Tuesday, 19 August 2025

جادو کرنا یا کرانا تباہ کر دیتا ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تباہ کر دینے والی چیز ﷲﷻ کے ساتھ شرک کرنا ہے اس سے بچو اور جادو کرنے کرانے سے بھی بچو۔

صحیح البخاری 5764 (صحیح)

نیکی واحسان کرنے کا شکریہ ادا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا ‘ وہ ﷲﷻ کا بھی شکر گزار نہیں ہوتا۔

سنن ابوداؤد 4811 (صحیح)

سونے سے پہلے مسنون عمل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب نبی کریم ﷺ اپنے بستر پر آرام کرتے تو آپ ﷺ ہر رات اپنے دونوں ہاتھ اکٹھے کرتے، پھر سورۂ اخلاص، سورۂ فلق اور سورۂ ناس پڑھ کر ہاتھوں پر پھونک مارتے، پھر جہاں تک ممکن ہوتا انہیں اپنے جسم پر پھیرتے، آپ ﷺ اپنے سر، چہرے اور اپنے جسم کے اگلے حصے پر ہاتھ پھیرتے اور آپ تین مرتبہ ایسا کرتے۔

مشکوٰۃ 2132 (صحیح)

مسجد اور جماعت کے احکام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : اندھیروں میں مسجدوں کی طرف زیادہ چلنے والوں کو قیامت کے دن مکمل نور کے حصول کی خوشخبری دے دو۔

سنن ابنِ ماجہ 781 (صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929 (صحیح)

داہنے جانب سے ابتداء کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ جوتا پہننے، کنگھی کرنے، وضو کرنے اور اپنے ہر کام میں داہنی طرف سے کام کی ابتداء کرنے کو پسند فرمایا کرتے تھے۔

صحیح البخاری 168 (صحیح)

اسلامی اخلاق و آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  مشیر جس سے مشورہ لیا جاتا ہے اس کو امانت دار ہونا چاہیئے۔

جامع الترمذی 2822 (صحیح)

مومن پر لعنت بھیجنے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 جس نے اسلام کے سوا کسی اور مذہب کی جھوٹ موٹ قسم کھائی تو وہ ویسا ہی ہوجاتا ہے جسکی اس نے قسم کھائی ہے۔ جس نے کسی چیز سے خودکشی کرلی تو اسے جہنم میں اسی سے عذاب دیا جائے گا اور مومن پر لعنت بھیجنا اسے قتل کرنے کے برابر ہے اور جس نے کسی مومن پر کفر کی تہمت لگائی تو یہ اسکے قتل کے برابر ہے۔

صحیح البخاری 6105 (صحیح)

Sunday, 10 August 2025

توبہ کرنے میں دیر مت کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’جب مومن کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نقطہ لگ جاتا ہے۔ اگر وہ توبہ کرلے، باز آجائے اور ( ﷲﷻ سے ) بخشش کی درخواست کرے تو اس کا دل صاف ہوجاتا ہے۔ اگر مزید گناہ کرے تو سیاہی کا نقطہ زیادہ ہوجاتا ہے ( حتیٰ کہ ہوتے ہوتے دل بالکل سیاہ ہوجاتا ہے۔)

سنن ابنِ ماجہ 4244 (صحیح)

دوسروں کیلئے دعائیں کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: مسلمان شخص کی اپنے (مسلمان) بھائی کے لیے وہ دُعا قبول ہوتی ہے جو اسکی غیر موجودگی میں کی جاتی ہے، اور (دعا کرنے والے) کے پاس ایک فرشتہ مامور ہوتا ہے، جب وہ اپنے بھائی کے لیے دعائےِ خیر کرتا ہے تو وہ مامور فرشتہ آمین کہتا ہے اور کہتا ہے: اسی مثل تمہارے لیے بھی ہو۔

مشکوٰۃ 2228 (صحیح)

جمعہ کے دن غسل کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جمعہ کے دن غسل کرنا ہر بالغ شخص پر واجب ہے۔

مشکوٰۃ 538 (متفق علیہ)

کسی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ایک شخص کہیں جا رہا تھا۔ راستے میں اس نے کانٹوں کی بھری ہوئی ایک ٹہنی دیکھی، پس اسے راستے سے دور کر دیا۔ اللہ تعالٰی ( صرف اسی بات پر ) راضی ہو گیا اور اسکی بخشش کر دی۔

صحیح البخاری 652 (صحیح)

ہر دھوکہ دینے والے کی پہچان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  ہر دھوکہ دینے والے کے لیے قیامت کے دن ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعہ وہ پہچانا جائے گا۔

صحیح البخاری 6966 (صحیح)

زندگی میں قرض ادا کرنے کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص اس حال میں فوت ہوا کہ اس کے ذمے ایک دینار یا ایک درہم تھا، وہ اسکی نیکیوں سے ادا کیا جائے گا، وہاں ( آخرت میں ) دینار ہوں گے نہ درہم ۔

سنن ابن ماجہ 2414 (صحیح)

قربِ قیامت کی نشانیاں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” قیامت نہیں قائم ہوگی یہاں تک کہ زمانہ قریب ہوجائے گا۔ سال ایک مہینہ کے برابر ہوجائے گا جب کہ ایک مہینہ ایک ہفتہ کے برابر اور ایک ہفتہ ایک دن کے برابر اور ایک دن ایک ساعت ( ایک گھڑی ) کے برابر ہوجائے گا اور ایک ساعت ( ایک گھڑی ) آگ سے پیدا ہونے والی چنگاری کے برابر ہوجائے گی“۔

جامع الترمذی 2332 (صحیح)

ہمیشہ رزق حلال ہی طلب کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : حرام سے پرورش پانے والا جسم جنت میں نہیں جائے گا۔

مشکوٰۃ 2787 (صحیح)

جنت کی طلب اور جہنم سے نجات کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نےفرمایا: جو شخص ﷲﷻ سے تین مرتبہ جنت کا سوال کرے (اَللّٰھُمَّ اِنِیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ الْفِرْدُوْسَ) تو جنت کہتی ہے : اے اللہ اسے جنت میں داخل فرما : اور جو شخص تین دفعہ آگ سے پناہ مانگے (اللَّھُمَّ اَجِرنِی مِنَ النَّار) تو آگ خود کہتی ہے : یااللہ ! اس کو آگ سے بچا ۔

سنن النسائی 5523 (صحیح)

لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: آسانی پیدا کرو، تنگی نہ پیدا کرو، لوگوں کو تسلی اور تشفی دو نفرت نہ دلاؤ۔

صحیح البخاری 6125 (صحیح )

ملازموں کے ساتھ حُسنِ سلوک کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب کسی کا غلام کھانا لائے اور وہ اسے اپنے ساتھ ( کھلانے کے لیے ) نہ بٹھا سکے تو اسے ایک یا دو نوالے ضرور کھلا دے کیونکہ اسی نے اس کو تیار کرنے کی تکلیف اٹھائی ہے۔

صحیح البخاری 2557 (صحیح)

طہارت کے متعلق احکامات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے مونچھیں کاٹنے، ناخن تراشنے، زیر ناف کے بال مونڈنے اور بغلوں کے بال اکھیڑنے کے لیے یہ مدت مقرر کی ہے کہ ہم چالیس دن سے زائد نہ گزرنے دیں۔

سنن النسائی 14 (صحیح)

ہر حال میں دعائیں مانگتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جسے اچھا لگے ( اور پسند آئے) کہ مصائب و مشکلات ( اور تکلیف دہ حالات ) میں ﷲﷻ اُسکی دعائیں قبول کرے، تو اسے کشادگی و فراخی کی حالت میں کثرت سے دعائیں مانگتے رہنا چاہیئے۔ 

جامع الترمذی 3382 (صحیح)

ہمیشہ رزقِ حلال طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: رزق كے بارے میں كبھی بھی یہ خیال مت كرو كہ وہ دیر سےپہنچا كیوں كہ كوئی بھی بندہ اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک وہ اپنے رزق كا آخری لقمہ نہ كھالے اس لئے مانگنے میں اچھا طریقہ اختیار كرو، حلال لو، حرام چھوڑ دو۔

السلسلۃ 1134 (صحیح)

مساکین کی خبر گیری کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بیواؤں اور مسکینوں کے کام آنے والا ﷲﷻ کے راستے میں جہاد کرنے والے کے برابر ہے، یا رات بھر عبادت اور دن کو روزے رکھنے والے کے برابر ہے۔ 

صحیح البخاری 5353 (صحیح)

صبر و شکر کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: فاسق لوگ جہنمی ہیں۔ پوچھاگیا: اے اللہ كے رسولﷺ یہ فاسق كون ہیں؟ آپﷺ نے فرمایا: عورتیں ۔ایك آدمی نے كہا: اے اللہ كے رسول ‌ﷺ كیا یہ ہماری مائیں، بہنیں اور بیویاں نہیں ہیں؟ آپ ‌ﷺ ‌نے فرمایا: كیوں نہیں، لیكن جب انہیں دیا جائے تو یہ شُكر نہیں كرتیں اور جب آزمائش آئے تو صبر نہیں كرتیں۔

السلسلہ 1461 (صحیح)

اولاد اور مال کےلئے بد دُعا نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اپنی اولاد اور اپنے اموال کے لیے بد دُعا نہ کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم کسی ایسی گھڑی میں ﷲﷻ سے دُعا کر بیٹھو جس میں دُعا قبول ہو جاتی ہے۔

مشکوٰۃ 2229 (صحیح)

7 تباہ کردینے والے گناہوں سے بچو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: سات گناہوں سے جو تباہ کر دینے والے ہیں، بچتے رہو, صحابہ کرام رضی اللّٰه عنہم نے پوچھا یارسول اللّٰه ﷺ ! وہ کون سے گناہ ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: *اللّٰه کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، جادو کرنا، کسی کی ناحق جان لینا کہ جسے اللّٰه تعالٰی نے حرام قرار دیا ہے، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، لڑائی میں سے بھاگ جانا، پاک دامن بھولی بھالی ایمان والی عورتوں پر تہمت لگانا۔ 

صحیح البخاری 6857 (صحیح)