Friday, 30 June 2023

رسول اللہ ﷺ عید الاضحی کے دن نماز عید سے واپسی پر کھاتے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسول اللہ ﷺ عید الفطر کے دن جب تک کہ کچھ کھا نہ لیتے نہیں نکلتے اور عید الاضحی کے دن نہیں کھاتے جب تک کہ ( عید گاہ سے ) واپس نہ آجاتے

سنن ابن ماجہ 1756

نمازوں سے گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

 نبيِ رحمت ﷺ فرماتے تھے کہ اگر کسی شخص کے دروازے پر نہر جاری ہو، اور وہ روزانہ اس میں پانچ پانچ دفعہ نہائے تو تمہارا کیا گمان ہے۔ کیا اس کے بدن پر کچھ بھی میل باقی رہ سکتا ہے ؟ صحابہ کرامؓ نے عرض کی کہ نہیں یا رسول اللہ ﷺ ! ہرگز نہیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ یہی حال پانچوں وقت کی نمازوں کا ہے کہ ﷲﷻ انکے ذریعہ سے گناہوں کو مٹادیتا ہے۔

صحیح البخاری 528 (صحیح)

عرفہ کے دن کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”سب سے بہتر دُعا عرفہ والے دن کی دُعا ہے اور میں نے اب تک جو کچھ ( بطور ذکر ) کہا ہے اور مجھ سے پہلے جو دوسرے نبیوں نے کہا ہے ان میں سب سے بہتر دُعا یہ ہے: لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ،‏‏‏‏ لَهُ الْمُلْكُ،‏‏‏‏ وَلَهُ الْحَمْدُ،‏‏‏‏ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ۔ ”اللہ واحد کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کے لیے ( ساری کائنات کی ) بادشاہت ہے، اسی کے لیے ساری تعریفیں ہیں اور وہ ہر چیز پر قادر ہے“۔

جامع الترمذی 3585(صحیح)

یومِ عرفہ کے دن نازل ہونے والی آیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک یہودی نے حضرت عمر ؓ سے کہا: امیر المؤمنین! اگر یہ آیت: الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الإِسْلامَ دِينًا, آج میں نے تمہارے لیے تمہارے دین کو مکمل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لیے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا (المائدہ:۳)، ہمارے اوپر ( ہماری توریت میں ) نازل ہوتی تو ہم اس دن کو عید بنالیتے جس دن وہ نازل ہوئی تھی، حضرت عمر ؓ نے اُس سے کہا: مجھے خوب معلوم ہے کہ یہ آیت کس دن نازل ہوئی تھی۔ یہ آیت یوم عرفہ( نویں ذی الحجہ ) کو جمعہ کے دن نازل ہوئی تھی۔

جامع الترمذی 3043

قربانی کے گوشت میں غریبوں کا حصہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مدینہ منورہ میں ہم قربانی کے گوشت میں نمک لگا کر رکھ دیتے تھے اور پھر اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بھی پیش کرتے تھے پھر نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ نہ کھایا کرو۔ یہ حکم ضروری نہیں تھا بلکہ آپ ﷺ کا منشا یہ تھا کہ ہم قربانی کا گوشت ( ان لوگوں کو بھی جن کے یہاں قربانی نہ ہوئی ہو ) کھلائیں اور اللہ زیادہ جاننے والا ہے۔

صحیح بخاری 5570 (صحیح)

قربانی نمازِ عید کے بعد ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے نمازِ عید سے پہلے قربانی کرلی اس نے اپنی ذات کے لیے جانور ذبح کیا اور جس نے نمازِ عید کے بعد قربانی کی اس کی قربانی پوری ہوئی۔ اس نے مسلمانوں کی سنت کو پالیا۔ 

صحیح البخاری 5546

کن جانوروں کی قربانی مکروہ ھے؟

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

چار قسم کے جانوروں کی قربانی درست نہیں: ایک کانا جس کا کانا پن واضح ہو، دوسرے بیمار جس کی بیماری عیاں اور ظاہر ہو، تیسرے لنگڑا جس کا لنگڑا پن نمایاں ہو، چوتھا ایسا لاغر اور دبلا پتلا جس کی ہڈیوں میں گودا نہ ہو۔

سنن ابن ماجہ 3144

یومِ عرفہ کے روزہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: یوم عرفہ یعنی (۹) ذوالحجہ کا روزہ گزشتہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے اور یومِ عاشوراء کا روزہ ایک گزشتہ سال کے گناہوں کا۔

مسند احمد 3979 (صحیح)

مسلمان کی مدد کرنے کا اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

  نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’جس نے کسی مسلمان سے دنیا کا ایک دکھ دور کیا ﷲ عزوجل اس سے قیامت کے روز کا ایک دکھ دور کرے گا۔ اور جس نے کسی مشکل میں پڑے شخص کے لیے آسانی کی، ﷲ اس کے لیے دنیا اور آخرت میں آسانی کرے گا۔ اور جس نے کسی مسلمان کی پردہ داری کی ﷲ عزوجل دنیا اور آخرت میں اس کی پردہ داری کرے گا اور ﷲ عزوجل اس وقت تک بندے کی مدد میں رہتا ہے جب تک کہ بندہ اپنے بھائی کی مدد میں رہے

سنن ابوداؤد4946 (صحیح)

قربانی کے احکام ومسائل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو ( قربانی کی ) وسعت (گنجائش) ہو اور وہ قربانی نہ کرے، تو وہ ہماری عید گاہ کے قریب نہ پھٹکے ۔

سنن ابن ماجہ 3123 (صحیح)

جس کا قربانی کرنے کا ارادہ ہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے پاس ذبح کرنے کے لئے کوئی ذبیحہ (قربانی کا جانور) ہو تو جب ذوالحجہ کا چاند نظر آجائے، وہ ہرگز اپنے بال اور ناخن نہ کاٹے، یہاں تک کہ قربانی کر لے ( پھر بال اور ناخن کاٹے ۔ )

صحیح مسلم5121 (صحیح)

تلبیہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا :’’ جب کوئی مسلمان تلبیہ ( لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ ، لَبَّيْكَ لاَ شَرِيْكَ لَكَ لَبَّيْكَ ، إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ لاَشَرِيْكَ لَكَ) پکارتا ہے تو اس کے دائیں اور بائیں زمین کے آخری کناروں تک تمام پتھر، تمام درخت اور مٹی کے تمام ڈھیلے تلبیہ پکارتے ہیں۔

مشکوٰۃ 2550 (صحیح)

غیبت اور بہتان کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریمﷺ سے پوچھا گیا: اے اللہ کے رسولﷺ! غیبت کیا ہے ؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’تمہارا اپنے بھائی کا ایسے انداز میں ذکر کرنا جسے وہ ناپسند کرتا ہو۔‘‘ کہا گیا: جو بات میں کہہ رہا ہوں اگر وہ میرے بھائی میں ( فی الواقع ) ہو ؟ ( تو بھی وہ غیبت ہو گی ؟ ) آپﷺ نے فرمایا: ’’ اگر اس میں وہ بات موجود ہو اور تم کہو، تب ہی تو غیبت ہے۔ اگر تم کوئی ایسی بات کہو جو اس میں نہ ہو، تو تم نے اس پر بہتان لگایا ۔

سنن ابوداؤد 4874 (صحیح)

دُعا کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”ﷲﷻ کے نزدیک دُعا سے زیادہ معزز و مکرم کوئی چیز ( عبادت ) نہیں ہے“۔

جامع الترمذی 3370 (صحیح)

حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا گیا تو آخری کلمہ جو آپ علیہ السلام کی زبانِ مبارک سے نکلا

حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ
 
تھا یعنی میری مدد کے لیےاللہ کافی ہے اور وہی بہترین کام بنانے والا ہے"۔

صحیح البخاری 4564 (صحیح)

مریض کی عیادت کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ جب کسی مریض کے پاس تشریف لے جاتے یا کوئی مریض آپﷺ کے پاس لایا جاتا تو آپﷺ یہ دعا فرماتے: ”اے پروردگار لوگوں کے ! بیماری دور کر دے، اے انسانوں کے پالنے والے! شفاء عطا فرما، تو ہی شفاء دینے والا ہے۔ تیری شفاء کے سوا اور کوئی شفاء نہیں، ایسی شفاء دے جس میں مرض بالکل باقی نہ رہے۔

صحیح البخاری 5675 (صحیح)

Wednesday, 14 June 2023

صبر و شکر کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: فاسق لوگ جہنمی ہیں۔ پوچھاگیا: اے اللہ كے رسولﷺ یہ فاسق كون ہیں؟ آپﷺ نے فرمایا: عورتیں ۔ایك آدمی نے كہا: اے اللہ كے رسول ‌ﷺ كیا یہ ہماری مائیں، بہنیں اور بیویاں نہیں ہیں؟ آپ ‌ﷺ ‌نے فرمایا: كیوں نہیں، لیكن جب انہیں دیا جائے تو یہ شُكر نہیں كرتیں اور جب آزمائش آئے تو صبر نہیں كرتیں۔

السلسلہ 1461 (صحیح)

منافق کی نشانیاں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 مخبرِصادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: چار عادتیں ایسی ہیں کہ اگر یہ چاروں کسی ایک شخص میں جمع ہوجائیں تو وہ پکا منافق ہے۔ وہ شخص جو بات کرے تو جھوٹ بولے، اور جب وعدہ کرے، تو وعدہ خلافی کرے، اور جب معاہدہ کرے تو اسے پورا نہ کرے۔ اور جب کسی سے لڑے تو گالی گلوچ پر اتر آئے اور اگر کسی شخص کے اندر ان چاروں عادتوں میں سے ایک ہی عادت ہے، تو اس کے اندر نفاق کی ایک عادت ہے جب تک کہ وہ اسے چھوڑ نہ دے"۔

صحیح البخاری 3178 (صحیح)

عذاب قبر سے متعلق بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

( ایک مرتبہ ) نبی رحمتﷺ دو قبروں پر گزرے تو آپﷺ نے فرمایا کہ ان دونوں قبر والوں کو عذاب دیا جارہا ہے اور کسی بڑے گناہ پر نہیں، ایک تو ان میں سے پیشاب سے احتیاط نہیں کرتا تھا اور دوسرا چغل خوری کیا کرتا تھا۔ پھر آپﷺ نے ایک ہری ٹہنی لے کر بیچ سے اس کے دو ٹکڑے کیے اور ہر ایک قبر پر ایک ٹکڑا گاڑ دیا۔ لوگوں نے پوچھا کہ یارسول اللہﷺ! آپ نے ( ایسا ) کیوں کیا؟ آپﷺ نے فرمایا، شاید جب تک یہ ٹہنیاں خشک نہ ہوں ان پر عذاب میں کچھ تخفیف رہے

صحیح البخاری 218 (صحیح)

شراب- دس لوگوں پر ﷲ کی لعنت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ﷲ نے شراب پر، اس کے پینے والے، اس کے پلانے والے، اس کے بیچنے والے، اس کے خریدنے والے، اس کے بنانے والے، جس کے لیے بنائی جائے اس پر، اسے لے کر جانے والے اور جس کے لیے لے کر جائی جائے، ان سب پر لعنت فرمائی۔

مشکوٰۃ 2777 (صحیح)

شوہر پر بیوی کے حقوق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”ایمان میں سب سے کامل مومن وہ ہے جو سب سے بہتر اخلاق والا ہو، اور تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اخلاق میں اپنی عورتوں کے حق میں سب سے بہتر ہو“۔

جامع الترمذی 1162

صدقہ وخیرات میں بہترین مال دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک دفعہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ تشریف لائے، آپﷺ کے ہاتھ میں عصا تھا۔ کوئی شخص( مسجد میں بطور صدقہ ) ردی قسم کی کھجور کا ایک خوشہ لٹکا گیا تھا۔ آپﷺ اس خوشے پر اپنی لاٹھی مارنے لگے اور فرمایا: اگر اس صدقے والا چاہتا تو اس سے اچھی کھجور کا صدقہ کر سکتا تھا۔ بلاشبہ اس قسم کا صدقہ کرنے والا قیامت کے دن ردی کھجوریں ہی کھائے گا۔

سنن النسائی 2495 (صحیح)

حُسنِ سلوک اور صلہ رحمی کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نبی رحمت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اُس نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ ! میں نے ایک بہت بڑے گناہ کا ارتکاب کیا ہے تو کیا میرے لیے توبہ (کی گنجائش) ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’کیا تمہاری والدہ ہے؟ ‘‘اس نے عرض کیا، نہیں، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’کیا تمہاری خالہ ہے؟ ‘‘اس نے عرض کیا: جی ہاں ! آپ ﷺ نے فرمایا: اس کے ساتھ حسن سلوک کرو۔

مشکوٰۃ4935 (صحیح)

توبہ کرنے میں جلدی کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

بائیں بازو والا فرشتہ چھ گھڑیاں مسلمان خطاکار یا گناہ گار بندے سے قلم اٹھائے رکھتا ہے، اگر وہ شرمسار ہوجائے، اور توبہ کرلے تو قلم رکھ دیتا ہے، وگرنہ ایک برائی لکھ دیتا ہے۔

السلسلہ 3121 (صحیح)

تہجد (قیام اللیل) کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

  رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: رحم فرمائے ﷲﷻ اس بندے پر جو رات کو اٹھ کر نماز پڑھتا اور اپنی بیوی کو جگاتا ہے۔ اگر وہ انکار کرے تو اس کے منہ پر پانی کے چھینٹے مارتا ہے۔ اور رحم فرمائے ﷲﷻ اس بندی پر جو رات کو اٹھ کر نماز پڑھتی اور اپنے شوہر کو جگاتی ہے۔ اگر وہ انکار کرے تو اس کے منہ پر پانی کے چھینٹے مارتی ہے ۔

سنن ابوداؤد 1308 (صحیح)

توبہ کرنے میں دیر مت کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’جب مومن کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نقطہ لگ جاتا ہے۔ اگر وہ توبہ کرلے، باز آجائے اور ( ﷲﷻ سے ) بخشش کی درخواست کرے تو اس کا دل صاف ہوجاتا ہے۔ اگر مزید گناہ کرے تو سیاہی کا نقطہ زیادہ ہوجاتا ہے ( حتیٰ کہ ہوتے ہوتے دل بالکل سیاہ ہوجاتا ہے۔)

سنن ابنِ ماجہ 4244 (صحیح)

بیوی کے ساتھ رہن سہن کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: عورت پسلی سے پیدا کی گئی ہے، وہ آپ کے ساتھ کبھی ایک انداز پر گزر بسر نہیں کرے گی، اگر تم اس سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہو تو تم اسکے ٹیڑھے پن کے ساتھ ہی اس سے فائدہ حاصل کرو، اور اگر تم نے اسے سیدھا کرنے کی کوشش کی تو تم اسے توڑ دو گے، اور اسے توڑنا اسے طلاق دینا ہے۔

مشکوٰۃ 3239 (صحیح)

مومن کے مومن پر چھ حقوق

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”مومن کے مومن پر چھ حقوق ہیں، ( 1 ) جب بیمار ہو تو اسکی بیمار پرسی کرے، ( 2 ) جب مرے تو اسکے جنازے میں شریک ہو، ( 3 ) جب دعوت کرے تو قبول کرے، ( 4 ) جب ملے تو اس سے سلام کرے، ( 5 ) جب اسے چھینک آئے تو اسکی چھینک کا جواب دے، ( 6 ) اسکے سامنے موجود رہے یا نہ رہے اس کا خیرخواہ ہو“۔

جامع الترمذی 2737 (صحیح)

زبان کی حفاظت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ( بعض اوقات ) بندہ کوئی ایسا کلمہ کہہ دیتا ہے جس کی وجہ سے دوزخ میں اس سے بھی زیادہ دور اتر جاتا ہے جتنی دوری مشرق اور مغرب کے درمیان ہے ۔

صحیح مسلم 7481 (صحیح)

Thursday, 1 June 2023

توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے سورج کے مغرب کی طرف طلوع ہونے (یعنی قیامت قائم ہونے) سے پہلے پہلے توبہ کرلی تو ﷲﷻ اسکی توبہ قبول فرما لیتا ہے۔
مشکوٰۃ 2331 (صحیح)

غرور، گھمنڈ اور تکبر کی برائی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں جنت والوں کی خبر نہ دوں۔ ہر کمزور وتواضع کرنے والا اگر وہ ( ﷲﷻ کا نام لے کر ) قسم کھالے تو ﷲ اس کی قسم پوری کردے۔ کیا میں تمہیں دوزخ والوں کی خبر نہ دوں ہر تندخو (بدمزاج)، اکڑ کر چلنے والا اور متکبر۔
صحیح البخاری 6071 (صحیح)

گھر میں تصویر رکھنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 امام المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں کتا یا تصویر ہو۔
سنن ابنِ ماجہ 3649 (صحیح)

مصافحہ کرنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب دو مسلمان آپس میں ایک دوسرے سے ملتے اور ( سلام ) و مصافحہ کرتے ہیں تو ان دونوں کے ایک دوسرے سے علیحدہ اور جدا ہونے سے پہلے انہیں بخش دیا جاتا ہے 
جامع الترمذی 2727 (صحیح)

متکبرانہ چال پر وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’ایک دفعہ ایک آدمی سوٹ پہنے ہوئے تکبر کے انداز میں چل رہا تھا اور اسکے نفس نے اسے غرور میں ڈال رکھا تھا، اسے زمین میں دھنسا دیا گیا، اور وہ روز قیامت تک اس میں اترتا چلا جائے گا"۔
مشکوٰۃ 4711 (متفق علیہ)

دکھ، مشکل و تکلیف میں پڑھنے کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ کو جب کوئی کام سخت تکلیف و پریشانی میں ڈال دیتا تو آپﷺ یہ دعا پڑھتے: 

يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيثُ

 ”اے زندہ اور ہمیشہ رہنے والے! تیری رحمت کے وسیلے سے تیری مدد چاہتا ہوں“۔ 

جامع الترمذی 3524 (صحیح)

فضول بولنے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

تاجدار کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: جو شخص ﷲﷻ پر اور قیامت پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ اپنے مہمان کی عزت کرے۔ جو شخص اللہ پر اور قیامت پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ اپنے ہمسائے کو دکھ نہ دے۔ اور جو شخص اللہ پر اور قیامت پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ خیر کے لفظ بولے یا خاموش رہے ۔
سنن ابوداؤد 5154 (صحیح)

وضو کے طریقوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

کینِ گنبد خضرا رسول کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم وضو کرو تو اپنے ہاتھوں اور اپنے پاؤں کی انگلیوں کا خلال کرو ۔
مشکوٰۃ 406 (صحیح)

بِسْمِ ﷲ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

ایک آدمی کھانا کھا رہا تھا، اس نے بسم ﷲ نہیں پڑھی تھی، حتٰی کہ ایک لقمہ باقی رہ گیا اور وہ لقمہ جب اس نے منہ کی طرف اٹھایا تو اس نے کہا: بسم اللہ اولہ و آخرہ  تو (یہ سن کر) نبی کریمﷺ مسکرا دیے، پھر فرمایا: شیطان اسکے ساتھ کھاتا رہا حتٰی کہ جب اس نے ﷲ کا نام لیا تو اس نے اپنے پیٹ کا سب کچھ قے کردیا۔
مشکوٰۃ 4203 (صحیح)

ﷲ تعالٰی سے شہادت کی موت طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص صدق دل سے ﷲﷻ سے شہادت طلب کرتا ہے تو وہ اسے شہداء کے مقام پر پہنچا دیتا ہے، خواہ اسے اپنے بستر پر موت آئے۔
مشکوٰۃ 3808 (صحیح)

ہمسائے کے حقوق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ کے متعلق مروی ہے کہ انہوں نے ایک بکری ذبح کی اور پھر پوچھا: کیا تم نے میرے یہودی ہمسائے کی طرف بھی کچھ بھیجا ہے؟ بلاشبہ میں نے نبی کریم ﷺ سے سنا ہے، آپﷺ فرماتے تھے: جبریل امین مجھے ہمسائے کے متعلق وصیت کرتے رہے حتٰی کہ مجھے خیال ہوا کہ وہ اسے وارث ہی بنا دیں گے۔
سنن ابوداؤد 5152 (صحیح)

جائے پیدائش سے جائے وفات تک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مدینہ میں پیدا ہونے والا ایک شخص فوت ہوگیا تو نبی کریم ﷺ نے اس کی نماز جنازہ پڑھ کر فرمایا:’’ کاش کہ یہ اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کسی اور جگہ فوت ہوتا۔‘‘ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا، اللہ کے رسولﷺ ! کس لیے؟ آپﷺ نے فرمایا: بیشک جب کوئی آدمی اپنی جائے پیدائش کے علاوہ کسی جگہ فوت ہوتا ہے تو اسکی جائے پیدائش سے جائے وفات تک کے فاصلے کے برابر اسے جنت عطا کر دی جاتی ہے ۔

مشکوٰۃ 1593 (صحیح)

نبی کریمﷺ پر ایمان لانے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ ‌ نے فرمایا: اس شخص کے لیے ایک دفعہ خوشخبری ہے، جو مجھ پر ایمان لایا اور میرا دیدار کیا، لیکن جو آدمی بِن دیکھے مجھ پر ایمان لایا، اس کے لیے سات دفعہ خوشخبری ہے"۔ 
مسند احمد 140 (صحیح)

نیک عمل کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ سے پوچھا گیا کون سا عمل ﷲﷻ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ ہے؟ فرمایا کہ جس پر ہمیشگی کی جائے، خواہ وہ تھوڑا ہی ہو اور فرمایا نیک کام کرنے میں اتنی ہی تکلیف اٹھاؤ جتنی طاقت ہے ( جو ہمیشہ نبھ سکے ) ۔

صحیح البخاری 6465 (صحیح)