Monday, 29 August 2022

جمائی لینے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی محبوب ربُّ العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے تو وہ اپنا ہاتھ اپنے منہ پر رکھے کیونکہ شیطان (منہ میں ) داخل ہوجاتا ہے ۔

مشکوٰۃ 4737(صحیح)

چاشت کی نماز کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سیدہ عائشہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہا سے سوال کیا گیا کہ رسولِ کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم چاشت کی نماز کتنی رکعتیں پڑھا کرتے تھے؟ انھوں نے کہا: آپ ‌ﷺ چار رکعت پڑھا کرتے تھے اور اس سے زیادہ بھی پڑھتے، جتنا اللہ تعالیٰ کو منظور ہوتا۔ 

مسند احمد 2277(صحیح)

جمعہ کے دن غُسل کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سرورِ کونین سید الانبیاء حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جمعہ کے دن غُسل کرنا ہر بالغ شخص پر واجب ہے ۔

مشکوٰۃ 538(متفق علیہ)

چھینکنے والے کا الحمدللہ کہنا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ کے پاس دو اصحاب چھینکے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک کا جواب یرحمک اللہ( اللہ تم پر رحم کرے ) سے دیا اور دوسرے کا نہیں۔ آپ ﷺ سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا کہ اس نے الحمدللہ کہا تھا ( اس لیے اس کا جواب دیا ) اور دوسرے نے الحمدللہ نہیں کہا تھا۔ چھینکنے والے کو الحمدللہ ضرور کہنا چاہئے اور سننے والوں کو یرحمک اللہ۔ 

صحیح البخاری 6221 (صحیح)

جَزَاكَ اللَّهُ خَيْرًا کہنے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ابو القاسم حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے ساتھ کوئی بھلائی کی گئی اور اس نے بھلائی کرنے والے سے جَزَاكَ اللَّهُ خَيْرًا ”ﷲﷻ تم کو بہتر بدلا دے“ کہا، اس نے اس کی پوری پوری تعریف کر دی

جامع الترمذی 2035(صحیح)

زبان پر ہلکا اور میزان میں بھاری ذکر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ دو کلمے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں اور میزان میں بھاری ہیں اور ﷲﷻ کو بہت محبوب ہیں: 

سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهٖ سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ

 ﷲ ہر اس چیز سے پاک ہے جو اس کے شایان شان نہیں اور سب حمد اسی کو سزاوار ہے ، ﷲ ہر اس چیز سے پاک ہے جو اس کے شایان شان نہیں اور عظمت کی ہر صفت سے متصف ہے ۔

صحیح مسلم6846 (صحیح)

بارش میں گھر پر نماز ادا کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت جابر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ ہم لوگ نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر میں تھے کہ بارش ہونے لگی تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”جو چاہے اپنے ڈیرے میں ہی نماز پڑھ لے“۔

جامع الترمذی 409 (صحیح)

تکالیف گناہوں کا کفارہ بنتی ہیں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے بیان کیا کہ میں رسولِ کریم ﷺ کی خدمت میں جب آپ بیمار تھے حاضر ہوا۔ میں نے آپ کا جسم چھوا، آپ کو تیز بخار تھا۔ میں نے عرض کیا آپ کو تو بڑا تیز بخار ہے یہ اس لیے ہوگا کہ آپ کو دگنا ثواب ملے گا۔ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں اور کسی مسلمان کو بھی جب کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو اسکے گناہ اس طرح جھڑ جاتے ہیں جیسے درخت کے پتے جھڑ جاتے ہیں۔ 

صحیح البخاری 5661 (صحیح)

Sunday, 21 August 2022

جمعہ کو قبولیتِ دُعا کی ممکنہ گھڑی


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”جمعہ کے روز اس گھڑی کو جس میں دُعا کی قبولیت کی اُمید کی جاتی ہے عصر سے لے کر سورج ڈوبنے تک کے درمیان تلاش کرو“۔

جامع الترمذی 489 (صحیح)

مال و دولت کی محبت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت آمنہ کے لعل رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: اگر انسان کے لیے مال کی دو وادیاں ہوں تو وہ تیسری تلاش کرتا ہے، انسان کے پیٹ کو صرف (قبر کی) مٹی ہی بھرے گی، اور ﷲﷻ توبہ کرنے والے شخص کی توبہ قبول فرماتا ہے۔

مشکوٰۃ 5273 (صحیح)

باجماعت نماز ترک کرنے پر سخت وعید


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

وجہِ تخلیق کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: میں نے تو یہ ارادہ کرلیا تھا کہ نماز کی جماعت قائم کرنے کا حکم دے کر خود اُن لوگوں کے گھروں میں جاؤں جو جماعت میں حاضر نہیں ہوتے اور اُن کے گھر کو جلا دوں۔ 

صحیح البخاری 2420 (صحیح)

دورانِ نماز اِدھر اُدھر دیکھنےکا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

امام المرسلین رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: اللہ تعالٰی حالتِ نماز میں بندے پر اُس وقت تک متوجہ رہتا ہے جب تک کہ وہ اِدھر اُدھر نہیں دیکھتا ہے، پھر جب وہ اِدھر اُدھر دیکھنے لگتا ہے تو ﷲﷻ اس سے منہ پھیر لیتا ہے ۔ 

سنن ابوداؤد 909 (صحیح)

نقائص پر پردہ ڈالنے کی ترغیب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

سرورِ کائنات فخرِ موجودات احمد مجتبیٰ محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: جو بندہ بھی دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرے گا، ﷲﷻ قیامت والے دن اس کی پردہ پوشی کرے گا۔ 

مسند احمد 9131 (صحیح)

قناعت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ( دنیا میں ) اپنے سے نیچے والے ( کم مال والے ) کو دیکھو، اپنے سے اوپر والے کو نہ دیکھو، اس سے یہ ہوگا کہ تم ﷲﷻ کی نعمت کو حقیر نہ سمجھو گے ۔

سنن ابنِ ماجہ 4142 (صحیح)

کامیاب و بامراد انسان کی صفات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ نے فرمایا:  وہ انسان کامیاب و بامراد ہوگیا جو مسلمان ہوگیا، اور اسے گزر بسر کے بقدر روزی ملی، اور ﷲﷻ نے اسے جو دیا اس پر قناعت کی توفیق بخشی۔

صحیح مسلم 2426 (صحیح)

ذکر کے مخصوص کلمات کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا: بیشک اللہ تعالٰی نے چار کلمات پسند کیے ہیں: سُبْحَانَ اللّٰہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ، لَا اِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ، اَللّٰہُ أَکْبَرُ۔ جس نے سُبْحَانَ اللّٰہِ کہا، اس کے لیے بیس نیکیاں لکھی جائیں گی اور بیس برائیاں معاف کر دی جائیں گی، جس نے اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہا، اس کے لیے بھی اتنا ثواب ہوگا، جس نے لَا اِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ کہا، اس کے لیے بھی اتنا ہی اجرو ثواب ہوگا اور جس نے اپنے دل سے اَلْحَمْد لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِینَ کہا، اس کے لیے تیس نیکیاں لکھی جائیں گی اور تیس برائیاں معاف کر دی جائیں گی۔ 

مسند احمد 5450 (صحیح)

غصے کا علاج

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو آدمی آپس میں گالی گلوچ کر رہے تھے کہ ایک شخص کا منہ سرخ ہو گیا اور گردن کی رگیں پھول گئیں۔ نبيِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ مجھے ایک ایسا کلمہ معلوم ہے کہ اگر یہ شخص اسے پڑھ لے تو اسکا غصہ جاتا رہے گا۔ فرمایا

أَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطَانِ الرَّجِیم.‏

 ”میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی شیطان سے۔“ تو اس کا غصہ جاتا رہے گا۔

صحیح البخاری 3282 (صحیح)

شک و شبہ کے مقامات پر وضاحت کی اہمیت


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسول اکرم ﷺ اپنی ایک بیوی کے ساتھ کھڑے تھے کہ وہاں سے ایک آدمی کا گزر ہوا، آپ ﷺ نے فرمایا: اے فلاں! یہ میری بیوی ہے۔ اس نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ ! مجھے کسی کے بارے میں تو گمان ہوسکتا ہے، لیکن آپﷺ کے بارے میں تو میں کسی بدگمانی میں مبتلا نہیں ہوسکتا، آپ ﷺ نے فرمایا: بیشک شیطان، ابن آدم میں خون کی طرح گردش کرتا ہے۔
(بد گمانیاں پیدا کرسکتا ہے)

مسند احمد9853 (صحیح)

پاکیزگی کا بیان


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب تم میں سے کوئی نیند سے بیدار ہو تو وہ اپنا ہاتھ برتن میں نہ ڈالے حتیٰ کہ اسے تین مرتبہ دھولے، کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ اس کے ہاتھ نے رات کہاں بسر کی ۔

مشکوٰۃ 391 (متفق علیہ)

Wednesday, 10 August 2022

مسلمان کے عیب پر پردہ ڈالنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا: ”جس نے کسی مومن سے دنیا کی تکلیفوں میں سے کوئی تکلیف دور کی ﷲﷻ اس کے آخرت کی تکلیفوں میں سے کوئی تکلیف دور کرے گا، اور جس نے کسی مسلمان کی پردہ پوشی کی تو اللہ دنیا و آخرت میں اس کی پردہ پوشی فرمائے گا، اللہ بندے کی مدد میں لگا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں لگا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1425  (صحیح)

دُعا پورے یقین کے ساتھ مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی شخص دُعا کرے تو یہ نہ کہے: اے اللہ ! اگر تو چاہے تو مجھے بخش دے، بلکہ وہ پختگی اور اصرار سے سوال کرے اور بڑی رغبت کا اظہار کرے، کیونکہ دینے کے لیے اللہ تعالٰی کے لیے کوئی چیز بڑی نہیں ہے ۔ 

صحیح مسلم 6812 (صحیح)

حضرت امام حسن ؓ و حسین ؓ کے مناقب و فضائل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امام الانبیاء حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا:  جس نے حسن اور حسین رضی اللہ عنہما سے محبت کی، اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا۔

سنن ابنِ ماجہ 143 (صحیح)

گناہوں سے معافی کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: جس شخص نے ہر نماز کے بعد تینتیس مرتبہ (سبحان اللہ)، تنتیس مرتبہ (الحمدللہ) اور تینتیس مرتبہ (اللہ اکبر) کہا پس یہ ننانوے ہوئے، اور لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ سے سو پورا کرلیا تو اس کے گناہ خواہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں تو بھی معاف کردیے جاتے ہیں ۔

مشکوٰۃ 967 (صحیح)

محرم الحرام کے روزہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

نبيِ رحمتﷺ نے فرمایا: یوم عرفہ یعنی (۹) ذوالحجہ کا روزہ گزشتہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے اور یومِ عاشورہ ( 10-محرم الحرام) کا روزہ ایک گزشتہ سال کے گناہوں کا۔

مسند احمد 3979 (صحیح)

عشقِ رسولﷺ ایمانِ کامل کی شرط ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت
 عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا) جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)


عاشورہ پر ‏دو ‏روزے ‏رکھنے ‏کا ‏بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تو یہودی عاشورہ کا روزہ رکھتے تھے۔ نبی کریم ﷺ نے ان سے اس کے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ اس دن موسیٰ علیہ السلام نے فرعون پر غلبہ پایا تھا۔ آپﷺ نے اس پر فرمایا کہ پھر ہم ان کے مقابلے میں موسیٰ کے زیادہ حقدار ہیں۔ مسلمانوں! تم لوگ بھی اس دن روزہ رکھو ( پھر آپﷺ نے یہود کی مشابہت سے بچنے کے لیے اس کے ساتھ ایک روزہ اور ملانے کا حکم صادر فرمایا جو اب بھی مسنون ہے۔)  

صحیح البخاری4737 (صحیح)

مومن کے مومن پر چھ حقوق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: مومن کے مومن پر چھ حق ہیں: جب وہ بیمار ہوجائے تو اس کی بیمار پرسی کرے، جب وہ فوت ہوجائے تو ( اس کے کفن، دفن اور جنازے میں ) شریک ہو، جب وہ دعوت دے تو قبول کرے، جب وہ اسے ملے تو سلام کہے، جب اسے چھینک آئے تو اسے دُعا دے اور اس کی خیر خواہی کرے جب وہ غائب ہو یا موجود۔

سنن النسائی 1940 (صحیح)

آذان و اقامت کے درمیان دُعا کی قبولیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ‌سرورِ کائنات فخرِ موجودات احمد مجتبیٰ محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: آذان اور اقامت کے درمیان دُعا ردّ نہیں کی جاتی۔ 

مسند احمد 1263 (صحیح)

رحم کرنے کا تعلق اّلرٌّح٘مٰن سے جڑا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا کہ رحم کا تعلق رحمن سے جڑا ہوا ہے پس جو کوئی اس سے اپنے آپ کو جوڑتا ہے ﷲﷻ نے فرمایا کہ میں بھی اس کو اپنے سے جوڑ لیتا ہوں اور جو کوئی اسے توڑتا ہے میں بھی اپنے آپ کو اس سے توڑ لیتا ہوں۔ 

صحیح البخاری 5988 (صحیح)

جب کھاناحاضر ہو اور نماز کی تکبیر ہوجائے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ اگر شام کا کھانا سامنے رکھا جائے اور ادھر نماز کے لیے تکبیر بھی ہونے لگے تو پہلے کھانا کھالو۔ 

صحیح البخاری 671 (صحیح)

غیبت و چغل خوری کا عذاب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا: جب میرے ربّ نے مجھے معراج کرائی تو میں ایسے لوگوں کے پاس سے گزرا کہ ان کے تانبے کے ناخن تھے اور وہ ان کے ذریعے اپنے چہروں اور سینوں کو نوچ رہے تھے، میں نے کہا: اے جبریل! یہ کون لوگ ہیں؟ اس نے کہا: یہ وہ لوگ ہیں جو لوگوں کا گوشت کھاتے تھے اور ان کی عزتوں کو متأثر کرتے تھے (یعنی چغلی اور غیبت کرتے ہیں)۔

مسند احمد 10580(صحیح)

ریاکاری و شہرت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمتﷺ نے فرمایا: ’’مجھے تمہارے متعلق شرک اصغر کا سب سے زیادہ اندیشہ ہے، انہوں نے عرض کیا ، اللّٰه کے رسولﷺ ! شرک اصغر سے کیا مراد ہے؟ آپﷺ نے فرمایا : ریا کاری ۔

مشکوٰۃ 5334 (صحیح)