Wednesday, 24 September 2025

سلام کرنے کی فضیلت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کے پاس آ کر کہا: السلام عليكم،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) دس نیکیاں ہیں“، پھر ایک دوسرا شخص آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) بیس نیکیاں ہیں“، پھر ایک اور آدمی آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله وبركاته،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) تیس نیکیاں ہیں۔

جامع الترمذی 2689 (صحیح)

کون سا مومن زیادہ عقلمند ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک نصاری صحابی ؓ آئے، انھوں نے نبی کریم ﷺ کو سلام کیا، پھر کہا: اللّٰه کے رسول ﷺ ! کون سا مومن افضل ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کا اخلاق زیادہ اچھا ہو۔‘‘ انھوں نے کہا: کون سا مومن زیادہ عقل مند ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  جو موت کو زیادہ یاد کرتے ہیں اور اسکے بعد ( کے مراحل ) کے لیے زیادہ اچھی تیاری کرتے ہیں، یہی عقل مند ہے ہیں ۔

سنن ابنِ ماجہ 4259 (صحیح)

کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی مت سمجھو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو ۔
مشکوٰۃ 1894

دیدار الٰہی کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جب جنت والے جنت میں داخل ہوجائیں گے، ( اس وقت ) ﷲ تبارک و تعالٰی فرمائے گا تمہیں کوئی چیز چاہیے جو تمہیں مزید عطا کروں؟ Aوہ جواب دیں گے: کیا تونے ہمارے چہرے روشن نہیں کیے ! کیا تونے ہمیں جنت میں داخل نہیں کیا اور دوزخ سے نجات نہیں دی؟ آپ ﷺ نے فرمایا: چنانچہ اس پر ﷲﷻ پردہ اٹھا دے گا تو انہیں کوئی چیز ایسی عطا نہیں ہوئی ہوگی جو انہیں اپنے رب عزوجل کے دیدار سے زیادہ محبوب ہو۔ 

صحیح مسلم 449 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں (سیدھے) ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ( الٹے ) ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

حق مہر زیادہ مقرر کرنے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت عمر بن خطاب ؓ بیان کرتے ہیں، سن لو ! عورتوں کا حق مہر زیادہ مقرر نہ کرو ، کیونکہ وہ دنیا میں قابل عزت اور اللّٰه کے ہاں باعث تقوی ہوتا تو تمہاری نسبت اللّٰه کے نبی ﷺ اس کے زیادہ حق دار تھے ، میں نہیں جانتا کہ رسولِ کریم ﷺ نے ازواج مطہرات ؓ سے نکاح کیا ہو یا اپنی بیٹیوں کا نکاح کیا ہو تو آپ ﷺ نے بارہ اوقیہ (480 درہم) سے زیادہ حق مہر مقرر کیا ہو ۔

مشکوٰۃ 3204 (صحیح)

دُعا مانگنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو ﷲﷻ سے سوال نہیں کرتا ﷲ تعالٰی اس سے ناراض اور ناخوش ہوتا ہے۔

جامع الترمذی 3373 (صحیح)

دُعا مانگنے کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے ایک شخص کو نماز کے اندر دُعا کرتے ہوئے سنا، اس نے نبی اکرمﷺ پر صلاۃ ( درود ) نہ بھیجا، نبی کریمﷺ نے فرمایا: ”اس نے جلدی کی“، پھر آپﷺ نے اسے بلایا، اور اس سے اور اسکے علاوہ دوسروں کو خطاب کرکے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی بھی نماز پڑھ چکے تو اسے چاہیئے کہ وہ پہلے ﷲﷻ کی حمد و ثنا بیان کرے، پھر نبیﷺ پر صلاۃ ( درود ) بھیجے، پھر اسکے بعد وہ جو چاہے دُعا مانگے“۔

جامع الترمذی 3477 (صحیح)

صدقہ وخیرات میں بہترین مال دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک دفعہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ تشریف لائے، آپﷺ کے ہاتھ میں عصا تھا۔ کوئی شخص ( مسجد میں بطور صدقہ ) ردی قسم کی کھجور کا ایک خوشہ لٹکا گیا تھا۔ آپﷺ اس خوشے پر اپنی لاٹھی مارنے لگے اور فرمایا: اگر اس صدقے والا چاہتا تو اس سے اچھی کھجور کا صدقہ کرسکتا تھا۔ بلاشبہ اس قسم کا صدقہ کرنے والا قیامت کے دن ردی کھجوریں ہی کھائے گا۔

سنن النسائی 2495 (صحیح)

حجرِ اسود کے استلام کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے حجر اسود کے بارے میں فرمایا: ﷲﷻ کی قسم ! ﷲ اسے قیامت کے دن اِس حال میں اٹھائے گا کہ اسکی دو آنکھیں ہوں گی، جس سے یہ دیکھے گا، ایک زبان ہوگی جس سے یہ بولے گا۔ اور یہ اس شخص کے ایمان کی گواہی دے گا جس نے حق کے ساتھ ( یعنی ایمان اور اجر کی نیت سے ) اس کا استلام (حجر اسود کو بوسہ دیا، ہاتھ سے چھوا یا اس کی طرف اشارہ ) کیا ہوگا۔

جامع الترمذی 961 (صحیح)

زبان کی حفاظت کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بندہ ایک بات زبان سے نکالتا ہے اور اس کے متعلق سوچتا نہیں ( کہ کتنی کفر اور بے ادبی کی بات ہے ) جس کی وجہ سے وہ دوزخ کے گڑھے میں اتنی دور گر پڑتا ہے جتنا پچھم (مشرق ) سے پورب (مغرب) دور ہے۔

صحیح البخاری 6477 (صحیح)

یتیم کی پرورش پر اجرت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ﷲﷻ کے ارشاد ” بلکہ جو شخص خوشحال ہو وہ اپنے کو بالکل روکے رکھے۔ البتہ جو شخص نادار ہو وہ واجبی طور پر کھا سکتا ہے۔“ کے بارے میں فرمایا کہ یہ آیت یتیم کے بارے میں اتری ہے کہ اگر ولی نادار ہو تو یتیم کی پرورش اور دیکھ بھال کی اجرت میں وہ واجبی طور پر ( یتیم کے مال میں سے کچھ ) کھا سکتا ہے ( بشرطیکہ نیت میں فساد نہ ہو) ۔

صحیح البخاری 4575 (صحیح)

صبح دیر تک سونے پر وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ کے سامنے ایک شخص کا ذکر آیا کہ وہ صبح تک پڑا سوتا رہا اور فرض نماز کے لیے بھی نہیں اٹھا۔ اس پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ شیطان نے اس کے کان میں پیشاب کر دیا ہے۔

صحیح البخاری 1144 (صحیح)

انسان کی خوش نصیبی کی علامت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تین چیزیں ابن آدم کی سعادت مندی کی علامت ہیں اور تین چیزیں اس کی بدنصیبی کی علامت ہیں، ابن آدم کی خوش نصیبی تو یہ ہے کہ اسے نیک بیوی ملے، اچھی رہائش ملے اور عمدہ سواری ملے جبکہ اس کی بدنصیبی یہ ہے کہ اسے بُری بیوی ملے، بُری رہائش ملے اور بُری سواری ملے۔ 

مسند احمد 1445 (صحیح)

Wednesday, 10 September 2025

غیبت کرنے والوں کا انجام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب مجھے معراج کرائی گئی تو میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے ناخن تانبے کے تھے جو اپنے چہروں اور سینوں کو چھیل رہے تھے۔ میں نے پوچھا : اے جبریل ! یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے کہا : یہ وہ ہیں جو دوسرے لوگوں کا گوشت کھاتے(غیبت کرتے) اور ان کی عزتوں سے کھیلتے ہیں۔ 

سنن ابوداؤد 4878 (صحیح)

محفل کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
  
رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم تین آدمی ایک ساتھ ہو، تو دو آدمی اپنے تیسرے ساتھی کو اکیلا چھوڑ کر باہم کانا پھوسی نہ کریں۔ یعنی تیسرے شخص کو چھوڑ کر دو سرگوشی نہ کریں کیونکہ اس سے اسے دکھ اور رنج ہوگا۔ 

جامع الترمذی 2825 (صحیح)

قبر کی تیاری کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
  
حضرت براء ؓ فرماتے ہیں کہ ہم ایک جنازے میں رسولِ کریم ﷺ کے ساتھ تھے۔ رسول اللہ ﷺ ایک قبر کے کنارے پر بیٹھ گئے اور اتنا روئے کہ مٹی تر ہو گئی، پھر فرمایا: بھائیو ! اس چیز ( قبر ) کے لیے تیاری کر لو۔

سنن ابن ماجہ 4195 (صحیح)

بہنوں اور بیٹیوں سے صلہ رحمی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس کے پاس تین لڑکیاں، یا تین بہنیں، یا دو لڑکیاں، یا دو بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور ان کے حقوق کے سلسلے میں ﷲﷻ سے ڈرے تو اس کے لیے جنت ہے

جامع الترمذی 1916(صحیح)

عشقِ نبیﷺ ایمان کی پہلی شرط ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا) جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)

فرشتے اس گھر میں نہیں جاتے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں، رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس گھر میں تصویر، کتا اور جنبی ہوں وہاں (رحمت و برکت کے) فرشتے نہیں جاتے۔

مشکوٰۃ 463 (صحیح)

نیک لوگوں کا اللّٰہ کے یہاں مقام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: میں تمہیں بہشتی آدمی کے متعلق نہ بتادوں۔ وہ دیکھنے میں کمزور ناتواں ہوتا ہے ( لیکن اللہ کے یہاں اس کا مرتبہ یہ ہے کہ ) اگر کسی بات پر اللہ کی قسم کھالے تو اللہ اسے ضرور پوری کر دیتا ہے اور کیا میں تمہیں دوزخ والوں کے متعلق نہ بتا دوں ہر بدخو( بد اخلاق)، بھاری جسم والا اور تکبر کرنے والا۔

صحیح البخاری 4918 (صحیح)

مسنون و مقبول دُعا


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ فجر کی نماز کے بعد یہ دُعا کیا کرتے تھے:

للَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْمًا نَافِعًا وَعَمَلًا مُتَقَبَّلًا وَرِزْقًا طَيِّبًا

’’ اے اللہ ! میں تجھ سے نفع بخش علم، مقبول عمل اور حلال رزق کا سوال کرتا ہوں۔‘‘

مشکوٰۃ 2498 (صحیح)

Monday, 1 September 2025

نفلی صدقہ کی ترغیب و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

اِمامُ المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی آگ سے بچنے کی طاقت رکھتا ہے تو وہ صدقہ کرے، خواہ وہ کھجور کے ایک حصے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو اور جسے وہ بھی نہ ملے تو اچھی بات کے ذریعے (جہنم سے بچنے کی کوشش کرے)۔

مسند احمد 3576 (صحیح)

حُسنِ سلوک کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے، پس اس پر ظلم نہ کرے اور نہ ظلم ہونے دے۔ جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرے، ﷲﷻ اسکی ضرورت پوری کرے گا۔ جو شخص کسی مسلمان کی ایک مصیبت کو دور کرے، اللّٰہ تعالٰی اسکی قیامت کی مصیبتوں میں سے ایک بڑی مصیبت کو دور فرمائے گا۔ اور جو شخص کسی مسلمان کے عیب کو چھپائے اللہ تعالٰی قیامت میں اسکے عیب چھپائے گا۔

صحیح البخاری 2442 (صحیح)

نماز فجر سے اشراق تک ذِکر کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے نمازِ فجر جماعت سے پڑھی پھر بیٹھ کر ﷲﷻ کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل گیا، پھر اس نے دو رکعتیں پڑھیں، تو اسے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا“۔ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”پورا، پورا، پورا، یعنی حج و عمرے کا پورا ثواب“۔

جامع الترمذی 586 (صحیح)

محفل/ مجلس کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اسکی بے مقصد اور بے ہودہ باتیں زیادہ ہوجائیں اور پھر وہ اٹھنے سے پہلے یہ دُعا: سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ ۔ پڑھتا ہے تو اسکی اس مجلس میں ہونے والی خطائیں معاف کردی جاتی ہیں۔

مشکوٰۃ 2433 (صحیح)

دین میں رائے وقیاس سے اجتناب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو بغیر دلیل کے فتویٰ دیا گیا ( اور اس نے اس غلط فتویٰ پر عمل کرلیا ) تو اس کا گناہ اس پر ہے جس نے اسے فتویٰ دیا۔

سنن ابنِ ماجہ 53 (صحیح)

بندوں پر اللّٰہ کی رحمت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

 رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ کہتا ہے: اے آدم کے بیٹے! جب تک تو مجھ سے دعائیں کرتا رہےگا اور مجھ سے اپنی امیدیں اور توقعات وابستہ رکھے گا میں تجھے بخشتا رہوں گا، چاہے تیرے گناہ کسی بھی درجے پر پہنچے ہوئے ہوں، مجھے کسی بات کی پرواہ و ڈر نہیں ہے، اے آدم کے بیٹے! اگر تیرے گناہ آسمان کو چھونے لگیں پھر تو مجھ سے مغفرت طلب کرنے لگے تو میں تجھے بخش دوں گا اور مجھے کسی بات کی پرواہ نہ ہوگی۔ اے آدم کے بیٹے! اگر تو زمین برابر بھی گناہ کر بیٹھے اور پھر مجھ سے (مغفرت طلب کرنے کے لیے) ملے لیکن میرے ساتھ کسی طرح کا شرک نہ کیا ہو تو میں تیرے پاس اسکے برابر مغفرت لے کر آؤں گا (اور تجھے بخش دوں گا)۔

جامع الترمذی 3540 (صحیح)

ﷲﷻ کی رحمت سے محروم شخص

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تین شخص ایسے ہیں کہ ﷲﷻ قیامت کے دن ان کو ( نظر رحمت و محبت سے ) نہیں دیکھے گا، اور نہ ان کو پاک کرے گا اور ان کے لیے تکلیف دہ عذاب ہوگا۔ وہ شخص جو اپنے عطیے پر احسان جتلاتا ہے۔ جو شخص اپنا تہبند (تکبر سے ) لٹکاتا ہے اور جو شخص جھوٹ بول کر اپنا سامان بیچتا ہے۔

سنن النسائی 4464 (صحیح)

فقراء و مساکین کی خبر گیری کرتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ایک صحابی ؓ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: مجھے اپنے ضعیفوں اور کمزوروں میں تلاش کرو، اس لیے کہ تم اپنے ضعیفوں اور کمزوروں کی ( دعاؤں کی برکت کی) وجہ سے رزق دیئے جاتے ہو اور تمہاری مدد کی جاتی ہے۔ 

مشکوٰۃ 5246 (صحیح)

باجماعت نماز کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

 رسول کریم ﷺ نے فرمایا  اگر لوگوں کو معلوم ہوتا کہ اذان اور صف اول میں کتنا ثواب ہے اور پھر ( انہیں اس کے حاصل کرنے کے لیے ) قرعہ اندازی کرنی پڑتی، تو وہ قرعہ اندازی بھی کرتے اور اگر انہیں معلوم ہوجائے کہ نماز سویرے پڑھنے میں کتنا ثواب ہے تو لوگ ایک دوسرے سے سبقت کرنے لگیں اور اگر انہیں معلوم ہوجائے کہ عشاء اور صبح کی کتنی فضیلتیں ہیں تو اگر گھٹنوں کے بل آنا پڑتا تو پھر بھی آتے۔

صحیح البخاری 2689 (صحیح)

پہلی صف میں نماز کا اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: صف اول کے لوگوں پر ﷲﷻ نزولِ رحمت اور فرشتے دعائےِ رحمت کرتے رہتے ہیں۔

مسند احمد 18849 (صحیح)

جمعہ کو قبولیتِ دُعا کی گھڑی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”جمعہ کے روز اس گھڑی کو جس میں دُعا کی قبولیت کی اُمید کی جاتی ہے عصر سے لے کر سورج ڈوبنے تک کے درمیان تلاش کرو“۔

جامع الترمذی 489 (صحیح)

اسلام میں نکاح کے لیے رہنمائی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: عورت سے نکاح چار چیزوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اسکے مال کی وجہ سے یا اسکے خاندانی شرف کی وجہ سے یا اسکی خوبصورتی کی وجہ سے یا اسکے دین کی وجہ سے، اور تو دیندار عورت سے نکاح کرکے کامیابی حاصل کر، اگر ایسا نہ کرے تو تیرے ہاتھوں کو مٹی لگے گی ( یعنی اخیر میں تجھ کو ندامت ہو گی ) ۔

صحیح البخاری 5090 (صحیح)

ہر وقت ذکرِ الٰہی کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو دیہاتی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان میں سے ایک نے پوچھا اے محمد ! ﷺ سب سے بہترین آدمی کون ہے ؟ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: جس کی عمر لمبی ہو اور اس کا عمل اچھا ہو، دوسرے نے کہا کہ احکامِ اسلام تو بہت زیادہ ہیں، کوئی ایسی جامع بات بتا دیجئے جسے ہم مضبوطی سے تھام لیں؟ نبی رحمت ﷺ نے فرمایا تمہاری زبان ہر وقت ذکرِ الٰہی سے تر رہے۔

مسند احمد 17832 (صحیح)