Friday, 28 February 2025

رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رمضان المبارک آیا تو رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  یہ مہینہ جو تمہارے پاس آیا ہے اس میں ایک رات ہے جو کہ ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اور جو شخص اس سے محروم کر دیا گیا تو وہ ہر قسم کی خیر و بھلائی سے محروم کر دیا گیا اور اسکی خیر سے محروم شخص ہر قسم کی خیر و بھلائی سے محروم ہے۔

مشکوٰۃ 1964 (صحیح)

روزہ کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا، اگر کوئی شخص جھوٹ بولنا اور دغا بازی کرنا ( روزے رکھ کر بھی ) نہ چھوڑے تو ﷲﷻ کو اِس کی کوئی ضرورت نہیں کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑ دے۔

صحیح بخاری 1903 (صحیح)

رمضان المبارک بخشش کا مہینہ ہے

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا: اس آدمی کی ناک خاک آلود ہوجائے، جس نے ماہ رمضان کو پایا، لیکن یہ مہینہ اس کی بخشش سے پہلے گزر گیا

مسند احمد 3668 (صحیح)

زکوٰۃ ادا نہ کرنے کا عذاب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جسے ﷲﷻ نے مال دیا اور اس نے اس کی زکوٰۃ نہیں ادا کی تو قیامت کے دن اس کا مال نہایت زہریلے گنجے سانپ کی شکل اختیار کرلے گا۔ اس کی آنکھوں کے پاس دو سیاہ نقطے ہوں گے۔ جیسے سانپ کے ہوتے ہیں، پھر وہ سانپ اس کے دونوں جبڑوں سے اسے پکڑ لے گا اور کہے گا کہ میں تیرا مال اور خزانہ ہوں۔

صحیح البخاری 1403 (صحیح)

مسجد اور بازار کے بارے میں بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  ﷲﷻ کے نزدیک ( انسانی ) آبادیوں کا پسندیدہ ترین حصہ انکی ‌مسجدیں ‌ہیں، ‌اور ﷲ کے ہاں ( انسانی ) آبادیوں کا سب سے ناپسندیدہ حصہ انکے بازار ہیں۔

صحیح مسلم 1528 (صحیح)

مومن کی نشانی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 حضرت عائشہ‬ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، نبی کریم ﷺ فرمایا کرتے تھے:  اے ﷲ ! مجھے ان لوگوں میں شامل فرما جو جب نیکی کرتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے اور جب گناہ کرتے ہیں تو استغفار کرتے ہیں۔

سنن ابنِ ماجہ 3820 (صحیح)

صدقہ وخیرات کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بہترین خیرات وہ ہے جس کے دینے کے بعد آدمی مالدار رہے ۔ پھر صدقہ پہلے انہیں دو جو تمہاری زیر پرورش ہیں ۔

صحیح البخاری 1426 (صحیح)

نماز جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کے بارے میں فرمایا: میں نے ارادہ کیا کہ میں کسی آدمی کو حکم دوں وہ لوگوں کو نماز پڑھائے، پھر میں جمعہ سے پیچھے رہ جانے والے لوگوں کو گھروں سمیت آگ لگا دوں۔

مشکوٰۃ 1378 (صحیح)

رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”اس شخص کی ناک خاک آلود ہو ( ذلت کے ساتھ خاک میں ملے) جس کے پاس میرا ذکر کیا جائے اور وہ شخص مجھ پر درود نہ بھیجے، اور اس شخص کی بھی ناک خاک آلود ہو جس کی زندگی میں رمضان کا مہینہ آیا اور اس کی مغفرت ہوئے بغیر وہ مہینہ گزر گیا، اور اس شخص کی بھی ناک خاک آلود ہو جس نے اپنے ماں باپ کو بڑھاپے میں پایا ہو اور وہ دونوں اسے ان کے ساتھ حسن سلوک نہ کرنے کی وجہ سے جنت کا مستحق نہ بنا سکے ہوں“۔

مشکوٰۃ 927 (صحیح)

نیت کرنے پر تہجد پڑھنے کا ثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص اپنے بستر پر ( سونے کے لیے ) آتا ہے اور اسکی نیت ہوتی ہے کہ وہ رات کو اٹھ کر نماز پڑھے گا، پھر اس پر صبح تک نیند غالب آجاتی ہے، اُسکے لیے اُسکی نیت کے مطابق ( پورا ثواب ) لکھا جائے گا اور اسکی نیند اسکے رب کی طرف سے اس پر صدقہ ہوگی۔

سنن ابنِ ماجہ 1344 (صحیح)

طالبِ جنت ان کاموں سے بچے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کوئی احسان جتانے والا , کوئی والدین کا نافرمان اور کوئی عادی شرابی جنت میں داخل نہ ہوگا ۔ 

مسند احمد 6882 (صحیح)

سفید کپڑوں کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  سفید کپڑے پہنا کرو ۔ زندہ لوگ بھی اسے پہنیں اور فوت شدگان کو بھی انہی میں کفن دو ۔ یہ بہترین کپڑے ہیں ۔

سنن النسائی 5325 (صحیح)

جب غصہ آئے تو خاموش ہوجاؤ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے ارشاد فرمایا: لوگوں کو علم سکھاؤ ، آسانیاں پیدا کرو ، مشکلات پیدا نہ کرو اور تین مرتبہ فرمایا کہ جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے خاموشی اختیار کر لینی چاہئے۔ 

مسند احمد 3448 (صحیح)

ہر مسلمان کی خیر خواہی چاہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت جریر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ قبول اسلام کے وقت میں نے بارگاہ رسالت میں عرض کیا: یا رسول ﷲ ﷺ ! کوئی شرط ہو تو وہ مجھے بتا دیجئے ، نبی کریم ﷺ نے فرمایا؛ ﷲﷻ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ ، فرض نماز پڑھو ، فرض زکوٰۃ ادا کرو ، ہر مسلمان کی خیرخواہی کرو اور کافر سے بیزاری ظاہر کرو ۔

مسند احمد 19366 (صحیح)

Friday, 14 February 2025

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: لوگوں کے گروہ ہر صورت جمعہ چھوڑ دینے سے باز آجائیں یا ﷲ تعالٰی ان کے دلوں پر مہر لگادے گا پھر وہ غافلوں میں سے ہوجائیں گے۔

صحیح مسلم 2002 (صحیح)

ﷲ کی راہ میں خرچ کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک بکری ذبح کی گئی، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: اس میں سے کچھ باقی ہے؟ حضرت عائشہ رضی الله عنہا نے کہا: دستی کے سوا اور کچھ نہیں باقی ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: ”دستی کے سوا سب کچھ باقی ہے

جامع الترمذی 2470 (صحیح)

نیکی و بھلائی کی تعلیم دینے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریمﷺ کے سامنے دو آدمیوں کا ذکر کیا گیا، ان میں سے ایک عابد تھا اور دوسرا عالم، تو آپﷺ نے فرمایا: عالم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسے میری فضیلت تم میں سے ایک عام آدمی پر ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا: اللّٰہ اور اس کے فرشتے اور آسمان اور زمین والے یہاں تک کہ چیونٹیاں اپنی سوراخ میں اور مچھلیاں اس شخص کے لیے جو نیکی و بھلائی کی تعلیم دیتا ہے خیر و برکت کی دعائیں کرتی ہیں۔

جامع الترمذی 2685 (صحیح)

حج و عمرہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا ایک عمرہ کے بعد دوسرا عمرہ، دونوں کے درمیان کے گناہوں کا کفارہ ہے, اور حج مبرور (مقبول) کی جزا جنت کے سوا اور کچھ نہیں ہے"۔

صحیح البخاری 1773 (صحیح)

ماہِ شعبان کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ نصف شعبان کی رات دنیا والوں کی طرف جھانکتا ہے اور اپنی تمام مخلوق کو معاف کر دیتا ہے، سوائے مشرک اور بغض وعداوت اور کینہ رکھنے والے کے ۔

السلسلہ 3407 (صحیح)

اکھٹے کھانا کھانے کی برکت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نے کہا: اے ﷲ کے رسول ﷺ ! ہم کھانا کھاتے ہیں لیکن سیر نہیں ہوتے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا: شاید تم الگ الگ کھانا کھاتے ہو، اکٹھے بیٹھ کر کھانا کھایا کرو۔ ﷲ تعالٰی کا نام لو اس میں تمہارے لئے برکت کر دی جائے گی۔

السلسلہ 356 (صحیح)

مسلمان کی نیکی ضائع نہیں ہوتی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ کسی مسلمان کی نیکی ضائع نہیں کرتا، دنیا میں بھی اس پر عطاء فرماتا ہے اور آخرت میں بھی ثواب دیتا ہے، اور کافر کی نیکیوں کا بدلہ دنیا میں ہی دے دیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ جب وہ آخرت میں پہنچے گا تو وہاں اس کی کوئی نیکی نہیں ہوگی جس کا اسے بدلہ دیا جائے ۔ 

 مسند احمد 12289 (صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929 (صحیح)

والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: ’’ اس کی ناک خاک آلود ہو، اس کی ناک خاک آلود ہو، اس کی ناک خاک آلود ہو ! ‘‘عرض کیا گیا : اللہ کے رسولﷺ ! کس کی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو اپنے والدین میں سے کسی ایک کو یا دونوں کو بڑھاپے میں پالے پھر وہ (ان کے ساتھ حسن سلوک کرکے) جنت میں داخل نہ ہو۔

 مشکوٰۃ 4912 (صحیح)

میت کی ثابت قدمی کے لیے دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ جب میت کو دفن کر کے فارغ ہوجاتے تو قبر پر رکتے اور فرماتے: ’’اپنے بھائی کے لیے استغفار کرو اور ثابت قدمی کی دُعا کرو بیشک اب اس سے سوال کیا جائے گا۔

سنن ابوداؤد 3221 (صحیح)

توکل اور صبر کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:’’ قوی مومن، ضعیف مومن سے بہتر ہے نیز وہ ﷲﷻ کو زیادہ پسند ہے، اور سب (مومنوں) میں خیر ہے، تُو اپنے لیے نفع بخش چیز کے لیے محنت و کوشش کر اور ﷲ سے مدد طلب کر اور عاجزی و سستی نہ کر، اور اگر تجھے کوئی نقصان پہنچے تو ایسے نہ کہو: اگر میں (اِس طرح، اُس طرح) کرتا تو اِس طرح، اُس طرح ہوتا، بلکہ ایسے کہو: ﷲ تعالٰی نے مقدر کیا اور جو اس نے چاہا سو کیا، کیونکہ (لفظ) ’’اگر‘‘ عمل شیطان کھولتا ہے ۔‘‘

مشکوٰۃ 5298 (صحیح)

ﷲﷻ کی پناہ حاصل کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ فرمایا کرتے تھے : اے اللّٰه ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں اس علم سے جو نفع مند نہ ہو، اس دل سے جس میں خشوع و خضوع نہ ہو، اس نفس سے جو سیر نہ ہو اور اس دُعا سے جو سنی نہ جائے۔

سنن النسائی 5539 (صحیح)

نیکی واحسان کرنے کا شکریہ ادا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا ‘ وہ ﷲﷻ کا بھی شکر گزار نہیں ہوتا۔

سنن ابوداؤد 4811 (صحیح)

کسی مسلمان کو حقیر نہ سمجھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا :  انسان کے لیے اتنی بُرائی کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کی تحقیر کرے ( یا اسے حقیر جانے )۔

سنن ابن ماجہ 4213 (صحیح)

نمازِ جمعہ کے لیےاول وقت آنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص جمعہ کے روز خوب اچھی طرح غسل کرے، پیدل چل کر اول وقت مسجد میں جا کر امام کے قریب بیٹھ کر خوب غور سے خطبہ سنے اور اس دوران کوئی لغو کام نہ کرے تو اسے ہر قدم کے بدلے ایک سال کے روزے اور ایک سال کے قیام کا ثواب ملتا ہے۔

مشکوٰۃ 1388 (صحیح)

غصہ آنے پر کیا پڑھے؟

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

دو آدمیوں نے نبی کریم ﷺ کے سامنے آپس میں گالی گلوچ کی، ان میں سے ایک کے چہرے سے غصہ عیاں ہو رہا تھا، نبی رحمت ﷺ نے فرمایا:  میں ایک ایسا کلمہ جانتا ہوں کہ اگر وہ اس کلمے کو کہہ لے تو اس کا غصہ ٹھنڈا ہوجائے، وہ کلمہ یہ ہے
أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
میں ﷲ کی پناہ مانگتا ہوں شیطان مردود سے۔

جامع الترمذی 3452 (صحیح)

محفل/مجلس کے کفارہ کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اس سے بہت سی لغو اور بیہودہ باتیں ہوجائیں، اور وہ اپنی مجلس سے اٹھ جانے سے پہلے پڑھ لے
 سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ
تو اسکی اس مجلس میں اس سے ہونے والی لغزشیں معاف کر دی جاتی ہیں“۔ 

جامع الترمذی 3433 (صحیح)

تین چیزوں میں دیر نہ کرنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تین چیزوں میں تاخیر نہ کرنا، ایک نماز جب اس کا وقت آجائے، جنازہ جب تیار ہوجائے اور بیوہ ، مطلقہ اور کنواری خاتون (کے نکاح میں) جب تمہیں اس کا کفو(برابری کا رشتہ) مل جائے۔

مشکوٰۃ 605 (صحیح)

اطاعتِ الہٰی کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امامِ المرسلین حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: بیشک ﷲﷻ فرماتا ہے: انسان ! میری عبادت کے لیے فارغ ہوجا، میں تیرے دل کو مال داری (قناعت) سے بھر دوں گا، تیری محتاجی ختم کردوں گا اور اگر تو (ایسے) نہیں کرے گا تو میں تمہیں (دنیاوی) کاموں میں مصروف کردوں گا اور تیری محتاجی ختم نہیں کروں گا ۔

مشکوٰۃ 5172 (صحیح)

ذکر و تسبیحات کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” کچھ چیزیں نماز کے پیچھے ( بعد میں ) پڑھنے کی ایسی ہیں کہ ان کا کہنے والا محروم و نامراد نہیں رہتا، ہر نماز کے بعد 33 بار سبحان اللہ کہے، 33 بار الحمدللہ کہے، اور 34 بار اللہ اکبر کہے“۔

جامع الترمذی 3412 (صحیح)

معاف کرنے سے عزت میں اضافہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”صدقہ مال کو کم نہیں کرتا، اور عفو و درگزر کرنے سے آدمی کی عزت بڑھتی ہے، اور جو شخص ﷲﷻ کے لیے تواضع و انکساری اختیار کرتا ہے ﷲ تعالٰی اس کا رتبہ بلند فرما دیتا ہے“۔

جامع الترمذی 2029 (صحیح)

رشتہ داروں سے صلہ رحمی کا حکم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جسے یہ بات اچھی لگتی ہو کہ اس کا رزق فراخ اور عمر طویل ہو تو اسے چاہیے کہ اپنے عزیز و اقارب سے میل ملاپ رکھے ۔

سنن ابوداؤد 1693 (صحیح)