Friday 17 April 2020

سخاوت کی فضیلت اور بخل کی مذمت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : ہر روز صبح کے وقت دو فرشتے آسمان سے نازل ہوتے ہیں تو ان میں سے ایک کہتا ہے : اے اللہ ! خرچ کرنے والے کو بدل عطا فرما جبکہ دوسرا کہتا ہے : اے اللہ ! بخیل کو تباہی سے دوچار کر ۔

مشکوٰۃ 1860

ریاکار کی سزا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت جندب ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ ‌ نے فرمایا : جو شخص شہرت کی خاطر کوئی عمل کرتا ہے تو (روز قیامت) ﷲﷻ اس شخص کو (لوگوں کے سامنے) ذلیل فرمائے گا (کہ اس نے اس نیت سے عمل کیا تھا) اور جو دکھلاوا کرتا ہے تو اللہ اسے (لوگوں کو) دکھلا دے گا (کہ یہ شخص ریا کار ہے) ۔

مشکوٰۃ 5316

تقدیر کے فیصلوں پر اگر مگر مت کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : قوی مومن ، ضعیف مومن سے بہتر ہے نیز وہ ﷲ کو زیادہ پسند ہے ، اور سب (مومنوں) میں خیر ہے ، تو اپنے لیے نفع بخش چیز کے لیے محنت و کوشش کر اور ﷲ سے مدد طلب کر اور عاجزی و سستی نہ کر ، اور اگر تجھے کوئی نقصان پہنچے تو ایسے نہ کہو : اگر میں (اِس طرح ، اُس طرح) کرتا تو اس طرح ، اس طرح ہوتا ، بلکہ ایسے کہو : ﷲ نے مقدر کیا اور جو اس نے چاہا سو کیا ، کیونکہ (لفظ) ’’اگر‘‘ عمل شیطان کھولتا ہے ۔

مشکوٰۃ 5298

ریاکاری کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت شداد بن اوس ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو فرماتے ہوئے سنا : جو شخص دکھلاوے کی خاطر نماز پڑھتا ہے تو اس نے شرک کیا ، جو شخص دکھلاوے کی خاطر روزہ رکھتا ہے تو اس نے شرک کیا ، اور جو شخص دکھلاوے کی خاطر صدقہ کرتا ہے تو اس نے شرک کیا ۔

مشکوٰۃ 5331

امید و حرص کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عباس ؓ نبی صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم سے روایت کرتے ہیں ، آپ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : اگر انسان کے لیے مال کی دو وادیاں ہوں تو وہ تیسری تلاش کرتا ہے ، انسان کے پیٹ کو صرف (قبر کی) مٹی ہی بھرے گی ، اور اللہ توبہ کرنے والے شخص کی توبہ قبول فرماتا ہے ۔

مشکوٰۃ 5273

میرا مال، میرا مال

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : بندہ کہتا ہے ، میرا مال ، میرا مال ، حالانکہ اس کا مال فقط تین صورتوں میں ہے جو اس نے کھا کر ختم کر دیا ، یا پہن کر بوسیدہ کر دیا یا (اللہ کی راہ میں) دے کر ذخیرہ کر لیا ، اور جو ان کے علاوہ ہے وہ تو اسے لوگوں کے لیے چھوڑ کر جانے والا ہے ۔

مشکوٰۃ 5166

آخرت کے طلبگار بنو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت علی ؓ سے روایت ہے ، انہوں نے فرمایا : دنیا گزر رہی ہے جبکہ آخرت آ رہی ہے ، اور دونوں میں سے ہر ایک کے طلبگار ہیں ، تم آخرت کے طلبگار بنو اور دنیا کے طلبگار نہ بنو کیونکہ آج عمل (کا وقت) ہے اور حساب نہیں جبکہ کل حساب ہو گا اور عمل نہیں ہو گا ۔

مشکوٰۃ 5215

اوصاف نبی ﷺ کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کی رنگت میں چمک دمک تھی آپﷺ کے پسینے کے قطرے موتیوں کی طرح تھے ، جب آپﷺ چلتے تو آگے کی طرف جھک کر چلتے تھے ، میں نے رسول اللہ ‌ﷺ کی ہتھیلی سے زیادہ نرم ، دیباج اور ریشم کو بھی نہیں پایا اور نبی ﷺ کے بدن اطہر سے زیادہ معطر ، کستوری یا عنبر کی خوشبو نہیں سونگھی ۔

مشکوٰۃ 5787

جامع دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم دعا کیا کرتے تھے : اے اللہ ! میرے دین کی اصلاح فرما جو کہ میرے تمام معاملات کا محافظ ہے ، میری دنیا کی اصلاح فرما جس میں میری معاش ہے ، میری آخرت کی اصلاح فرما جہاں مجھے لوٹ کر جانا ہے ، زندگی کو ہر قسم کی خیر و بھلائی میں اضافہ کا باعث بنا اور موت کو ہر قسم کے شر سے راحت کا باعث بنا ۔

مشکوٰۃ 2483

دعا ‏دعا ‏دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم دعا کیا کرتے تھے : اے اللہ ! میں چار چیزوں سے تیری پناہ چاہتا ہوں ، ایسے علم سے جو نفع مند نہ ہو ، ایسے دِل سے جو ڈرتا نہ ہو ، ایسے نَفس سے جو بھرتا نہ ہو اور ایسی دُعا سے جو قبول نہ ہو ۔

مشکوٰۃ 2464

Tuesday 7 April 2020

وصیت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : جو مسلمان وصیت کرنا چاہتا ہے اس کے لیے مناسب نہیں کہ وہ دو راتیں بھی یوں گزار دے کہ وصیت اس کے پاس لکھی ہوئی نہ ہو ۔

مشکوٰۃ 3070

اترائی اور چڑھائی کا ذکر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت جابر ؓ بیان کرتے ہیں ، جب ہم اوپر چڑھتے تو اللہ اکبر کہتے اور جب نیچے اترتے تو سبحان اللہ کہتے تھے

مشکوٰۃ 2453

شکریہ ادا کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : جس نے لوگوں کا شکریہ ادا نہ کیا ، اس نے اللہ کا بھی شکریہ ادا نہ کیا ۔

مشکوٰۃ 3025

جنت کی طلب کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :  جو شخص تین مرتبہ اللہ سے جنت کا سوال کرتا ہے تو جنت کہتی ہے : اے اللہ ! اسے جنت میں داخل فرما ، اور جو شخص تین مرتبہ جہنم سے پناہ طلب کرتا ہے تو جہنم عرض کرتی ہے : اے اللہ ! اسے جہنم سے بچا ۔

مشکوٰۃ 2478

قرض کی ادائیگی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عبداللہ بن عمرو ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : قرض کے سوا شہید کے تمام گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں ۔

مشکوٰۃ 2912

مقبول اذکار

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ثوبان ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :’’ جب کوئی مسلمان آدمی صبح و شام تین مرتبہ کہتا ہے :

رَضِيتُ بِاللَّهِ رَبًّا وَبِالْإِسْلَامِ دِينًا وَبِمُحَمَّدٍ نَبِيًّا

 میں اللہ کے رب ہونے پر ، اسلام کے دین ہونے پر اور محمد (صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم) کے نبی ہونے پر راضی ہوں ۔ تو پھر اللہ پر حق ہے کہ وہ روزِ قیامت اس (شخص) کو راضی کرے ۔

مشکوٰۃ 2399

قرض کی وصولی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوقتادہ ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا : جس شخص کو یہ پسند ہو کہ اللہ اسے روزِ قیامت کی تکلیفوں سے نجات دے دے تو وہ تنگدست کو مہلت دے یا اسے (قرض) معاف کر دے ۔

مشکوٰۃ 2902

دنیا و آخرت میں عافیت کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم صبح و شام یہ کلمات ضرور پڑھا کرتے تھے : اے اللہ ! میں تجھ سے دنیا و آخرت میں عافیت کی درخواست کرتا ہوں ، اے اللہ ! میں تجھ سے اپنے دین ، اپنی دنیا اور اپنے اہل و عیال اور مال میں معافی اور عافیت کی درخواست کرتا ہوں ، اے اللہ ! میری پردے والی باتوں پر پردہ ڈال اور میرے خوف و ہراس کو امن میں بدل دے ، اے اللہ ! تو میرے سامنے سے ، میرے پیچھے سے ، میرے دائیں سے ، میرے بائیں سے اور میرے اوپر سے میری حفاظت فرما ، اور میں اس بات سے کہ میں ناگہاں اپنے نیچے سے(زمین میں دھنساکر) ہلاک کیا جاؤں ، تیری پناہ چاہتا ہوں ۔

مشکوٰۃ 2397

دنیا و آخرت میں عافیت کی دعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم صبح و شام یہ کلمات ضرور پڑھا کرتے تھے : اے اللہ ! میں تجھ سے دنیا و آخرت میں عافیت کی درخواست کرتا ہوں ، اے اللہ ! میں تجھ سے اپنے دین ، اپنی دنیا اور اپنے اہل و عیال اور مال میں معافی اور عافیت کی درخواست کرتا ہوں ، اے اللہ ! میری پردے والی باتوں پر پردہ ڈال اور میرے خوف و ہراس کو امن میں بدل دے ، اے اللہ ! تو میرے سامنے سے ، میرے پیچھے سے ، میرے دائیں سے ، میرے بائیں سے اور میرے اوپر سے میری حفاظت فرما ، اور میں اس بات سے کہ میں ناگہاں اپنے نیچے سے(زمین میں دھنساکر) ہلاک کیا جاؤں ، تیری پناہ چاہتا ہوں ۔

مشکوٰۃ 2397

ذخیرہ اندوزی کی سزا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت عمر بن خطاب ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم کو فرماتے ہوئے سنا : جو شخص مسلمانوں پر غلہ روک دے (ذخیرہ اندوزی کرے) تو اللہ اس پر جذام کا مرض اور افلاس مسلط کر دیتا ہے ۔

مشکوٰۃ 2895

ﷲﷻ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : اِبن آدم ! جب تک تو مجھ سے دُعا کرتا رہے گا اور مُجھ سے (بخشش کی) امید رکھے گا تو میں تمہیں معاف کرتا رہوں گا خواہ تمہارے گناہ کتنے ہی زیادہ کیوں نہ ہوں اس کی مجھے کوئی پرواہ نہیں ، اِبن آدم ! اگر تیرے گناہ آسمان کے ابر (کناروں) تک پہنچ جائیں ، پھر تو مجھ سے مغفرت طلب کرے تو میں تمہیں معاف کر دوں گا اور مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں ، اِبن آدم ! اگر تو زمین کے بھرنے کے برابر گناہ کر کے میرے پاس آئے لیکن تو نے میرے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرایا ہو ، تو میں اتنی ہی مقدار میں مغفرت لے کر تمہارے پاس آؤں گا ۔

مشکوٰۃ 2336