Tuesday, 24 May 2022

حمد و ثناء کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے: ایک دفعہ ہم رسولِ کریم ﷺ کے ساتھ نماز پڑھ رہے تھے کہ ایک آدمی نے کہا

 اللهُ أَكْبَرُ كَبِيرًا، وَالْحَمْدُ لِلَّهِ كَثِيرًا، وَسُبْحَانَ اللهِ بُكْرَةً وَأَصِيلًا

  رسول اکرم ﷺ نے پوچھا: ’’یہ کلمہ کہنے والا کون ہے؟ ‘‘ایک آدمی نے کہا: میں ہوں آپﷺ نے فرمایا:’’ مجھے ان پر بہت حیرت ہوئی، ان (کلمات) کے لیے آسمان کے دروازے کھول دیے گئے۔

ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا :اس کے بعد سے ان کلمات کو کبھی ترک نہیں کیا۔

صحیح مسلم 1358

توبہ واستغفار کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسولِ کریم ﷺ نے مجھے فرمایا: ’’کیا میں تمہیں ایسے کلمات نہ سکھا دوں جو تم پریشانی کی صورت میں پڑھا کرو 

 أَللَّهُ أَللَّهُ رَبِّي لَا أُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا

’’ ﷲ، ﷲ ہی میرا رب ہے میں اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں بناتی ( بناتا)"

سنن ابوداؤد 1525

ﷲﷻ سے دُعا کا اہتمام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریمﷺ ہم لوگوں کے ساتھ(مسجد میں) تشریف فرما تھے، اس وقت ایک شخص مسجد میں آیا، اس نے نماز پڑھی، اور یہ دعا کی: اے اللہ! میری مغفرت کردے اور مجھ پر رحم فرما، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اے نمازی! تو نے جلدی کی، جب تو نماز پڑھ کر بیٹھے تو اللہ کے شایان شان اس کی حمد بیان کر اور پھر مجھ پر صلاۃ ( درود ) بھیج، پھر اللہ سے دعا کر“، کہتے ہیں: اس کے بعد پھر ایک اور شخص نے نماز پڑھی، اس نے اللہ کی حمد بیان کی اور نبی اکرم ﷺ پر درود بھیجا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اے نمازی! دُعا کر، تیری دُعا قبول کی جائے گی“۔

جامع الترمذی 3476

ﷲﷻ کا محبوب ذکر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : دو کلمے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں اور میزان میں بھاری ہیں اور ﷲﷻ کو بہت محبوب ہیں

سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهٖ سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ

صحیح مسلم 6846

دُعا مانگنے کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب بندہ اللہ تعالٰی سے سوال کرنے کے لیے اس کے سامنے اپنے دونوں ہاتھ دراز کرتا ہے تو وہ اس سے شرماتا ہے کہ ان کو خالی واپس کر دے۔  

مسند احمد 5590

بچوں کے لیے نماز کا حکم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  اپنے بچوں کو جب وہ سات سال کے ہوجائیں تو نماز کا حکم دو اور جب دس سال کے ہوجائیں ( اور نہ پڑھیں ) تو انہیں اس پر مارو اور ان کے بستر جدا جدا کر دو ۔

سنن ابوداؤد 495

نمازوں کی فرضیت کا بیان


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ المرسلین رسولِ کریم حضرت محمد مصطفٰی ﷺ پر معراج کی رات پچاس نمازیں فرض کی گئیں، پھر کم کی گئیں یہاں تک کہ ( کم کرتے کرتے )  پانچ کر دی گئیں۔ پھر پکار کر کہا گیا: اے محمد ﷺ ! میری بات اٹل ہے، تمہیں اِن پانچ نمازوں کا ثواب پچاس کے برابر ملے گا۔

جامع الترمذی 213

قرض کی ادائیگی میں مہلت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جو شخص پسند کرتا ہے کہ ﷲﷻ اسے اپنے سائے میں جگہ دے تو اسے چاہیے کہ تنگ دست کو مہلت دے یا اس کا قرض معاف کر دے ۔

سنن ابنِ ماجہ 2419

Saturday, 14 May 2022

وضو میں احتیاط کرنے کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک شخص نے وضو کیا تو اپنے پاؤں پر ایک ناخن جتنی جگہ چھوڑ دی، تو نبیِ کریم ﷺ نے اس کو دیکھ لیا اور فرمایا: ’’واپس جاؤ اور اپنا وضو خوب اچھی طرح کرو - ‘‘ وہ واپس گیا، ( حکم پر عمل کیا ) پھر نماز پڑھی۔ 

صحیح مسلم 576

تین دعائیں جو رد نہیں ہوتی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تین دعائیں ایسی ہیں جن کی قبولیت میں کوئی شک نہیں، والد کی دُعا، مسافر کی دُعا اور مظلوم کی دُعا ۔

مشکوٰۃ 2250

اتباعِ سنت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کونین سید الانبیاء ﷺ نے فرمایا: جس کام کا میں تمہیں حکم دوں، اس پر عمل کرو اور جس سے منع کروں، اس سے باز رہو ۔

سنن ابنِ ماجہ 1

علم حاصل کرنے کے بعد اس پر عمل نہ کرنے کی مذمت


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کونین سید الانبیاء ﷺ ‌ نے فرمایا: بیشک جس علم سے فائدہ حاصل نہیں کیا جاتا، اس کی مثال اس خزانے کی سی ہے، جس کو اللہ تعالٰی کے راستے میں خرچ نہیں کیا جاتا۔  

مسند احمد 274

اللّٰہ کی راہ میں خرچ کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ جب بندے صبح کو اٹھتے ہیں تو دو فرشتے آسمان سے نہ اترتے ہوں۔ ایک فرشتہ تو یہ کہتا ہے کہ اے اللہ! خرچ کرنے والے کو اس کا بدلہ دے۔ اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللہ! ممسك (کنجوس) اور بخیل کے مال کو تلف کر دے۔

صحیح البخاری 1442

قطع تعلقی اور عیب جوئی کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ مکرم ﷺ نے فرمایا: بدگمانی سے بچو، کیونکہ بدگمانی سب سے بڑا جھوٹ ہے، تم کسی کے عیب مت تلاش کرو اور نہ جاسوسی کرو، قیمت بڑھانے کے لیے بولی مت دو اور نہ باہم حسد کرو، بغض مت رکھو اور نہ قطع تعلقی کرو اور اللہ کے بندو ! بھائی بھائی بن جاؤ ۔

مشکوٰۃ 5028

Sunday, 8 May 2022

بارش برستے وقت کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ جب بارش برسنے لگتی تو رسولِ کریم ﷺ فرماتے:  اے ﷲ ! زور سے برسا اور اسے مفید بارش بنا ۔

سنن النسائی 1524

حلال و حرام مال کی پرواہ کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ انسان کوئی پرواہ نہیں کرے گا کہ جو اس نے حاصل کیا ہے وہ حلال سے ہے یا حرام سے ہے۔

صحیح البخاری 2059

سجدۂ شُکر کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوبکرہ ؓ بیان کرتے ہیں، جب رسولِ کریم ﷺ کو کوئی خوش کُن معاملہ پیش آتا تو آپ ﷺ ﷲ کا شکر ادا کرنے کے لیے سجدہ ریز ہوجایا کرتے تھے

مشکوٰۃ 1494

صدقہ جاریہ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب انسان فوت ہوجاتا ہے تو تین کاموں، صدقہ جاریہ، وہ علم جس سے استفادہ کیا جائے اور نیک اولاد جو اس کے لیے دُعا کرے، کے سوا اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے ۔

مشکوٰۃ 203

شکریہ ادا کرنے کا بیان


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ  نے فرمایا: ”جس نے لوگوں کا شکریہ ادا نہ کیا اس نے ﷲﷻ کا شکر ادا نہیں کیا“۔ 

جامع الترمذی 1955

Tuesday, 3 May 2022

صدقہ فطر کی ادائیگی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حکم دیا کہ صدقۃ الفطر عید کی نماز کے لیے جانے سے پہلے ادا کر دیا جائے ۔

سنن النسائی 2522

عید گاہ جانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

عید کے لیے پیدل جانا اور نکلنے سے پہلے کچھ کھا لینا سنت ہے۔
امام ترمذی کہتے ہیں: ۱- یہ حدیث حسن ہے، ۲- اکثر اہل علم کا اسی حدیث پر عمل ہے وہ مستحب سمجھتے ہیں کہ آدمی عید کے لیے پیدل جائے اور عید الفطر کی نماز کے لیے نکلنے سے پہلے کچھ کھا لے، ۳- مستحب یہ ہے کہ آدمی بلا عذر سوار ہو کر نہ جائے۔ 

جامع الترمذی 530

شوال کا چھ روزوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے رمضان کے روزے رکھے، پھر اس کے بعد شوال کے چھے روزے رکھے تو یہ ( پورا سال ) مسلسل روزے رکھنے کی طرح ہے ۔

صحیح مسلم 2758

نمازِ عید الفطر سے پہلے سنت عمل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم عید الفطر کے دن نماز کے لیے نکلنے سے پہلے چند کھجوریں کھا لیتے تھے۔

جامع الترمذی 543

رمضان المبارک میں سخاوت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ خیر و بھلائی میں سب سے زیادہ سخی تھے، اور جب رمضان میں جبریل ؑ آپ ﷺ سے ملاقات کرتے تو آپ ﷺ کی سخاوت بڑھ جاتی، وہ رمضان کی ہر رات آپ سے ملاقات کرتے تو نبی ﷺ انہیں قرآن سنایا کرتے تھے، جب جبریل آپ سے ملاقات کرتے تو آپ خیر و بھلائی اور سخاوت کرنے میں کھلی ہوا (تیز رفتار آندھی) سے بھی بڑھ کر ہوتے تھے

مشکوٰۃ 2098

خالص نیت کے ساتھ روزے رکھنے کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے رمضان کے روزے ایمان اور خالص نیت کے ساتھ رکھے اس کے پچھلے گناہ بخش دیئے گئے۔ 

صحیح البخاری 38