Wednesday 24 November 2021

نمازِ وتر میں قراءت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا عبد الرحمن بن ابزی سے روایت ہے کہ رحمتِ عالم شافع روزِ محشر حضرت محمد ﷺ نمازِ وتر میں سورۂ اعلی، سورۂ کافرون اور سورۂ اخلاص کی تلاوت کرتے تھے اور جب وتر سے فارغ ہوتے تو تین مرتبہ سُبْحَانَ الْمَلِکِ الْقُدُّوْسِ کہتے اور تیسری مرتبہ آواز بلند کرتے۔

مسند احمد 2220

سورۂ اخلاص سے محبت کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں، ایک آدمی نے عرض کیا: ﷲ کے رسولﷺ ! میں سورۂ اخلاص سے محبت کرتا ہوں، آپﷺ نے فرمایا:  بے شک تمہاری اس سے محبت ہی تمہیں جنت میں لے جائے گی ۔ 

مشکوٰۃ 2130

نماز میں خشوع و خضوع کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

امام المرسلین حضرت محمد ﷺ کا ارشاد ہے: اللہ تعالٰی حالت نماز میں بندے پر اس وقت تک متوجہ رہتا ہے جب تک کہ وہ ادھر ادھر نہیں دیکھتا ہے، پھر جب وہ ادھر ادھر دیکھنے لگتا ہے تو ﷲﷻ اس سے منہ پھیر لیتا ہے ۔ 

سنن ابوداؤد 909

قبر کی تیاری کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت براء رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں ہم رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کے ہمراہ ایک جنازے میں تھے، آپﷺ قبر کے کنارے بیٹھ گئے، اور رونے لگے یہاں تک کہ مٹی گیلی ہو گئی، پھر آپ ﷺ نے فرمایا: میرے بھائیو! اس جیسی کے لیے تیاری کر لو

سنن ابنِ ماجہ 4195

ﷲﷻ مانگنے والوں کو ضرور دیتا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”ﷲ حيي كريم ہے یعنی زندہ و موجود ہے اور شریف ہے اُسے اِس بات سے شرم آتی ہے کہ جب کوئی شخص اُس کے سامنے ہاتھ پھیلا دے تو وہ اس کے دونوں ہاتھوں کو خالی اور ناکام ونامراد واپس کر دے“۔ 

جامع الترمذی 3556

میت دفنانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عمرو بن عاص ؓ نے، جب وہ نزع کے عالم میں تھے ، اپنے بیٹے سے کہا : جب میں فوت ہو جاؤں تو میرے ساتھ کوئی نوحہ کرنے والی جائے نہ آگ، جب تم مجھے دفن کر چکو اور مجھ پر مٹی ڈال لو تو پھر اتنی دیر تک میری قبر کے گرد کھڑے رہنا جتنی دیر میں اونٹ ذبح کر کے اس کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے، حتیٰ کہ میں تمہاری وجہ سے خوش اور پرسکون ہوں اور میں جان لوں کہ میں اپنے رب کے بھیجے ہوئے قاصدوں (فرشتوں) کو کیا جواب دیتا ہوں ۔

مشکوٰۃ 1716 ۔

دُعا مانگنے کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رحمتِ عالم شافع روزِ محشر ﷺ نے فرمایا: بیشک آدمی گُناہ کا ارتکاب کرنے کی وجہ سے رزق سے محروم کر دیا جاتا ہے، اور کوئی چیز تقدیر کو ردّ نہیں کرسکتی، ماسوائے دُعا کے اور صرف نیکی ہی ہے، جو عمر میں اضافہ کرتی ہے۔ 

مسند احمد 5583

قیامت کے دن بدلہ دیا جانا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا:  جس نے اپنے کسی بھائی پر ظلم کیا ہو تو اسے چاہئے کہ اس سے (اس دنیا میں) معاف کرالے۔ اس لیے کہ آخرت میں روپے پیسے نہیں ہوں گے۔ اس سے پہلے(معاف کرالے) کہ اس کے بھائی کے لیے اس کی نیکیوں میں سے حق دلایا جائےگا اور اگر اس کے پاس نیکیاں نہ ہوں گی تو اس( مظلوم ) بھائی کی برائیاں اس پر ڈال دی جائیں گی۔

صحیح البخاری 6534

Friday 12 November 2021

صدقہ دے کر واپس لینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رحمتِ عالم شافع روزِ محشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اپنے صدقہ کو واپس لینے والا شخص اس کتے کی طرح ہے جو اپنی ہی قے خود چاٹتا ہے۔ 

صحیح البخاری 2623

تین چیزوں میں دیر نہ کرنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت علی ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : علی ؓ ! تین چیزوں میں تاخیر نہ کرنا ، ایک نماز جب اس کا وقت آجائے ، جنازہ جب تیار ہوجائے اور بیوہ ، مطلقہ اور کنواری خاتون (کے نکاح میں) جب تمہیں اس کا کفو(برابری کا رشتہ) مل جائے ۔

مشکوٰۃ 605

مومن آزمائش پر صبر کرتا ھے


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ خدا ﷺ  نے فرمایا: مومن پر اس کی جان و مال اور اس کی اولاد کے بارے میں آزمائش آتی رہتی ہے حتیٰ کہ وہ اللہ تعالٰی سے ملاقات کرتا ہے تو اس کے ذمے کوئی خطا نہیں ہوتی ۔

مشکوٰۃ 1567

غلطیوں (گناہوں) کو زائل کرنے والے کلمات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمتﷺ نے ایک شاخ پکڑی، اس کو ہلایا، لیکن اس سے پتے نہ جھڑے، پھر ہلایا، لیکن پھر بھی پتے نہیں جھڑے، پھر اس کو ہلایا تو اس کے پتے جھڑ گئے، رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بیشک سُبْحَانَ اللّٰہِ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ، لَا اِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ، اَللّٰہُ أَکْبَرُ، یہ کلمات غلطیوں کو ایسے زائل کرتے ہیں، جیسے درخت اپنے پتے گرا دیتا ہے۔ 

مسند احمد 5453

دائیں ہاتھ سے کھانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں ہر شخص کو چاہیئے کہ وہ دائیں ہاتھ سے کھائے، دائیں ہاتھ سے پیئے، دائیں ہاتھ سے لے، دائیں ہاتھ سے دے، اس لیے کہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے، بائیں ہاتھ سے پیتا ہے، بائیں ہاتھ سے دیتا ہے اور بائیں ہاتھ سے لیتا ہے ۔ 

سنن ابنِ ماجہ 3266

حضور اقدسﷺ کی تین چیزوں پر قسم

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ نے تین چیزوں پر قسم اٹھائی ھے: (۱) صدقہ سے مال میں کمی نہیں ہوتی، پس صدقہ کیا کرو، (۲) جب بندہ اللہ تعالیٰ کی رضامندی تلاش کرنے کے لیے کسی ظلم کو معاف کرتا ہے تو اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ اس کو بلند کردیتا ہے، ایک روایت میں ہے: اللہ تعالیٰ روزِ قیامت اس کی عزت میں اضافہ کر دے گا اور (۳) جب بندہ سوال کا دروازہ کھولتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر فقیری کا دروازہ کھول دیتا ہے۔ 

مسند احمد 9183

بہترین صدقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ایک دینار وہ ہے جسے تو نے اللہ کی راہ میں خرچ کیا، ایک دینار جو تو نے گردن آزاد کرنے میں خرچ کیا ایک دینار وہ ہے جسے تونے کسی مسکین پر خرچ کیا اور ایک دینار وہ ہے جسے تو نے اپنے اہل و عیال پر خرچ کیا، ان میں سے سب سے زیادہ باعث اجر وہ ہے جو تو نے اپنے اہل وعیال پر خرچ کیا۔

مشکوٰۃ 1931

نیک عورت کی اہمیت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

امام الانبیاء سیدنا حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: دنیا سب کی سب وقتی فائدے کی چیز ہے، اور دنیا کے سامان میں سے بہترین چیز نیک عورت ہے ۔

سنن نسائی 3234

کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی مت سمجھو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو ۔

مشکوٰۃ 1894

توبہ کی توفیق

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: تم موت کی تمنا نہ کیا کرو،کیونکہ (موت کے بعد والے) امور کی گھبراہٹ بھی بڑی سخت ہے، خوش بختی یہ ہے کہ بندے کی عمر لمبی ہو اور اللہ تعالیٰ اسے توبہ کرنے کی توفیق دے دے۔  

مسند احمد 2993

قیامت کے دن سوال وجواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”آدمی کا پاؤں قیامت کے دن اس کے رب کے پاس سے نہیں ہٹے گا یہاں تک کہ اس سے پانچ چیزوں کے بارے پوچھ لیا جائے: اس کی عمر کے بارے میں کہ اسے کہاں صرف کیا، اس کی جوانی کے بارے میں کہ اسے کہاں کھپایا، اس کے مال کے بارے میں کہ اسے کہاں سے کمایا اور کس چیز میں خرچ کیا اور اس کے علم کے سلسلے میں کہ اس پر کہاں تک عمل کیا“۔ 

جامع الترمذی 2416

سود کھانے اور کھلانے والے پر لعنت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے سود (Interest) کھانے والے، کھلانے والے، لکھنے والے اور اس کے دونوں گواہوں پر لعنت کی اور فرمایا: ( گناہ میں ) یہ سب برابر ہیں ۔ 

صحیح مسلم 4093

صدقہ دینے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جہنم سے بچو اگرچہ کھجور کا ایک ٹکڑا دے کر ہی سہی ( مگر ضرور صدقہ کر کے دوزخ کی آگ سے بچنے کی کوشش کرو ) ۔ 

صحیح البخاری 1417

دنیا کے ملعون اور حقیر ہونے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بیشک دنیا ملعون ہے اور جو کچھ دنیا میں ہے وہ بھی ملعون ہے، سوائے ﷲﷻ کی یاد اور اس چیز کے جس کو ﷲ پسند کرتا ہے، یا عالم ( علم والے ) اور متعلم ( علم سیکھنے والے ) کے

جامع الترمذی 2322

دنیا میں ایسے رہو جیسے مسافر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ”دنیا میں اس طرح ہوجا جیسے تو مسافر یا راستہ چلنے والا ہو۔“ عبداللہ بن عمر ؓ فرمایا کرتے تھے شام ہوجائے تو صبح کے منتظر نہ رہو اور صبح کے وقت شام کے منتظر نہ رہو، اپنی صحت کو مرض سے پہلے غنیمت جانو اور زندگی کو موت سے پہلے۔ 

صحیح البخاری 6416

بڑے بڑے گناہوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ بڑے سے بڑا گناہ ﷲﷻ کے ساتھ شرک کرنا ہے اورماں باپ کو ستانا ( ان کی نافرمانی کرنا ) اور جھوٹی گواہی دینا، جھوٹی گواہی دینا، تین بار یہی فرمایا یا یوں فرمایا اورجھوٹ بولنا برابر باربار آپﷺ یہی فرماتے (بار بار تاکید کرتے) رہے یہاں تک کہ ہم نے آرزو کی کہ کاش آپﷺ خاموش ہوجاتے۔

صحیح البخاری6919

ذکر الٰہی کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مفرّدون ( لوگوں سے الگ ہوکر تنہا ہوجانے والے ) بازی لے گئے۔ لوگوں نے پوچھا: اللہ کے رسولﷺ ! مفردون سے کیا مراد ہے؟ فرمایا: کثرت سے اللہ کو یاد کرنے والے ( مرد ) اور اللہ کو یاد کرنے والی ( عورتیں) ۔

صحیح مسلم 6808