Tuesday, 4 November 2025

زبانِ خلق کو نقارہ خدا سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ’’جنتی آدمی وہ ہے جس کے کانوں کو ﷲﷻ لوگوں کی اچھی رائے سے بھر دیتا ہے، اور وہ سن رہا ہوتا ہے ( کہ لوگ میری تعریف کر رہے ہیں۔) اور جہنمی وہ ہے جس کے کانوں کو ﷲ تعالٰی لوگوں کی بُری رائے سے بھر دیتا ہے اور وہ سن رہا ہوتا ہے ( کہ لوگ مجھے اچھا نہیں سمجھتے۔‘‘) 

سنن ابنِ ماجہ 4224 (صحیح)

اللّٰہ تبارک وتعالٰی کے ذکر کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا :  اس شخص کی مثال جو اپنے رب کو یاد کرتا ہے اور اس کی مثال جو اپنے رب کو یاد نہیں کرتا زندہ اور مردہ جیسی ہے۔

صحیح البخاری 6407 (صحیح)

مسلمان کی مدد کرنے کا اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

  نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جس نے کسی مسلمان سے دنیا کا ایک دکھ دور کیا ﷲ عزوجل اس سے قیامت کے روز کا ایک دکھ دور کرے گا۔ اور جس نے کسی مشکل میں پڑے شخص کے لیے آسانی کی، ﷲ اس کے لیے دنیا اور آخرت میں آسانی کرے گا۔ اور جس نے کسی مسلمان کی پردہ داری کی ﷲ عزوجل دنیا اور آخرت میں اس کی پردہ داری کرے گا اور ﷲ عزوجل اس وقت تک بندے کی مدد میں رہتا ہے جب تک کہ بندہ اپنے بھائی کی مدد میں رہے

سنن ابوداؤد4946 (صحیح)

معوذتین و سورہ اخلاص کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ایک رات ہلکی سی بارش ہوئی، سخت اندھیرا تھا۔ ہم انتظار میں تھے کہ رسولِ کریمﷺ تشریف لائیں اور نماز پڑھائیں۔ پھر رسول اکرم ﷺ نماز کے لیے تشریف لائے اور ( مجھے ) فرمایا: ’’ پڑھ ‘‘ میں نے کہا: کیا پڑھوں ؟ آپﷺ نے فرمایا:’’ سورۂ ( قل ھو اللہ احد ) اور معوذتین صبح و شام تین تین دفعہ پڑھا کر۔ تجھے ہر مصیبت میں کفایت کریں گی۔

سنن النسائی 5430 (صحیح)

کھانا کھانے کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
میں بچہ تھا اور رسولِ کریم ﷺ کی پرورش میں تھا اور ( کھاتے وقت ) میرا ہاتھ برتن میں چاروں طرف گھوما کرتا۔ اس لیے آپ ﷺ نے مجھ سے فرمایا : بیٹے ! بسم اللّٰہ پڑھ لیا کر، داہنے ہاتھ سے کھایا کر، اور برتن میں وہاں سے کھایا کر جو جگہ تجھ سے نزدیک ہو۔ چنانچہ اسکے بعد میں ہمیشہ اسی ہدایت کے مطابق کھاتا رہا۔

صحیح البخاری 5376 (صحیح)

اللَّهُمَّ أَجِرْنِي مِنَ النَّارِ کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ فرمایا: ’’ جب تم نمازِ مغرب سے سلام پھیرو تو سات بار ( اللَّهُمَّ أَجِرْنِي مِنَ النَّارِ ) کہہ لیا کرو۔ اے اللّٰه ! مجھے جہنم کی آگ سے محفوظ رکھ۔ اگر تم یہ کہہ لو اور اُسی رات مرجاؤ تو تمہارے لیے جہنم سے بچاؤ لکھ دیا جائے گا اور جب صبح کی نماز پڑھ چکو تو اسی طرح کہہ لیا کرو، اگر تم اس دن میں مر گئے، تو تمہارے لیے جہنم سے بچاؤ لکھ دیا جائے گا۔

سنن ابوداؤد 5079 (صحیح)

اہلِ جہنم کے حالات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: اہل جہنم اتنا رؤیں گے کہ اگر ان کے آنسوؤں میں کشتیاں چلائی جائیں تو وہ بھی چل پڑیں، وہ پانی كی جگہ خون كے آنسو روئیں گے

السلسلۃ 1452(صحیح)

اللّٰه میری مدد کے لیے کافی ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

جب ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا گیا تو آخری کلمہ جو آپ علیہ السلام کی زبانِ مبارک سے نکلا : حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ تھا یعنی میری مدد کے لیے اللّٰه کافی ہے اور وہی بہترین کام بنانے والا ہے ۔

صحیح البخاری 4564 (صحیح)

صدقہ کرنے کے سنہری اصول

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بہترین صدقہ وہ ہے جس کے بعد بھی صدقہ کرنے والا غنی رہے، اور اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے، اور سب سے پہلے اسے دے جس کا تو ذمہ دار ہے۔ 

سنن النسائی 2535 (صحیح)

ﷲﷻ بد زبان سے نفرت کرتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”قیامت کے دن مومن کے میزان میں اِخلاق حُسنہ سے بھاری کوئی چیز نہیں ہوگی اور ﷲ تعالٰی بےحیاء، بدزبان سے نفرت کرتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 2002 (صحیح)

ﷲﷻ سے جنت الفردوس مانگو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  جنت کے سو درجے ہیں۔ ہر درجہ اتنا بلند و بالا ہے جتنا آسمان اور زمین کے درمیان فاصلہ ہے۔ سب سے بلند جنت الفردوس ہے۔ جنت کا درمیانی ( یا اعلیٰ ترین ) مقام فردوس ہے ۔ عرش الٰہی فردوس پر ہے ۔ اسی سے جنت کی نہریں پھوٹتی ہیں، اس لیے تم جب ﷲﷻ سے مانگو تو جنت الفردوس مانگا کرو۔

سنن ابنِ ماجہ 4331 (صحیح)

مومن کی چار صفات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مومن طعنہ دینے والا، لعنت کرنے والا، بےحیاء اور بد زبان نہیں ہوتا ہے

جامع الترمذی 1977 (صحیح)

باہمی بغض و عداوت کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: پیر اور جمعرات کے دن جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور ہر اس بندے کی مغفرت کردی جاتی ہے جو ﷲﷻ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں بناتا، اس بندے کے سوا جس کی اپنے بھائی کے ساتھ عداوت ہو، چنانچہ کہا جاتا ہے: ان دونوں کو مہلت دو حتٰی کہ یہ صلح کرلیں، ان دونوں کو مہلت دو حتٰی کہ یہ صلح کرلیں۔ ان دونوں کو مہلت دو حتٰی کہ یہ صلح کرلیں۔‘‘ ( اور صلح کے بعد ان کی بھی بخشش کر دی جائے۔)  

صحیح مسلم 6544 (صحیح)

اللّٰہ توبہ کرنے والوں کو پسند کرتا ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”سارے انسان خطاکار ہیں اور خطا کاروں میں سب سے بہتر وہ ہیں جو توبہ کرنے والے ہیں“۔ 

جامع الترمذی 2499 (صحیح)

اذان سن کر دُعا مانگنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص اذان سن کر یہ کہے 

اللَّهُمَّ رَبَّ هَذِهِ الدَّعْوَةِ التَّامَّةِ وَالصَّلَاةِ الْقَائِمَةِ آتِ مُحَمَّدًا ۨ الْوَسِيلَةَ وَالْفَضِيلَةَ وَابْعَثْهُ مَقَامًا مَحْمُودًا ۨ الَّذِي وَعَدْتَهُ
 
اسے قیامت کے دن میری شفاعت ملے گی ۔

صحیح البخاری 614 (صحیح)

دُعا مانگنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: " جو ﷲ تعالٰی سے سوال نہیں کرتا، ﷲﷻ اس سے ناراض اور ناخوش ہوتا ہے“۔  

جامع الترمذی 3373 (صحیح)

تحفہ کے بارے میں بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جسے کوئی تحفہ دیا جائے پھر اگر اسے میسر ہو تو اس کا بدلہ دے اور جسے میسر نہ ہو تو وہ ( تحفہ دینے والے کی ) تعریف کرے، اس لیے کہ جس نے تعریف کی اس نے اس کا شکریہ ادا کیا اور جس نے نعمت کو چھپا لیا اس نے کفران نعمت کیا، اور جس نے اپنے آپ کو اس چیز سے سنوارا جو وہ نہیں دیا گیا ہے، تو وہ جھوٹ کے دو کپڑے پہننے والے کی طرح ہے“۔ 

جامع الترمذی 2034 (صحیح)

خادم (ملازم) کے ساتھ درگزر کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ کے پاس ایک آدمی نے آ کر پوچھا: اللّٰه کے رسول ﷺ ! میں اپنے خادم کی غلطیوں کو کتنی بار معاف کروں؟ آپ ﷺ اس شخص کے اس سوال پر خاموش رہے، اس نے پھر پوچھا: اللّٰه کے رسول ﷺ ! میں اپنے خادم کی غلطیوں کو کتنی بار معاف کرو؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہر دن 70 ( ستر ) بار معاف کرو“۔ 

جامع الترمذی 1949 (صحیح)

ہر نماز بعد مسنون دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے ہاتھ پکڑا اور فرمایا: اے معاذ ؓ ! اللّٰه کی قسم ! مجھے تم سے محبت ہے۔ پھر فرمایا: اے معاذ ؓ ! میں تمہیں وصیت کرتا ہوں کہ کسی نماز کے بعد یہ دُعا ہرگز ترک نہ کرنا: ( اللَّهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ وَشُكْرِكَ وَحُسْنِ عِبَادَتِكَ ) ’’ اے اللہ ! اپنا ذکر کرنے ، شکر کرنے اور بہترین انداز میں اپنی عبادت کرنے میں میری مدد فرما۔‘‘ 

سنن ابوداؤد 1522 (صحیح)

مومن اور فاجر میں فرق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مومن بھولا بھالا اور شریف ہوتا ہے، اور فاجر دھوکہ باز اور کمینہ خصلت ہوتا ہے۔

جامع الترمذی 1964 (صحیح)

اللّٰہ پر ایمان لانے کے بعد افضل عمل

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ سب سے افضل اعمال ( یا عمل ) وقت پر نماز پڑھنا اور والدین سے حسنِ سلوک کرنا ہیں۔

صحیح مسلم 256 (صحیح)

Monday, 13 October 2025

کھانے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ’’ تم میں سے جب کوئی کھانا کھانے لگے تو چاہیے کہ اللّٰه تعالٰی کا نام لے، اگر شروع میں بھول جائے تو چاہیے کہ یوں کہے

بِسْمِ اللَّهِ أَوَّلَهُ وَآخِرَهُ

اللّٰه کے نام سے اس ( کھانے ) کے شروع میں اور آخر میں بھی۔ 

سنن ابوداؤد 3767 (صحیح)

صدقہ کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: روزِ قیامت مومن کا صدقہ ہی اسکے لیے باعث سایہ ہوگا۔

مشکوٰۃ 1925 (صحیح)

جادو کرنے یا کروانے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰیﷺ سے جادو ، منتر (سفلی عمل کو سفلی علم سے دور کرنے) کے متعلق پوچھا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا:  وہ شیطانی عمل ہے۔

مشکوٰۃ 4553 (صحیح)

سب سے زیادہ محبوب ذکر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: یہ بات کہ میں: سُبْحَانَ اللَّهِ وَالْحَمْدُ لِلَّهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَاللَّهُ أَكْبَرُ کہوں، مجھے ان تمام چیزوں سے زیادہ محبوب ہے جن پر سورج طلوع ہوتا ہے۔ 

صحیح مسلم 6847 (صحیح)

والدین کیلئے اولاد کی کمائی کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  تمہاری اولاد تمہاری بہترین کمائی ہے، لہٰذا تم اپنی اولاد کی کمائی کھا سکتے ہو ۔

سنن النسائی 4455 (صحیح)

درود شریف کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس نے مجھ پر ایک بار درود بھیجا ﷲﷻ اس پر دس بار رحمت نازل فرمائے گا۔

صحیح مسلم 912 (صحیح)

لوگوں پر مہربانی کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کو فرماتے سنا: ”صرف بد بخت ہی ( کے دل ) سے رحم ختم کیا جاتا ہے“۔

جامع الترمذی 1923 (صحیح)

وصیت کرنے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  کسی مسلمان کے لیے جس کے پاس وصیت کے قابل کوئی بھی مال ہو درست نہیں کہ دو رات بھی وصیت کو لکھ کر اپنے پاس محفوظ رکھے بغیر گزارے ۔

صحیح البخاری 2738 (صحیح)

صدقہ کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے جہنم کا ذکر کیا اور روئے مبارک پھیر لیا اور اس سے پناہ مانگی۔ پھر جہنم کا ذکر کیا اور روئے مبارک پھیر لیا اور اس سے پناہ مانگی۔ اسکے بعد فرمایا کہ دوزخ سے بچو صدقہ دے کر خواہ کھجور کے ایک ٹکڑے ہی کے ذریعہ ہوسکے، جسے یہ بھی نہ ملے اسے چاہئے کہ اچھی بات کہہ کر۔

صحیح البخاری 6563 (صحیح)

نماز کے بارے میں پوچھا جائے گا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: سب سے پہلے بندے سے اسکی نماز کا حساب لیا جائے گا۔ اگر اس نے نمازوں کو مکمل کیا ہوگا ( تو درست ) ورنہ ﷲﷻ ( فرشتوں سے ) فرمائے گا: دیکھو ! کیا میرے بندے کے نامۂ اعمال میں کوئی نفل ہیں؟ اگر نفل پائے گئے تو ﷲ تعالٰی فرمائے گا، ان سے فرضوں کی کمی کو پورا کر دو۔

سنن النسائی 468 (صحیح)

Saturday, 4 October 2025

غصہ پی جانے والے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ’’ تم لوگ زبردست پہلوان ( بہت زیادہ پچھاڑنے والا ) کسے کہتے ہو ؟ ‘‘ صحابہ کرام ؓ نے کہا: جسے لوگ پچھاڑ نہ سکیں۔ آپﷺ نے فرمایا: ’’ نہیں، پہلوان وہ ہے جو غصے کی حالت میں اپنے آپ کو قابو میں رکھے ۔

سنن ابوداؤد 4779 (صحیح)

کسی کو بھی حقیر نہ سمجھو

بسْمِ ﷲِالرَّحْمَنِ الرَّحِيم

ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جنت میں کبر (تکبر) کا معمولی سا حصہ بھی داخل نہیں ہوگا، کسی شخص نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ ! میں اس بات کو پسند کرتا ہوں کہ میری سواری اور جوتے کا تسمہ عمدہ ہو ( کیا یہ بھی تکبر ہے ؟) نبی رحمت ﷺ نے فرمایا یہ تکبر نہیں ہے، ﷲﷻ خوبصورت ہے اور خوبصورتی کو پسند فرماتا ہے، تکبر یہ ہے کہ انسان حق بات کو قبول نہ کرے اور اپنی نظروں میں لوگوں کو حقیر سمجھے ۔ 

مسند احمد 17338 (صحیح)

بات کو بڑھا چڑھا کر بیان نہ کرو

بسْمِ ﷲِالرَّحْمَنِ الرَّحِيم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ ایسے مبالغہ کرنے والے شخص کو ناپسند کرتا ہے جو اپنی زبان ایسے چلاتا ہے جیسے گائے چلاتی ہے۔

جامع الترمذی 2853 (صحیح)

جوتا پہننے کا سنت طریقہ

بسْمِ ﷲِالرَّحْمَنِ الرَّحِيم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کا فرمان ھے:  جب تم میں سے کوئی جوتا پہنے تو دائیں (سیدھے) پاؤں میں پہلے پہنے اور جب اتارے تو بائیں (الٹے) پاؤں سے پہلے اتارے, چاہیے کہ سیدھے میں پہلے پہنا جائے اور آخر میں اتارا جائے

صحیح البخاری 5855 (صحیح)

کھیتی باڑی و درخت لگانے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: کوئی بھی مسلمان جو ایک درخت کا پودا لگائے یا کھیتی میں بیج بوئے، پھر اس میں سے پرند یا انسان یا جانور جو بھی کھاتے ہیں وہ اس کی طرف سے صدقہ ہے۔

صحیح البخاری 2320 (صحیح)

قرض دار کو مہلت دینے پر اجر وثواب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی تنگ دست کو مہلت دیتا ہے، اسے ہر روز صدقے کا ثواب ملتا ہے۔ اور جس نے واجب الادا ہونے کے بعد مزید مہلت دی، اسے بھی یہی ثواب ملتا ہے، ( یعنی ) ہر روز صدقے کا ثواب ہوتا ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 2418 (صحیح)

اعمال- قبر میں جانے ساتھ والی چیز

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مردے کے ساتھ قبر تک تین چیزیں جاتی ہیں، پھر دو چیزیں لوٹ آتی ہیں اور ساتھ میں ایک باقی رہ جاتی ہے، اسکے رشتہ دار، اس کا مال اور اسکے اعمال ساتھ میں جاتے ہیں پھر رشتہ دار، اور مال لوٹ آتے ہیں اور صرف اس کا عمل ( نیک یا بد) اسکے ساتھ باقی رہ جاتا ہے۔

جامع الترمذی 2379 (صحیح)

گھر سے نکلتے وقت کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جو شخص گھر سے نکلتے وقت:
 بِسْمِ اللَّهِ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللَّهِ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ
 کہے، اُس سے کہا جائے گا: تمہاری کفایت کر دی گئی، اور تم ( دشمن کے شر سے ) بچا لیے گئے، اور شیطان تم سے دور ہوگیا۔

سنن النسائی 5492 (صحیح)

نیکی واحسان کرنے کا شکریہ ادا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا ‘ وہ ﷲﷻ کا بھی شکر گزار نہیں ہوتا۔

سنن ابوداؤد 4811 (صحیح)

الحمدللہ کہنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جب ﷲﷻ بندے کو کوئی نعمت دیتا ہے اور بندہ الحمد للہ کہتا ہے تو بندے نے جو ( شکر ) ادا کیا، وہ ملنے والی نعمت سے افضل ہوتا ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3805 (صحیح)

Wednesday, 24 September 2025

سلام کرنے کی فضیلت کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک شخص نے نبی کریم ﷺ کے پاس آ کر کہا: السلام عليكم،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) دس نیکیاں ہیں“، پھر ایک دوسرا شخص آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) بیس نیکیاں ہیں“، پھر ایک اور آدمی آیا اور اس نے کہا: السلام عليكم ورحمة الله وبركاته،‏‏‏‏ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ” ( اس کے لیے ) تیس نیکیاں ہیں۔

جامع الترمذی 2689 (صحیح)

کون سا مومن زیادہ عقلمند ھے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک نصاری صحابی ؓ آئے، انھوں نے نبی کریم ﷺ کو سلام کیا، پھر کہا: اللّٰه کے رسول ﷺ ! کون سا مومن افضل ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جس کا اخلاق زیادہ اچھا ہو۔‘‘ انھوں نے کہا: کون سا مومن زیادہ عقل مند ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا:  جو موت کو زیادہ یاد کرتے ہیں اور اسکے بعد ( کے مراحل ) کے لیے زیادہ اچھی تیاری کرتے ہیں، یہی عقل مند ہے ہیں ۔

سنن ابنِ ماجہ 4259 (صحیح)

کسی بھی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  نیکی کے کسی بھی کام کو معمولی مت سمجھو، خواہ تم اپنے بھائی کو خندہ پیشانی سے ملو ۔
مشکوٰۃ 1894

دیدار الٰہی کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: جب جنت والے جنت میں داخل ہوجائیں گے، ( اس وقت ) ﷲ تبارک و تعالٰی فرمائے گا تمہیں کوئی چیز چاہیے جو تمہیں مزید عطا کروں؟ Aوہ جواب دیں گے: کیا تونے ہمارے چہرے روشن نہیں کیے ! کیا تونے ہمیں جنت میں داخل نہیں کیا اور دوزخ سے نجات نہیں دی؟ آپ ﷺ نے فرمایا: چنانچہ اس پر ﷲﷻ پردہ اٹھا دے گا تو انہیں کوئی چیز ایسی عطا نہیں ہوئی ہوگی جو انہیں اپنے رب عزوجل کے دیدار سے زیادہ محبوب ہو۔ 

صحیح مسلم 449 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں (سیدھے) ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ( الٹے ) ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

حق مہر زیادہ مقرر کرنے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت عمر بن خطاب ؓ بیان کرتے ہیں، سن لو ! عورتوں کا حق مہر زیادہ مقرر نہ کرو ، کیونکہ وہ دنیا میں قابل عزت اور اللّٰه کے ہاں باعث تقوی ہوتا تو تمہاری نسبت اللّٰه کے نبی ﷺ اس کے زیادہ حق دار تھے ، میں نہیں جانتا کہ رسولِ کریم ﷺ نے ازواج مطہرات ؓ سے نکاح کیا ہو یا اپنی بیٹیوں کا نکاح کیا ہو تو آپ ﷺ نے بارہ اوقیہ (480 درہم) سے زیادہ حق مہر مقرر کیا ہو ۔

مشکوٰۃ 3204 (صحیح)

دُعا مانگنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جو ﷲﷻ سے سوال نہیں کرتا ﷲ تعالٰی اس سے ناراض اور ناخوش ہوتا ہے۔

جامع الترمذی 3373 (صحیح)

دُعا مانگنے کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے ایک شخص کو نماز کے اندر دُعا کرتے ہوئے سنا، اس نے نبی اکرمﷺ پر صلاۃ ( درود ) نہ بھیجا، نبی کریمﷺ نے فرمایا: ”اس نے جلدی کی“، پھر آپﷺ نے اسے بلایا، اور اس سے اور اسکے علاوہ دوسروں کو خطاب کرکے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی بھی نماز پڑھ چکے تو اسے چاہیئے کہ وہ پہلے ﷲﷻ کی حمد و ثنا بیان کرے، پھر نبیﷺ پر صلاۃ ( درود ) بھیجے، پھر اسکے بعد وہ جو چاہے دُعا مانگے“۔

جامع الترمذی 3477 (صحیح)

صدقہ وخیرات میں بہترین مال دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک دفعہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ تشریف لائے، آپﷺ کے ہاتھ میں عصا تھا۔ کوئی شخص ( مسجد میں بطور صدقہ ) ردی قسم کی کھجور کا ایک خوشہ لٹکا گیا تھا۔ آپﷺ اس خوشے پر اپنی لاٹھی مارنے لگے اور فرمایا: اگر اس صدقے والا چاہتا تو اس سے اچھی کھجور کا صدقہ کرسکتا تھا۔ بلاشبہ اس قسم کا صدقہ کرنے والا قیامت کے دن ردی کھجوریں ہی کھائے گا۔

سنن النسائی 2495 (صحیح)

حجرِ اسود کے استلام کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے حجر اسود کے بارے میں فرمایا: ﷲﷻ کی قسم ! ﷲ اسے قیامت کے دن اِس حال میں اٹھائے گا کہ اسکی دو آنکھیں ہوں گی، جس سے یہ دیکھے گا، ایک زبان ہوگی جس سے یہ بولے گا۔ اور یہ اس شخص کے ایمان کی گواہی دے گا جس نے حق کے ساتھ ( یعنی ایمان اور اجر کی نیت سے ) اس کا استلام (حجر اسود کو بوسہ دیا، ہاتھ سے چھوا یا اس کی طرف اشارہ ) کیا ہوگا۔

جامع الترمذی 961 (صحیح)

زبان کی حفاظت کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بندہ ایک بات زبان سے نکالتا ہے اور اس کے متعلق سوچتا نہیں ( کہ کتنی کفر اور بے ادبی کی بات ہے ) جس کی وجہ سے وہ دوزخ کے گڑھے میں اتنی دور گر پڑتا ہے جتنا پچھم (مشرق ) سے پورب (مغرب) دور ہے۔

صحیح البخاری 6477 (صحیح)

یتیم کی پرورش پر اجرت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ﷲﷻ کے ارشاد ” بلکہ جو شخص خوشحال ہو وہ اپنے کو بالکل روکے رکھے۔ البتہ جو شخص نادار ہو وہ واجبی طور پر کھا سکتا ہے۔“ کے بارے میں فرمایا کہ یہ آیت یتیم کے بارے میں اتری ہے کہ اگر ولی نادار ہو تو یتیم کی پرورش اور دیکھ بھال کی اجرت میں وہ واجبی طور پر ( یتیم کے مال میں سے کچھ ) کھا سکتا ہے ( بشرطیکہ نیت میں فساد نہ ہو) ۔

صحیح البخاری 4575 (صحیح)

صبح دیر تک سونے پر وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ کے سامنے ایک شخص کا ذکر آیا کہ وہ صبح تک پڑا سوتا رہا اور فرض نماز کے لیے بھی نہیں اٹھا۔ اس پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ شیطان نے اس کے کان میں پیشاب کر دیا ہے۔

صحیح البخاری 1144 (صحیح)

انسان کی خوش نصیبی کی علامت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: تین چیزیں ابن آدم کی سعادت مندی کی علامت ہیں اور تین چیزیں اس کی بدنصیبی کی علامت ہیں، ابن آدم کی خوش نصیبی تو یہ ہے کہ اسے نیک بیوی ملے، اچھی رہائش ملے اور عمدہ سواری ملے جبکہ اس کی بدنصیبی یہ ہے کہ اسے بُری بیوی ملے، بُری رہائش ملے اور بُری سواری ملے۔ 

مسند احمد 1445 (صحیح)

Wednesday, 10 September 2025

غیبت کرنے والوں کا انجام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب مجھے معراج کرائی گئی تو میرا گزر ایک ایسی قوم پر ہوا جن کے ناخن تانبے کے تھے جو اپنے چہروں اور سینوں کو چھیل رہے تھے۔ میں نے پوچھا : اے جبریل ! یہ کون لوگ ہیں ؟ انہوں نے کہا : یہ وہ ہیں جو دوسرے لوگوں کا گوشت کھاتے(غیبت کرتے) اور ان کی عزتوں سے کھیلتے ہیں۔ 

سنن ابوداؤد 4878 (صحیح)

محفل کے آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
  
رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب تم تین آدمی ایک ساتھ ہو، تو دو آدمی اپنے تیسرے ساتھی کو اکیلا چھوڑ کر باہم کانا پھوسی نہ کریں۔ یعنی تیسرے شخص کو چھوڑ کر دو سرگوشی نہ کریں کیونکہ اس سے اسے دکھ اور رنج ہوگا۔ 

جامع الترمذی 2825 (صحیح)

قبر کی تیاری کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
  
حضرت براء ؓ فرماتے ہیں کہ ہم ایک جنازے میں رسولِ کریم ﷺ کے ساتھ تھے۔ رسول اللہ ﷺ ایک قبر کے کنارے پر بیٹھ گئے اور اتنا روئے کہ مٹی تر ہو گئی، پھر فرمایا: بھائیو ! اس چیز ( قبر ) کے لیے تیاری کر لو۔

سنن ابن ماجہ 4195 (صحیح)

بہنوں اور بیٹیوں سے صلہ رحمی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
 
ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جس کے پاس تین لڑکیاں، یا تین بہنیں، یا دو لڑکیاں، یا دو بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور ان کے حقوق کے سلسلے میں ﷲﷻ سے ڈرے تو اس کے لیے جنت ہے

جامع الترمذی 1916(صحیح)

عشقِ نبیﷺ ایمان کی پہلی شرط ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہم نبی کریمﷺ کے ساتھ تھے اور آپ عمر بن خطاب ؓ کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: یارسول اللہﷺ ! آپ مجھے ہر چیز سے زیادہ عزیز ہیں، سوا میری اپنی جان کے۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا کہ نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے( ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا) جب تک میں تمہیں تمہاری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز نہ ہوجاؤں۔ حضرت عمر ؓ نے عرض کیا: پھر واللہ! اب آپﷺ مجھے میری اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، عمر ؓ! اب تیرا ایمان پورا ہوا۔

صحیح البخاری 6632 (صحیح)

(فِدَاکَ اَبِیْ وَ اُمِّیْ وَ رُوْحِیْ وَ نَفسِی وَ قَلْبِیْ یَا سَیِّدِیْ یَا رَسُوْلَ اللّٰهﷺ)

فرشتے اس گھر میں نہیں جاتے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت علی ؓ بیان کرتے ہیں، رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس گھر میں تصویر، کتا اور جنبی ہوں وہاں (رحمت و برکت کے) فرشتے نہیں جاتے۔

مشکوٰۃ 463 (صحیح)

نیک لوگوں کا اللّٰہ کے یہاں مقام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی کریم ﷺ نے فرمایا: میں تمہیں بہشتی آدمی کے متعلق نہ بتادوں۔ وہ دیکھنے میں کمزور ناتواں ہوتا ہے ( لیکن اللہ کے یہاں اس کا مرتبہ یہ ہے کہ ) اگر کسی بات پر اللہ کی قسم کھالے تو اللہ اسے ضرور پوری کر دیتا ہے اور کیا میں تمہیں دوزخ والوں کے متعلق نہ بتا دوں ہر بدخو( بد اخلاق)، بھاری جسم والا اور تکبر کرنے والا۔

صحیح البخاری 4918 (صحیح)

مسنون و مقبول دُعا


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ فجر کی نماز کے بعد یہ دُعا کیا کرتے تھے:

للَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْمًا نَافِعًا وَعَمَلًا مُتَقَبَّلًا وَرِزْقًا طَيِّبًا

’’ اے اللہ ! میں تجھ سے نفع بخش علم، مقبول عمل اور حلال رزق کا سوال کرتا ہوں۔‘‘

مشکوٰۃ 2498 (صحیح)

Monday, 1 September 2025

نفلی صدقہ کی ترغیب و فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیم

اِمامُ المرسلین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جو کوئی آگ سے بچنے کی طاقت رکھتا ہے تو وہ صدقہ کرے، خواہ وہ کھجور کے ایک حصے کی صورت میں ہی کیوں نہ ہو اور جسے وہ بھی نہ ملے تو اچھی بات کے ذریعے (جہنم سے بچنے کی کوشش کرے)۔

مسند احمد 3576 (صحیح)

حُسنِ سلوک کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے، پس اس پر ظلم نہ کرے اور نہ ظلم ہونے دے۔ جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرے، ﷲﷻ اسکی ضرورت پوری کرے گا۔ جو شخص کسی مسلمان کی ایک مصیبت کو دور کرے، اللّٰہ تعالٰی اسکی قیامت کی مصیبتوں میں سے ایک بڑی مصیبت کو دور فرمائے گا۔ اور جو شخص کسی مسلمان کے عیب کو چھپائے اللہ تعالٰی قیامت میں اسکے عیب چھپائے گا۔

صحیح البخاری 2442 (صحیح)

نماز فجر سے اشراق تک ذِکر کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے نمازِ فجر جماعت سے پڑھی پھر بیٹھ کر ﷲﷻ کا ذکر کرتا رہا یہاں تک کہ سورج نکل گیا، پھر اس نے دو رکعتیں پڑھیں، تو اسے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا“۔ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”پورا، پورا، پورا، یعنی حج و عمرے کا پورا ثواب“۔

جامع الترمذی 586 (صحیح)

محفل/ مجلس کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور اسکی بے مقصد اور بے ہودہ باتیں زیادہ ہوجائیں اور پھر وہ اٹھنے سے پہلے یہ دُعا: سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ أَسْتَغْفِرُكَ وَأَتُوبُ إِلَيْكَ ۔ پڑھتا ہے تو اسکی اس مجلس میں ہونے والی خطائیں معاف کردی جاتی ہیں۔

مشکوٰۃ 2433 (صحیح)

دین میں رائے وقیاس سے اجتناب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو بغیر دلیل کے فتویٰ دیا گیا ( اور اس نے اس غلط فتویٰ پر عمل کرلیا ) تو اس کا گناہ اس پر ہے جس نے اسے فتویٰ دیا۔

سنن ابنِ ماجہ 53 (صحیح)

بندوں پر اللّٰہ کی رحمت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

 رسولِ کریمﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ کہتا ہے: اے آدم کے بیٹے! جب تک تو مجھ سے دعائیں کرتا رہےگا اور مجھ سے اپنی امیدیں اور توقعات وابستہ رکھے گا میں تجھے بخشتا رہوں گا، چاہے تیرے گناہ کسی بھی درجے پر پہنچے ہوئے ہوں، مجھے کسی بات کی پرواہ و ڈر نہیں ہے، اے آدم کے بیٹے! اگر تیرے گناہ آسمان کو چھونے لگیں پھر تو مجھ سے مغفرت طلب کرنے لگے تو میں تجھے بخش دوں گا اور مجھے کسی بات کی پرواہ نہ ہوگی۔ اے آدم کے بیٹے! اگر تو زمین برابر بھی گناہ کر بیٹھے اور پھر مجھ سے (مغفرت طلب کرنے کے لیے) ملے لیکن میرے ساتھ کسی طرح کا شرک نہ کیا ہو تو میں تیرے پاس اسکے برابر مغفرت لے کر آؤں گا (اور تجھے بخش دوں گا)۔

جامع الترمذی 3540 (صحیح)

ﷲﷻ کی رحمت سے محروم شخص

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: تین شخص ایسے ہیں کہ ﷲﷻ قیامت کے دن ان کو ( نظر رحمت و محبت سے ) نہیں دیکھے گا، اور نہ ان کو پاک کرے گا اور ان کے لیے تکلیف دہ عذاب ہوگا۔ وہ شخص جو اپنے عطیے پر احسان جتلاتا ہے۔ جو شخص اپنا تہبند (تکبر سے ) لٹکاتا ہے اور جو شخص جھوٹ بول کر اپنا سامان بیچتا ہے۔

سنن النسائی 4464 (صحیح)

فقراء و مساکین کی خبر گیری کرتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ایک صحابی ؓ نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: مجھے اپنے ضعیفوں اور کمزوروں میں تلاش کرو، اس لیے کہ تم اپنے ضعیفوں اور کمزوروں کی ( دعاؤں کی برکت کی) وجہ سے رزق دیئے جاتے ہو اور تمہاری مدد کی جاتی ہے۔ 

مشکوٰۃ 5246 (صحیح)

باجماعت نماز کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

 رسول کریم ﷺ نے فرمایا  اگر لوگوں کو معلوم ہوتا کہ اذان اور صف اول میں کتنا ثواب ہے اور پھر ( انہیں اس کے حاصل کرنے کے لیے ) قرعہ اندازی کرنی پڑتی، تو وہ قرعہ اندازی بھی کرتے اور اگر انہیں معلوم ہوجائے کہ نماز سویرے پڑھنے میں کتنا ثواب ہے تو لوگ ایک دوسرے سے سبقت کرنے لگیں اور اگر انہیں معلوم ہوجائے کہ عشاء اور صبح کی کتنی فضیلتیں ہیں تو اگر گھٹنوں کے بل آنا پڑتا تو پھر بھی آتے۔

صحیح البخاری 2689 (صحیح)

پہلی صف میں نماز کا اجر وثواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: صف اول کے لوگوں پر ﷲﷻ نزولِ رحمت اور فرشتے دعائےِ رحمت کرتے رہتے ہیں۔

مسند احمد 18849 (صحیح)

جمعہ کو قبولیتِ دُعا کی گھڑی

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نے فرمایا: ”جمعہ کے روز اس گھڑی کو جس میں دُعا کی قبولیت کی اُمید کی جاتی ہے عصر سے لے کر سورج ڈوبنے تک کے درمیان تلاش کرو“۔

جامع الترمذی 489 (صحیح)

اسلام میں نکاح کے لیے رہنمائی

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: عورت سے نکاح چار چیزوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ اسکے مال کی وجہ سے یا اسکے خاندانی شرف کی وجہ سے یا اسکی خوبصورتی کی وجہ سے یا اسکے دین کی وجہ سے، اور تو دیندار عورت سے نکاح کرکے کامیابی حاصل کر، اگر ایسا نہ کرے تو تیرے ہاتھوں کو مٹی لگے گی ( یعنی اخیر میں تجھ کو ندامت ہو گی ) ۔

صحیح البخاری 5090 (صحیح)

ہر وقت ذکرِ الٰہی کرنے کی فضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو دیہاتی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان میں سے ایک نے پوچھا اے محمد ! ﷺ سب سے بہترین آدمی کون ہے ؟ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: جس کی عمر لمبی ہو اور اس کا عمل اچھا ہو، دوسرے نے کہا کہ احکامِ اسلام تو بہت زیادہ ہیں، کوئی ایسی جامع بات بتا دیجئے جسے ہم مضبوطی سے تھام لیں؟ نبی رحمت ﷺ نے فرمایا تمہاری زبان ہر وقت ذکرِ الٰہی سے تر رہے۔

مسند احمد 17832 (صحیح)

Tuesday, 19 August 2025

جادو کرنا یا کرانا تباہ کر دیتا ہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تباہ کر دینے والی چیز ﷲﷻ کے ساتھ شرک کرنا ہے اس سے بچو اور جادو کرنے کرانے سے بھی بچو۔

صحیح البخاری 5764 (صحیح)

نیکی واحسان کرنے کا شکریہ ادا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص لوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا ‘ وہ ﷲﷻ کا بھی شکر گزار نہیں ہوتا۔

سنن ابوداؤد 4811 (صحیح)

سونے سے پہلے مسنون عمل

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب نبی کریم ﷺ اپنے بستر پر آرام کرتے تو آپ ﷺ ہر رات اپنے دونوں ہاتھ اکٹھے کرتے، پھر سورۂ اخلاص، سورۂ فلق اور سورۂ ناس پڑھ کر ہاتھوں پر پھونک مارتے، پھر جہاں تک ممکن ہوتا انہیں اپنے جسم پر پھیرتے، آپ ﷺ اپنے سر، چہرے اور اپنے جسم کے اگلے حصے پر ہاتھ پھیرتے اور آپ تین مرتبہ ایسا کرتے۔

مشکوٰۃ 2132 (صحیح)

مسجد اور جماعت کے احکام

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا : اندھیروں میں مسجدوں کی طرف زیادہ چلنے والوں کو قیامت کے دن مکمل نور کے حصول کی خوشخبری دے دو۔

سنن ابنِ ماجہ 781 (صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929 (صحیح)

داہنے جانب سے ابتداء کرنے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ جوتا پہننے، کنگھی کرنے، وضو کرنے اور اپنے ہر کام میں داہنی طرف سے کام کی ابتداء کرنے کو پسند فرمایا کرتے تھے۔

صحیح البخاری 168 (صحیح)

اسلامی اخلاق و آداب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  مشیر جس سے مشورہ لیا جاتا ہے اس کو امانت دار ہونا چاہیئے۔

جامع الترمذی 2822 (صحیح)

مومن پر لعنت بھیجنے کی ممانعت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 جس نے اسلام کے سوا کسی اور مذہب کی جھوٹ موٹ قسم کھائی تو وہ ویسا ہی ہوجاتا ہے جسکی اس نے قسم کھائی ہے۔ جس نے کسی چیز سے خودکشی کرلی تو اسے جہنم میں اسی سے عذاب دیا جائے گا اور مومن پر لعنت بھیجنا اسے قتل کرنے کے برابر ہے اور جس نے کسی مومن پر کفر کی تہمت لگائی تو یہ اسکے قتل کے برابر ہے۔

صحیح البخاری 6105 (صحیح)

Sunday, 10 August 2025

توبہ کرنے میں دیر مت کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’جب مومن کوئی گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک سیاہ نقطہ لگ جاتا ہے۔ اگر وہ توبہ کرلے، باز آجائے اور ( ﷲﷻ سے ) بخشش کی درخواست کرے تو اس کا دل صاف ہوجاتا ہے۔ اگر مزید گناہ کرے تو سیاہی کا نقطہ زیادہ ہوجاتا ہے ( حتیٰ کہ ہوتے ہوتے دل بالکل سیاہ ہوجاتا ہے۔)

سنن ابنِ ماجہ 4244 (صحیح)

دوسروں کیلئے دعائیں کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: مسلمان شخص کی اپنے (مسلمان) بھائی کے لیے وہ دُعا قبول ہوتی ہے جو اسکی غیر موجودگی میں کی جاتی ہے، اور (دعا کرنے والے) کے پاس ایک فرشتہ مامور ہوتا ہے، جب وہ اپنے بھائی کے لیے دعائےِ خیر کرتا ہے تو وہ مامور فرشتہ آمین کہتا ہے اور کہتا ہے: اسی مثل تمہارے لیے بھی ہو۔

مشکوٰۃ 2228 (صحیح)

جمعہ کے دن غسل کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جمعہ کے دن غسل کرنا ہر بالغ شخص پر واجب ہے۔

مشکوٰۃ 538 (متفق علیہ)

کسی نیکی کو معمولی نہ سمجھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ایک شخص کہیں جا رہا تھا۔ راستے میں اس نے کانٹوں کی بھری ہوئی ایک ٹہنی دیکھی، پس اسے راستے سے دور کر دیا۔ اللہ تعالٰی ( صرف اسی بات پر ) راضی ہو گیا اور اسکی بخشش کر دی۔

صحیح البخاری 652 (صحیح)

ہر دھوکہ دینے والے کی پہچان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

 خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  ہر دھوکہ دینے والے کے لیے قیامت کے دن ایک جھنڈا ہوگا جس کے ذریعہ وہ پہچانا جائے گا۔

صحیح البخاری 6966 (صحیح)

زندگی میں قرض ادا کرنے کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص اس حال میں فوت ہوا کہ اس کے ذمے ایک دینار یا ایک درہم تھا، وہ اسکی نیکیوں سے ادا کیا جائے گا، وہاں ( آخرت میں ) دینار ہوں گے نہ درہم ۔

سنن ابن ماجہ 2414 (صحیح)

قربِ قیامت کی نشانیاں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ” قیامت نہیں قائم ہوگی یہاں تک کہ زمانہ قریب ہوجائے گا۔ سال ایک مہینہ کے برابر ہوجائے گا جب کہ ایک مہینہ ایک ہفتہ کے برابر اور ایک ہفتہ ایک دن کے برابر اور ایک دن ایک ساعت ( ایک گھڑی ) کے برابر ہوجائے گا اور ایک ساعت ( ایک گھڑی ) آگ سے پیدا ہونے والی چنگاری کے برابر ہوجائے گی“۔

جامع الترمذی 2332 (صحیح)

ہمیشہ رزق حلال ہی طلب کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا : حرام سے پرورش پانے والا جسم جنت میں نہیں جائے گا۔

مشکوٰۃ 2787 (صحیح)

جنت کی طلب اور جہنم سے نجات کی دُعا

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰیﷺ نےفرمایا: جو شخص ﷲﷻ سے تین مرتبہ جنت کا سوال کرے (اَللّٰھُمَّ اِنِیْ اَسْئَلُکَ الْجَنَّۃَ الْفِرْدُوْسَ) تو جنت کہتی ہے : اے اللہ اسے جنت میں داخل فرما : اور جو شخص تین دفعہ آگ سے پناہ مانگے (اللَّھُمَّ اَجِرنِی مِنَ النَّار) تو آگ خود کہتی ہے : یااللہ ! اس کو آگ سے بچا ۔

سنن النسائی 5523 (صحیح)

لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُحسنِ انسانیت سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: آسانی پیدا کرو، تنگی نہ پیدا کرو، لوگوں کو تسلی اور تشفی دو نفرت نہ دلاؤ۔

صحیح البخاری 6125 (صحیح )

ملازموں کے ساتھ حُسنِ سلوک کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب کسی کا غلام کھانا لائے اور وہ اسے اپنے ساتھ ( کھلانے کے لیے ) نہ بٹھا سکے تو اسے ایک یا دو نوالے ضرور کھلا دے کیونکہ اسی نے اس کو تیار کرنے کی تکلیف اٹھائی ہے۔

صحیح البخاری 2557 (صحیح)

طہارت کے متعلق احکامات

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے مونچھیں کاٹنے، ناخن تراشنے، زیر ناف کے بال مونڈنے اور بغلوں کے بال اکھیڑنے کے لیے یہ مدت مقرر کی ہے کہ ہم چالیس دن سے زائد نہ گزرنے دیں۔

سنن النسائی 14 (صحیح)

ہر حال میں دعائیں مانگتے رہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جسے اچھا لگے ( اور پسند آئے) کہ مصائب و مشکلات ( اور تکلیف دہ حالات ) میں ﷲﷻ اُسکی دعائیں قبول کرے، تو اسے کشادگی و فراخی کی حالت میں کثرت سے دعائیں مانگتے رہنا چاہیئے۔ 

جامع الترمذی 3382 (صحیح)

ہمیشہ رزقِ حلال طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: رزق كے بارے میں كبھی بھی یہ خیال مت كرو كہ وہ دیر سےپہنچا كیوں كہ كوئی بھی بندہ اس وقت تک نہیں مرے گا جب تک وہ اپنے رزق كا آخری لقمہ نہ كھالے اس لئے مانگنے میں اچھا طریقہ اختیار كرو، حلال لو، حرام چھوڑ دو۔

السلسلۃ 1134 (صحیح)

مساکین کی خبر گیری کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: بیواؤں اور مسکینوں کے کام آنے والا ﷲﷻ کے راستے میں جہاد کرنے والے کے برابر ہے، یا رات بھر عبادت اور دن کو روزے رکھنے والے کے برابر ہے۔ 

صحیح البخاری 5353 (صحیح)

صبر و شکر کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ ‌نے فرمایا: فاسق لوگ جہنمی ہیں۔ پوچھاگیا: اے اللہ كے رسولﷺ یہ فاسق كون ہیں؟ آپﷺ نے فرمایا: عورتیں ۔ایك آدمی نے كہا: اے اللہ كے رسول ‌ﷺ كیا یہ ہماری مائیں، بہنیں اور بیویاں نہیں ہیں؟ آپ ‌ﷺ ‌نے فرمایا: كیوں نہیں، لیكن جب انہیں دیا جائے تو یہ شُكر نہیں كرتیں اور جب آزمائش آئے تو صبر نہیں كرتیں۔

السلسلہ 1461 (صحیح)

اولاد اور مال کےلئے بد دُعا نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اپنی اولاد اور اپنے اموال کے لیے بد دُعا نہ کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم کسی ایسی گھڑی میں ﷲﷻ سے دُعا کر بیٹھو جس میں دُعا قبول ہو جاتی ہے۔

مشکوٰۃ 2229 (صحیح)

7 تباہ کردینے والے گناہوں سے بچو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: سات گناہوں سے جو تباہ کر دینے والے ہیں، بچتے رہو, صحابہ کرام رضی اللّٰه عنہم نے پوچھا یارسول اللّٰه ﷺ ! وہ کون سے گناہ ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: *اللّٰه کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، جادو کرنا، کسی کی ناحق جان لینا کہ جسے اللّٰه تعالٰی نے حرام قرار دیا ہے، سود کھانا، یتیم کا مال کھانا، لڑائی میں سے بھاگ جانا، پاک دامن بھولی بھالی ایمان والی عورتوں پر تہمت لگانا۔ 

صحیح البخاری 6857 (صحیح)

Wednesday, 23 July 2025

کرو مہربانی تم اہلِ زمین پر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: رحم کرنے والوں پر رحمٰن رحم فرماتا ہے، زمین والوں پر تم رحم کرو، آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا۔

مشکوٰۃ 4969 (صحیح)

لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ جب بھی اپنے کسی صحابی رضی اللہ عنہ کو کسی کام کے حوالے سے کہیں بھیجتے تو فرماتے: خوشخبری دیا کرو، نفرت نہ پھیلایا کرو، آسانیاں پیدا کیا کرو، مشکلات پیدا نہ کیا کرو۔

مسند احمد 19801 (صحیح)

خوفِ خدا میں نکلنے والے آنسو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: سات طرح کے لوگ وہ ہیں جنہیں ﷲﷻ اپنے سایہ میں پناہ دے گا۔ ( ان میں ) ایک وہ شخص بھی ہے جس نے تنہائی میں ﷲ تعالٰی کو یاد کیا تو اُسکی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔

صحیح البخاری 6479(صحیح)

استغفار کرنے کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک صحابی ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: میں اپنے گھر والوں سے درشت (سخت ، غصے والی) زبان استعمال کرتا تھا۔ (معمولی بات پر ان پر غصہ آجاتا اور انہیں ڈانٹ جھڑک دیتا)، ان کے سوا کسی سے یہ رویہ نہیں ہوتا تھا۔ میں نے یہ بات نبی ﷺ سے ذکر کی تو آپﷺ نے فرمایا: تم استغفار کیوں نہیں کرتے؟ ایک دن میں ستر بار استغفار کیا کرو ۔

سنن ابنِ ماجہ 3817 (صحیح)

توبہ واستغفار کی اہمیت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲﷻ کی قسم میں دن میں ستر مرتبہ سے زیادہ ﷲ تعالٰی سے استغفار اور اس سے توبہ کرتا ہوں۔

صحیح البخاری 6307 (صحیح)

زبان ہر وقت ذکرِ الٰہی سے تر رہے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دو دیہاتی آدمی نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور ان میں سے ایک نے پوچھا اے محمد ﷺ ! سب سے بہترین آدمی کون ہے؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس کی عمر لمبی ہو اور اس کا عمل اچھا ہو، دوسرے نے کہا کہ احکام اسلام تو بہت زیادہ ہیں، کوئی ایسی جامع بات بتا دیجئے جسے ہم مضبوطی سے تھام لیں؟ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا تمہاری زبان ہر وقت ذکرِ الٰہی سے تر رہے ۔ 

مسند احمد 17832(صحیح)

نیک و بد جنازہ میں فرق

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ایک صحابی ؓ فرماتے ہیں کہ ہم رسولِ کریم ﷺ کے پاس بیٹھے تھے کہ ایک جنازہ نمودار ہوا۔ رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا:  یہ آرام پانے والا ہے یا مخلوقات کو اس سے آرام ملا ہے۔ مومن فوت ہوتا ہے تو دنیا کی بیماریوں، تکالیف اور مصیبتوں سے نجات پاجاتا ہے اور بدکار شخص مرتا ہے تو اس سے انسان، علاقے، درخت اور جانور نجات اور آرام پاجاتے ہیں۔

سنن النسائی 1933 (صحیح)

ﷲﷻ کی پناہ حاصل کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اے اللّٰه ! میں تیری پناہ میں آتا ہوں اس علم سے جو فائدہ نہ دے، اس دل سے جو اللّٰه تعالٰی کے سامنے عاجزی نہ کرے، اس نفس سے جو سیر نہ ہو اور اس دُعا سے جو قبول نہ ہو۔

سنن النسائی 5538 (صحیح)

زیادہ باتونی شخص کے لیے وعید

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اِمامُ الانبیاء حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا:  ﷲ کے ذکر کے سوا زیادہ باتیں نہ کیا کرو، کیونکہ ﷲ کے ذکر کے سوا زیادہ باتیں کرنا دل کی قسادت (سختی) کا باعث ہے اور سخت دل شخص ﷲﷻ سے کوسوں دور ہے

مشکوٰۃ 2276 (صحیح)

زیب وزینت کے متعلق احکامات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

حضرت ابوالاحوص ؓ کے والد محترم سے روایت ہے کہ میں رسولِ کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپﷺ نے مجھے خراب سی حالت میں دیکھا۔ نبی اکرم ﷺ فرمانے لگے: کیا تیرے پاس کچھ مال ہے؟ میں عرض کیا: ہر قسم کا مال ﷲﷻ نے مجھے دے رکھا ہے ۔ آپﷺ نے فرمایا: "تیرے پاس مال ہے تو تجھ پر نظر بھی آنا چاہیے"۔

 سنن النسائی 5296 (صحیح)

عطائے رزق و روزی کے معاملات

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں، رسولِ کریم ﷺ کے دور میں دو بھائی تھے، ان میں سے ایک نبی اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوتا تھا جبکہ دوسرا کاروبار کیا کرتا تھا، کاروبار کرنے والے نے اپنے بھائی کی نبی ﷺ سے شکایت کی، تو آپ ﷺ نے فرمایا: شاید کے تمہیں اسی وجہ سے رزق دیا جاتا ہے۔

 مشکوٰۃ 5308 (صحیح)

بہت ہی فضیلت والی دُعا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

جب ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں ڈالا گیا تو آخری کلمہ جو آپ کی زبانِ مبارک سے نکلا

حَسْبِيَ اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ

 تھا. یعنی میری مدد کے لیے ﷲ کافی ہے اور وہی بہترین کام بنانے والا ہے ۔

 صحیح البخاری 4564 (صحیح)

تنگدست کو مہلت دینے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کو یہ پسند ہو کہ ﷲﷻ اسے روز قیامت کی تکلیفوں سے نجات دے دے تو وہ تنگدست کو مہلت دے یا اسے (قرض) معاف کردے ۔

 مشکوٰۃ 2902 (صحیح)

خوش اخلاقی کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرورِ کونین سید الانبیاء ﷺ نے فرمایا: میں اس شخص کے لیے جنت کے اندر ایک گھر کا ضامن ہوں جو لڑائی جھگڑا ترک کر دے، اگرچہ وہ حق پر ہو، اور جنت کے بیچوں بیچ ایک گھر کا اس شخص کے لیے جو جھوٹ بولنا چھوڑ دے اگرچہ وہ ہنسی مذاق ہی میں ہو، اور جنت کی بلندی میں ایک گھر کا اس شخص کے لیے جو خوش خلق ہو ۔ 

سنن ابوداؤد 4800

Wednesday, 9 July 2025

مسلمان کی پردہ پوشی کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خیرُالبشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو شخص کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا تو ﷲﷻ دنیا اور آخرت میں اس کا پردہ رکھے گا۔

سنن ابنِ ماجہ 2544 (صحیح)

آداب و اخلاق کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  نیک چلن، عمدہ کردار اور میانہ روی نبوت کا پچیسواں حصہ ہے ۔

سنن ابوداؤد 4776 (صحیح)

ﷲﷻ پر توکل اور یقین کا حکم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  ہر شخص کو اس حال میں موت آنی چاہیے کہ وہ ﷲﷻ کے بارے میں اچھا گمان رکھتا ہو۔

سنن ابنِ ماجہ 4167 (صحیح)

بائیں ہاتھ سے کھانے، پینے کی ممانعت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی کھائے تو دائیں (سیدھے) ہاتھ سے کھائے اور دائیں ہاتھ سے پیئے، اس لیے کہ شیطان اپنے بائیں ( الٹے ) ہاتھ سے کھاتا ہے اور بائیں ہاتھ سے پیتا ہے“۔ 

جامع الترمذی 1800 (صحیح)

غیرضروری باتوں سے پرہیز کی تلقین

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: انسان کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ بیکار کاموں میں کم از کم گفتگو کرے اور انہیں چھوڑ دے ۔ 

مسند احمد 1732 (صحیح)

تین حکمت و دانائی والی نصیحتیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک آدمی نے نبيِ رحمت ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کیا: ﷲ کے رسولﷺ ! مجھے ( دین کی باتیں ) سکھایئے اور اختصار کیجیے: رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب تو نماز پڑھنے کھڑا ہو تو ایسے نماز پڑھ جیسے تو دُنیا سے رخصت ہونے والا ہو۔ اور کوئی ایسی بات نہ کہہ جس سے ( بعد میں ) معذرت کرنی پڑے۔ اور لوگوں کے ہاتھ میں جو کچھ ہے اس سے پوری طرح مایوس ہوجا۔

سنن ابنِ ماجہ 4147 (صحیح)

عاشورہ پر ‏دو ‏روزے ‏رکھنے ‏کا ‏بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریمﷺ مدینہ منورہ تشریف لائے تو یہودی عاشورہ کا روزہ رکھتے تھے۔ نبی کریم ﷺ نے ان سے اس کے متعلق پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ اس دن موسیٰ علیہ السلام نے فرعون پر غلبہ پایا تھا۔ آپﷺ نے اس پر فرمایا کہ پھر ہم ان کے مقابلے میں موسیٰ کے زیادہ حقدار ہیں۔ مسلمانوں! تم لوگ بھی اس دن روزہ رکھو ( پھر آپﷺ نے یہود کی مشابہت سے بچنے کے لیے اس کے ساتھ ایک روزہ اور ملانے { 9 اور 10 محرم یا 10 اور 11 محرم } کا حکم صادر فرمایا جو اب بھی مسنون ہے۔)  

صحیح البخاری4737 (صحیح)

خشوع وخضوع والی نماز کا اجر

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جو مسلمان وضو کرتا ہے اور وہ اپنا وضو اچھی طرح کرتا ہے پھر کھڑا ہو کر مکمل توجہ کے ساتھ دو رکعتیں پڑھتا ہے تو اس کے لیے جنت واجب ہو جاتی ہے۔

مشکوٰۃ 288 (صحیح)

والدین سے حسنِ سلوک کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  باپ جنت کا درمیانی دروازہ ہے، چاہے اس دروازے کو ضائع کرلو، چاہے محفوظ کرلو۔

سنن ابنِ ماجہ 3663 (صحیح)

جب اللّٰہ کسی سے محبت کرتا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

جب ﷲ تعالٰی کسی بندہ سے محبت کرتا ہے تو جبریل علیہ السلام کو آواز دیتا ہے کہ ﷲﷻ فلاں سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو۔ چنانچہ جبریل علیہ السلام بھی اس سے محبت کرتے ہیں۔ پھر وہ آسمان میں آواز دیتے ہیں کہ ﷲ فلاں سے محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو چنانچہ اہلِ آسمان بھی اس سے محبت کرنے لگتے ہیں اور اس طرح روئے زمین میں بھی اسے مقبولیت حاصل ہوجاتی ہے۔

صحیح البخاری 7485 (صحیح)

خطاؤں اور گناہوں کی تشہیر نہ کرو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ’’میری تمام اُمت کو ( گناہوں پر) معافی ملے گی، سوائے اُن لوگوں کے جو ( اپنے گناہوں کا) اعلان کرنے والے ہیں۔ اعلان میں یہ ہے کہ بندہ رات کو ایک کام کرے، پھر صبح ہو تو ﷲﷻ نے اس کا پردہ رکھا ہوا ہو اور وہ خود کہے اے فلاں ! میں نے پچھلی رات ایسا ایسا کام کیا، حالانکہ اس نے رات گزار دی، اس کے رب نے اس پر پردہ ڈالے رکھا اور وہ صبح کرتا ہے تو وہ اپنے رب کا ڈالا ہوا پردہ خود اتار دیتا ہے"۔

صحیح مسلم 7485 (صحیح)

آسانیاں پیدا کرو مشکلات نہیں

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے ارشاد فرمایا: لوگوں کو علم سکھاؤ ، آسانیاں پیدا کرو ، مشکلات پیدا نہ کرو اور تین مرتبہ فرمایا کہ جب تم میں سے کسی کو غصہ آئے تو اسے سکوت (خاموشی) اختیار کر لینا چاہئے۔ 

مسند احمد 3448 (صحیح)

نمازِ جمعہ چھوڑنے پر سخت وعید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: لوگوں کے گروہ ہر صورت جمعہ چھوڑ دینے سے باز آجائیں یا ﷲ تعالٰی ان کے دلوں پر مہر لگادے گا پھر وہ غافلوں میں سے ہوجائیں گے۔

صحیح مسلم 2002 (صحیح)

استغفار اور اس کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: " بندہ اس وقت تک ﷲﷻ کے عذاب سے امن میں رہتا ہے، جب تک ﷲ تعالٰی سے استغفار کرتا رہتا ہے"۔

مسند احمد 5483 (صحیح)

ﷲﷻ بہت توبہ قبول کرنے والا ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے اپنے غصے پر قابو پالیا، ﷲﷻ اس سے اپنا عذاب روک لے گا, اور جس شخص نے اپنی زبان کی حفاظت کی ﷲ تعالٰی اس کی پردہ پوشی کرے گا، اور جو شخص ﷲ سے معذرت کرے گا ﷲ اس سے اس کی معذرت قبول کرے گا۔

السلسلۃ 418 (صحیح)

والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو آدمی یہ پسند کرتا ہے کہ اسکی عمر بڑھادی جائے اور اس کے رزق میں اضافہ کردیا جائے تو وہ اپنے والدین سے نیکی کرے اور صلہ رحمی کرے"۔ 

مسند احمد 8989 (صحیح)

روزانہ تلاوتِ قرآنِ مجید کرنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ﷺ نے فرمایا: جو شخص دس آیات کا اہتمام کرتا ہے وہ غافلین میں نہیں لکھا جاتا، جو سو آیات (کی تلاوت و حفظ اور عمل) کا اہتمام کرتا ہے تو وہ اطاعت گزاروں میں لکھ دیا جاتا ہے اور جو شخص ہزار آیات کا اہتمام کرتا ہے تو وہ ڈھیروں اجر و ثواب پانے والوں میں لکھ دیا جاتا

مشکوٰۃ 1201 (صحیح)

اللّٰہ کا شکر کرنے کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: جب ﷲﷻ بندے کو کوئی نعمت دیتا ہے اور بندہ الحمد للہ کہتا ہے تو بندے نے جو ( شکر ) ادا کیا، وہ ملنے والی نعمت سے افضل ہوتا ہے۔

سنن ابنِ ماجہ 3805 (صحیح)

تکالیف کے باعث گناہوں کا کفارہ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: مسلمان جب بھی کسی پریشانی، بیماری، رنج و ملال، تکلیف اور غم میں مبتلا ہوجاتا ہے یہاں تک کہ اگر اسے کوئی کانٹا بھی چبھ جائے تو ﷲﷻ اسے اسکے گناہوں کا کفارہ بنا دیتا ہے۔

صحیح البخاری 5642 (صحیح)

ایذاؤں پر صبر کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مکینِ گنبد خضرا رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ایسا مسلمان جو لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور ان کی ایذاؤں (دی ہوئی تکالیف) پر صبر کرتا ہے وہ اس سے افضل ہے جو ان کے ساتھ مل جل کر نہیں رہتا اور نہ ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے

مشکوٰۃ 5087 (صحیح)

دُعا کی اہمیت وفضیلت


بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
 پھر نبی کریم ﷺ نے یہ آیت پڑھی : وَقَالَ رَبُّکُمُ ادْعُوْنِیۡ اَسْتَجِبْ لَکُمْ اور تمہارے رب
 نے فرمایا: مجھے پکارو، میں تمہاری پکار قبول کروں گا۔

سنن ابن ماجہ 3828 (صحیح)

درود شریف کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

دُعا آسمان اور زمین کے درمیان رکی رہتی ہے، اس میں سے ذرا سی بھی اوپر نہیں جاتی جب تک کہ تم اپنے نبی کریم ﷺ پر صلاۃ ( درود ) نہیں بھیج لیتے۔ 

جامع الترمذی 486 (صحیح)

ﷲﷻ کی رحمت سے مایوس نہ ہو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ﷲ عزوجل رات کو اپنا دست ( رحمت بندوں کی طرف ) پھیلا دیتا ہے تاکہ دِن کو گُناہ کرنے والا توبہ کرے اور دن کو اپنا دست ( رحمت ) پھیلا دیتا ہے تاکہ رات کو گناہ کرنے والا توبہ کرے ( اور وہ اُس وقت تک یہی کرتا رہےگا ) یہاں تک کہ سورج مغرب سے طلوع ہو جائے ۔ 

صحیح مسلم 6989 (صحیح)

قرض سے بچنے کی اہمیت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جس شخص کی جان اس حال میں اسکے جسم سے نکلی کہ وہ تین چیزوں سے پاک تھا، وہ جنت میں داخل ہوجائے گا: تکبر سے، مال غنیمت کی خیانت سے اور قرض سے۔

سنن ابن ماجہ 2412 (صحیح)

حُبِ مال، حُبِ جاہ کی ہوس کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

تاجدارِ کائنات حضورِ اقدسﷺ نے فرمایا: ”دو بھوکے بھیڑیئے جنہیں بکریوں کے ریوڑ میں چھوڑ دیا جائے اتنا نقصان نہیں پہنچائیں گے جتنا نقصان آدمی کے مال(دولت) و جاہ(اقتدار، شان و شوکت، دبدبے) کی حرص اسکے دین کو پہنچاتی ہے۔

جامع الترمذی 2376 (صحیح)

نمازِ جمعہ میں جلدی کرو

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

خَاتَمُ الْمُرْسَلین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جب جمعہ کا دن آتا ہے تو فرشتے جامع مسجد کے دروازے پر آنے والوں کے نام لکھتے ہیں، سب سے پہلے آنے والا اونٹ کی قربانی دینے والے کی طرح لکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد آنے والا گائے کی قربانی دینے والے کی طرح پھر مینڈھے کی قربانی کا ثواب رہتا ہے۔ اس کے بعد مرغی کا، اس کے بعد انڈے کا۔ لیکن جب امام ( خطبہ دینے کے لیے ) باہر آجاتا ہے تو یہ فرشتے اپنے دفاتر بند کر دیتے ہیں اور خطبہ سننے میں مشغول ہوجاتے ہیں۔

صحیح البخاری 929 (صحیح)