Friday, 25 September 2020

ابلیس اور اس کی فوج کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”رات کا اندھیرا شروع ہونے پر یا رات شروع ہونے پر اپنے بچوں کو اپنے پاس ( گھر میں )  روک لو، کیونکہ شیاطین اسی وقت پھیلنا شروع کرتے ہیں۔ پھر جب عشاء کے وقت میں سے ایک گھڑی گزر جائے تو انہیں چھوڑ دو  ( چلیں پھریں )  پھر اللہ کا نام لے کر اپنا دروازہ بند کرو، اللہ کا نام لے کر اپنا چراغ بجھا دو، پانی کے برتن اللہ کا نام لے کر ڈھک دو، اور دوسرے برتن بھی اللہ کا نام لے کر ڈھک دو  ( اور اگر ڈھکن نہ ہو )  تو درمیان میں ہی کوئی چیز رکھ دو۔

صحیح بخاری 3280

ماں باپ سے حسن سلوک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  باپ جنت کا درمیانی دروازہ ہے، چاہے تم اس دروازے کو ضائع کر دو، یا اس کی حفاظت کرو۔

سنن ابن ماجہ 3663

نمازِ جمعہ کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام  ( خطبہ دینے کے لیے )  باہر آ جاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہو جاتے ہیں۔

صحیح بخاری 929

شوہر پر بیوی کے حقوق

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 ایک شخص نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: بیوی کا شوہر پر کیا حق ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  جب کھائے تو اس کو کھلائے، جب خود پہنے تو اس کو بھی پہنائے، اس کے چہرے پر نہ مارے، اس کو بُرا بھلا نہ کہے، اور اگر اس سے لاتعلقی اختیار کرے تو بھی اسے گھر ہی میں رکھے

سنن ابن ماجہ 1850

روزی کمانے کی ترغیب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  آدمی کی کوئی کمائی اس کمائی سے بہتر نہیں جسے اس نے اپنی محنت سے کمایا ہو، اور آدمی اپنی ذات، اپنی بیوی، اپنے بچوں اور اپنے خادم پر جو خرچ کرے وہ صدقہ ہے ۔

سنن ابن ماجہ 2138

کھانا کھلانے اور سلام کرنے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک صاحب نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا: اسلام کی کون سی حالت افضل ہے؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا یہ کہ ( اللہ کی مخلوق کو )  کھانا کھلاؤ اور سلام کرو، اسے بھی جسے تم پہچانتے ہو اور اسے بھی جسے نہیں پہچانتے۔

صحیح البخاری 6236

مسواک کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا عبد اللہ بن عمر ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم ‌ نے فرمایا:  تم مسواک کا لازمی طور پر اہتمام کرو، کیونکہ یہ منہ کو پاک کرنے والا اور ربّ کو راضی کرنے والا ہے۔ 

مسند احمد 552

چار چیزوں سے ﷲﷻ کی پناہ طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم چار چیزوں سے ﷲ تعالیٰ کی پناہ طلب فرمایا کرتے تھے: ایسے علم سے جو نفع نہ دے، ایسے دل سے جو ﷲ تعالیٰ سے نہ ڈرے، ایسی دُعا سے جو قبول نہ ہو اور ایسے نفس سے جو سیر نہ ہو ۔

سنن نسائی 5444

بیوی سے حسن سلوک کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا ابوہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: ایمانداروں میں سے سب سے زیادہ کامل ایمان والا وہ ہے، جس کے اخلاق سب سے بہتر ہیں اور ان میں بہترین لوگ وہ ہیں جو اپنی بیویوں کے لئے بہترین ہیں۔

مسند احمد 7133

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبی کریم ﷺ اپنے منبر کی لکڑیوں پر ( کھڑے ہو ئے )  فرما رہے تھے، لوگوں کے گروہ، ہر صورت جمعہ چھوڑ دینے سے باز آجا ئیں یااللہ تعالیٰ ان کے دلوں پر مہر لگا دے گا پھر وہ غافلوں میں سے ہو جا ئیں گے ۔

صحیح مسلم 2002

سب سے بڑی زیادتی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  سب سے بڑی زیادتی یہ ہے کہ آدمی ناحق کسی مسلمان کی بے عزتی کرے ۔

سنن ابو داؤد 4876

نیکی اور گناہ کی وضاحت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نیکی اور گناہ کے بارے میں سوال کیا تو آپﷺ  نے فرمایا : نیکی اچھا خلق ہے، اور گناہ وہ ہے جو تمہارے دل میں کھٹکے اور تم ناپسند کرو کہ لوگوں کو اس کا پتہ چلے ۔  

صحیح مسلم 6516

جنت کی ضمانت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں اس شخص کے لیے جنت کے اندر ایک گھر کا ضامن ہوں جو لڑائی جھگڑا ترک کر دے، اگرچہ وہ حق پر ہو، اور جنت کے بیچوں بیچ ایک گھر کا اس شخص کے لیے جو جھوٹ بولنا چھوڑ دے اگرچہ وہ ہنسی مذاق ہی میں ہو، اور جنت کی بلندی میں ایک گھر کا اس شخص کے لیے جو خوش خلق ہو

سنن ابو داؤد 4800

رشتہ داروں سے صلہ رحمی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  رشتہ ناتا توڑنے والا جنت میں نہیں جائے گا ۔

سنن ابو داؤد 1696

فضائلِ نمازِ عشاء و فجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عثمان ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ جس شخص نے نمازِ عشاء باجماعت ادا کی تو گویا اس نے نصف شب کا قیام کیا اور جس نے نمازِ فجر باجماعت ادا کی تو گویا اس نے پوری رات کا قیام کیا ۔

مشکوٰۃ 630

غصہ پر قابو کرنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  تم لوگ پہلوان کس کو شمار کرتے ہو؟  لوگوں نے عرض کیا: اس کو جسے لوگ پچھاڑ نہ سکیں، آپ ﷺ نے فرمایا:  نہیں، بلکہ پہلوان وہ ہے جو غصے کے وقت اپنے نفس پر قابو رکھتا ہو ۔

سنن ابو داؤد 4779

اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ ذکر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”دو کلمے ایسے ہیں جو اللہ تبارک و تعالیٰ کو بہت ہی پسند ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں اور قیامت کے دن اعمال کے ترازو میں بھاری ہوں گے، وہ کلمات مبارکہ یہ ہیں

 سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهِ، سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ 

صحیح البخاری 7563

Thursday, 10 September 2020

انصاف کا تقاضہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تمہارے پاس دو آدمی فیصلہ کے لیے آئیں تو تم پہلے کے حق میں فیصلہ نہ کرو جب تک کہ دوسرے کی بات نہ سن لو. 

جامع ترمذی 1331

راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  راستے میں ایک درخت کی شاخ  ( ٹہنی )  پڑی ہوئی تھی جس سے لوگوں کو تکلیف ہوتی تھی، ایک شخص نے اسے ہٹا دیا  ( تاکہ مسافروں اور گزرنے والوں کو تکلیف نہ ہو )  اسی وجہ سے وہ جنت میں داخل کر دیا گیا ۔

سنن ابن ماجہ 3682

سنت کی پیروی کرنے کی تلقین

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تین بار فرمایا: سنو، بہت زیادہ بحث و تکرار کرنےاور جھگڑنے والے ہلاک ہو گئے

سنن ابو داؤد 4608

توبہ واستغفار کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت اغرّ المزنی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ لوگو ! اللہ کے حضور توبہ کرو ، کیونکہ میں دن میں سو مرتبہ اللہ کے حضور توبہ کرتا ہوں ۔

مشکوٰۃ 2325

نماز کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے ایک روز نماز کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا :’’ جس نے نماز کی حفاظت و پابندی کی تو وہ اس شخص کے لیے روزِ قیامت نور ، دلیل اور نجات ہو گی ، اور جس نے اس کی حفاظت و پابندی نہ کی تو روز قیامت اس کے لیے نور ، دلیل اور نجات نہیں ہو گی اور وہ قارون ، فرعون ، ہامان اور ابی بن خلف کے ساتھ ہو گا ۔

مشکوٰۃ 578

محفل کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم میں سے کو ئی شخص کسی دوسرے کو اس کی جگہ سے نہ اٹھا ئے کہ پھر وہاں ( خود ) بیٹھ جائے.

 صحیح مسلم 5683

سجدہ شُکر کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جب کوئی خوشی کی بات آتی یا آپ ﷺ کو کوئی خوشخبری سنائی جاتی تو اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے سجدہ میں گر پڑتے.

سنن ابو داؤد 2774

مہمان نوازی کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو اسے اپنے مہمان کی عزت کرنا چاہیئے۔ اس کی خاطر داری بس ایک دن اور رات کی ہے مہمانی تین دن اور راتوں کی، اس کے بعد جو ہو وہ صدقہ ہے اور مہمان کے لیے جائز نہیں کہ وہ اپنے میزبان کے پاس اتنے دن ٹھہر جائے کہ اسے تنگ کر ڈالے۔

صحیح بخاری 6135

کامیابی کی ضمانت- قرآن و سنت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں ، پس جب تک تم ان دونوں پر عمل کرتے رہو گے تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے ، (یعنی قرآن) ﷲ کی کتاب اور اس کے رسول ﷺ کی سنت ۔‘‘

مشکوٰۃ 186

خوش اخلاقی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مومن اپنی خوش اخلاقی سے روزے دار اور رات کو قیام کرنے والے کا درجہ پا لیتا ہے ۔

سنن ابو داؤد 4798

باپ کی بد دُعا سے بچو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” تین دُعائیں مقبول ہوتی ہیں ان میں کوئی شک نہیں ہے: مظلوم کی دُعا، مسافر کی دُعا اور بیٹے کے اوپر باپ کی بد دُعا“۔ 

جامع ترمذی 1906

قسم اٹھانے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ بے شک اللہ تمہیں اپنے باپ دادا کی قسمیں اٹھانے سے منع فرماتا ہے ، جس نے قسم اٹھانی ہو وہ اللہ کی قسم اٹھائے یا پھر خاموش رہے ۔‘‘ 

مشکوٰۃ 3407

توبہ کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ یقیناً تم میں سے کسی کے توبہ کرنے پر اس سے زیادہ خوش ہوتا ہے جتنا تم میں سے کوئی شخص اپنی گم شدہ سواری ( واپس ) پا کر خوش ہوتا ہے ۔   

صحیح مسلم 6953

عاشوراء کے روزے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عاشوراء کے دن کا روزہ رکھا اور ہمیں بھی اس کے روزہ رکھنے کا حکم فرمایا تو لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسولﷺ! یہ ایسا دن ہے کہ یہودونصاری اس دن کی تعظیم کرتے ہیں، یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگلے سال ہم نویں محرم کا بھی روزہ رکھیں گے ، لیکن آئندہ سال نہیں آیا کہ آپ ﷺ وفات فرما گئے.

سنن ابو داؤد 2446

یومِ عاشورہ (10 محرم) کا روزہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

سیدنا ابو قتادہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ‌صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا: یوم عرفہ یعنی (۹) ذوالحجہ کا روزہ گزشتہ اور آئندہ دو سالوں کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے اور یومِ عاشورہ کا روزہ ایک گزشتہ سال کے گناہوں کا۔

مسند احمد 3979