Wednesday, 17 January 2024

شوہر پر بیوی کے حقوق کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”ایمان میں سب سے کامل مومن وہ ہے جو سب سے بہتر اخلاق والا ہو، اور تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اخلاق میں اپنی عورتوں کے حق میں سب سے بہتر ہو“۔

جامع الترمذی 1162

آسانیاں پیدا کرنے والوں کےلئے اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”کیا میں تمہیں ایسے لوگوں کی خبر نہ دوں جو جہنم کی آگ پر یا جہنم کی آگ ان پر حرام ہے؟ جہنم کی آگ لوگوں کے قریب رہنے والے، آسانی کرنے والے، اور نرم اخلاق والے پر حرام ہے“۔

جامع الترمذی 2488 (صحیح)

سونے اور چاندی کے برتنوں میں کھانے پینے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت حذیفہ ؓ نے پانی مانگا تو ایک مجوسی اُن کے پاس چاندی کے برتن میں پانی لایا، تو انھوں نے کہا: میں نے رسولِ کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے:  ریشم پہنو نہ دیباج پہنو اور نہ سونے اور چاندی کے برتن میں پیو اور نہ ان ( قیمتی دھاتوں ) کی رکابیوں ( پلیٹوں ) میں کھاؤ، کیونکہ یہ برتن دنیا میں ان ( کفار ) کے لیے ہیں۔

صحیح مسلم 5400 (صحیح)

قسم کا کفارہ ادا کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جس نے کوئی قسم کھائی، پھر اس کے بجائے کسی دوسرے کام کو اس سے بہتر خیال کیا تو وہ اپنی قسم کا کفارہ دے اور وہ (دوسرا) کام کرلے۔

صحیح مسلم 4272 (صحیح)

نماز چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  ہمارے اور ان ( کافروں ) کے درمیان امتیاز نماز سے ہے۔ جس نے اسے چھوڑ دیا اس نے کفر کیا ۔

سنن النسائی 464 (صحیح)

ﷲﷻ کا ذِکر کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ سے دریافت کیا گیا روز قیامت کون لوگ ﷲﷻ کے ہاں فضیلت و رفعت کے اعلٰی درجے پر فائز ہوں گے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ کثرت سے ﷲ کا ذکر کرنے والے مرد اور کثرت سے ذکر کرنے والی عورتیں۔‘‘ عرض کیا گیا، ﷲ کے رسولﷺ ! ﷲ کی راہ میں جہاد کرنے والے سے بھی افضل؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  اگرچہ وہ کفار و مشرکین سے اس قدر تلوار کے ساتھ لڑائی کرے کہ وہ تلوار ٹوٹ جائے اور وہ خون سے رنگین ہوجائے تب بھی ﷲ کا ذکر کرنے والا اس سے درجہ میں افضل ہے۔

مشکوٰۃ 2280 (صحیح)

مسلمان کے مسلمان پر چھ حقوق

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، وہ اس پر ظلم نہیں کرتا ہے نہ اسکو رسوا کرتا ہے، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے، جب آپس میں محبت کرنے والے دو آدمیوں میں جدائی پیدا ہوتی ہے تو وہ ان میں سے کسی ایک کے گناہ کا نتیجہ ہوتا ہے۔ نیز آپ ‌ﷺ نے فرمایا: ایک مسلمان کے اسکے بھائی پر چھ حقوق ہیں، جب وہ چھینکے تو اسے یَرْحَمُکَ اللّٰہ کہے، جب وہ بیمار ہوجائے تو اسکی تیمارداری کرے، جب وہ غائب ہو یا موجود ہو، ہر صورت میں اسکی خیر خواہی کرے، جب اسکو ملے تو سلام کہے، جب وہ اسکو دعوت دے تو اسکی دعوت قبول کرے اور جب وہ فوت ہوجائے تو اسکی نمازِ جنازہ کے لیے اسکے پیچھے چلے۔ نیز آپ ‌ﷺ نے اس سے منع فرمایا کہ مسلمان اپنے بھائی کو تین دنوں سے زیادہ تک چھوڑ دے۔

مسند احمد 9462 (صحیح)

جس بندے سے ﷲ محبت کرتا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا کہ جب ﷲﷻ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبریل علیہ السلام سے فرماتا ہے کہ ﷲ فلاں شخص سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت رکھو، چنانچہ جبریل بھی اس سے محبت رکھنے لگتے ہیں پھر جبریل تمام اہل آسمان کو پکار دیتے ہیں کہ ﷲ تعالٰی فلاں شخص سے محبت رکھتا ہے۔ اس لیے تم سب لوگ اس سے محبت رکھو، چنانچہ تمام آسمان والے اس سے محبت رکھنے لگتے ہیں اس کے بعد روئے زمین والے بھی اس کو مقبول سمجھتے ہیں۔

صحیح البخاری 3209 (صحیح)

آیت الکرسی کی فضیلت و برکت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رسولِ کریم ﷺ نے مجھے(حضرت ابوہریرہ ؓ کو) صدقہ فطر کی حفاظت پر مقرر فرمایا۔ پھر ایک شخص آیا اور دونوں ہاتھوں سے ( کھجوریں) سمیٹنے لگا ۔ میں نے اسے پکڑ لیا اور کہا کہ میں تجھے رسولِ کریم ﷺ کی خدمت میں پیش کروں گا۔(چور نے کہا تم مجھے چھوڑ دو میں چند کلمات سکھاؤں گا جس کا تمھیں فائدہ ھوگا)۔ جب تم رات کو اپنے بستر پر سونے کے لیے جاؤ تو آیت الکرسی پڑھ لیا کرو، پھر صبح تک ﷲ تعالٰی کی طرف سے تمہاری حفاظت کرنے والا ایک فرشتہ مقرر ہوجائے گا اور شیطان تمہارے پاس بھی نہ آسکے گا۔ (حضرت ابوہریرہ ؓ نے یہ بات آپﷺ سے بیان کی تو ) نبی کریم ﷺ نے فرمایا اس نے تمہیں یہ ٹھیک بات بتائی ہے اگرچہ وہ بڑا جھوٹا ہے، وہ شیطان تھا ۔

صحیح البخاری 5010 (صحیح)

جو چیز شک میں ڈال دے اسےچھوڑ دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدس ﷺ نے فرمایا:  بندہ حقیقی متقی تب بنتا ہے کہ وہ قابل اعتراض چیزوں کو چھوڑنے کے ساتھ ساتھ ایسی چیزیں بھی چھوڑے جن پر کوئی اعتراض نہیں۔

مشکوٰۃ 2775 (صحیح)

اچھی اور بُری صحبت کا اثر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: نیک اور بُرے دوست کی مثال مشک (خوشبو) ساتھ رکھنے والے اور بھٹی دھونکنے والے کی سی ہے۔ وہ(مشک والا ) اس میں سے یا تمہیں کچھ تحفہ کے طور پر دے گا یا تم اس سے خرید سکو گے یا ( کم از کم ) تم اسکی عمدہ خوشبو سے تو محظوظ ہوہی سکوگے، اور بھٹی دھونکنے والا یا تمہارے کپڑے ( بھٹی کی آگ سے ) جلا دے گا یا تمہیں اس کے پاس سے ایک ناگوار بدبودار دھواں پہنچے گا"۔

صحیح البخاری 5534 (صحیح)

اپنے ہاتھ سے صدقہ کرنے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  اگر کوئی شخص اپنی زندگی میں ایک درہم صدقہ کرتا ہے تو یہ اس کے لیے قریب المرگ سو درہم صدقہ کرنے سے بہتر ہے۔

مشکوٰۃ 1870 (صحیح)

وفات کے بعد والدین کے لئے دُعا کرنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی آیا اور عرض کیا: اے ﷲ کے رسولﷺ ! کیا میرے والدین سے حُسنِ سلوک کی کوئی صورت باقی ہے جس کے ذریعے سے انکی وفات کے بعد میں ان سے نیکی کرسکوں؟ نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’ ہاں، انکے لیے دُعا کرنا، انکے لیے ( ﷲ سے ) بخشش کی درخواست کرنا، انکی وفات کے بعد ان کے وعدے پورے کرنا ( جو وہ زندگی میں پورے نہ کر سکے ہوں )، ان کے دوستوں کا احترام کرنا اور ان رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرنا جن سے تعلق صرف ان کے واسطے سے ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3664 (صحیح)

Wednesday, 3 January 2024

سات خطرناک گناہوں سے بچو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  سات مہلک گناہوں سے بچو۔ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا: اے ﷲ کے رسولﷺ! وہ کیا کیا ہیں؟ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: ﷲ کے ساتھ شرک کرنا، جادو کرنا، ناحق کسی کی جان لینا جو ﷲ نے حرام کیا ہے، سُود کھانا، یتیم کا مال کھانا، جنگ کے دن پیٹھ پھیرنا اور پاک دامن غافل مومن عورتوں پر تہمت لگانا۔

صحیح البخاری 6857 (صحیح)

صلہ رحمی کرنے کا اجر و انعام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کا رزق فراخ کردیا جائے اور اس کی عمر دراز کردی جائے تو وہ صلہ رحمی کرے ۔

مشکوٰۃ 4918 (متفق علیہ)

صدقہ وخیرات کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے اور پہلے انہیں دو جو تمہارے بال بچے اور عزیز ہیں اور بہترین صدقہ وہ ہے جسے دے کر آدمی مالدار رہے اور جو کوئی سوال سے بچنا چاہے گا اسے ﷲﷻ بھی محفوظ رکھتا ہے اور جو دوسروں ( کے مال ) سے بےنیاز رہتا ہے، اسے ﷲ تعالٰی بےنیاز ہی بنا دیتا ہے۔

صحیح البخاری 1427 (صحیح)

ایمان کی نشانی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌ نے فرمایا: جو نیکی کرکے خوش ہوا اور برائی کرکے پریشان ہوا، وہ مؤمن ہے۔ 

مسند احمد 94 (صحیح)

سفر سے واپس لوٹے تو یہ دُعا پڑھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ جب سفر سے واپس آتے تو یہ دُعا پڑھتے: آيِبُونَ تَائِبُونَ عَابِدُونَ لِرَبِّنَا حَامِدُونَ” ( ہم سلامتی کے ساتھ سفر سے ) واپس آنے والے ہیں، ہم ( اپنے رب کے حضور ) توبہ کرنے والے ہیں، ہم اپنے رب کی عبادت کرنے والے ہیں، اور ہم اپنے رب کے شُکر گزار ہیں“۔

 جامع الترمذی 3440 (صحیح)

دوغلا- قیامت کے دن بدترین شخص

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  تم قیامت کے روز سب سے بدترین اُس شخص کو پاؤ گے جو دوغلا ہے، اِدھر لوگوں سے کچھ بات کرتا ہے اور اُدھر لوگوں  کچھ بات کرتا ہے ۔

 مشکوٰۃ 4822 (متفق علیہ)

ﷲ مال نہیں نیت و اعمال دیکھتا ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 مکینِ گنبد خضرا رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ تمہاری صورتوں اور تمہارے اموال کی طرف نہیں دیکھتا، لیکن وہ تمہارے دلوں اور اعمال کی طرف دیکھتا ہے۔

 صحیح مسلم 6543 (صحیح)

والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا:  اس کی ناک خاک آلود ہو، اس کی ناک خاک آلود ہو، اس کی ناک خاک آلود ہو ! ‘‘عرض کیا گیا : اللہ کے رسولﷺ ! کس کی ؟ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ جو اپنے والدین میں سے کسی ایک کو یا دونوں کو بڑھاپے میں پالے پھر وہ (ان کے ساتھ حسن سلوک کرکے) جنت میں داخل نہ ہو۔

 مشکوٰۃ 4912 (صحیح)

رشتے داروں سے صلہ رحمی کی تاکید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’ انسان کے گناہ گار ہونے کے لیے یہی ( عمل ) کافی ہے کہ جن کے رزق و اخراجات کا یہ ذمہ دار ہو، انہیں ضائع کردے ۔ 

 سنن ابوداؤد 1692 (صحیح)

صدقہ کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدسﷺ نے فرمایا: انسان کے بدن کے ( تین سو ساٹھ جوڑوں میں سے ) ہر جوڑ پر ہر اس دن کا صدقہ واجب ہے جس میں سورج طلوع ہوتا ہے اور لوگوں کے درمیان انصاف کرنا بھی ایک صدقہ ہے۔

 صحیح البخاری 2707 (صحیح)

سورہ اخلاص پڑھنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ میں رسولِ کریم ﷺ کے ساتھ آیا، آپﷺ نے وہاں ایک آدمی کو قل هو الله أحد الله الصمد پڑھتے ہوئے سنا، تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”واجب ہوگئی“۔ میں نے عرض کیا: کیا چیز واجب ہوگئی؟ آپ ﷺ نے فرمایا: "جنت ( واجب ہوگئی)“۔ 

 جامع الترمذی 2897 (صحیح)

رسولِ کریم ﷺ کی پانچ نصیحتیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ”کون ایسا شخص ہے جو مجھ سے اِن کلمات کو سن کر ان پر عمل کرے یا ایسے شخص کو سکھلائے جو ان پر عمل کرے“، حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے ہیں: میں نے کہا: ﷲ کے رسولﷺ! میں ایسا کروں گا، تو رسولِ اکرم ﷺ نے ان پانچ باتوں کو گن کر بتلایا: ”تم حرام چیزوں سے بچو، سب لوگوں سے زیادہ عابد ہوجاؤ گے اور ﷲ تعالٰی کے تقسیم شدہ رزق پر راضی رہو، سب لوگوں سے زیادہ بے نیاز رہو گے، اور اپنے پڑوسی کے ساتھ احسان کرو پکے سچے مُومن رہوگے۔ اور دوسروں کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو سچے مسلمان ہوجاؤ گے اور زیادہ نہ ہنسو اس لیے کہ زیادہ ہنسنا دل کو مردہ کر دیتا ہے“۔ 

 جامع الترمذی 2305 (صحیح)

سفارش کرنے پر تحفہ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اپنے بھائی كی سفارش كی، اور وہ اس كے لئے اس سفارش پر كوئی تحفہ لایا اور اس نے قبول كرلیا تو یہ سُود كے دروازوں میں سے ایک بہت بڑے دروازے پر آگیا۔

 السلسلۃ 1690

موزوں پر مسح کرنے کی مدت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے مسافر کو تین دن اور مقیم کو ایک دن موزوں پر مسح کرنے کی رخصت عنایت فرمائی ہے بشرطیکہ انہوں نے وضو کے بعد (چمڑے کے) موزے پہنے ہوں"۔

مشکوٰۃ 519 (صحیح)

دھوپ و سائے میں بیٹھنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: ’’جب تم میں سے کوئی سائے میں ہو، پھر وہ (سایہ) اس سے بلند ہوجائے اور اُس شخص کا کچھ حصہ دھوپ میں ہوجائے اور کچھ سائے میں تو وہ (وہاں سے) اُٹھ جائے" ۔

مشکوٰۃ 4725 (صحیح)

قیام اللیل کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  رحم فرمائے ﷲ تعالٰی اُس بندے پر جو رات کو اُٹھ کر نماز پڑھتا اور اپنی بیوی کو جگاتا ہے، اگر وہ انکار کرے تو اسکے منہ پر پانی کے چھینٹے مارتا ہے۔ اور رحم فرمائے ﷲ تعالٰی اس بندی پر جو رات کو اٹھ کر نماز پڑھتی اور اپنے شوہر کو جگاتی ہے۔ اگر وہ انکار کرے تو اسکے منہ پر پانی کے چھینٹے مارتی ہے۔

سنن ابوداؤد 1308 (صحیح)