Monday, 26 January 2026

مال کی حوس اور فتنہ کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  اگر انسان کے پاس مال کی دو وادیاں ہوں تو تیسری کا خواہشمند ہوگا اور انسان کا پیٹ ( قبر کی) مٹی کے سوا اور کوئی چیز نہیں بھر سکتی اور ﷲﷻ اس شخص کی توبہ قبول کرتا ہے جو ( دل سے ) سچی توبہ کرتا ہے ۔

صحیح البخاری 6436 (صحیح)

ﷲﷻ کے بہترین اور بدترین بندے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  ﷲﷻ کے بہترین بندے وہ ہیں کہ جب انہیں دیکھا جائے تو ﷲ یاد آ جائے ، جبکہ اللّٰه کے بندوں میں سے بدترین لوگ چغل خور ، پیاروں کے درمیان جدائی ڈالنے والے اور (گناہوں سے) لاتعلق لوگوں پر برائی کا الزام لگانے والے ہیں۔

مشکوٰۃ 4872 (صحیح)

سب سے افضل اعمال کون سے ہیں؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اِمَامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا:  سب سے افضل اعمال ( یا عمل ) وقت پر نماز پڑھنا اور والدین سے حسن سلوک کرنا ہیں۔

صحیح مسلم 256 (صحیح)

صرف اور صرف حلال رزق طلب کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: رزق كے بارے میں كبھی بھی یہ خیال مت كرو كہ وہ دیر سےپہنچا كیوں كہ كوئی بھی بندہ اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک وہ اپنے رزق كا آخری لقمہ نہ كھالے اس لئے مانگنے میں اچھا طریقہ اختیار كرو، حلال لو، حرام چھوڑ دو۔

السلسلۃ 1134 (صحیح)

زندگی اور زندگی کی حقیقت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسولِ کریم ﷺ نے میرا شانہ پکڑ کر فرمایا : ” دنیا میں اس طرح ہوجا جیسے تو مسافر یا راستہ چلنے والا ہو۔“ حضرت عبداللہ بن عمر ؓ فرمایا کرتے تھے شام ہوجائے تو صبح کے منتظر نہ رہو اور صبح کے وقت شام کے منتظر نہ رہو ، اپنی صحت کو مرض سے پہلے غنیمت جانو اور زندگی کو موت سے پہلے۔

صحیح البخاری 6416 (صحیح)

سود کے بارے میں بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت بلال ؓ برنی (بڑی عمدہ قسم کی) کھجوریں لے کر نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ ﷺ نے ان سے پوچھا: یہ کہاں سے لائے ہو؟ انہوں نے عرض کیا، ہمارے پاس نِکمی کھجوریں تھیں میں نے ان کے دو صاع کے عوض ان کا ایک صاع لیا ہے، آپ ﷺ نے فرمایا افسوس ! افسوس ! یہ تو بالکل سود ہے، بالکل سود ہے، ایسے نہ کرو، بلکہ جب تم خریدنا چاہو تو اُن کھجوروں کو فروخت کرو، پھر اس (قیمت) کے عوض اِنہیں خریدو۔

مشکوٰۃ 2814 (متفق علیہ)

غریبوں کیلئے دروازے بند مت کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ”جو بھی حاکم حاجت مندوں، محتاجوں اور مسکینوں کے لیے اپنے دروازے بند رکھتا ہے تو ﷲﷻ بھی اسکی ضرورت، حاجت اور مسکنت کے لیے اپنے دروازے بند رکھتا ہے“۔

جامع الترمذی 1332 (صحیح)

ﷲﷻکی رحمت سے مایوس نہ ہونا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’ ہمارا رب بندوں کی مایوسی پر ہنستا ہے حالانکہ اسکی طرف سے حالات کی تبدیلی قریب ہوتی ہے ۔‘‘ میں نے عرض کیا : اے ﷲ کے رسول ﷺ ! کیا رب تعالٰی ہنستا ہے ؟ فرمایا :’’ ہاں ۔‘‘ میں(حضرت ابورزین ؓ) نے کہا: ہم ایسے رب کی خیر سے کبھی محروم نہیں ہوں گے جو ہنستا ہے ۔

سنن ابنِ ماجہ 181 (صحیح)

دُعا جس کی قبولیت میں شک نہیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ِاِمَامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا :  تین دعاؤں کے قبول ہونے میں شک نہیں۔ باپ کی دُعا ، مسافر کی دُعا اور مظلوم کی دُعا ۔

سنن ابوداؤد 1536 (صحیح)

سخت دل کو نرم کرنے کا نسخہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی نے رسولِ کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے شکایت کی کہ اس کا دل بہت سخت ہے۔ آپ ﷺ نے اس سے فرمایا: اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا دل نرم ہو جائے تو مسکین کو کھانا کھلاؤ، اور یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرو۔

السلسلۃ 281 (صحیح)

حج و عمرہ کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ایک عمرہ دوسرے عمرہ تک کے درمیانی وقفہ میں ہونے والے گناہوں کا کفارہ ہے، اور حج مقبول کی جزا جنت ہی ہے۔

مشکوٰۃ 2508 (متفق علیہ)

قرض نہ ادا کرنے کی نیت پر وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو کوئی لوگوں کا مال قرض کے طور پر ادا کرنے کی نیت سے لیتا ہے تو اللّٰه تعالٰی بھی اسکی طرف سے ادا کرے گا اور جو کوئی نہ دینے کے لیے لے، تو اللّٰه تعالٰی بھی اسکو تباہ کردے گا ۔

صحیح البخاری 2387 (صحیح)

تسبیحاتِ فاطمہ ؓ کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کچھ چیزیں نماز کے پیچھے  ( بعد میں )  پڑھنے کی ایسی ہیں کہ ان کا کہنے والا محروم و نامراد نہیں رہتا، ہر نماز کے بعد 33 بار سبحان اللہ کہے، 33 بار الحمدللہ کہے، اور 34 بار اللہ اکبر کہے“۔ 

جامع الترمذی 3412 (صحیح)

مخلوق کی ابتداء کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں، رسولِ کریم ﷺ نے میرا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: ﷲﷻ نے مٹی (زمین) کو ہفتے کے دن پیدا فرمایا، اتوار کے روز اس میں پہاڑ پیدا فرمائے، پیر کے دن درخت پیدا فرمائے، مکروہ چیزیں منگل کے دن پیدا فرمائیں، بدھ کے روز نور پیدا فرمایا، جمعرات کے روز اس میں چوپائے پھیلائے اور آدم ؑ کو جمعہ کے دن عصر کے بعد مخلوق میں سب سے آخر پر پیدا فرمایا، اور دن کی آخری گھڑی عصر اور شام کے درمیان ہے۔

مشکوٰۃ 5734 (صحیح)

Monday, 12 January 2026

موزوں پر مسح کرنے کی مدت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے مسافر کو تین دن اور مقیم کو ایک دن موزوں پر مسح کرنے کی رخصت عنایت فرمائی ہے بشرطیکہ انہوں نے وضو کے بعد (چمڑے کے) موزے پہنے ہوں"۔

مشکوٰۃ 519 (صحیح)

گفتگو و معاملات میں نرمی رکھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے۔

مشکوٰۃ 5069 (صحیح)

مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کرتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جنت میں آدمی کا درجہ بلند کیا جاتا ہے، وہ کہتا ہے یہ کس وجہ سے ہوا ؟ اسے کہا جاتا ہے، تیری اولاد کے تیرے لیے دعائے مغفرت کرنے کی وجہ سے۔

سنن ابنِ ماجہ 3660 (صحیح)

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: لوگوں کے گروہ ہر صورت جمعہ چھوڑ دینے سے باز آجائیں یا ﷲ تعالٰی ان کے دلوں پر مہر لگادے گا پھر وہ غافلوں میں سے ہوجائیں گے۔

صحیح مسلم 2002 (صحیح)

مشکلات نہیں آسانیاں پیدا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے ارشاد فرمایا: لوگوں کو علم سکھاؤ ، آسانیاں پیدا کرو ، مشکلات پیدا نہ کرو اور تین مرتبہ فرمایا کہ جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے خاموشی اختیار کرلینا چاہئے ۔ 

مسند احمد 3448 (صحیح)

سجدہ میں کثرت سے دُعا مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مکینِ گنبدِ خضرا رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  بندہ اپنے رب کے سب سے زیادہ قریب اس حالت میں ہوتا ہے جب وہ سجدے میں ہوتا ہے، لہذا اس میں کثرت سے دُعا کرو۔


صحیح مسلم 1083 (صحیح)

کس نے ایمان کی لذت پالی؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جس شخص میں تین خصلتیں ہوں اس نے ان کے ذریعے ایمان کی لذت و حلاوت کو پالیا، جس کو ﷲﷻ اور اسکے رسول ﷺ سب سے زیادہ محبوب ہوں، جو شخص کسی سے محض ﷲ کی رضا کی خاطر محبت کرتا ہو، اور جو شخص دوبارہ کافر بننا، اسکے بعد کہ ﷲ نے اسے اس سے بچا لیا، ایسے ناپسند کرتا ہو جیسے وہ آگ میں ڈالا جانا ناپسند کرتا ہے۔

مشکوٰۃ 8 (متفق علیہ)

توبہ کرنے میں دیر مت کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ِاِمَامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: جب کسی مسلمان سے کوئی گناہ سرزد ہوتا ہے تو اسکے دل پر ایک سیاہ دھبہ پڑ جاتا ہے، اگر وہ توبہ و استغفار کرلے تو اس کا دل پھر سے صاف روشن ہوجاتا ہے، ورنہ جتنے گناہ بڑھتے جاتے ہیں اتنے ہی سیاہ دھبے بڑھتے جاتے ہیں، حتٰی کہ اسکے دل پر وہ زنگ چھا جاتا ہے جس کا ذکر ﷲﷻ نے قرآن کریم میں ان الفاظ کے ساتھ کیا ہے ۔ كَلَّا بَلْ رَانَ عَلَى قُلُوبِهِمْ مَا كَانُوا يَكْسِبُونَ۔

مسند احمد 7939 (صحیح)

نماز فجر سے اشراق تک ذِکر کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے نمازِ فجر جماعت سے پڑھی پھر بیٹھ کر ﷲﷻ کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل گیا، پھر اس نے دو رکعتیں پڑھیں، تو اسے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا“۔ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”پورا، پورا، پورا، یعنی حج و عمرے کا پورا ثواب“۔

جامع الترمذی 586 (صحیح)

حسد وبغض وعداوت - نیکیاں زائل

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ سابقہ امتوں کی بیماری (غیر محسوس طریقے سے) تمہاری طرٖف منتقل ہوگئی ہے، حسد اور بغض و عداوت، اور وہ نیکیوں کو زائل کرنے والی ہے، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ وہ (بیماری) بال مونڈتی ہے بلکہ وہ دین کو ختم کردیتی ہے۔

مشکوٰۃ 5039(صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929 (صحیح)

سب سے پہلے نمازوں کی پوچھ ہوگی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  سب سے پہلے بندے سے اسکی نماز کا حساب لیا جائے گا۔ اگر اس نے نمازوں کو مکمل کیا ہوگا ( تو درست ) ورنہ ﷲﷻ ( فرشتوں سے ) فرمائے گا: دیکھو ! کیا میرے بندے کے نامۂ اعمال میں کوئی نفل ہیں؟ اگر نفل پائے گئے تو ﷲ تعالٰی فرمائے گا، ان سے فرضوں کی کمی کو پورا کر دو۔

سنن النسائی 468 (صحیح)