Sunday, 25 May 2025

زبان پر ہلکا, میزان میں بھاری ذکر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  دو کلمات ایسے ہیں جو زبان پر ہلکے ہیں، ( اعمال کے ) میزان میں بھاری ہیں، رحمان کو پیارے ہیں۔ سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهٖ سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ . میں اللہ کی پاکیزگی بیان کرتا ہوں اور اس کی تعریف کرتا ہوں، پاک ہے اللہ عظمتوں والا۔

سنن ابنِ ماجہ 3806 (صحیح)

نماز کے بعد مسنون اذکار

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”کچھ چیزیں نماز کے پیچھے ( بعد میں ) پڑھنے کی ایسی ہیں کہ ان کا کہنے والا محروم و نامراد نہیں رہتا، ہر نماز کے بعد 33 بار سبحان اللہ کہے، 33 بار الحمدللہ کہے، اور 34 بار اللہ اکبر کہے“۔

جامع الترمذی 3412 (صحیح)

ندامت کے آنسو کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ کو دو قطروں اور دو نشانیوں سے زیادہ کوئی چیز محبوب نہیں ہے: آنسو کا ایک قطرہ جو ﷲ کے خوف کی وجہ سے نکلے اور دوسرا خون کا وہ قطرہ جو ﷲ کے راستہ میں بہے، دو نشانیوں میں سے ایک نشانی وہ ہے جو اللہ کی راہ میں لگے اور دوسری نشانی وہ ہے جو اللہ کے فرائض میں سے کسی فریضہ کی ادائیگی کی حالت میں لگے“۔

جامع الترمذی 1669 (صحیح)

نماز سے متعلق احکام ومسائل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ سے اُس آدمی کے بارے میں پوچھا گیا جو نماز سے سویا رہتا ہے یا غافل ہو جاتا ہے ( بھول جاتا ہے )۔ آپﷺ نے فرمایا:  اس کا کفارہ یہ ہے کہ جب اسے یاد آئے ، نماز پڑھ لے ۔

سنن النسائی 615 (صحیح)

استغفار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ فرمایا کرتے تھے: اے اللّٰه ! مجھے ان لوگوں میں شامل فرما جو جب نیکی کرتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے اور جب گناہ کرتے ہیں تو استغفار کرتے ہیں۔

سنن ابنِ ماجہ 3820 (صحیح)

سلام کرنے کی فضیلت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کے پاس آ کر کہا: السلام عليكم،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) دس نیکیاں ہیں“، پھر ایک دوسرا شخص آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:  ( اس کے لیے ) بیس نیکیاں ہیں“، پھر ایک اور آدمی آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله وبركاته،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:  ( اس کے لیے ) تیس نیکیاں ہیں۔

جامع الترمذی 2689 (صحیح)

وقت پر نماز پڑھنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ سے پوچھا کہ ﷲﷻ کی بارگاہ میں کون سا عمل زیادہ محبوب ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اپنے وقت پر نماز پڑھنا ، پھر پوچھا ، اسکے بعد ، فرمایا والدین کے ساتھ نیک معاملہ رکھنا۔ پوچھا اسکے بعد ، آپ ﷺ نے فرمایا کہ ﷲ تعالٰی کی راہ میں جہاد کرنا۔

صحیح البخاری 527 (صحیح)

لوگوں کو معاف کرو اور رحم کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک مرتبہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے برسرِ منبر یہ بات ارشاد فرمائی: تم رحم کرو ، تم پر رحم کیا جائے گا ، معاف کرو ، تمہیں معاف کر دیا جائے گا ، ہلاکت ہے ان لوگوں کے لیے جو صرف باتوں کا ہتھیار رکھتے ہیں ، ہلاکت ہے ان لوگوں کے لیے جو اپنے گناہوں پر جانتے بوجھتے اصرار کرتے اور ڈ ٹے رہتے ہیں ۔

مسند احمد 6541 (صحیح)

دعاؤں کی قبولیت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: تین قسم کے لوگوں کی دُعائیں قبول ہوتی ہیں اور انکی قبولیت میں کوئی شک و شبہ نہیں ، مظلوم کی دُعا ، مسافر کی دُعا ، اور باپ کی اپنے بیٹے کے متعلق دُعا۔

مسند احمد 10199 (صحیح)

تکبر اور اسراف سے بچتے رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: کھاؤ پیو ، صدقہ کرو ، اور پہنو لیکن تکبر نہ کرو اور اسراف (فضول خرچی) بھی نہ کرو ، ﷲﷻ اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اسکی نعمتوں کا اثر اسکے بندے پر ظاہر ہو۔

مسند احمد 6708 (صحیح)

ہمیشہ جنت کے طلب گار رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جہنم کو شہوات کے ساتھ ڈھانپ دیا گیا ہے اور جنت کو ناگوار چیزوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

مشکوٰۃ 5160 (متفق علیہ)

ﷲﷻ سے نفع دینے والا علم مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : ﷲﷻ سے نفع بخش علم مانگو اور فائدہ نہ دینے والے علم سے ﷲ تعالٰی کی پناہ مانگو۔

سنن ابنِ ماجہ 3843 (صحیح)

غصے کا علاج

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو آدمی آپس میں گالی گلوچ کر رہے تھے کہ ایک شخص کا منہ سرخ ہو گیا اور گردن کی رگیں پھول گئیں۔ نبيِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ مجھے ایک ایسا کلمہ معلوم ہے کہ اگر یہ شخص اسے پڑھ لے تو اسکا غصہ جاتا رہے گا۔ فرمایا

أَعُوذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیطَانِ الرَّجِیم.

 ”میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی شیطان سے۔“ تو اس کا غصہ جاتا رہے گا۔

صحیح البخاری 3282 (صحیح)

توکل اور صبر کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: قوی مومن، ضعیف مومن سے بہتر ہے نیز وہ ﷲﷻ کو زیادہ پسند ہے، اور سب (مومنوں) میں خیر ہے، تو اپنے لیے نفع بخش چیز کے لیے محنت و کوشش کر اور ﷲ سے مدد طلب کر اور عاجزی و سستی نہ کر، اور اگر تجھے کوئی نقصان پہنچے تو ایسے نہ کہو: اگر میں (اِس طرح، اُس طرح) کرتا تو اس طرح، اس طرح ہوتا، بلکہ ایسے کہو: ﷲ نے مقدر کیا اور جو اُس نے چاہا سو کیا، کیونکہ (لفظ) ’’اگر‘‘ عمل شیطان کھولتا ہے۔

مشکوٰۃ 5298 (صحیح)

غرور گھمنڈ اور تکبر کی برائی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں جنت والوں کی خبر نہ دوں. ہر کمزور و تواضع کرنے والا اگر وہ ( ﷲﷻ کا نام لے کر ) قسم کھالے تو اللہ اس کی قسم پوری کردے۔ کیا میں تمہیں دوزخ والوں کی خبر نہ دوں ہر تند خو (بد مزاج )، اکڑ کر چلنے والا اور متکبر۔

صحیح البخاری 6071 (صحیح)

بہت زیادہ توبہ و استغفار کرتے رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مبارک ہو اس شخص کو جسے اپنے نامہ اعمال میں زیادہ استغفار ملا ۔

مشکوٰۃ 2356 (صحیح)

ﷲ کے بہترین اور بدترین بندے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ ﷲﷻ کے بہترین بندے وہ ہیں کہ جب انہیں دیکھا جائے تو ﷲ یاد آجائے، جبکہ ﷲ کے بندوں میں سے بدترین لوگ چغل خور ، پیاروں کے درمیان جدائی ڈالنے والے اور (گناہوں سے) لاتعلق لوگوں پر برائی کا الزام (تہمت) لگانے والے ہیں"۔

مشکوٰۃ 4872 (صحیح)

موت کی تمنا نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: کوئی شخص تم میں سے موت کی آرزو نہ کرے، اگر وہ نیک ہے تو ممکن ہے نیکی میں اور زیادہ ہو اور اگر بّرا ہے تو ممکن ہے اس سے توبہ کر لے۔

صحیح البخاری 7235 (صحیح)

Tuesday, 6 May 2025

اعضائے طہارت کے مسائل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص نے وضو کیا تو اپنے پاؤں پر ایک ناخن جتنی جگہ چھوڑ دی، تو نبی کریم ﷺ نے اس کو دیکھ لیا اور فرمایا: "واپس جاؤ اور اپنا وضو خوب اچھی طرح کرو"- وہ واپس گیا، ( حکم پر عمل کیا ) پھر نماز پڑھی ۔ 

صحیح مسلم 576 (صحیح)

گناہ رزق میں کمی کا باعث

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: انسان بعض اوقات اس گناہ کی وجہ سے بھی رزق سے محروم کردیا جاتا ہے جو اس سے ہو جاتا ہے، اور تقدیر کو دّعا کے علاوہ کوئی چیز نہیں بدل سکتی، اور عمر میں نیکی کے علاوہ کوئی چیز اضافہ نہیں کر سکتی۔

مسند احمد 22745 (صحیح)

والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا انعام

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص کو یہ بات پسند ہو کہ اس کی عمر میں برکت اور رزق میں اضافہ ہو جائے، تو اسے چاہئے کہ اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرے اور صلہ رحمی کیا کرے ۔

مسند احمد 13847 (صحیح)

بغیر وجہ خلع مانگنے کی سزا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: جو عورت بغیر کسی وجہ کے اپنے شوہر سے طلاق مانگتی ہے اس پر جنت کی خوشبو حرام ہے ۔

سنن ابوداؤد 2226 (صحیح)

ہر آزمائش پر صبر کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : مومن پر اسکی جان و مال اور اسکی اولاد کے بارے میں آزمائش آتی رہتی ہے حتیٰ کہ وہ ﷲﷻ سے ملاقات کرتا ہے تو اسکے ذمے کوئی خطا نہیں ہوتی۔

مشکوٰۃ 1567(صحیح)

تہجد کی نیت کرکے سونے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  جو آدمی بستر پر لیٹتے وقت نیت رکھتا ہوکہ رات کو ( نمازِ تہجد کے لیے ) اٹھے گا لیکن اسے گہری نیند آ گئی اور وہ صبح تک سویا رہا تو اسکے لئے اس نماز کا ثواب لکھا جائے گا جس کی اس نے نیت کی اور اسکی نیند اس کے رب عزوجل کی طرف سے اس پر نوازش ہوگی ۔

سنن النسائی 1788 (صحیح)

تلاوتِ قرآن پاک میں سُستی نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  قرآن کی خبر گیری (تلاوت ) کرتے رہو، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھوں میں میری جان ہے ! وہ (قرآن سینوں سے) نکل جانے میں، اس اونٹ کے نکل جانے سے بھی زیادہ تیز ہے جس کی رسی کھل چکی ہو۔

مشکوٰۃ 2187 (متفق علیہ)

منافق کی چار نشانیاں

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: چار خصلتیں ایسی ہیں کہ جس شخص میں بھی وہ ہوں گی وہ منافق ہوگا, یا ان چار میں سے اگر کوئی ایک خصلت بھی اس میں ہے تو اس میں نفاق کی ایک خصلت ہے۔ یہاں تک کہ وہ اسے چھوڑ دے۔ جب بولے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو پورا نہ کرے ، جب معاہدہ کرے تو بے وفائی کرے، اور جب جھگڑے تو بدزبانی پر اتر آئے۔

صحیح البخاری 2459 (صحیح)

قابلِ نفرت شخص کون ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” ﷲﷻ کے نزدیک سب سے زیادہ قابلِ نفرت وہ شخص ہے جو سب سے زیادہ جھگڑالو ہو“۔

جامع الترمذی 2976 (صحیح)

پہلے اچھی طرح خبر کی تحقیق کرلو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: آدمی کے جھوٹا ہونے کے لیے بس یہی کافی ہے کہ وہ ہر سنی سنائی بات (تحقیق کیے بغیر) بیان کر دے۔

مشکوٰۃ 156 (صحیح)

نمازِ چاشت کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ہر ایک پر اس کے تمام جوڑوں کا صدقہ کرنا ضروری ہے، ہر قسم کی تسبیح (سبحان اللہ کہنا) صدقہ ہے، ہر قسم کی حمد صدقہ ہے، ہر مرتبہ لا الہ الا اللہ کہنا صدقہ ہے، نیکی کا حکم کرنا صدقہ ہے، برائی سے روکنا صدقہ ہے، اور جو شخص چاشت کی دو رکعتیں پڑھ لیتا ہے تو وہ اسکے لیے کافی ہو جاتی ہیں۔

مشکوٰۃ 1311 (متفق علیہ)

حمد و ثناء، درود وسلام پھر دعا مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبی کریم ﷺ نے ایک آدمی کو نماز میں دّعا کرتے ہوئے سنا کہ اس نے اللّٰه کا ذکر کیا اور نہ ہی نبی ﷺ پر درود پڑھا، نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اس نے جلدبازی سے کام لیا، پھر اسے بلایا اور اسے اور دُوسروں سے فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی شخص نماز پڑھ لے تو پہلے اپنے رب کی تعریف و ثناء کرے، پھر نبی ﷺ پر درود و سلام پڑھے، اس کے بعد جو چاہے دُعا مانگے۔

مسند احمد 24434 (صحیح)

صدقہ کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: انسان کے ہر جوڑ پر ہر روز صدقہ کرنا واجب ہے، دو آدمیوں کے درمیان عدل کرنا صدقہ ہے، آدمی کی اسکی سواری کے بارے میں مدد کرنا، وہ اسے سواری پر بٹھائے یا اس کا سامان اس پر رکھوائے، یہ بھی صدقہ ہے، اچھی بات کرنا صدقہ ہے، نماز کی طرف ہر قدم اٹھانا صدقہ ہے، اور راستے سے تکلیف دہ چیز دور کر دینا صدقہ ہے۔

مشکوٰۃ 1896(متفق علیہ)

غیبت کرنے والوں سے بدبو آتی ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ ہم لوگ نبی اکرم ﷺ کے ساتھ تھے کہ ایک مردار کی بدبو اٹھنے لگی، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کیا تم جانتے ہو کہ یہ کیسی بدبو ہے؟ یہ ان لوگوں کی بدبو ہے جو مومنین کی غیبت کرتے ہیں ۔

مسند احمد 14844 (صحیح)

مشکل وقت کی تسبیح

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ِِ جب ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا گیا تو آخری کلمہ جو آپ کی زبان مبارک سے نکلا حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ تھا یعنی میری مدد کے لیے اللہ کافی ہے اور وہی بہترین کام بنانے والا ہے ۔

صحیح البخاری 4564 (صحیح)

دعوت قبول کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ِِاِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا: ’’ دو باہم فخر کرنے والوں کی دعوت قبول نہ کی جائے اور نہ ان دونوں کا کھانا کھایا جائے ۔‘‘ امام احمد نے فرمایا : یعنی وہ دو آدمی جو فخر و ریا (دکھاوے) کی خاطر ضیافت کرتے ہیں۔

مشکوٰۃ 3226 (صحیح)

مسلمان کو مدد دینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ جس نے کسی مسلمان سے دنیا کا ایک دکھ دور کیا ﷲﷻ اس سے قیامت کے روز کا ایک دکھ دور کرے گا، اور جس نے کسی مشکل میں پڑے شخص کے لیے آسانی کی، ﷲ اسکے لیے دنیا اور آخرت میں آسانی کرے گا۔ اور جس نے کسی مسلمان کی پردہ داری کی ﷲ دنیا اور آخرت میں اسکی پردہ داری کرے گا اور ﷲ اس وقت تک بندے کی مدد میں رہتا ہے جب تک کہ بندہ اپنے بھائی کی مدد میں رہے۔

سنن ابوداؤد 4946 (صحیح)

رزق اور عمر میں برکت والا عمل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص کو یہ بات پسند ہو کہ اس کی عمر میں برکت اور رزق میں اضافہ ہوجائے، تو اسے چاہئے کہ اپنے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرے اور صلہ رحمی کیا کرے۔

مسند احمد 13847 (صحیح)