قناعت اختیار کی۔

مشکوٰۃ 5165 (صحیح)

سلام کرنے میں پہل کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: سلام میں پہل کرنے والا شخص ﷲﷻ کا سب سے زیادہ قریبی ہے ۔

مشکوٰۃ 4646 (صحیح)

توبہ، استغفار کرنے میں دیر مت کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”بندہ جب کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل میں ایک سیاہ نکتہ پڑ جاتا ہے، پھر جب وہ گناہ کو چھوڑ دیتا ہے اور استغفار اور توبہ کرتا ہے تو اس کے دل کی صفائی ہوجاتی ہے ( سیاہ دھبہ مٹ جاتا ہے ) اور اگر وہ گناہ دوبارہ کرتا ہے تو سیاہ نکتہ مزید پھیل جاتا ہے یہاں تک کہ پورے دل پر چھا جاتا ہے، اور یہی وہ ران ہے جس کا ذکر اللہ نے اس آیت كلا بل ران على قلوبهم ما كانوا يكسبون ”یوں نہیں بلکہ ان کے دلوں پر ان کے اعمال کی وجہ سے زنگ ( چڑھ گیا ) ہے“ ( المطففین: ۱۴ ) ، میں کیا ہے“۔  

جامع الترمذی 3334 (صحیح)

تلاوتِ قرآن کریم سے سکینہ کا نزول

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

  ایک صحابی ؓ نے ( نماز میں ) سورہ کہف کی تلاوت کی۔ اسی گھر میں گھوڑا بندھا ہوا تھا، گھوڑے نے اچھلنا کودنا شروع کر دیا۔ ( صحابی ؓ نے ادھر خیال نہ کیا اس کو خدا کے سپرد کیا) اس کے بعد جب انہوں نے سلام پھیرا تو دیکھا کہ بادل کے ایک ٹکڑے نے ان کے سارے گھر پر سایہ کر رکھا ہے۔ اس واقعہ کا ذکر انہوں نے نبی کریم ﷺ سے کیا تو آپﷺ نے فرمایا کہ قرآن پڑھتا ہی رہ کیونکہ یہ سکینہ ہے جو قرآن کی وجہ سے نازل ہوئی۔

صحیح البخاری 3614 (صحیح)

توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ﷲ سبحانهٌ وتعالٰی نے جس دن زمین و آسمان پیدا کیے تھے، اسی دن توبہ کے لیے یہ دروازہ کھولا تھا، اب وہ اس کو اس وقت تک بند نہیں کرے گا، جب تک سورج اس کی طرف سے یعنی مغرب سے طلوع نہیں ہو جاتا۔ 

مسند احمد 13037 (صحیح)

نفل نمازوں کی اہمیّت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  سب سے پہلے بندے سے اسکی نماز کا حساب لیا جائے گا۔ اگر اس نے نمازوں کو مکمل کیا ہوگا ( تو درست ) ورنہ ﷲﷻ ( فرشتوں سے ) فرمائے گا: دیکھو ! کیا میرے بندے کے نامۂ اعمال میں کوئی نفل ہیں؟ اگر نفل پائے گئے تو اللہ تعالٰی فرمائے گا، ان سے فرضوں کی کمی کو پورا کر دو۔

سنن النسائی 468 (صحیح)

رات کو سونے کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
نبی کریم ﷺ جب رات میں بستر پر لیٹتے تو اپنا (دایاں) ہاتھ اپنے رخسار کے نیچے رکھتے اور یہ کہتے  اللَّهُمَّ بِاسْمِكَ أَمُوتُ وَأَحْيَا ” اے اللہ ! تیرے نام کے ساتھ مرتا ہوں اور زندہ ہوتا ہوں۔“ اور جب آپﷺ بیدار ہوتے تو کہتے الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَحْيَانَا بَعْدَ مَا أَمَاتَنَا وَإِلَيْهِ النُّشُورُ ” تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے ہمیں زندہ کیا اس کے بعد کہ ہمیں موت ( مراد نیند ہے ) دے دی تھی اور تیری ہی طرف جانا ہے ۔

صحیح البخاری 6314 (صحیح)

بہنوں، بیٹیوں سے حسنِ سلوک کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”جس کے پاس تین لڑکیاں، یا تین بہنیں، یا دو لڑکیاں، یا دو بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور ان کے حقوق کے سلسلے میںﷲ سبحانهٌ وتعالٰی سے ڈرے تو اس کے لیے جنت ہے“۔

جامع الترمذی 1916 (صحیح)

قرآنِ کریم یاد کرتے، دھراتے رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ” ان میں سے یا تم میں سے کسی کے لیے یہ کہنا بُرا ہے کہ میں فلاں فلاں آیت بھول گیا، بلکہ یہ کہو کہ وہ بھلا دیا گیا۔ تم قرآن یاد کرتے دھراتے رہو، قسم ہے جو اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے! قرآن لوگوں کے سینوں سے نکل بھاگنے میں چوپایوں کے اپنی رسی سے نکل بھاگنے کی بہ نسبت زیادہ تیز ہے“۔

جامع الترمذی 2942 (صحیح)

وَإِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِيْنِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ہر بیماری کا علاج ہے، جب دواء بیماری کے مطابق ہوجاتی ہے تو اللّٰه کریم کے حکم سے مریض صحت مند ہو جاتا ہے۔ 

مسند احمد 7622 (صحیح)

جنت میں داخل کرنے والے اعمال

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت نعمان بن قوقل ؓ آئے اور کہا: اے ﷲ کے رسولﷺ ! آپ کیا فرماتے ہیں کہ جب میں فرض نماز ادا کروں، حرام کو حرام اور حلال کو حلال سمجھوں تو کیا میں جنت میں داخل ہو جاؤں گا ؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:  ہاں ! 

صحیح مسلم 108 (صحیح)

Sunday 19 May 2024

دنیا میں زندگی بسر کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسولِ کریم ﷺ نے میرا شانہ پکڑ کر فرمایا: دنیا میں اس طرح ہوجا جیسے تو مسافر یا راستہ چلنے والا ہو۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرمایا کرتے تھے شام ہوجائے تو صبح کے منتظر نہ رہو اور صبح کے وقت شام کے منتظر نہ رہو، اپنی صحت کو مرض سے پہلے غنیمت جانو اور زندگی کو موت سے پہلے۔

صحیح البخاری 6416 (صحیح)

ﷲ کی یاد سے غافل نہ رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جو شخص کہیں لیٹا ہو اور اس میں ﷲﷻ کا ذکر نہ کیا ہو تو قیامت کے دن اسے حسرت و افسوس ہوگا۔ اور جو شخص کہیں بیٹھا ہو اور وہاں ﷲ عزوجل کا ذکر نہ کیا ہو تو قیامت کے دن اسے حسرت و افسوس ہوگا۔

سنن ابوداؤد 5059 (صحیح)

اللّٰہ غافل دل کی دُعا قبول نہیں کرتا

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

تاجدار کائنات حضورِ اقدسﷺ نے فرمایا: ”تم ﷲﷻ سے دُعا مانگو اور اس یقین کے ساتھ مانگو کہ تمہاری دُعا ضرور قبول ہوگی، اور (اچھی طرح) جان لو کہ اللہ تعالٰی بےپرواہی اور بے توجہی سے مانگی ہوئی غفلت اور لہو و لعب میں مبتلا دل کی دُعا قبول نہیں کرتا“۔

 جامع ترمذی 3479 (صحیح)

آسانیاں پیدا کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو دنیا میں مسلمان کی عیب پوشی کرے گا، ﷲﷻ دنیا وآخرت میں اسکی عیب پوشی کرے گا، جو مصیبت زدہ کو نجات دلائے گا، ﷲ تعالٰی اسے قیامت کے مصائب سے ایک مصیبت سے آزاد کرے گا اور جو شخص اپنے بھائی کی مدد میں رہے گا، ﷲ تعالٰی اس کی حاجت پوری کرنے میں رہے گا۔ 

مسند احمد 6009(صحیح)

نفرتیں پھیلانے والوں کے لیے وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص کسی عورت کو اس کے خاوند کے خلاف یا غلام کو اس کے آقا کے خلاف بھڑکائے وہ ہم میں سے نہیں۔

مشکوٰۃ 3262 (صحیح)

رات کو آگ و چولھے بند کر دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مدینہ منورہ میں ایک گھر مالکوں سمیت جل گیا، جب رسولِ کریم ﷺ کو ان کی صورتحال بتلائی گئی تو آپ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: یہ آگ تمہاری دشمن ہے، اس لیے جب تم سونے لگو تو اس کو بجھا دیا کرو۔

مسند احمد 5517 (صحیح)

کبیرہ گناہوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ﷲ سبحانهٌ وتعالٰی کے ساتھ شریک بنانا، والدین کی نافرمانی کرنا، قتلِ نفس اور جھوٹی قسم اٹھانا کبیرہ گناہ ہیں۔

مشکوٰۃ 50 (صحیح)

مزدور کی مزدوری مارنے لینے کا گناہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے بتلایا کہ ﷲﷻ کا فرمان ہے کہ تین قسم کے لوگ ایسے ہیں کہ جن کا قیامت میں میں خود مدعی بنوں گا۔ ایک تو وہ شخص جس نے میرے نام پہ عہد (اللّٰہ کی قسم پر) کیا، اور پھر وعدہ خلافی کی۔ دوسرا وہ جس نے کسی آزاد آدمی کو بیچ کر اس کی قیمت کھائی۔ اور تیسرا وہ شخص جس نے کسی کو مزدور کیا ، پھر کام تو اس سے پورا لیا، لیکن اس کی مزدوری نہ دی ۔

صحیح البخاری 2270 (صحیح)

ملازم کو کھانا کھلانے کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم میں کسی شخص کا خادم اس کا کھانا لائے تو اگر وہ اسے اپنے ساتھ نہیں بٹھا سکتا تو کم از کم ایک یا دو لقمہ اس کھانے میں سے اسے کھلا دے ( کیونکہ ) اس نے ( پکاتے وقت ) اس کی گرمی اور تیاری کی مشقت برداشت کی ہے۔

صحیح البخاری 5460 (صحیح)

زبان کی حفاظت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 جب اِبن آدم صبح کرتا ہے تو سارے اعضاء زبان سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے (حقوق کے تحفظ کے) بارے میں ﷲ سے ڈرنا، کیونکہ ہم تیرے رحم و کرم پر ہیں، اگر تو سیدھی رہی تو ہم بھی سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہوگئی تو ہم بھی ٹیڑھے ہوجائیں گے ۔

مشکوٰۃ 4838

قصر نماز کی مدت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
حضرت موسیٰ بن اسماعیل ؓ نے بیان کیا: نبی کریم ﷺ ( مکہ میں فتح مکہ کے موقع پر ) انیس دن ٹھہرے اور برابر قصر کرتے رہے۔ اس لیے انیس دن کے سفر میں ہم بھی قصر کرتے رہتے ہیں اور اس سے اگر زیادہ ہوجائے تو پوری نماز پڑھتے ہیں ۔

صحیح البخاری 1080 (صحیح)

ﷲ کی تقسیم پر راضی رہنے کی ترغیب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ﷲﷻ اپنے بندے کو اس چیز کے ساتھ آزماتا ہے، جو اس کو عطا کرتا ہے، پس جو شخصﷲ تعالٰی کی تقسیم پر راضی ہوجائے، ﷲ کریم اس کے لیے اس کے رزق میں برکت کرتا ہے اور مزید وسعت عطا کرتا ہے اور جو اس تقسیم پر راضی نہیں ہوتا، اس کے رزق میں برکت نہیں کی جاتی۔

مسند احمد 9311 (صحیح)

سونا اور ریشم کے بارے میں حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے اپنے بائیں ہاتھ میں ریشم اور دائیں ہاتھ میں سونا لیا، پھر دونوں ہاتھ بلند کرکے فرمایا:  یہ دونوں چیزیں میری امت کے مٓردوں پر حرام اور ان کی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔

سنن ابنِ ماجہ 3595 (صحیح)

نمازیوں کے لیے اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جو شخص باوضو ہوکر فرض نماز کے لیے اپنے گھر سے روانہ ہوتا ہے تو اس کا اجر احرام باندھ کر حج کے لیے روانہ ہونے والے کے اجر کی طرح ہے، اور جو شخص صرف نمازِ چاشت کے لیے روانہ ہوتا ہے اس کے لیے عمرہ کرنے والے کی مثل اجر ہے، اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز اس طرح پڑھنا کہ ان‘‘

مشکوٰۃ 728 (صحیح)

Sunday 5 May 2024

کھانے پینے کے بعد شکر کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

تاجدار کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: کھانا کھاکر شُکر کرنے والا، صبر کرنے والے روزہ دار کی طرح ہے۔

مشکوٰۃ 4205 (صحیح)

سخاوت کی فضیلت بخل کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت اسماء ؓ بیان کرتی ہیں، صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: خرچ کر لیکن شمار نہ کر ورنہ ﷲﷻ تجھے بھی گن گن کر دے گا، (مال کو) روک کر نہ رکھ ورنہ ﷲ تجھ سے روک لے گا اور جتنا ہوسکے عطا کرتی رہو۔

مشکوٰۃ 1861 (متفق علیہ)

بائیں ہاتھ سے کھانے پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

ذکر الٰہی کرنے والوں کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جو قوم ﷲﷻ کو یاد کرتی ہے ( ذکر الٰہی میں رہتی ہے ) اسے فرشتے گھیر لیتے ہیں اور رحمت الٰہی اسے ڈھانپ لیتی ہے، اس پر سکینت ( طمانیت ) نازل ہوتی ہے اور ﷲ اس کا ذکر اپنے ہاں فرشتوں میں کرتا ہے“۔

جامع الترمذی 3378 (صحیح)

تہجد کی نیت کرکے سونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جو آدمی بستر پر لیٹتے وقت نیت رکھتا ہوکہ رات کو ( نمازِ تہجد کے لیے ) اٹھے گا لیکن اسے گہری نیند آ گئی اور وہ صبح تک سویا رہا تو اسکے لئے اس نماز کا ثواب لکھا جائے گا جس کی اس نے نیت کی اور اسکی نیند اس کے رب عزوجل کی طرف سے اس پر نوازش ہوگی ۔

سنن النسائی 1788 (صحیح)

شوہر پر بیوی کے حقوق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”ایمان میں سب سے کامل مومن وہ ہے جو سب سے بہتر اخلاق والا ہو، اور تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اخلاق میں اپنی عورتوں کے حق میں سب سے بہتر ہو“۔

جامع الترمذی 1162

با وضو عیادت کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

جو شخص شام کے وقت کسی مریض کی عیادت کے لیے نکلتا ہے تو اس کے ساتھ ستر ہزار فرشتے بھی نکلتے ہیں جو اس کے لیے صبح تک بخشش طلب کرتے رہتے ہیں اور جنت میں اسے ایک باغ بھی حاصل ہوگا، اور جو کوئی صبح کے وقت عیادت کے لیے نکلے تو اس کے ساتھ ستر ہزار فرشتے نکلتے ہیں جو اس کے لیے شام تک بخشش مانگتے رہتے ہیں اور جنت میں اسے ایک باغ بھی حاصل ہوگا ۔  

سنن ابوداؤد 3098 (صحیح)

مومن کے مومن پر چھ حقوق

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”مومن کے مومن پر چھ حقوق ہیں، ( 1 ) جب بیمار ہو تو اسکی بیمار پرسی کرے، ( 2 ) جب مرے تو اسکے جنازے میں شریک ہو، ( 3 ) جب دعوت کرے تو قبول کرے، ( 4 ) جب ملے تو اس سے سلام کرے، ( 5 ) جب اسے چھینک آئے تو اسکی چھینک کا جواب دے، ( 6 ) اسکے سامنے موجود رہے یا نہ رہے اس کا خیرخواہ ہو“۔

جامع الترمذی 2737 (صحیح)