Wednesday, 17 May 2023

صدقہ جاریہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب انسان مر جاتا ہے تو اس کے عمل کا سلسلہ بند ہو جاتا ہے سوائے تین چیزوں کے: ایک صدقہ جاریہ ہے، دوسرا ایسا علم ہے جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں اور تیسرا نیک و صالح اولاد ہے جو اس کے لیے دعا کرے“۔

جامع الترمذی 1376 (صحیح)

پہلے سلام پھر کلام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

تاجدار کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: ”بات چیت شروع کرنے سے پہلے سلام کیا کرو"۔

جامع الترمذی2699 (صحیح)

نفلی نماز کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: "جب تم میں سے کوئی آدمی فرض نماز میں کمی کرتا ہے تو ﷲﷻ اسکی نفلی نماز سے اس کی کمی کو پورا کر دیتا ہے"۔

مسند احمد 2035 (صحیح)

خوب اچھی طرح وضو کیا کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عمر بن خطاب ؓ نے بتایا کہ ایک شخص نے وضو کیا تو اپنے پاؤں پر ایک ناخن جتنی جگہ چھوڑ دی، تو نبی کریم ﷺ نے اس کو دیکھ لیا اور فرمایا: ’’واپس جاؤ اور اپنا وضو خوب اچھی طرح کرو‘‘، وہ واپس گیا ( حکم پر عمل کیا ) پھر نماز پڑھی ۔ 

صحیح مسلم 576 (صحیح)

کھانے پینے کے بعد شّکر کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”بیشک اللہ تعالٰی اس بندے سے راضی ہوتا ہے جو ایک لقمہ کھاتا ہے یا ایک گھونٹ پیتا ہے، تو اس پر ﷲﷻ کی تعریف کرتا ہے“۔

جامع الترمذی1816 (صحیح)

قرض دار کو مہلت دینے پر اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی تنگ دست کو مہلت دیتا ہے، اسے ہر روز صدقے کا ثواب ملتا ہے۔ اور جس نے واجب الادا ہونے کے بعد مزید مہلت دی، اسے بھی یہی ثواب ملتا ہے، ( یعنی ) ہر روز صدقے کا ثواب ہوتا ہے ۔

سنن ابنِ ماجہ 2418 (صحیح)

مسلمان کی عیب پوشی پر اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جو دنیا میں مسلمان کی عیب پوشی کرے گا، ﷲﷻ دنیا وآخرت میں اس کی عیب پوشی کرے گا، جومصیبت زدہ کو نجات دلائے گا، اللہ تعالٰی اسے قیامت کے مصائب سے ایک مصیبت سے آزاد کرے گا اور جو شخص اپنے بھائی کی مدد میں رہے گا، اللہ تعالٰی اس کی حاجت پوری کرنے میں رہے گا۔ 

مسند احمد 6009 (صحیح)

سلام کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: سلام میں پہل کرنے والا شخص ﷲﷻ کا سب سے زیادہ قریبی ہے

مشکوٰۃ 4646

قرآن سیکھنے اور سکھانے کے فضائل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا: ’’لوگوں میں سے کچھ افراد ﷲ والے ہوتے ہیں۔ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسولﷺ ! وہ کون لوگ ہیں ؟ فرمایا : قرآن والے ، وہی اللہ والے اور اس کے خاص بندے ہیں ۔

سنن ابنِ ماجہ 215 (صحیح)

نجات - زبان کو قابو رکھنے میں ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عقبہ بن عامر ؓ نے عرض کیا: ﷲ کے رسولﷺ! نجات کی کیا صورت ہے؟ آپ ﷺنے فرمایا: ”اپنی زبان کو قابو میں رکھو، اپنے گھر کی وسعت میں مقید رہو اور اپنی خطاؤں پر روتے رہو“۔

جامع الترمذی 2616 (صحیح)

Sunday, 7 May 2023

مسلمان کے جنازہ میں شرکت پر اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرمﷺ نے فرمایا: جو شخص جذبہ ایمان اور ثواب کی نیت رکھتے ہوئے کسی مسلمان کے جنازے کے ساتھ جائے اور نماز جنازہ پڑھے، پھر انتظار کرے حتیٰ کہ اسے قبر میں دفن کردیا جائے تو اسے دو قیراط ثواب ملے گا جن میں سے ہر ایک قیراط احد پہاڑ کے برابر ہو گا۔ اور جو صرف جنازہ پڑھ کر واپس آجائے، اس کو ایک قیراط ثواب ملے گا ۔

سنن النسائی 5035 (صحیح)

لین دین میں نرمی کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدار کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: ایک آدمی لوگوں سے لین دین کیا کرتا تھا۔ جب وہ کسی تنگ دست کی تنگ دستی دیکھتا تو اپنے نوکر سے کہتا تھا کہ اسے معاف کردو شاید ﷲﷻ ہمیں معاف کر دے۔ پھر ( وفات کے بعد ) وہ شخص اللہ تعالٰی کے سامنے حاضر ہوا تو اللہ تعالٰی نے اسے معاف فرما دیا ۔

سنن النسائی 4699 (صحیح)

بہترین صدقہ-جو تندرستی میں کیا جائے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نے عرض کیا، ﷲ کے رسولﷺ ! اجر و ثواب کے لحاظ سے کون سا صدقہ سب سے بہتر ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’وہ صدقہ جو تو تندرستی میں کرے جبکہ مال کی حرص تم پر غالب ہو، اور تجھے فقر کا اندیشہ بھی ہو اور تونگری کا طمع بھی، اور (صدقہ کرنے میں) دیر نہ کر حتیٰ کہ جب سانس حلق تک پہنچ جائے اور تو کہے: اتنا مال فلاں کے لیے اور اتنا فلاں کے لیے جبکہ وہ تو (ازخود) فلاں کا ہو چکا۔

مشکوٰۃ 1867 (متفق علیہ)

نمازِ جمعہ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا جو شخص جمعہ کے دن غسل کرے اور خوب اچھی طرح سے پاکی حاصل کرے اور تیل استعمال کرے یا گھر میں جو خوشبو میسر ہو استعمال کرے پھر نماز جمعہ کے لیے نکلے اور مسجد میں پہنچ کر دو آدمیوں کے درمیان نہ گھسے، پھر جتنی ہوسکے نفل نماز پڑھے اور جب امام خطبہ شروع کرے تو خاموش سنتا رہے تو اسکے اس جمعہ سے لے کر دوسرے جمعہ تک سارے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں ۔

صحیح البخاری 883 (صحیح)

بوڑھے والدین کی خدمت کا اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبی رحمتﷺ نے فرمایا: ( اس شخص کی ) ناک خاک آلود ہوگئی( وہ ناکام اور ذلیل ہو گیا )، پھر ( اسکی ) ناک خاک آلود ہو گئی، پھر ( اس کی ) ناک خاک آلود ہو گئی ۔‘‘ پوچھا گیا : ﷲ کے رسول ﷺ ! وہ کون شخص ہے؟ فرمایا: ’’جس نے اپنے ماں باپ یا ان میں سے کسی ایک کو یا دونوں کو بڑھاپے میں پایا تو ( ان کی خدمت کرکے ) جنت میں داخل نہ ہوا۔ 

صحیح مسلم 6510 (صحیح)

نماز عصر کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس شخص کی نماز عصر فوت ہوگئی تو گویا اس کا گھر بار لٹ گیا۔

مشکوٰۃ 594 (متفق علیہ)

ﷲﷻ پر توکل کرنے کا بیان


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک شخص نے عرض کیا: ﷲ کے رسولﷺ ! کیا میں اونٹ کو پہلے باندھ دوں پھر ﷲﷻ پر توکل کروں یا چھوڑ دوں پھر توکل کروں؟ آپﷺ نے فرمایا: ”اسے باندھ دو، پھر توکل کرو“۔

جامع الترمذی 2517 (صحیح)

خاوند کی ناشکری کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 آنحضرتﷺ نے فرمایا مجھے دوزخ دکھلائی گئی تو اس میں زیادہ تر عورتیں تھیں جو کفر کرتی ہیں۔ کہا گیا حضورﷺ کیا وہ اللہ کے ساتھ کفر کرتی ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ خاوند کی ناشکری کرتی ہیں اور احسان کی ناشکری کرتی ہیں۔ اگر تم عمر بھر ان میں سے کسی کے ساتھ احسان کرتے رہو۔ پھر تمہاری طرف سے کبھی کوئی ان کے خیال میں ناگواری کی بات ہوجائے تو فوراً کہہ اٹھے گی کہ میں نے کبھی بھی تجھ سے کوئی بھلائی نہیں دیکھی۔

صحیح البخاری 29 (صحیح)

صبر و شکر کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مومن کا معاملہ بھی عجیب ہے، اسکا ہر معاملہ اسکے لیے باعث خیر ہے، اور یہ چیز صرف مومن کے لیے خاص ہے، اگر اسے کوئی نعمت میسر آتی ہے تو وہ شکر کرتا ہے اور یہ اس کے لیے بہتر ہے، اور اگر اسے کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے اور یہ بھی اس کے لیے بہتر ہے ۔

مشکوٰۃ5297 (صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب جمعة المبارک کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اسکے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کردیتے ہیں اور خطبہ سُننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929 (صحیح)

ناجائز تعریف کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے سنا کہ ایک آدمی دوسرے آدمی کی تعریف کررہا تھا اور مبالغہ سے کام لے رہا تھا، آپ ‌ﷺ نے فرمایا: تو نے اس شخص کی کمر کو ہلاک کر دیا ہے یا کاٹ دیا ہے۔

مسند احمد 10038 (صحیح)

قلتِ مال کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: دو چیزیں ہیں جنہیں انسان ناپسند کرتا ہے، انسان موت کو ناپسند کرتا ہے، حالانکہ موت مومنوں کے لیے فتنے سے بہتر ہے، اور وہ قلت مال کو ناپسند کرتا ہے جبکہ قلت مال کا حساب کم ہے۔

مشکوٰۃ 5251 (صحیح)

دُنیا کی مذمت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے اپنی دنیا سے محبت کی، اسکی آخرت کو نقصان پہنچا اور جس نے اپنی آخرت کو پسند کیا، اسکی دنیا کو نقصان پہنچا، پس تم باقی رہنے والی چیز کو فنا ہونے والی چیز پر ترجیح دو۔

مسند احمد 10071 (صحیح)

سارا سال روزے رکھنے کا ثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس نے رمضان کے روزے رکھے، پھر اس کے بعد شوال کے چھے روزے رکھے تو یہ ( پورا سال ) مسلسل روزے رکھنے کی طرح ہے ۔

صحیح مسلم 2758 (صحیح)

شبِ قدر کی تلاش

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌ﷺ آخری عشرہ میں اعتکاف کیا کرتے تھے، نیز آپ ﷺ فرمایا کرتے تھے کہ تم شب ِ قدر کو آخری دس راتوں میں تلاش کیا کرو۔ 

مسند احمد 3995(صحیح)

اعتکاف کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اُم المومنین حضرت عائشہ‬ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ رمضان المبارک کے آخری دہے (عشرے) میں اعتکاف کیا کرتے تھے، آخر حیات تک آپﷺ کا یہ معمول رہا، آپﷺ کے بعد پھر آپﷺ کی ازواج مطہرات بھی اعتکاف بیٹھا کرتی تھیں 

سنن ابوداؤد 2462 (صحیح)

والدین کا نافرمان جنت میں داخل نہ ہوگا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تین شخص ایسے ہیں کہ ﷲﷻ قیامت کے دن ان کی طرف نہیں دیکھے گا۔ والدین کا نافرمان، مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورت اور بے غیرت خاوند، نیز تین شخص جنت میں داخل نہ ہوں گے: ماں باپ کا نافرمان، ہمیشہ شراب پینے والا اور دے کر احسان جتلانے والا ۔

سنن النسائی 2563 (صحیح)

سحری کھانے میں برکت ہے

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا : سحری کھایاکرو اس لئے کہ سحری کھانے میں یقیناً برکت ہے۔

صحیح البخاری 1923