Monday 25 July 2022

سنت کی اہمیت وفضیلت

 بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے میری اطاعت کی، اس نے ﷲﷻ کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے ﷲ کی نافرمانی کی ۔

سنن ابنِ ماجہ 3 (صحیح)

نمازی کے سامنے سے گزرنا سخت گناہ ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت زید بن خالد نے بسر بن سعید کو حضرت ابوجہیم رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا کہ ان سے پوچھے کہ انھوں نے رسول اللہ ﷺ سے نمازی کے آگے سے گزرنے والے کے بارے میں کیا سنا ہے؟ انھوں نے کہا: رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا ہے:  اگر نمازی کے آگے سے گزرنے والا جان لے کہ اس پر اس فعل کا کس قدر گناہ ہے تو اس کے لیے چالیس ( سال یا مہینے یا دن ) تک رکے رہنا اس کے آگے سے گزرنے سے بہتر ہو ۔

سنن النسائی 757 (صحیح)

باوضو سونے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 نبی کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص باوضو ہوکر ﷲﷻ کا ذکر کرتے ہوئے سوجائے اور پھر رات کو کسی وقت اس کی آنکھ کھلے ( اور بستر پر اپنا پہلو وغیرہ بدلے ) اور ﷲ سے دنیا و آخرت کی کوئی خیر مانگ لے، تو وہ اسے عنایت فرما دے گا۔

سنن ابوداؤد 5042 (صحیح)

جس کی تمنا کرنا منع ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

  رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی شخص تم میں سے موت کی آرزو نہ کرے، اگر وہ نیک ہے تو ممکن ہے نیکی میں اور زیادہ ہو اور اگر بُرا ہے تو ممکن ہے اس سے توبہ کرلے۔ 

صحیح البخاری 7235(صحیح)

کھانے اور پینے پر اللَّه کی حمدوثنا کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

امامُ الانبیاء سیدنا محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”بیشک ﷲ تعالٰی اس بندے سے راضی ہوتا ہے جو ایک لقمہ کھاتا ہے یا ایک گھونٹ پیتا ہے، تو اس پر ﷲﷻ کی تعریف کرتا ہے“۔

جامع الترمذی 1816(صحیح)

نفل نماز گھر میں ادا کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی آدمی مسجد میں نماز پڑھ لے تو وہ اپنی نماز کا کچھ حصہ اپنے گھر کے لئے بھی رکھے، کیونکہ اللہ تعالٰی اس کے گھر میں اس کی نماز کی وجہ سے خیر و بھلائی کرے گا۔ 

مسند احمد 2037

Tuesday 19 July 2022

میت پر قرض کی ادائیگی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریمﷺ کے یہاں نماز پڑھنے کے لیے کسی کا جنازہ آیا۔ آپﷺ نے دریافت فرمایا: کیا اس میت پر کسی کا قرض تھا؟ لوگوں نے کہا کہ نہیں۔ آپﷺ نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھا دی۔ پھر ایک اور جنازہ آیا۔ آپﷺ نے دریافت فرمایا، میت پر کسی کا قرض تھا؟ لوگوں نے کہا کہ ہاں تھا۔ یہ سن کر آپﷺ نے فرمایا: کہ پھر اپنے ساتھی کی تم ہی نماز پڑھ لو۔ حضرت ابوقتادہ ؓ نے عرض کیا یارسول اللہﷺ ! ان کا قرض میں ادا کر دوں گا۔ تب آپﷺ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔ 

صحیح البخاری 2295

نمازِ باجماعت کا اجر و ثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمتﷺ نے فرمایا: جو آدمی باوضو ہوکر فرض نماز کی طرف چلا، اس کے لیے اس حاجی کا اجر ہو گا، جس نے احرام پہن رکھا ہو، اور جو چاشت کی نماز پڑھنے کے لیے جاتا ہے، اس کے لیے عمرہ کرنے والے کا اجر ہوگا اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز، جبکہ ان کے درمیان کوئی لغو کام بھی نہ ہو، یہ ایسا عمل ہے جس کو عِلِّیِّیْن میں لکھ دیا جاتا ہے۔ سیدنا ابو امامہ ؓ نے کہا: ان مسجدوں کی طرف صبح کو جانا اور شام کو جانا جہاد فی سبیل اللہ میں سے ہے۔

مسند احمد 1048

سات تباہ کن گناہوں سے بچو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’سات تباہ کن گناہوں سے بچو۔‘‘ پوچھا گیا: اے ﷲ کے رسولﷺ ! وہ کون سے ہیں؟ فرمایا : ﷲﷻ کے ساتھ شرک، جادو، جس جان کا قتل ﷲ نے حرام ٹھہرایا ہے اسے ناحق قتل کرنا، یتیم کا مال کھانا، سود کھانا، لڑائی کے دن دشمن کو پشت دکھانا ( بھاگ جانا ) اور پاک دامن، بے خبر مومن عورتوں پر الزام تراشی کرنا۔

 صحیح مسلم 262

رات کو ہاتھ دھو کر سوؤ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے ہاتھ پر چکنائی لگی ہو اور وہ اسے دھوئے بغیر سو جائے پھر کوئی چیز اسے کاٹ لے تو وہ شخص اپنے آپ کو ہی ملامت کرے ۔

مشکوٰۃ 4219

ﷲﷻ مانگنے والوں کو ضرور دیتا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”ﷲ حيي كريم ہے یعنی زندہ و موجود ہے اور شریف ہے اُسے اِس بات سے شرم آتی ہے کہ جب کوئی شخص اُس کے سامنے ہاتھ پھیلا دے تو وہ اس کے دونوں ہاتھوں کو خالی اور ناکام ونامراد واپس کر دے“۔ 

جامع الترمذی 3556

نمازِ جمعہ کا اجر و ثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کائنات فخرِ موجودات احمد مجتبٰی محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص جمعہ کے روز خوب اچھی طرح غسل کرے، پیدل چل کر اول وقت مسجد میں جاکر امام کے قریب بیٹھ کر خوب غور سے خطبہ سنے اور اس دوران کوئی لغو کام نہ کرے تو اسے ہر قدم کے بدلے ایک سال کے روزے اور ایک سال کے قیام کا ثواب ملتا ہے۔

مشکوٰۃ 1388

مرحومین کے لیے دعاؤں کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ صالح بندے کا جنت میں درجہ بلند فرماتا ہے تو وہ عرض کرتا ہے: رب العزت ! یہ مجھے کیسے حاصل ہوا ؟ تو وہ فرماتا ہے: تیرے بچے (بیٹا ، بیٹی) کے تیرے لئے دعائے مغفرت کرنے کی وجہ سے ۔

مشکوٰۃ 4877

دعوت قبول کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ دو باہم فخر کرنے والوں کی دعوت قبول نہ کی جائے اور نہ اُن دونوں کا کھانا کھایا جائے ۔‘‘ امام احمد نے فرمایا: یعنی وہ دو آدمی جو فخر و ریا کی خاطر ضیافت کرتے ہیں ۔ 

مشکوٰۃ 3226

سخاوت کی فضیلت اور بخل کی مذمّت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت اسماء ؓ بیان کرتی ہیں، رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: خرچ کر لیکن شمار نہ کر ورنہ ﷲﷻ تجھے بھی گن گن کر دے گا، (مال کو) روک کر نہ رکھ ورنہ ﷲ تجھ سے روک لے گا اور جتنا ہو سکے عطا کرتی رہو۔

مشکوٰۃ 1861

رسول اللہ ﷺ عید الاضحی کے دن نماز عید سے واپسی پر کھاتے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسول اللہ ﷺ عید الفطر کے دن جب تک کہ کچھ کھا نہ لیتے نہیں نکلتے اور عید الاضحی کے دن نہیں کھاتے جب تک کہ ( عید گاہ سے ) واپس نہ آجاتے

سنن ابن ماجہ 1756

یومِ عرفہ کے دن نازل ہونے والی آیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک یہودی نے حضرت عمر ؓ سے کہا: امیر المؤمنین! اگر یہ آیت: الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الإِسْلامَ دِينًا, آج میں نے تمہارے لیے تمہارے دین کو مکمل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لیے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا (المائدہ:۳)، ہمارے اوپر ( ہماری توریت میں ) نازل ہوتی تو ہم اس دن کو عید بنالیتے جس دن وہ نازل ہوئی تھی، حضرت عمر ؓ نے اُس سے کہا: مجھے خوب معلوم ہے کہ یہ آیت کس دن نازل ہوئی تھی۔ یہ آیت یوم عرفہ( نویں ذی الحجہ ) کو جمعہ کے دن نازل ہوئی تھی۔

جامع الترمذی 3043

Thursday 7 July 2022

تلبیہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  جب کوئی مسلمان تلبیہ ( لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ ، لَبَّيْكَ لاَ شَرِيْكَ لَكَ لَبَّيْكَ ، إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَكَ وَالْمُلْكَ لاَشَرِيْكَ لَكَ) پکارتا ہے تو اس کے دائیں اور بائیں زمین کے آخری کناروں تک تمام پتھر، تمام درخت اور مٹی کے تمام ڈھیلے تلبیہ پکارتے ہیں۔

مشکوٰۃ 2550

یومِ عرفہ کے روزہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: یوم عرفہ یعنی (۹) ذوالحجہ کا روزہ گزشتہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے اور یومِ عاشوراء کا روزہ ایک گزشتہ سال کے گناہوں کا۔

مسند احمد 3979

چُھری تیز کرنا قربانی کا حصہ ہے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسولِ کریم ﷺ نے سینگ دار مینڈھا لانے کا حکم دیا جس کی آنکھ سیاہ ہو، سینہ، پیٹ اور پاؤں بھی سیاہ ہوں، پھر اس کی قربانی کی، آپ ﷺ نے فرمایا: عائشہ ؓ چھری لاؤ، پھر فرمایا: اسے پتھر پر تیز کرو، تو میں نے چھری تیز کی، آپﷺ نے اسے ہاتھ میں لیا اور مینڈھے کو پکڑ کر لٹایا اور ذبح کرنے کا ارادہ کیا اور کہا:بِسْمِ اللَّهِ اللَّهُمَّ تَقَبَّلْ مِنْ مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍ وَمِنْ أُمَّةِ مُحَمَّدٍ۔ اللہ کے نام سے ذبح کرتا ہوں، اے اللہ! محمدﷺ، آل محمد اور امت محمد کی جانب سے اسے قبول فرما پھر آپﷺ نے اس کی قربانی کی۔

سنن ابو داؤد 2792

قربانی نمازِ عید کے بعد ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے نمازِ عید سے پہلے قربانی کرلی اس نے اپنی ذات کے لیے جانور ذبح کیا اور جس نے نمازِ عید کے بعد قربانی کی اس کی قربانی پوری ہوئی۔ اس نے مسلمانوں کی سنت کو پالیا۔ 

صحیح البخاری 5546

قربانی نمازِ عید کے بعد ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے نمازِ عید سے پہلے قربانی کرلی اس نے اپنی ذات کے لیے جانور ذبح کیا اور جس نے نمازِ عید کے بعد قربانی کی اس کی قربانی پوری ہوئی۔ اس نے مسلمانوں کی سنت کو پالیا۔ 

صحیح البخاری 5546

قربانی کے گوشت میں غریبوں کا حصہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مدینہ منورہ میں ہم قربانی کے گوشت میں نمک لگا کر رکھ دیتے تھے اور پھر اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بھی پیش کرتے تھے پھر نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ قربانی کا گوشت تین دن سے زیادہ نہ کھایا کرو۔ یہ حکم ضروری نہیں تھا بلکہ آپ ﷺ کا منشا یہ تھا کہ ہم قربانی کا گوشت ( ان لوگوں کو بھی جن کے یہاں قربانی نہ ہوئی ہو ) کھلائیں اور اللہ زیادہ جاننے والا ہے۔

صحیح بخاری 5570

کن جانوروں کی قربانی مکروہ ھے؟

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

چار قسم کے جانوروں کی قربانی درست نہیں: ایک کانا جس کا کانا پن واضح ہو، دوسرے بیمار جس کی بیماری عیاں اور ظاہر ہو، تیسرے لنگڑا جس کا لنگڑا پن نمایاں ہو، چوتھا ایسا لاغر اور دبلا پتلا جس کی ہڈیوں میں گودا نہ ہو۔

سنن ابن ماجہ 3144

قربانی کرنا افضل عمل ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو ( قربانی کی ) وسعت (گنجائش) ہو اور وہ قربانی نہ کرے، تو وہ ہماری عید گاہ کے قریب نہ پھٹکے ۔

سنن ابن ماجہ 3123

حجر اسود کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رحمتِ عالم شافع روزِ محشرﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن یہ پتھر (حجر اسود) ضرور اس حال میں حاضر ہوگا کہ اسکی دو آنکھیں ہوں گی جن سے وہ دیکھے گا۔ اور زبان ہوگی جس سے وہ بولے گا جس نے اسے حق کے ساتھ چوما ہوگا اس کے حق میں گواہی دے گا۔

مسند احمد 4340

زبان کی حفاظت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 جب اِبن آدم صبح کرتا ہے تو سارے اعضاء زبان سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے (حقوق کے تحفظ کے) بارے میں ﷲ سے ڈرنا، کیونکہ ہم تیرے رحم و کرم پر ہیں، اگر تو سیدھی رہی تو ہم بھی سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہوگئی تو ہم بھی ٹیڑھے ہوجائیں گے ۔

مشکوٰۃ 4838

ماہِ ذوالحجہ میں روزوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ چار کام نبی کریمﷺ کبھی نہیں چھوڑتے تھے: عاشوراء ( ۱۰محرم ) کا روزہ، ذوالحجہ کے پہلے عشرے ( یعنی نو دن ) کے روزے، ہر مہینے سے تین دن کے روزے اور نماز فجر سے پہلے دو رکعتیں ۔ 

سنن النسائی 2418

جس کا قربانی کرنے کا ارادہ ہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے پاس ذبح کرنے کے لئے کوئی ذبیحہ (قربانی کا جانور) ہو تو جب ذوالحجہ کا چاند نظر آجائے، وہ ہرگز اپنے بال اور ناخن نہ کاٹے، یہاں تک کہ قربانی کر لے ( پھر بال اور ناخن کاٹے ۔ )

صحیح مسلم 5121

نظرِ بد اور اسکا علاج

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰیﷺ جِنوں اور اِنسان کی نظرِ بد سے پناہ مانگا کرتے تھے، یہاں تک کہ معوذتین ( سورۃ الفلق اور سورۃ الناس ) نازل ہوئیں، جب یہ سورتیں اترگئیں تو آپﷺ نے اِن دونوں کو لے لیا اور اِن کے علاوہ کو چھوڑ دیا

جامع الترمذی 2058

بسم اللہ پڑھنے کی برکات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: انسان جب اپنے گھر میں داخل ہوتے ہوئے ﷲﷻ کا نام لیتا ہے اور پھر اپنے کھانے پر بھی ﷲ کا ذکر کرتا ہے تو شیطان کہتا ہے: تمہارے لیے یہاں نہ رات کا کوئی ٹھکانا ہے اور نہ رات کا کھانا، اور جب انسان داخل ہوتے وقت ﷲ کا ذکر نہ کرے تو شیطان کہتا ہے: تمہیں رات کا ٹھکانا مل گیا اور جب کھانے پر بھی ﷲ کا نام نہ لے تو کہتا ہے: تمہیں رات کے ٹھکانے کے ساتھ ساتھ کھانا بھی مل گیا۔

سنن ابوداؤد 3765