Monday, 19 September 2022

دُنیا کی حقیقت


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد  مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: دُنیا مومن کے لیے قید خانہ جبکہ کافر کے لیے جنت ہے ۔

مشکوٰۃ 5158 (صحیح)

محافل و مجالس میں ﷲ کے ذِکر کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو لوگ کسی مجلس سے اٹھیں اور انہوں نے اس میں ﷲﷻ کا ذکر نہ کیا ہو، تو وہ ایسے ہیں گویا کسی مردار گدھے پر سے اٹھے ہوں اور ( آخرت میں ) یہ مجلس اُن کے لیے حسرت کا باعث ہوگی۔‘‘ ( تمنا کریں گے کہ کاش ہم نے اس میں ﷲ کا ذکر کرلیا ہوتا)

سنن ابوداؤد 4855 (صحیح)

ملازم کے ساتھ حسنِ اخلاق کی ترغیب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں، میں نے دس سال نبی کریم ﷺ کی خدمت کی، لیکن آپﷺ نے مجھے کبھی اُف تک نہ کہا، اور نہ ہی یہ کہا کہ تونے یہ کام کیوں کیا اور وہ کام کیوں نہیں کیا۔

مشکوٰۃ 5801 (متفق علیہ)

خوابِ غفلت سے بیدار ہونے کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: میں نے جہنم کی مثل کوئی چیز نہیں دیکھی کہ جس سے بھاگنے والا خواب غفلت میں ہو، اور نہ ہی جنت کی نعمتوں و سرور کے مثل کوئی چیز دیکھی ہے جس کا چاہنے والا خواب غفلت میں ہو ۔

مشکوٰۃ 5346 (صحیح)

اطاعتِ الہٰی کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امامِ المرسلین حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: بیشک ﷲﷻ فرماتا ہے: انسان ! میری عبادت کے لیے فارغ ہوجا، میں تیرے دل کو مال داری (قناعت) سے بھر دوں گا، تیری محتاجی ختم کردوں گا اور اگر تو (ایسے) نہیں کرے گا تو میں تمہیں (دنیاوی) کاموں میں مصروف کردوں گا اور تیری محتاجی ختم نہیں کروں گا ۔

مشکوٰۃ 5172 (صحیح)

بعض فقراء کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: ’’ بہت سے پراگندہ بالوں والے (فقراء) جنہیں دروازوں سے دھکیلا جاتا ہے اگر وہ ﷲ پر قسم اٹھالے تو ﷲﷻ اسے پوری فرما دیتا ہے ۔‘‘

مشکوٰۃ 5231 (صحیح)

جوتا پہنے کا سنت طریقہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا:  جب تم میں سے کوئی جوتے پہنے تو وہ دائیں سے شروع کرے اور جب اتارے تو پہلے بایاں اتارے تاکہ دایاں پاؤں پہننے میں پہلے ہو اور اتارنے میں آخر پر ہو ۔

مشکوٰۃ 4410( متفق علیہ)

دو لوگوں میں صلح کروانے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ کو یہ فرماتے سنا کہ جھوٹا وہ نہیں ہے جو لوگوں میں باہم صلح کرانے کی کوشش کرے اور اس کے لیے کسی اچھی بات کی چغلی کھائے یا اسی سلسلہ کی اور کوئی اچھی بات کہہ دے۔ 

صحیح البخاری 2692 (صحیح)

جنت کی طلب اور جہنم سے نجات کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نےفرمایا: جو شخص ﷲﷻ سے تین مرتبہ جنت کا سوال کرے (اَللّٰھُمَّ اِنِیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ الْفِرْدُوْسَ) تو جنت کہتی ہے : اے اللہ اسے جنت میں داخل فرما : اور جو شخص تین دفعہ آگ سے پناہ مانگے (اللَّھُمَّ اَجِرنِی مِنَ النَّار) تو آگ خود کہتی ہے : یااللہ ! اس کو آگ سے بچا ۔

سنن النسائی 5523 (صحیح)

تم آخرت کے طلبگار بنو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دنیا گزر رہی ہے جبکہ آخرت آرہی ہے، اور دونوں میں سے ہر ایک کے طلبگار ہیں، تم آخرت کے طلبگار بنو اور دنیا کے طلبگار نہ بنو کیونکہ آج عمل (کا وقت) ہے اور حساب نہیں جبکہ کل حساب ہوگا اور عمل نہیں ہوگا ۔

مشکوٰۃ 5215 (صحیح)

ریاکاری سے بچنے کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ نے فرمایا:  بیشک ﷲﷻ ایسے مالدار کو پسند فرماتا ہے جو پرہیزگار ہو اور گمنام ہو ۔

مشکوٰۃ 5284

Thursday, 8 September 2022

میرا مال، میرا مال

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریمﷺ نے فرمایا:  بندہ کہتا ہے ، میرا مال، میرا مال، حالانکہ اس کا مال فقط تین صورتوں میں ہے جو اس نے کھاکر ختم کر دیا، یا پہن کر بوسیدہ کردیا یا (ﷲﷻ کی راہ میں) دے کر ذخیرہ کرلیا، اور جو ان کے علاوہ ہے وہ تو اسے لوگوں کے لیے چھوڑ کر جانے والا ہے ۔

مشکوٰۃ 5166 (صحیح)

علاماتِ قیامت: وقت میں برکت نہ رہےگی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رحمتِ عالم شافع روزِ محشر حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: قیامت قائم نہیں ہوگی حتیٰ کہ زمانہ قریب آجائے گا تو سال مہینے کی طرح، مہینہ جمعہ (سات دن) کی طرح، جمعہ (یعنی ہفتہ) ایک دن کی طرح، دن گھنٹے کی طرح اور گھنٹہ آگ کے شعلے کی طرح ہو گا۔

مشکوٰۃ 5448 (صحیح )

مومن کا ہر معاملہ بھلائی کا ہوتا ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ نے فرمایا:  مومن کا معاملہ عجیب ہے۔ اس کا ہر معاملہ اُس کے لیے بھلائی کا ہے، اور یہ بات مومن کے سوا کسی اور کو میسر نہیں۔ اسے خوشی اور خوشحالی ملے تو شُکر ادا کرتا ہے اور یہ اُس کے لیے اچھا ہوتا ہے اور اگر اسے کوئی نُقصان پہنچے تو ( ﷲﷻ کی رضا کے لیے) صبر کرتا ہے، یہ ( بھی ) اس کے لیے بھلائی ہوتی ہے ۔ 

صحیح مسلم 7500(صحیح)

غلطیوں (گناہوں) کو زائل کرنے والے کلمات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمتﷺ نے ایک شاخ پکڑی، اس کو ہلایا، لیکن اس سے پتے نہ جھڑے، پھر ہلایا، لیکن پھر بھی پتے نہیں جھڑے، پھر اس کو ہلایا تو اس کے پتے جھڑ گئے، رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بیشک سُبْحَانَ اللّٰہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ، لَا اِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ، اَللّٰہُ أَکْبَرُ، یہ کلمات غلطیوں کو ایسے زائل کرتے ہیں، جیسے درخت اپنے پتے گرا دیتا ہے۔ 

مسند احمد 5453

خاوند کی ناشکری سے بچنے کی تلقین


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سیدہ اسما بنت یزید انصاریہ ؓ کہتی ہیں کہ نبی کریمﷺ ہمارے پاس سے گزرے اور ہم کچھ خواتین بیٹھی ہوئی تھیں، آپﷺ نے ہمیں سلام کہا اور پھر فرمایا: خوشحال لوگوں کی طرح ناشکر ی کرنے سے بچنا۔ ہم نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ ! خوشحال لوگوں کی ناشکری کیا ہوتی ہے؟ آپﷺ  نے فرمایا: ممکن ہے کہ تم عرصہ دراز تک اپنے والدین کے پاس بے شوہر کی زندگی گزارتی رہو، پھر ﷲﷻ تمھیں خاوند عطا کرے اور (اس کے ذریعے) اولاد کی نعمت بھی دے، لیکن تم کسی دن غصے میں آکر (خاوند کو) یہ کہہ دو کہ میں نے تو تیرے پاس کوئی خیر و بھلائی دیکھی ہی نہیں۔  

مسند احمد 7113 (صحیح)

یومِ جمعہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: بیشک جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار اور ﷲﷻ کے نزدیک سب سے زیادہ عظمت والا دن ہے، اس کا درجہ اللہ تعالٰی کے نزدیک عید الاضحی اور عید الفطر سے بھی زیادہ ہے، اس کی پانچ خصوصیات ہیں: ﷲ نے اسی دن آدم علیہ السلام کو پیدا فرمایا، اسی دن ان کو روئے زمین پہ اتارا، اسی دن ﷲ نے ان کو وفات دی، اور اس دن میں ایک ایسی گھڑی ہے کہ بندہ اس میں جو بھی مانگے ﷲ اسے دے گا جب تک کہ حرام چیز کا سوال نہ کرے، اور اسی دن قیامت آئے گی، جمعہ کے دن ہر مقرب فرشتہ، آسمان، زمین، ہوائیں، پہاڑ اور سمندر ( قیامت کے آنے سے ) ڈرتے رہتے ہیں ۔

سنن ابن ماجہ 1084 (صحیح)

قول و فعل میں تضاد کا عذاب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا:  معراج کی رات میں کچھ ایسے لوگوں کے پاس سے گزرا جن کے ہونٹ آگ کی قینچیوں سے کاٹے جارہے تھے، میں نے کہا: جبریل ! یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا : یہ آپﷺ کی امت کے خطیب حضرات ہیں، جن کے قول و فعل میں تضاد تھا۔

مشکوٰۃ 4802 (صحیح)

مومنوں میں باہم محبت وشفقت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: آپ مؤمنوں کو باہم رحمت و مہربانی کرنے، باہم محبت اور معاونت کرنے میں، جسم کی مانند پائیں گے، جب کوئی عضو تکلیف میں مبتلا ہوتا ہے تو اس کی وجہ سے اس کا سارا جسم بیداری اور بخار میں مبتلا رہتا ہے۔

مشکوٰۃ 4953(متفق علیہ)

جب تجھے غصہ آجائے تو خاموش ہوجا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سرورِ کائنات فخرِ موجودات احمد مجتبیٰ محمد مصطفٰی ﷺ ‌ نے فرمایا: لوگوں کو علم سکھاؤ اور آسانیاں پیدا کرو اور مشکلات پیدا نہ کرو، اور جب تجھے غصہ آجائے تو خاموش ہوجا، اور جب تجھے غصہ آجائے تو خاموش ہوجا، اور جب تجھے غصہ آجائے تو خاموش ہوجا۔ 

مسند احمد 253 (صحیح)

کرو مہربانی تم اہلِ زمین پر


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ  نے فرمایا: جو لوگوں پر رحم نہیں کھاتا ﷲﷻ بھی اس پر رحم نہیں کھاتا۔

صحیح البخاری 7376 (صحیح)