Tuesday, 25 July 2023

لوگوں کی ایذاؤں پر صبر کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مکینِ گنبد خضرا رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ایسا مسلمان جو لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے وہ اس سے افضل ہے جو ان کے ساتھ مل جل کر نہیں رہتا اور نہ ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے

مشکوٰۃ 5087 (صحیح)

امامِ حسن ؓ و حسین ؓ کے مناقب و فضائل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا:  جس نے حسن اور حسین رضی اللہ عنہما سے محبت کی، اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔

سنن ابنِ ماجہ 143 (صحیح)

دوسروں کے لیے دُعا کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدار کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: مسلمان شخص کی اپنے (مسلمان) بھائی کے لیے وہ دُعا قبول ہوتی ہے جو اس کی غیر موجودگی میں کی جاتی ہے، اور (دُعا کرنے والے) کے پاس ایک فرشتہ مامور ہوتا ہے، جب وہ اپنے بھائی کے لیے دُعائے خیر کرتا ہے تو وہ مامور فرشتہ آمین کہتا ہے اور کہتا ہے: اسی مِثل تمہارے لیے بھی ہو

مشکوٰۃ 2228 (صحیح)

قسم میں انشاللہ کہنے کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : جس نے قسم کھائی اور اِن شاءاللہ کہا تو چاہے وہ ( اپنے ارادے سے ) رجوع کرلے، چاہے ( ارادہ قائم ) رہنے دے ( اور وہ کام کرلے جس کی قسم کھائی ہے ) وہ قسم توڑنے والا ( شمار ) نہیں ہوگا ۔ 

سنن ابنِ ماجہ 2105 (صحیح)

ہر حال میں دعائیں مانگنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو پسند ہو کہ مشکلات و مصائب کے وقت ﷲﷻ اس کی دُعا قبول فرمائے تو پھر اسے چاہیے کہ وہ خوشحالی میں کثرت سے دُعائیں کرے

مشکوٰۃ 2240(صحیح)

نماز کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: (مومن) بندے اور کفر کے درمیان فرق نماز کا ترک کرنا ہے ۔

مشکوٰۃ 569 (صحیح)

محنت کی کمائی کھانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اگر کوئی شخص لکڑیوں کا گٹھا اپنی پیٹھ پر ( بیچنے کے لیے ) لیے پھرے تو وہ اس سے اچھا ہے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلائے۔ پھر خواہ اسے کچھ دے یا نہ دے"۔

صحیح البخاری 2374 (صحیح)

غیبت کرنے والوں کا انجام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جب مجھے معراج کرائی گئی تو میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے ناخن تانبے کے تھے جو اپنے چہروں اور سینوں کو چھیل رہے تھے۔ میں نے پوچھا : اے جبریل ! یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے کہا : یہ وہ ہیں جو دوسرے لوگوں کا گوشت کھاتے اور ان کی عزتوں سے کھیلتے ہیں"۔ 

سنن ابوداؤد 4878 (صحیح)

خلع و طلاق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: حلال چیزوں میں سے ﷲﷻ کے نزدیک سب سے زیادہ ناپسندیدہ چیز طلاق ہے

مشکوٰۃ 3280 (صحیح)

قبر امتحان کی پہلی منزل ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ خطبہ کے لیے کھڑے ہوئے تو آپ ﷺ نے قبر کے امتحان کا ذکر کیا جہاں انسان جانچا جاتا ہے ۔ جب رسولِ کریم ﷺ اس کا ذکر کررہے تھے تو مسلمانوں کی ہچکیاں بندھ گئیں"۔

صحیح البخاری 1373 (صحیح)

سجدہ میں کہنیاں اٹھانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: سجدے میں اعتدال اختیار کرو اور کوئی شخص اس طرح اپنے بازو ( زمین پر ) نہ بچھائے جس طرح کتا بچھاتا ہے ۔ 

صحیح مسلم 1102 (صحیح)

اچھے اور بُرے دوست کی مثال

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: نیک اور بُرے دوست کی مثال مشک (خوشبو) ساتھ رکھنے والے اور بھٹی دھونکنے والے کی سی ہے۔ وہ(مشک والا ) اس میں سے یا تمہیں کچھ تحفہ کے طور پر دے گا یا تم اس سے خرید سکو گے یا ( کم از کم ) تم اس کی عمدہ خوشبو سے تو محظوظ ہو ہی سکو گے، اور بھٹی دھونکنے والا یا تمہارے کپڑے ( بھٹی کی آگ سے ) جلا دے گا یا تمہیں اس کے پاس سے ایک ناگوار بدبودار دھواں پہنچے گا"۔

صحیح البخاری 5534 (صحیح)

باپ کا بیٹے کو عطیہ دے کر واپس لینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : جو شخص کسی کو عطیہ دے تو پھر اس کے لیے جائز نہیں کہ اسے واپس لے مگر والد اپنی اولاد کو جو عطیہ دے، اسے واپس لے سکتا ہے۔ اور جو شخص تحفہ دے کر واپس لیتا ہے، وہ کتے کی طرح ہے جو کھاتا ہے حتٰی کہ جب ضرورت سے زیادہ سیر ہوجاتا ہے تو قے کرتا ہے، پھر اپنی قے کو چاٹنے لگتا ہے۔ 

سنن النسائی 3720(صحیح)

چھپکلی کو مارنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: چھپکلی کو قتل کردیا کرو، کیونکہ یہ ابراہیم علیہ السلام پر جلائی گئی آگ پر پھونک مارتی تھی (تاکہ آگ اور تیز ہوجائے)۔ سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا خود بھی چھپکلیوں کو مار دیا کرتی تھیں۔

مسند احمد 6506(صحیح)

Monday, 10 July 2023

دُعا مانگتے وقت قبولیت کا یقین رکھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: دل برتنوں کی طرح ہیں اور بعض دل بعض سے زیادہ یاد کرنے والے ہوتے ہیں، پس اے لوگو! جب تم ﷲﷻ سے سوال کرو تو اس حال میں کہ تمھیں اس کی قبولیت کا یقین ہو، بیشک ﷲ ذوالجلال والاکرام اُس بندے کی دُعا قبول نہیں کرتا، جو غافل اور بے پرواہ دل سے دُعا کرتا ہے"۔ 

مسند احمد 5605(صحیح)

دوسرے کے جرم و گناہ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حجة الوداع میں رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  سنو ! کوئی جُرم کرنے والا اپنے سوا کسی پر جُرم نہیں کرتا۔ نہ باپ کے جُرم کی ذمے داری اس کے بیٹے پر ہے، نہ بیٹے کے جُرم کی ذمے داری اس کے باپ پر ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 2669(صحیح)

دعوتِ ولیمہ کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ولیمہ کا وہ کھانا بدترین کھانا ہے جس میں صرف مالداروں کو اس کی طرف دعوت دی جائے اور محتاجوں کو نہ کھلایا جائے اور جس نے ولیمہ کی دعوت قبول کرنے سے انکار کیا اس نے ﷲﷻ اور اس کے رسولﷺ کی نافرمانی کی" ۔

صحیح البخاری 5177 (صحیح)

میت پر قرض کی ادائیگی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریمﷺ کے یہاں نماز پڑھنے کے لیے کسی کا جنازہ آیا۔ آپﷺ نے دریافت فرمایا: کیا اس میت پر کسی کا قرض تھا؟ لوگوں نے کہا کہ نہیں۔ آپﷺ نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھا دی۔ پھر ایک اور جنازہ آیا۔ آپﷺ نے دریافت فرمایا، میت پر کسی کا قرض تھا؟ لوگوں نے کہا کہ ہاں تھا۔ یہ سن کر آپﷺ نے فرمایا: کہ پھر اپنے ساتھی کی تم ہی نماز پڑھ لو۔ حضرت ابوقتادہ ؓ نے عرض کیا یارسول اللہﷺ ! ان کا قرض میں ادا کر دوں گا۔ تب آپﷺ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ 

صحیح البخاری 2295

قبر میں سوال وجواب کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰیﷺ جب میت کو دفن کرکے فارغ ہوجاتے تو قبر پر رُکتے اور فرماتے : ’’ اپنے بھائی کے لیے استغفار کرو اور ثابت قدمی کی دُعا کرو بیشک اب اس سے سوال کیا جائے گا" ۔

سنن ابوداؤد 3221 (صحیح)

حج و عمرہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا ایک عمرہ کے بعد دوسرا عمرہ، دونوں کے درمیان کے گناہوں کا کفارہ ہے, اور حج مبرور (مقبول) کی جزا جنت کے سوا اور کچھ نہیں ہے"۔

صحیح البخاری 1773 (صحیح)

تلاوتِ قرآن مجید کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  قرآن اس وقت تک پڑھو جب تک تمہارے دل اس پر متوجہ ہوں، اور جب تمہارے خیالات منتشر ہوجائیں تو پھر اسے پڑھنا چھوڑ دو ۔

مشکوٰۃ 2110 (متفق علیہ)

شرم بھی ایمان کی ایک شاخ ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

امام المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ہر نیکی صدقہ ہے، اور آخری چیز جو اہلِ جاہلیت نے نبوت کے کلام سے حاصل کی ہے، وہ یہ ہے: جب تو شرم و حیا کو چھوڑ دے تو جو چاہے کر گزر۔

مسند احمد 9653 (صحیح)

مال کی حرص کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اگر ابنِ آدم کے پاس مال کی ایک وادی ہو تو وہ پسند کرے گا کہ اس کو اس طرح کی ایک اور وادی مل جائے اور (قبر کی) مٹی ہی ہے جو ابنِ آدم کے نفس کو بھر سکتی ہے، البتہ اللہ تعالٰی توبہ کرنے والے کی توبہ قبول کرتا ہے

مسند احمد 9812 (صحیح)

اجتماعی ذکر کی اہمیت و فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو لوگ ﷲﷻ کی خوشنودی کی خاطر جمع ہوکر اللہ تعالٰی کا ذکر کرتے ہیں، آسمان سے ایک منادی دینے والا ان کو آواز دیتا ہے: چلے جاؤ، تم کو بخش دیا جاچکا ہے اور تمہارے گناہوں کو نیکیوں میں تبدیل کیا جاچکا ہے"۔  

مسند احمد 5408 (صحیح)

علاماتِ قیامت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ! قیامت قائم نہیں ہوگی حتٰی کہ آدمی قبر کے پاس سے گزرے گا تو وہ اس پر لوٹ پوٹ ہوگا (لیٹے گا)، اور کہے گا : کاش کہ اس قبر والے کی جگہ میں ہوتا، اور وہ یہ بات دین کی وجہ سے نہیں بلکہ فتنوں اور آزمائشوں کی وجہ سے کہے گا ۔

مشکوٰۃ 5445 (صحیح)