Monday 30 October 2023

خرید وفروخت میں دھوکہ نہ دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ ایک غلہ کے ڈھیر سے گزرے، تو آپﷺ نے اس کے اندر اپنا ہاتھ داخل کر دیا، آپﷺ کی انگلیاں تر ہوگئیں تو آپﷺ نے فرمایا: ”غلہ والے! یہ کیا معاملہ ہے؟“ اس نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ! بارش سے بھیگ گیا ہے، آپﷺ نے فرمایا: ”اسے اوپر کیوں نہیں کردیا تاکہ لوگ دیکھ سکیں“، پھر آپﷺ نے فرمایا: جو دھوکہ دے، ہم میں سے نہیں ہے

جامع الترمذی 1315 (صحیح)

انسان کی نیکی کے درجات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی شخص جب اپنے اسلام کو عمدہ بنالے( یعنی نفاق اور ریا کاری سے پاک کرلے) تو ہر نیک کام جو وہ کرتا ہے اس کے عوض دس سے لے کر سات سو گنا تک نیکیاں لکھی جاتی ہیں اور ہر بُرا کام جو کرتا ہے تو وہ اتنا ہی لکھا جاتا ہے( جتنا کہ اس نے کیا ہے) ۔

صحیح البخاری 42

قرض سے اللّٰہ کی پناہ مانگنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نماز میں دُعا کرتے تو یہ بھی کہتے: ” اے اللہ ! میں گناہ اور قرض سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ “کسی نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ ! آپ قرض سے اتنی پناہ مانگتے ہیں؟ آپ ﷺ نے جواب دیا کہ جب آدمی مقروض ہوتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے۔ اور وعدہ کر کے اس کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

صحیح البخاری 2397 (صحیح)

آپس میں صلح جوئی کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں وہ عمل نہ بتلاؤں کہ جس کا درجہ نماز، روزے اور صدقہ سے بھی زیادہ ہے؟ لوگوں نے کہا: کیوں نہیں، آپ ‌ﷺ نے فرمایا: آپس میں مصالحت کرنا اور آپس میں فساد پیدا کرنا تو (نیکیوں کو) تباہ کردیتا ہے۔ 

مسند احمد 6083

اطاعتِ الہٰی کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امامِ المرسلین حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا:  بیشک ﷲﷻ فرماتا ہے: انسان ! میری عبادت کے لیے فارغ ہوجا، میں تیرے دل کو مال داری (قناعت) سے بھر دوں گا، تیری محتاجی ختم کردوں گا اور اگر تو (ایسے) نہیں کرے گا تو میں تمہیں (دنیاوی) کاموں میں مصروف کردوں گا اور تیری محتاجی ختم نہیں کروں گا ۔

مشکوٰۃ 5172 (صحیح)

عشاء اور فجر نماز کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: اگر لوگوں کو پتہ چل جائے کہ عشاء اور صبح کی نمازوں میں کتنا (اجر و ثواب) ہے، تو وہ ان کو ادا کرنے کے لیے ضرور آئیں، اگرچہ انھیں سرین کے بل گھسٹ کر آنا پڑے ۔

مسند احمد 2453 (صحیح)

ﷲﷻ سے جنت الفردوس مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم ﷲﷻ سے سوال کرو تو جنت الفردوس کا سوال کیا کرو، کیونکہ وہ جنت کا اعلٰی و افضل حصہ اور مقام ہے، اس کے اوپر رحمٰن کا عرش ہے، اسی سے جنت کی نہریں پھوٹتی ہیں۔ 

مسند احمد 10210 (صحیح)

قبر میں سوال وجواب کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ جب میت کو دفن کرکے فارغ ہو جاتے تو قبر پر رُکتے اور فرماتے :’’ اپنے بھائی کے لیے استغفار کرو اور ثابت قدمی کی دُعا کرو بیشک اب اس سے سوال کیا جائے گا"۔  

سنن ابوداؤد 3221 (صحیح)

ایک جوتا پہن کر چلنے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں کوئی شخص صرف ایک پاؤں میں جوتا پہن کر نہ چلے یا دونوں پاؤں ننگا رکھے یا دونوں میں جوتا پہنے ۔

صحیح البخاری 5856 (صحیح)

جمائی لینے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی محبوب ربُّ العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے تو وہ اپنا ہاتھ اپنے منہ پر رکھے کیونکہ شیطان (منہ میں ) داخل ہوجاتا ہے ۔

مشکوٰۃ 4737(صحیح)

غصے کا علاج

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو آدمی آپس میں گالی گلوچ کر رہے تھے کہ ایک شخص کا منہ سرخ ہو گیا اور گردن کی رگیں پھول گئیں۔ نبيِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ مجھے ایک ایسا کلمہ معلوم ہے کہ اگر یہ شخص اسے پڑھ لے تو اسکا غصہ جاتا رہے گا۔ فرمایا: 

أَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطَانِ الرَّجِیم.‏

 ”میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی شیطان سے۔“ تو اس کا غصہ جاتا رہے گا۔

صحیح البخاری 3282 (صحیح)

دُعا مانگنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ دُعا میں یوں فرمایا کرتے تھے : اے اللہ ! میں سخت بڑھاپے، اونچی جگہ سے گر جانے، دب جانے، غم و اندوہ، آگ سے جل مرنے اور غرق ہو جانے سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔ اور اس بات سے تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میری موت کے وقت شیطان مجھے بدحواس کر دے اور یہ کہ میں دوران جہاد میں میدان جنگ سے پیٹھ پھیر کر بھاگتا ہوا مارا جاؤں ۔ اور اس بات سے بھی تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میں کسی زہریلی چیز کے ڈنک سے مر جاؤں ۔

سنن النسائی 5534 (صحیح)

ﷲﷻ سے عافیت طلب کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں، میں مریض تھا، رسول کریمﷺ میرے پاس سے گزرے، اور اس وقت میں کہہ رہا تھا، اے اللہ ! اگر میری موت کا وقت آ چکا ہے تو مجھے (موت کے ذریعے) راحت عطا فرما، اور اگر ابھی دیر ہے تو پھر مجھے صحت عطا فرما، اور اگر یہ آزمائش ہے تو پھر مجھے صبر عطا فرما، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم نے کیسے کہا ہے؟ ‘‘میں نے آپﷺ کو دوبارہ سنا دیا، آپﷺ نے اسے اپنا پاؤں مارا اور فرمایا :’’ اے اللہ ! انہیں عافیت عطا فرما۔‘‘ یا فرمایا:’’ اسے شفا عطا فرما۔

مشکوٰۃ 6107 (صحیح)

مومن کی صفات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’اصل مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ ہوں، اور اصل مومن وہ ہے جس سے لوگوں کو اپنی جان و مال کے بارے میں کوئی خطرہ نہ ہو ۔

سنن النسائی 4998 (صحیح)

بھاری حق مہر رکھنے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت عمر بن خطابؓ نے ہمیں خطبہ دیا اور کہا: ’’خبردار ! عورتوں کے سلسلے میں بھاری بھاری مہر مت باندھا کرو، اگر یہ چیز دنیا میں عزت اور ﷲﷻ کے ہاں تقویٰ کا ثبوت ہوتی تو اس میں نبی کریم ﷺ سب سے بڑھ کر ہوتے ۔ رسول اللہ ﷺ نے اپنی کسی بیوی اور اپنی صاحبزادیوں میں سے کسی کو بارہ اوقیہ سے زیادہ مہر نہیں دیا۔

سنن ابوداؤد 2106 (صحیح)

توبہ و اِستغفار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص یوں کہتا ہے: أَسْتَغْفِرُ اللَّهَ الَّذِي لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيَّ الْقَيُّومَ وَأَتُوبُ إِلَيْهِ ’’ میں معافی مانگتا ہوں اللہ سے، وہ ذات کہ اس کے علاوہ اور کوئی معبود نہیں، وہ زندہ ہے اور نگرانی کرنے والا ہے۔ اور میں اسی کی طرف توبہ اور رجوع کرتا ہوں۔‘‘ تو اسکو بخش دیا جاتا ہے اگرچہ وہ جہاد سے بھی بھاگا ہو ۔‘‘   

سنن ابوداؤد 1517 (صحیح)

فوت شدگان کو بُرا نہ کہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا ”جو لوگ مرگئے ان کو بُرا نہ کہو کیونکہ جو کچھ انہوں نے آگے بھیجا تھا اسکے پاس وہ خود پہنچ چکے ہیں، انہوں نے بُرے بّھلے جو بھی عمل کئے تھے ویسا بدلہ پا لیا۔

مشکوٰۃ 6516 (صحیح)

سچ بولنے کی اہمیت و ترغیب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

 ایک آدمی، نبی کریم ‌ﷺ کے پاس آیا اور کہا: اے اللہ کے رسولﷺ ! جنت کے اعمال کون سے ہیں؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: سچائی، جب بندہ سچ بولتا ہے تو نیکی کرتا ہے، جب نیکی کرتا ہے تو ایماندار بن جاتا ہے اور جب ایماندار بنتا ہے تو جنت میں داخل ہوجاتا ہے۔ لوگوں نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ ! آگ کے اعمال کون کون سے ہیں؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: جھوٹ، جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو برائی کرتا ہے، جب برائی کرتا ہے تو کفر کرتا ہے اور جب کفر کرتا ہے تو آگ میں داخل ہوجاتا ہے۔

مسند احمد 9233 (صحیح)

جمعہ کو کثرت سے درود شریف پڑھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: دنوں میں افضل ترین جمعہ کا دن ہے، اس میں آدم علیہ السلام کو پیدا کیا گیا اور فوت کیا گیا، اور اسی میں نَفْخَہ (صور) ہوگا ، لہٰذا تم مجھ پر کثرت سے درود بھیجا کرو، کیونکہ تمہارا یہ درود مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔ صحابہ کرامؓ نے کہا: اے اللہ کے رسولﷺ! ہمارا درود آپ پر کیسے پیش کیا جائے گا، جبکہ آپﷺ تو (مٹی میں) فنا ہوچکے ہوں گے؟ آپ ‌ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ نے زمین پر حرام کر دیا کہ وہ انبیاء کے جسموں کو کھائے۔

مسند احمد 2701 (صحیح)

نفلی صدقہ کی ترغیب و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

اِمامُ المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی آگ سے بچنے کی طاقت رکھتا ہے تو وہ صدقہ کرے، خواہ وہ کھجور کے ایک حصے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو اور جسے وہ بھی نہ ملے تو اچھی بات کے ذریعے (جہنم سے بچنے کی کوشش کرے)۔

مسند احمد 3576 (صحیح)

چھینکنے والے کا الحمدللہ کہنا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ کے پاس دو اصحاب کرامؓ چھینکے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک کا جواب یرحمک اللہ( اللہ تم پر رحم کرے ) سے دیا اور دوسرے کا نہیں۔ آپ ﷺ سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا کہ اس نے الحمدللہ کہا تھا ( اس لیے اس کا جواب دیا ) اور دوسرے نے الحمدللہ نہیں کہا تھا۔ چھینکنے والے کو الحمدللہ ضرور کہنا چاہئے اور سننے والوں کو یرحمک اللہ۔ 

صحیح البخاری 6221 (صحیح)

Tuesday 10 October 2023

اچھی طرح وضو کرنے کی برکات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مخبر صادق حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: جس نے وضو کیا اور خوب اچھی طرح وضو کیا، تو اسکے جسم سے اس کے گناہ خارج ہوجاتے ہیں حتٰی کہ اس کے ناخنوں کے نیچے سے بھی نکل جاتے ہیں ۔

صحیح مسلم 578 (صحیح)

انصاف کرنے کا سنہری اصول

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جب تمہارے پاس دو آدمی فیصلہ کے لیے آئیں تو تم پہلے کے حق میں فیصلہ نہ کرو جب تک کہ دوسرے کی بات نہ سن لو، عنقریب تم جان لو گے کہ تم کیسے فیصلہ کرو“۔ حضرت علی رضی الله عنہ کہتے ہیں: اس کے بعد میں برابر فیصلے کرتا رہا۔

جامع الترمذی 1331 (صحیح)

اچھی بات کہو یا خاموش رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا : جو شخص ﷲﷻ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنے پڑوسی سے اچھا سلوک کرے۔ جو شخص ﷲ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنے مہمان کی عزت کرے۔ جو شخص ﷲ پر اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3672 (صحیح)

نرمی اختیار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے ۔

مشکوٰۃ 5069 (صحیح)

میراث اور وصیت کے معاملات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبر صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  بے شک آدمی اور عورت ساٹھ سال تک ﷲﷻ کی اطاعت میں نیک عمل کرتے رہتے ہیں، پھر انہیں موت آتی ہے تو وہ وصیت میں کسی کو نقصان پہنچا جاتے ہیں، تو ان دونوں کے لیے جہنم کی آگ واجب ہوجاتی ہے ۔

مشکوٰۃ 3075 (صحیح)

اہل وعیال پر خرچ کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب آدمی ثواب کی نیت سے اپنے اہل و عیال پر خرچ کرے پس وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے ۔

صحیح البخاری 55 (صحیح)

مشکل و تکلیف میں پڑھنے کی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو جب کوئی کام سخت تکلیف و پریشانی میں ڈال دیتا تو آپﷺ یہ دعا پڑھتے: 

يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيثُ

 ”اے زندہ اور ہمیشہ رہنے والے! تیری رحمت کے وسیلے سے تیری مدد چاہتا ہوں“۔ 

جامع الترمذی 3524

قول و فعل میں تضاد کا عذاب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا:  معراج کی رات میں کچھ ایسے لوگوں کے پاس سے گزرا جن کے ہونٹ آگ کی قینچیوں سے کاٹے جارہے تھے، میں نے کہا: جبریل ! یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا : یہ آپﷺ کی امت کے خطیب حضرات ہیں، جن کے قول و فعل میں تضاد تھا۔

مشکوٰۃ 4802 (صحیح)

نیکی کرنے کے مواقع تلاش کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”تم لوگوں میں سے کوئی شخص کسی بھی نیک کام کو حقیر نہ سمجھے، اگر کوئی نیک کام نہ مل سکے تو اپنے بھائی سے مسکرا کر ملے، اور اگر تم گوشت خریدو یا ہانڈی پکاؤ تو شوربا ( سالن ) بڑھالو اور اس میں سے چلو بھر اپنے پڑوسی کو دے دو“۔

جامع الترمذی 1833(صحیح)

درُود وسلام کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک روز رسولِ کریم ﷺ بڑے خوش تشریف لائے اور فرمایا: جبریلِ امین میرے پاس تشریف لائے اور انہوں نے فرمایا: آپ کا رب فرماتا ہے: محمد ﷺ ! کیا یہ بات آپ کے لیے باعث مسرت نہیں کہ جب آپکی امت میں سے کوئی شخص ایک مرتبہ آپ پر درود بھیجے تو میں اس پر دس رحمتیں بھیجوں اور آپ کی امت میں سے جو شخص ایک مرتبہ آپ پر سلام بھیجے تو میں اس پر دس مرتبہ سلامتی بھیجوں۔

مشکوٰۃ 928 (صحیح)