Monday, 26 February 2024

درُود وسلام کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک روز رسولِ کریم ﷺ بڑے خوش تشریف لائے اور فرمایا: جبریلِ امین میرے پاس تشریف لائے اور انہوں نے فرمایا: آپ کا رب فرماتا ہے: محمد ﷺ ! کیا یہ بات آپ کے لیے باعث مسرت نہیں کہ جب آپکی امت میں سے کوئی شخص ایک مرتبہ آپ پر درود بھیجے تو میں اس پر دس رحمتیں بھیجوں اور آپ کی امت میں سے جو شخص ایک مرتبہ آپ پر سلام بھیجے تو میں اس پر دس مرتبہ سلامتی بھیجوں۔

مشکوٰۃ 928 (صحیح)

نیکی اور بدی کیا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ایک آدمی نے نبيِ رحمت ﷺ سے نیکی اور بدی کے بارے میں سوال کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ” نیکی اچھے اخلاق کا نام ہے اور گناہ وہ ہے جو تمہارے دل میں کھٹک پیدا کرے اور لوگوں کو معلوم ہونا تجھے ناگوار گزرے“۔

جامع الترمذی 2389 (صحیح)

زکوٰۃ ادا نہ کرنے کا عذاب


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جسے ﷲﷻ نے مال دیا اور اس نے اس کی زکوٰۃ نہیں ادا کی تو قیامت کے دن اس کا مال نہایت زہریلے گنجے سانپ کی شکل اختیار کرلے گا۔ اس کی آنکھوں کے پاس دو سیاہ نقطے ہوں گے۔ جیسے سانپ کے ہوتے ہیں، پھر وہ سانپ اس کے دونوں جبڑوں سے اسے پکڑ لے گا اور کہے گا کہ میں تیرا مال اور خزانہ ہوں۔

صحیح البخاری 1403 (صحیح)

ﷲﷻ بہت غفور الرحیم ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’ مسلمان کو جو بھی پریشانی، غم، رنج، تکلیف اور دکھ پہنچتا ہے حتیٰ کہ اگر اسے کوئی کانٹا بھی چبھتا ہے تو ﷲ تعالٰی اس (تکلیف) کی وجہ سے اس کے گناہ معاف فرما دیتا ہے۔

مشکوٰۃ 1537 (متفق علیہ)

فی سبیل اللہ خرچ کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص ﷲﷻ کے راستے میں کوئی چیز خرچ کرے، اس کے لیے اسے سات سو گنا تک لکھا جاتا ہے ۔

سنن النسائی 3188 (صحیح)

جاسوسی اور بدگمانی کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: بدگُمانی سے بچو، بیشک بدگمانی سب سے جھوٹی بات ہے، جاسوسی نہ کرو، ٹوہ میں نہ لگ جاؤ، آپس میں بغض نہ رکھو، باہمی قطع تعلقی اور دشمنی سے بچو، مقابلہ بازی میں نہ پڑو اور اللّٰه کے بندو ! بھائی بھائی بن جاؤ"۔

مسند احمد 9798 (صحیح)

خطاؤں اور گناہوں کی تشہیر نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’میری تمام اُمت کو ( گناہوں پر) معافی ملے گی، سوائے اُن لوگوں کے جو ( اپنے گناہوں کا) اعلان کرنے والے ہیں۔ اعلان میں یہ ہے کہ بندہ رات کو ایک کام کرے، پھر صبح ہو تو ﷲﷻ نے اس کا پردہ رکھا ہوا ہو اور وہ خود کہے اے فلاں ! میں نے پچھلی رات ایسا ایسا کام کیا، حالانکہ اس نے رات گزار دی، اس کے رب نے اس پر پردہ ڈالے رکھا اور وہ صبح کرتا ہے تو وہ اپنے رب کا ڈالا ہوا پردہ خود اتار دیتا ہے"۔

صحیح مسلم 7485 (صحیح)

والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو آدمی یہ پسند کرتا ہے کہ اسکی عمر بڑھادی جائے اور اس کے رزق میں اضافہ کردیا جائے تو وہ اپنے والدین سے نیکی کرے اور صلہ رحمی کرے"۔ 

مسند احمد 8989 (صحیح)

نصف شعبان کی رات کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ نصف شعبان کی رات کو اپنی مخلوق پر نظر ڈالتا ہے اور اپنے تمام بندوں کی مغفرت کر دیتا ہے، ماسوائے دو قسم کے آدمیوں کے، کسی سے بغض رکھنے والا اور کسی کا قاتل"۔ 

مسند احمد 12763 (صحیح)

Friday, 16 February 2024

معاملات میں نرمی کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے۔

مشکوٰۃ 5069 (صحیح)

جمعہ کے روز درود پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: دِنوں میں افضل ترین جمعہ کا دن ہے، اس میں آدم علیہ السلام کو پیدا کیا گیا اور فوت کیا گیا، اور اسی میں نَفْخَہ اولٰی ہوگا، لہٰذا تم مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، کیونکہ تمہارا یہ درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔ صحابہ کرام ؓ نے کہا: اے اللّٰه کے رسولﷺ ! ہمارا درود آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا، جبکہ آپﷺ تو (مٹی میں) فنا ہوچکے ہوں گے؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: اللّٰه تعالٰی نے زمین پر حرام کردیا کہ وہ انبیاء کے جسموں کو کھائے۔  

مسند احمد 2701 (صحیح)

پیغامِ نکاح اور دیکھنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

حضرت مغیرہ بن شعبہ ؓ بیان کرتے ہیں، میں نے ایک عورت کو پیغام نکاح بھیجا تو رسولِ کریم‌ ﷺ نے مجھے فرمایا: ’’ کیا تم نے اسے دیکھا ہے؟ ‘‘میں نے عرض کیا: نہیں ، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اسے دیکھ لو، کیونکہ وہ زیادہ مناسب ہے کہ تم دونوں کے درمیان محبت ڈال دی جائے ۔

مشکوٰۃ 3107 (صحیح)

شرکِ اصغر سے بچنے کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’مجھے تمہارے متعلق شرک اصغر کا سب سے زیادہ اندیشہ ہے ۔‘‘ انہوں نے عرض کیا ، اللّٰه کے رسول ﷺ ! شرک اصغر سے کیا مراد ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ ریا کاری ۔‘‘

مشکوٰۃ 5334 (صحیح)

مسجد میں نماز پڑھنے کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص باوضو ہوکر فرض نماز کے لیے اپنے گھر سے روانہ ہوتا ہے تو اس کا اجر احرام باندھ کر حج کے لیے روانہ ہونے والے کے اجر کی طرح ہے، اور جو شخص صرف نماز چاشت کے لیے روانہ ہوتا ہے اُس کے لیے عمرہ کرنے والے کی مثل اجر ہے، اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز اس طرح پڑھنا کہ ان کے درمیان کوئی لغو بات نہ ہو اس کا عمل علیین میں لکھ دیا جاتا ہے۔

مشکوٰۃ 728 (صحیح)

قرض واپس نہ کرنے پر وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا:  جو شخص اس حال میں فوت ہوا کہ اُسکے ذمے ایک دینار یا ایک درہم تھا، وہ اُسکی نیکیوں سے ادا کیا جائے گا، وہاں ( آخرت میں ) دینار ہوں گے نہ درہم۔

سنن ابنِ ماجہ 2414 (صحیح)

سجدہ کی حالت میں دُعا کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

مکینِ گنبدِ خضرا ہمارے پیارے رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  بندہ اپنے رب کے سب سے زیادہ قریب اس حالت میں ہوتا ہے جب وہ سجدے میں ہوتا ہے، لہٰذا اس میں کثرت سے دُعا کرو ۔

صحیح مسلم 1083 (صحیح)

زبانِ خلق کو نقارہ خدا سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ’’جنتی آدمی وہ ہے جس کے کانوں کو ﷲﷻ لوگوں کی اچھی رائے سے بھر دیتا ہے، اور وہ سن رہا ہوتا ہے ( کہ لوگ میری تعریف کر رہے ہیں۔) اور جہنمی وہ ہے جس کے کانوں کو ﷲ تعالٰی لوگوں کی بُری رائے سے بھر دیتا ہے اور وہ سن رہا ہوتا ہے ( کہ لوگ مجھے اچھا نہیں سمجھتے۔‘‘) 

سنن ابنِ ماجہ 4224 (صحیح)

تین حکمت و دانائی والی نصیحتیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نے نبيِ رحمت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا: ﷲ کے رسولﷺ ! مجھے ( دین کی باتیں ) سکھایئے اور اختصار کیجیے: رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ جب تو نماز پڑھنے کھڑا ہو تو ایسے نماز پڑھ جیسے تو دُنیا سے رخصت ہونے والا ہو۔ اور کوئی ایسی بات نہ کہہ جس سے ( بعد میں ) معذرت کرنی پڑے۔ اور لوگوں کے ہاتھ میں جو کچھ ہے اس سے پوری طرح مایوس ہوجا۔

سنن ابنِ ماجہ 4147 (صحیح)

کلمہ حق کہنے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  سب سے فضیلت والا جہاد اس شخص کا ہے جو ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہتا ہے۔

مشکوٰۃ 3705 (صحیح)

منافق کی چار عادتیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضور اقدس ﷺ نے فرمایا:  جس شخص میں چار خصلتیں ہوں وہ خالص (پکا) منافق ہے، اور جس میں ان میں سے ایک خصلت ہو تو اس میں نفاق کی ایک خصلت ہے حتیٰ کہ وہ اسے ترک کردے ۔ جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو اس میں خیانت کرے، جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب عہد کرے تو عہد شکنی کرے

مشکوٰۃ 56 (صحیح)

موت کی تمنا ہرگز نہ کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  کوئی شخص تم میں سے موت کی آرزو نہ کرے، اگر وہ نیک ہے تو ممکن ہے نیکی میں اور زیادہ ہو اور اگر بُرا ہے تو ممکن ہے اس سے توبہ کرلے ۔

صحیح البخاری 7235 (صحیح)

زہد ، تقوٰی اور پرہیز گاری کا حصول

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ﷲ کے رسول ﷺ ! نجات کی کیا صورت ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اپنی زبان کو قابو میں رکھو، اپنے گھر کی وسعت میں مقید رہو اور اپنی خطاؤں پر روتے رہو“۔

جامع الترمذی 2406 (صحیح)

مسلمان کی پردہ پوشی و مدد کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

شافع روزِ محشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو آدمی کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا، ﷲﷻ دنیا و آخرت میں اس کی پردہ پوشی کرے گا، جو آدمی کسی مغموم اور پریشان حال کو نجات دلاتا ہے، ﷲ تعالٰی اس کی روزِ قیامت کی پریشانیوں میں سے ایک پریشانی دور کردے گا اور جو آدمی اپنے بھائی کی حاجت کو پورا کرنے میں لگا رہتا ہے، ﷲ کریم اس کی ضرورت کو پورا کرتا رہتا ہے ۔

مسند احمد 9112 (صحیح)

استغفار اور اس کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: " بندہ اس وقت تک ﷲﷻ کے عذاب سے امن میں رہتا ہے، جب تک ﷲ تعالٰی سے استغفار کرتا رہتا ہے"۔

مسند احمد 5483 (صحیح)

Friday, 2 February 2024

شراب- دس لوگوں پر ﷲ کی لعنت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ﷲ نے شراب پر، اس کے پینے والے، اس کے پلانے والے، اس کے بیچنے والے، اس کے خریدنے والے، اس کے بنانے والے، جس کے لیے بنائی جائے اس پر، اسے لے کر جانے والے اور جس کے لیے لے کر جائی جائے، ان سب پر لعنت فرمائی۔

مشکوٰۃ 2777 (صحیح)

ﷲ سے آسان حساب کی دُعا مانگو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ میں نے رسولِ کریم ﷺ کو انکی کسی نماز میں یہ دُعا اَللّٰھُمَّ حَاسِبْنِیْ حِسَابًا یَّسِیْرًا ’’ اے ﷲ ! میرا آسان حساب لینا۔‘‘ کرتے ہوئے سنا تو میں نے عرض کیا، ﷲ کے نبیﷺ ! آسان حساب سے کیا مراد ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: (اس سے مراد یہ ہے کہ) (ﷲ تعالٰی) اس کے نامہ اعمال پر نظر ڈال کر اس سے درگزر فرمائے گا، کیونکہ عائشہ ؓ ! اس روز جس کے حساب کی جانچ پڑتال کی گئی تو وہ مارا گیا۔

مشکوٰۃ 5562 (صحیح)

گناہوں پر توبہ استغفار کرتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب مومن کوئی گناہ کرتا ہے تو اسکے دل پر ایک سیاہ نقطہ لگ جاتا ہے۔ اگر وہ توبہ کرلے، باز آجائے اور ( ﷲﷻ سے ) بخشش کی درخواست کرے تو اس کا دل صاف ہوجاتا ہے، اگر مزید گناہ کرے تو سیاہی کا نقطہ زیادہ ہوجاتا ہے ( حتی کہ ہوتے ہوتے دل بالکل سیاہ ہوجاتا ہے ۔) یہی وہ زنگ ہے جس کا ذکر ﷲ تعالٰی نے اپنی کتاب میں کیا ہے۔ كَلَّا ۖ بَلْ ۜ رَانَ عَلَىٰ قُلُوبِهِم مَّا كَانُوا يَكْسِبُونَ۔ یوں نہیں بلکہ ان کے دلوں پر انکے اعمال کی وجہ سے زنگ چڑھ گیا ہے ۔

سنن ابنِ ماجہ 4244 (صحیح)

ذکرِ الٰہی کرنے والوں کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو قوم ﷲ کو یاد کرتی ہے ( ذکر الٰہی میں رہتی ہے ) اسے فرشتے گھیر لیتے ہیں اور رحمت الٰہی اسے ڈھانپ لیتی ہے، اس پر سکینت ( طمانیت ) نازل ہوتی ہے اور ﷲﷻ اس کا ذکر اپنے ہاں فرشتوں میں کرتا ہے“۔

الترمذی 3378 (صحیح)

عقیقہ (نومولود) کے معاملات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”ہر بچہ عقیقہ کے بدلے گروی رکھا ہوا ہے، پیدائش کے ساتویں دن اس کا عقیقہ کیا جائے، اس کا نام رکھا جائے اور اس کے سر کے بال منڈائے جائیں“۔ 

جامع الترمذی 1522 (صحیح)

ﷲﷻ کوئی نیکی ضائع نہیں کرتا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: بے شک ﷲﷻ کسی مومن کے ساتھ ایک نیکی کے معاملے میں بھی ظلم نہیں فرماتا۔ اسکے بدلے میں اسے دنیا میں بھی عطا کرتا ہے اور آخرت میں بھی اس کی جزا دی جاتی ہے ۔ رہا کافر، اسے ان نیکیوں کے بدلے میں جو اس نے دنیا میں ﷲ کے لئے کی ہوتی ہیں، اسی دنیا میں کِھلا ( پلا ) دیا جاتا ہے حتیٰ کہ جب وہ آخرت میں پہنچتا ہے تو اسکے پاس کوئی نیکی باقی نہیں ہوتی جس کی اسے جزا دی جائے ۔ 

صحیح مسلم 7089 (صحیح)

کثرت کلام کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”حیاء اور کم گوئی ایمان کی دو شاخیں ہیں، جبکہ فحش کلامی اور کثرت کلام نفاق ( ظاہر میں کچھ اور باطن میں کچھ ہونے ) کی دو شاخیں ہیں“۔

جامع الترمذی 2027 (صحیح)

ﷲ صرف حلال کمائی قبول کرتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جس نے حلال کمائی سے ایک کھجور کے برابر بھی خیرات کی اور ﷲ تعالٰی تک حلال کمائی ہی کی خیرات پہنچتی ہے، تو ﷲﷻ اسے اپنے دائیں ہاتھ سے قبول کرلیتا ہے اور خیرات کرنے والے کے لیے اسے اس طرح بڑھاتا رہتا ہے جیسے کوئی تم میں سے اپنے بچھڑے کی پرورش کرتا ہے، یہاں تک کہ وہ پہاڑ کے برابر ہوجاتی ہے

صحیح البخاری 7430 (صحیح)

پلِ صراط سے گزرنے کا احوال

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  پل صراط کو جہنم کے اوپر رکھا جائے گا۔ اس پر کانٹے ہوں گے، جیسے سعدان کے کانٹے۔ پھر لوگ گزریں گے۔ کچھ صحیح سلامت بچ نکلیں گے، کچھ ناقص جسم والے ہوکر آخر کار بچ نکلیں گے۔ پھر ( نتیجہ یہ ہو گا کہ ) کوئی نجات پاجائے گا، کوئی وہاں روک لیا جائے گا اور کوئی سر کے بل اس میں جاگرے گا۔

سنن ابنِ ماجہ 4280 (صحیح)

قابلِ نفرت شخص کون ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” ﷲﷻ کے نزدیک سب سے زیادہ قابلِ نفرت وہ شخص ہے جو سب سے زیادہ جھگڑالو ہو“۔

جامع الترمذی 2976 (صحیح)

مریض کی عیادت کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللّٰه ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ”جو مسلمان بھی کسی مسلمان کی صبح کے وقت عیادت کرتا ہے تو شام تک ستر ہزار فرشتے اسکے لیے استغفار کرتے ہیں۔ اور جو شام کو عیادت کرتا ہے تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اسکے لیے استغفار کرتے ہیں۔ اور اس کے لیے جنت میں ایک باغ ہو گا“۔

جامع الترمذی 969 (صحیح)

سادگی ایمان کا حصہ ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک دن نبيِ رحمت ﷺ کے سامنے دنیا کے ( اسباب عیش وعشرت، ناز ونعمت کا ) ذکر کیا تو رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا تم سنتے نہیں ہو ؟ کیا تم سنتے نہیں ہو ؟ بلاشبہ سادگی ایمان کا حصہ ہے، بلاشبہ سادگی ایمان کا حصہ ہے۔

سنن ابوداؤد 4161 (صحیح)

لوگوں کی ایذاؤں پر صبر کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مکینِ گنبد خضرا رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ایسا مسلمان جو لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے وہ اس سے افضل ہے جو ان کے ساتھ مل جل کر نہیں رہتا اور نہ ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے

مشکوٰۃ 5087 (صحیح)

غیبت و بُرائی کرنے کی سزا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’جب مجھے معراج کرائی گئی تو میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے ناخن تانبے کے تھے جو اپنے چہروں اور سینوں کو چھیل رہے تھے۔ میں نے پوچھا: اے جبریل علیہ السلام! یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ وہ ہیں جو دوسرے لوگوں کا گوشت کھاتے اور ان کی عزتوں سے کھیلتے ہیں"۔

سنن ابوداؤد 4878 (صحیح)

اپنے مال و اولاد کو بد دُعا نہ دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مکینِ گنبد خضرا رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ اپنے آپ کو بد دُعا نہ دو، اپنی اولاد کو بد دُعا نہ دو، اپنے خادموں کو بد دُعا نہ دو اور اپنے مالوں کو بد ُدعا نہ دو، ایسا نہ ہو کہ وہ ﷲﷻ کی طرف سے عطا و قبولیت کی گھڑی ہو ( اِدھر تم کوئی بد دُعا کرو کہ ﷲ تعالٰی اسے ) تمہارے لیے قبول کرلے"۔

سنن ابوداؤد 1532 (صحیح)

ﷲﷻ بہت توبہ قبول کرنے والا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اپنے غصے پر قابو پالیا، ﷲﷻ اس سے اپنا عذاب روک لے گا, اور جس شخص نے اپنی زبان کی حفاظت کی ﷲ تعالٰی اس کی پردہ پوشی کرے گا، اور جو شخص ﷲ سے معذرت کرے گا ﷲ اس سے اس کی معذرت قبول کرے گا۔

السلسلۃ 418 (صحیح)