Monday, 18 December 2023

دعوت کا بلاوا قبول کرنے کا حکم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اُس ولیمے کا کھانا بُرا کھانا ہے جس میں امیروں کو بلایا جائے اور مسکینوں کو چھوڑ دیا جائے اور جس نے ( بُلانے کے باوجود ) دعوت میں شرکت نہ کی، اس نے ﷲﷻ اور اس کے رسولﷺ کی نافرمانی کی ۔

صحیح مسلم 3521 (صحیح)

کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی مت سمجھو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو ۔

مشکوٰۃ 1894

بیت الخلاء میں داخل ہونے اور نکلنے کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ جب قضائے حاجت کے لیے بیت الخلاء میں داخل ہوتے تو پڑھتے: اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبْثِ وَالْخَبَائِثِ ”اے اللّٰه میں تیری پناہ چاہتا ہوں ناپاک جنوں اور ناپاک جنیوں سے.“ ۱؎۔
 نبی کریم ﷺ قضائے حاجت کے بعد جب بیت الخلاء سے نکلتے تو فرماتے: غُفرانك‏ یعنی ”اے اللّٰه میں تیری بخشش کا طلب گار ہوں“ ٢؎۔

جامع الترمذی 6, جامع الترمذی 7 (صحیح)

مومن کی فضیلت وصفات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌ نے فرمایا: بیشک ﷲﷻ اپنے مؤمن بندے کو دنیا (اور اُسکے مال و اسباب) سے بچاتا ہے، حالانکہ وہ اس سے محبت کرتا ہے، اسکی مثال ایسے ہی ہے کہ جیسے تم اپنے بیمار آدمی پر ڈرتے ہوئے اس کو کھانے پینے سے بچاتے ہو۔

مسند احمد 146 (صحیح)

وصیت کرنے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  کسی مسلمان کے لیے جس کے پاس وصیت کے قابل کوئی بھی مال ہو درست نہیں کہ دو رات بھی وصیت کو لکھ کر اپنے پاس محفوظ رکھے بغیر گزارے ۔

صحیح البخاری 2738 (صحیح)

لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّه کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے ایک دن میں سو بار یہ الفاظ کہے: لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ. اُسے دس غلام آزاد کرنے کا ثواب ہوگا، اور اُسکے لیے ( نامہ اعمال میں ) سو نیکیاں لکھی جائیں گی، اور اُسکے سو گناہ مٹادیے جائیں گے، اور انکی وجہ سے سارا دن، رات تک وہ شیطان سے محفوظ رہے گا، اور کسی کا عمل اسکے عمل سے افضل نہیں ہوگا، سوائے اس شخص کے جو اس سے زیادہ ذکر کرے۔

سنن ابنِ ماجہ 3798 (صحیح)

دس مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جو شخص {قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ} یعنی سورۂ اخلاص آخر تک دس مرتبہ پڑھے گا، ﷲﷻ اسکے لیے جنت میں ایک محل تعمیر کرے گا۔سیدنا عمر ؓ نے فرمایا: اے اللّٰه کے رسولﷺ ! پھر تو میں بہت سے محلات حاصل کرسکتا ہوں۔ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: اللّٰه تعالٰی بھی بہت کثرت والا اور بہت عمدہ عطا کرنے والا ہے۔

مسند احمد 8869 (صحیح)

تقاضے میں نرمی کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کہ ایک شخص کا انتقال ہوا ( قبر میں ) اس سے سوال ہوا، تمہارے پاس کوئی نیکی ہے؟ اس نے کہا کہ میں لوگوں سے خرید و فروخت کرتا تھا ۔ ( اور جب کسی پر میرا قرض ہوتا ) تو میں مالداروں کو مہلت دیا کرتا تھا اور تنگ دستوں کے قرض کو معاف کر دیا کرتا تھا۔ اسی پر اس کی بخشش ہو گئی

صحیح البخاری 2391 (صحیح)

صدقہ وخیرات میں بہترین مال دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک دفعہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ تشریف لائے، آپﷺ کے ہاتھ میں عصا تھا۔ کوئی شخص ( مسجد میں بطور صدقہ ) ردی قسم کی کھجور کا ایک خوشہ لٹکا گیا تھا۔ آپﷺ اس خوشے پر اپنی لاٹھی مارنے لگے اور فرمایا: اگر اس صدقے والا چاہتا تو اس سے اچھی کھجور کا صدقہ کرسکتا تھا۔ بلاشبہ اس قسم کا صدقہ کرنے والا قیامت کے دن ردی کھجوریں ہی کھائے گا۔

سنن النسائی 2495 (صحیح)

تلاوتِ قرآن پاک میں سُستی نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: قرآن کی خبر گیری (تلاوت ) کرتے رہو، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھوں میں میری جان ہے ! وہ (قرآن سینوں سے) نکل جانے میں، اس اونٹ کے نکل جانے سے بھی زیادہ تیز ہے جس کی رسی کھل چکی ہو۔

مشکوٰۃ 2187 (متفق علیہ)

اپنے مال کی حفاظت میں قتل ھونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص اپنے مال کو ( چور یا ڈاکو سے ) بچانے کے لیے ( اس کا مقابلہ کرتے ہوئے ) قتل ہوگیا، وہ شہید ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 2580 (صحیح)

ذکرِ الٰہی کرنے والوں کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جو قوم ﷲﷻ کو یاد کرتی ہے ( ذکر الٰہی میں رہتی ہے ) اُسے فرشتے گھیر لیتے ہیں اور رحمت الٰہی اُسے ڈھانپ لیتی ہے، اُس پر سکینت ( طمانیت ) نازل ہوتی ہے اور ﷲ کریم اس کا ذِکر اپنے ہاں فرشتوں میں کرتا ہے“۔

جامع الترمذی 3378 (صحیح)

خیر وبھلائی کی تعلیم دینے والے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ سے دو آدمیوں کا ذکر کیا گیا، ان میں سے ایک عابد اور دوسرا عالم ہے، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’عالم کی عابد پر اس طرح فضیلت ہے جس طرح میری فضیلت تمہارے ادنیٰ آدمی پر ہے۔‘‘ پھر رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا:  بے شک اللہ، اس کے فرشتے، زمین و آسمان کی مخلوق حتٰی کہ چیونٹی اپنے بل میں اور مچھلیاں، لوگوں کو خیر و بھلائی کی تعلیم دینے والے کے لیے دعائے خیر کرتی ہیں۔

مشکوٰۃ 213 (صحیح)

Tuesday, 5 December 2023

نمازِ عصر کی اہمیت و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جس شخص کی نمازِ عصر فوت (قضا) ہوگئی تو گویا اس کا گھر بار لٹ گیا۔

مشکوٰۃ 594 (متفق علیہ)

تین بلیغ مگر مختصر نصیحتیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک آدمی رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کے پاس آیا اور کہا کہ مجھے کوئی بلیغ و مختصر نصیحت کریں، آپ ‌ﷺ نے فرمایا: جب تو نماز ادا کرے تو (اپنی زندگی کی) آخری نماز سمجھ کر ادا کر، اور ایسا کلام مت کر کہ جس سے کل تجھے معذرت کرنا پڑے، نیز جو کچھ لوگوں کے پاس ہے اس سے مکمل ناامید (بے پرواہ ) ہوجا۔

مسند احمد 9584 (صحیح)

گری پڑی گمشدہ چیزوں کے متعلق بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جسے کوئی گری پڑی چیز ملے تو اسے چاہیے کہ ایک یا دو عادل گواہ بنالے اور چھپائے نہیں اور نہ غائب کرے، پھر اگر اس کے مالک کو پائے تو اسے لوٹا دے، ورنہ وہ اللہ کا مال ہے جسے چاہتا ہے عنایت فرما دیتا ہے۔

سنن ابوداؤد 1709 (صحیح)

سردیوں میں وضو کرنے کا اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’کیا میں تمہیں وہ اعمال نہ بتاؤں جنکی وجہ سے ﷲﷻ غلطیاں معاف فرمادیتا ہے اور نیکیوں میں اضافہ فرما دیتا ہے؟‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا: کیوں نہیں ! اللہ کے رسولﷺ ! آپ ﷺ نے فرمایا: اس وقت کامل ( سنوار کر ) وضو کرنا جب ( سردی وغیرہ کی وجہ سے ) دل نہ چاہتا ہو، اور مسجدوں کی طرف زیادہ قدم اٹھانا، اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا۔

سنن ابنِ ماجہ 427 (صحیح)

غرور گھمنڈ اور تکبر کی برائی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں جنت والوں کی خبر نہ دوں. ہر کمزور و تواضع کرنے والا اگر وہ ( ﷲﷻ کا نام لے کر ) قسم کھالے تو اللہ اس کی قسم پوری کردے۔ کیا میں تمہیں دوزخ والوں کی خبر نہ دوں ہر تند خو (بد مزاج )، اکڑ کر چلنے والا اور متکبر۔

صحیح البخاری 6071 (صحیح)

جنت و جہنم کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ” جنت میں جو بھی داخل ہوگا اسے اس کا جہنم کا ٹھکانا بھی دکھایا جائے گا کہ اگر نافرمانی کی ہوتی ( تو وہاں اسے جگہ ملتی ) تاکہ وہ اور زیادہ شُکر کرے اور جو بھی جہنم میں داخل ہوگا اسے اس کا جنت کا ٹھکانا بھی دکھایا جائے گا کہ اگر اچھے عمل کئے ہوتے ( تو وہاں جگہ ملتی ) تاکہ اس کے لیے حسرت و افسوس کا باعث ہو "۔

صحیح البخاری 6471 (صحیح)

دُعا کی قبولیت میں جلدی نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے ہر کسی کی دُعا قبول کی جاتی ہے، جب تک کہ وہ جلدی نہ مچائے ( جلدی یہ ہے کہ ) وہ کہنے لگتا ہے: میں نے دُعا کی مگر وہ قبول نہ ہوئی“۔

جامع الترمذی 3387 (صحیح)

الْغِنَى غِنَى النَّفْسِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مالداری (امیری) یہ نہیں ہے کہ سامان زیادہ ہو، بلکہ امیری یہ ہے کہ دل غنی ہو۔

صحیح البخاری 6446 (صحیح)

آپس میں لڑائی شیطان کرواتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: شیطان اس بات سے مایوس ہو چکا ہے کہ جزیرہ عرب میں نمازی اس کی پوجا کریں، لیکن وہ انہیں آپس میں لڑانے کی کوشش کرتا رہے گا۔

مشکوٰۃ 72 (صحیح)

مومن پر آزمائشیں آتی رہتی ہیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

بی بی آمنہ کے لعل حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مومن کی مثال کھیتی کی نرم و نازک شاخ کی طرح ہے جسے ہوائیں جھکاتی ہیں۔ کبھی اسے نیچے گرا دیتی ہیں اور کبھی سیدھا کردیتی ہیں، حتٰی کہ اُسکی موت آجاتی ہے، جبکہ منافق کی مثال صنوبر کے درخت کی طرح ہے، جس پر کوئی چیز اثر انداز نہیں ہوتی حتٰی کہ وہ ایک ہی مرتبہ ٹوٹ جاتا ہے۔

مشکوٰۃ 1541 (متفق علیہ)

نمازوں سے گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’پانچوں نمازیں اور ایک جمعہ ( دوسرے ) جمعہ تک درمیانی مدت کے گناہوں کا کفارہ ہیں“۔

صحیح مسلم 551 (صحیح)

نماز کے بعد مسنون اذکار

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کچھ چیزیں نماز کے پیچھے ( بعد میں ) پڑھنے کی ایسی ہیں کہ ان کا کہنے والا محروم و نامراد نہیں رہتا، ہر نماز کے بعد 33 بار سبحان اللہ کہے، 33 بار الحمدللہ کہے، اور 34 بار اللہ اکبر کہے“۔

جامع الترمذی 3412 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

نماز فجر سے اشراق تک ذِکر کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے نمازِ فجر جماعت سے پڑھی پھر بیٹھ کر ﷲﷻ کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل گیا، پھر اس نے دو رکعتیں پڑھیں، تو اسے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا“۔ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”پورا، پورا، پورا، یعنی حج و عمرے کا پورا ثواب“۔

جامع الترمذی 586 (صحیح)

اہل وعیال پر خرچ کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب آدمی ثواب کی نیت سے اپنے اہل و عیال پر خرچ کرے پس وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے ۔

صحیح البخاری 55 (صحیح)