Friday, 18 October 2024

نمازِ جمعہ کے لیےاول وقت آنے کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص جمعہ کے روز خوب اچھی طرح غسل کرے، پیدل چل کر اول وقت مسجد میں جا کر امام کے قریب بیٹھ کر خوب غور سے خطبہ سنے اور اس دوران کوئی لغو کام نہ کرے تو اسے ہر قدم کے بدلے ایک سال کے روزے اور ایک سال کے قیام کا ثواب ملتا ہے۔ 

مشکوٰۃ 1388 (صحیح)

ُدعا مانگنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

نبيِ رحمت ﷺ دُعا میں یوں فرمایا کرتے تھے : اے اللہ ! میں سخت بڑھاپے، اونچی جگہ سے گر جانے، دب جانے، غم و اندوہ، آگ سے جل مرنے اور غرق ہو جانے سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔ اور اس بات سے تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میری موت کے وقت شیطان مجھے بدحواس کر دے اور یہ کہ میں دوران جہاد میں میدان جنگ سے پیٹھ پھیر کر بھاگتا ہوا مارا جاؤں ۔ اور اس بات سے بھی تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میں کسی زہریلی چیز کے ڈنک سے مر جاؤں ۔

سنن النسائی 5534 (صحیح)

ہر وقت موت کی تیاری رکھو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:  دنیا میں ایسے رہو گویا تم ایک پردیسی یا راہ گیر ہو اور اپنے آپ کو اہل قبور (مُردوں) میں سے شمار کرو۔

مشکوٰۃ 5274 (صحیح)

والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک کا اجر

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو آدمی یہ پسند کرتا ہے کہ اسکی عمر بڑھادی جائے اور اس کے رزق میں اضافہ کردیا جائے تو وہ اپنے والدین سے نیکی کرے اور صلہ رحمی کرے"۔ 

مسند احمد 8989 (صحیح)

ﷲ سے مسلسل ہدایت طلب کرتے رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ لوگوں کو ( اس طرح ) خطبہ دیتے: پہلے ﷲﷻ کی شان کے مطابق اسکی حمد و ثناء بیان کرتے پھر فرماتے: ’’ جسے ﷲ کریم سیدھی راہ پر چلائے اسے کوئی گمراہ نہیں کرسکتا اور جسے وہ سیدھی راہ سے ہٹا دے اسے کوئی ہدایت نہیں دے سکتا, اور بہترین بات ﷲ کی کتاب ہے

صحیح مسلم 2007 (صحیح)

قرآنِ کریم راہ ہدایت ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم
 ﷲﷻ کی کتاب جس میں ہدایت اور نور ہے، جس نے اس کو مضبوطی سے تھام لیا اور اسے لے لیا وہ ہدایت پر ہوگا اور جو اس سے ہٹ گیا وہ گمراہ ہوجائے گا ۔

صحیح مسلم 6227 (صحیح)

شرکِ اصغر سے بچنے کی تلقین

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ’’مجھے تمہارے متعلق شرک اصغر کا سب سے زیادہ اندیشہ ہے ۔‘‘ انہوں نے عرض کیا ، اللّٰه کے رسول ﷺ ! شرک اصغر سے کیا مراد ہے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ریا کاری ۔

مشکوٰۃ 5334 (صحیح)

بد کلامی جہنم کا راستہ ھے

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مُخبرِ صادق حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  حیاء ایمان کا حصہ ہے اور ایمان جنت میں ( لے جانے والا ) ہے، اور بدکلامی بد اخلاقی کا حصہ ہے اور بد اخلاقی جہنم میں ( لے جانے والی ) ہے ۔

سنن ابن ماجہ 4184 (صحیح)

Wednesday, 9 October 2024

بہت زیادہ توبہ و استغفار کرتے رہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  مبارک ہو اس شخص کو جسے اپنے نامہ اعمال میں زیادہ استغفار ملا ۔

مشکوٰۃ 2356 (صحیح)

نرمی اختیار کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

محبوب رب العالمین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  نرمی سے محروم شخص (ہر قسم کی) خیر و بھلائی سے محروم ہے ۔

مشکوٰۃ 5069 (صحیح)

میت کو غسل دینے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

صادق و امین رسولِ کریم‌ ﷺ نے فرمایا:  جو شخص میت کو غسل دے تو وہ خود بھی غسل کرے۔‘‘ ابن ماجہ ، احمد ، ترمذی اور ابوداؤد نے یہ اضافہ نقل کیا ہے :’’ جو شخص اسے کندھا دے تو وہ وضو کرے۔

مشکوٰۃ 541 (صحیح)

قبر میں سوال وجواب کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ جب میت کو دفن کرکے فارغ ہو جاتے تو قبر پر رُکتے اور فرماتے :’’ اپنے بھائی کے لیے استغفار کرو اور ثابت قدمی کی دُعا کرو بیشک اب اس سے سوال کیا جائے گا"۔  

سنن ابوداؤد 3221 (صحیح)

ایذاؤں پر صبر کرنے کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

مکینِ گنبد خضرا رسول کریم ﷺ نے فرمایا:  ایسا مسلمان جو لوگوں کے ساتھ مل جل کر رہتا ہے اور ان کی ایذاؤں (دی ہوئی تکالیف) پر صبر کرتا ہے وہ اس سے افضل ہے جو ان کے ساتھ مل جل کر نہیں رہتا اور نہ ان کی ایذاؤں پر صبر کرتا ہے

مشکوٰۃ 5087 (صحیح)

رعایا پر حکمرانی کے آداب

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

حضرت ابوبردہ ؓ بیان کرتے ہیں، نبی کریم ﷺ نے ان کے دادا ابوموسی ؓ اور معاذ ؓ کو یمن کی طرف بھیجتے ہوئے فرمایا: ’’آسانی پیدا کرنا، تنگی پیدا نہ کرنا، خوشخبری سنانا، نفرت نہ دلانا، اتفاق رکھنا اور اختلاف پیدا نہ کرنا۔

مشکوٰۃ 3724 (متفق علیہ)

نمازِ چاشت کی اہمیت وفضیلت

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  تم میں سے ہر ایک پر اسکے تمام جوڑوں کا صدقہ کرنا ضروری ہے، ہر قسم کی تسبیح (جیسے سبحان اللہ کہنا) صدقہ ہے، ہر قسم کی حمد صدقہ ہے، ہر مرتبہ لا الہ الا اللہ کہنا صدقہ ہے، نیکی کا حکم کرنا صدقہ ہے، برائی سے روکنا صدقہ ہے، اور جو شخص چاشت کی دو رکعتیں پڑھ لیتا ہے تو وہ اسکے لیے کافی ہوجاتی ہیں۔ 

مشکوٰۃ 1311 (متفق علیہ)

فوت شدگان کو بُرا نہ کہو

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا:  جو لوگ مرگئے ان کو بُرا نہ کہو کیونکہ جو کچھ انہوں نے آگے بھیجا تھا اسکے پاس وہ خود پہنچ چکے ہیں، انہوں نے بُرے بّھلے جو بھی عمل کئے تھے ویسا بدلہ پالیا۔ 

مشکوٰۃ 6516 (صحیح)

نمازِ تہجد کی اہمیت و فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: ہر رات جب آخری تہائی رات باقی رہ جاتی ہے تو ہمارا رب تبارک و تعالٰی آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے، اور پوچھتا ہے: کوئی ہے جو مجھ سے دُعا کرے، میں اسکی دُعا قبول کروں، کوئی ہے جو مجھ سے مانگے، میں اسے عطا کروں اور کوئی ہے جو مجھ سے مغفرت طلب کرے تو میں اسے بخش دوں۔

مشکوٰۃ 1223 (متفق علیہ)

ماں باپ کے ساتھ نیک سلوک کا بیان

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

عرض کیا اللّٰه کے رسول ﷺ! میں کس کے ساتھ نیک سلوک اور صلہ رحمی کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ“، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ“، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: ”اپنی ماں کے ساتھ“، میں نے عرض کیا: پھر کس کے ساتھ؟ فرمایا: ”پھر اپنے باپ کے ساتھ، پھر رشتہ داروں کے ساتھ پھر سب سے زیادہ قریبی رشتہ دار پھر اس کے بعد کا، درجہ بدرجہ“۔

جامع الترمذی 1897 (صحیح)