Tuesday, 21 December 2021

بچوں کی پرورش کی خاطر دوسرا نکاح نہ کرنے والی عورت کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 نبی کریم ﷺ نے فرمایا: میں اور سیاہی مائل رخسار والی عورت روزِ قیامت جنت میں اِن دو انگلیوں کی مانند قریب قریب ہوں گے، ساتھ ہی آپﷺ نےانگشتِ شہادت اور درمیانی انگلی کو جمع کرکے اشارہ کیا، وہ خاتون جو منصب اور جمال والی ہو، لیکن بیوہ ہوجانے کے بعد اپنے نفس کو اپنے یتیموں کی خاطر پابند کیے رکھے، یہاں تک کہ وہ اُس سے الگ ہوکر (اپنے پاؤں پر کھڑے) ہوجائیں یا فوت ہوجائیں۔

مسند احمد 6861

زندگی وموت کی آزمائش سے اللّٰہ کی پناہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رحمتِ عالم شافع روزِ محشر ﷺ یہ دعائیں مانگا کرتے تھے: اے ﷲ! میں بخل (کنجوسی)، سُستی، ذلیل ترین عمر، قبر کے عذاب اور زندگی اور موت کی آزمائشوں سے تیری پناہ میں آتا ہوں (اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ الْبُخْلِ وَالْكَسَلِ وَأَرْذَلِ الْعُمُرِ وَعَذَابِ الْقَبْرِ وَفِتْنَةِ الْمَحْيَا وَالْمَمَاتِ)۔ 

صحیح مسلم 6876

تکبیر اولیٰ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جس نے ﷲ کی رضا کے لیے چالیس دن تک تکبیر اولیٰ کے ساتھ باجماعت نماز پڑھی تو اُس کے لیے دو قسم کی برات ( نجات) لکھی جائے گی: ایک آگ سے برات، دوسری نفاق سے برات“۔

جامع الترمذی 241

پیشاب کی چھینٹوں سے بچنے کی تاکید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: زیادہ تر قبر کا عذاب پیشاب کی وجہ سے ہے ۔ 

سنن ابنِ ماجہ 348

اذان کا جواب دو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک شخص نے عرض کیا: اے ﷲ کے رسول ﷺ! مؤذنوں کو ہم پر فضیلت حاصل ہے، تو رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن ﷺ نے فرمایا: تم بھی اسی طرح کہو جس طرح وہ کہتے ہیں ( یعنی اذان کا جواب دو )، پھر جب تم اذان ختم کرلو تو ( ﷲ تعالٰی سے ) مانگو، تمہیں دیا جائے گا ۔ 

سنن ابوداؤد 524

عفو و درگزر کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ایک شخص رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اُس نے عرض کیا: ﷲ کے رسول ﷺ! ہم خادم کو کتنی بار معاف کریں؟ آپ ﷺ خاموش رہے، اُس شخص نے پھر یہی کہا، آپﷺ پھر خاموش رہے، جب تیسری بار دریافت کیا تو آپﷺ نے فرمایا: اس سے دن میں ستر بار درگزر کرو۔

مشکوٰۃ 3367

زبان کی حفاظت کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

ابو القاسم حضرت محمدﷺ نے فرمایا:  انسان جب صبح کرتا ہے تو اس کے سارے اعضاء زبان کے سامنے اپنی عاجزی کا اظہار کرتے ہیں اور کہتے ہیں: تو ہمارے سلسلے میں ﷲ سے ڈر اس لیے کہ ہم تیرے ساتھ ہیں اگر تو سیدھی رہی تو ہم سب سیدھے رہیں گے اور اگر تو ٹیڑھی ہوگئی تو ہم سب بھی ٹیڑھے ہوجائیں گے

جامع الترمذی 2407

ﷲﷻ کی رحمت سے کبھی مایوس نہ ہو


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ  نے فرمایا: ﷲ عزوجل رات کو اپنا دست ( رحمت بندوں کی طرف ) پھیلا دیتا ہے تاکہ دِن کو گُناہ کرنے والا توبہ کرے اور دن کو اپنا دست ( رحمت ) پھیلا دیتا ہے تاکہ رات کو گناہ کرنے والا توبہ کرے ( اور وہ اُس وقت تک یہی کرتا رہےگا ) یہاں تک کہ سورج مغرب سے طلوع ہو جائے ۔ 

صحیح مسلم 6989

چار چیزوں سے ﷲﷻ کی پناہ طلب کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرکارِ دوعالم رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  جب تم میں سے کوئی تشہد سے فارِغ ہو تو وہ چار چیزوں، عذابِ جہنم، عذابِ قبر ، موت و حیات کے فتنے اور مسیح دجال(اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ جَهَنَّمَ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَالْمَمَاتِ) کے فتنے سے ﷲ کی پناہ طلب کرے۔

مشکوٰۃ 940

مقام و مرتبہ کے لحاظ سے بدترین شخص

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:  کیا میں تمہیں مقام و مرتبہ کے لحاظ سے بدترین شخص کے بارے میں نہ بتاؤں؟‘‘ عرض کیا گیا، جی ہاں، آپ ﷺ نے فرمایا:  جس سے ﷲ کے نام پر سوال کیا جائے اور وہ نہ دے ۔

مشکوٰۃ 1881

نماز کے الفاظ پر غور کرنے کی تاکید

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: نمازی اپنے رب سے کلام کرتا ہے، پس اسے غور کرنا چاہیے کہ وہ ﷲﷻ کے ساتھ کیا کلام کر رہا ہے؟ ایک دوسرے کے پاس بلند آواز سے قرآن نہ پڑھا کرو۔

مشکوٰۃ 856

اہلِ کتاب کو سلام کا جواب

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رسول اللہ صلی ‌اللہ ‌علیہ ‌وآلہ ‌وسلم نے فرمایا :  جب اہلِ کتاب تمہیں سلام کریں تو تم (جواب میں اتنا) کہو: وعلیکم ۔

مشکوٰۃ 4637

شہرت اور ریاکاری کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

صادق و امین رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص دکھلاوے کی خاطر نماز پڑھتا ہے تو اس نے شرک کیا، جو شخص دکھلاوے کی خاطر روزہ رکھتا ہے تو اس نے شرک کیا، اور جو شخص دکھلاوے کی خاطر صدقہ کرتا ہے تو اس نے شرک کیا۔

مشکوٰۃ 5331

کھانا کھاکر شُکر ادا کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”کھانا کھا کر اللہ کا شکر ادا کرنے والا ( اجر و ثواب میں ) صبر کرنے والے روزہ دار کے برابر ہے“۔

جامع ترمذی2486

لاالہٰ الااللہ کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خَاتَمِ النَّبِیِّیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جس شخص کی موت اس گواہی پر ہو کہ ﷲ تعالٰی کے علاوہ کوئی معبودِ برحق نہیں، اور میں ﷲ کا رسول ہوں، اور یہ گواہی سچے دل سے ہو تو ﷲﷻ اس کی مغفرت فرما دے گا

سنن ابنِ ماجہ 3796

عذابِ قبر کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سَرْوَرِ کَونَین نبيِ رحمت ﷺ دو قبروں کے پاس سے گُزرے اور فرمایا کہ ان دونوں مُردوں کو عذاب ہو رہا ہے اور یہ کسی بڑے گناہ کی وجہ سے عذاب میں گرفتار نہیں ہیں بلکہ یہ اپنے پیشاب کی چھینٹوں سے نہیں بچتا تھا اور دوسرا چغل خور تھا، پھر آپ ﷺ نے ایک ہری شاخ منگائی اور اسے دو ٹکڑوں میں توڑ کر دونوں قبروں پر گاڑ دیا اس کے بعد فرمایا کہ جب تک یہ شاخیں سوکھ نہ جائیں اس وقت تک شاید ان دونوں کا عذاب ہلکا رہے۔ 

صحیح البخاری 6052

سب سے بہترین مسلمان کون ھے

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اِمامُ الانبیاء سیدنا حضرت محمد مصطفٰی ﷺ نے فرمایا: ”مسلمان ( کامل ) وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ ( کے شر ) سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں، اور مومن ( کامل ) وہ ہے جس سے لوگ اپنی جانوں اور اپنے مالوں کو محفوظ سمجھیں“۔

جامع الترمذی 2627

مُحسن کا شکریہ ادا کرنے کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سرور کائنات شافع روزِ محشر رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ”جس نے لوگوں کا شکریہ ادا نہ کیا اس نے ﷲﷻ کا شکر ادا نہیں کیا“۔

جامع الترمذی 1955

Friday, 3 December 2021

ﷲﷻ کا شُکر ادا کرنے کا طریقہ

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ کے پاس جب کوئی ایسا معاملہ آتا جس سے آپ ﷺ خوش ہوتے، یا وہ خوش کن معاملہ ہوتا، تو آپﷺ ﷲ تعالٰی کا شکر ادا کرنے کے لیے سجدے میں گر پڑتے۔ 

سنن ابنِ ماجہ 1394

جوحاجت ظاہر کرے اسکی مدد کرو

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سائل کا حق ہے، خواہ وہ گھوڑے ہی پر سوار ہوکر آئے

سنن ابوداؤد 1665

ایامِ بیض کے روزوں کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

حضرت ابوہریرہ ؓ نے فرمایا کہ میرے خلیل رسولِ کریم ﷺ نے مجھے ہر مہینے کی تین تاریخوں( قمری مہینے کی تیرہویں،چودہویں اور پندررہویں ) میں روزہ رکھنے کی وصیت فرمائی تھی۔ اسی طرح چاشت کی دو رکعتوں کی بھی وصیت فرمائی تھی اور اس کی بھی کہ سونے سے پہلے ہی میں وتر پڑھ لیا کروں۔ 

صحیح البخاری 1981

توبہ واستغفار کا بیان

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے میرا ہاتھ پکڑا اور فرمایا: اے معاذ ؓ ! قسم اللہ کی، میں تم سے محبت کرتا ہوں، قسم اللہ کی میں تم سے محبت کرتا ہوں ، پھر فرمایا: اے معاذ ؓ! میں تمہیں نصیحت کرتا ہوں: ہر نماز کے بعد یہ دعا پڑھنا کبھی نہ چھوڑنا

اللَّهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ وَشُكْرِكَ وَحُسْنِ عِبَادَتِكَ

  اے اللہ! اپنے ذکر، شکر اور اپنی بہترین عبادت کے سلسلہ میں میری مدد فرما

سنن ابوداؤد 1522

فضائل قرآن

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سردار الانبیاء شافع روزِ محشر حضرت محمد ﷺ نے فرمایا: صاحب قرآن ( حافظ قرآن یا ناظرہ خواں ) سے کہا جائے گا: پڑھتے جاؤ اور چڑھتے جاؤ اور عمدگی کے ساتھ ٹھہر ٹھہر کر پڑھو جیسا کہ تم دُنیا میں عمدگی سے پڑھتے تھے، تمہاری منزل وہاں ہے، جہاں تم آخری آیت پڑھ کر قرآت ختم کرو گے

سنن ابوداؤد 1464

جنازہ کو جلدی لے کر چلنا

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا کہ جنازہ لے کر جلد چلا کرو کیونکہ اگر وہ نیک ہے تو تم اس کو بھلائی کی طرف نزدیک کر رہے ہو اور اگر اس کے سوا ہے تو ایک شر ہے جسے تم اپنی گردنوں سے اتارتے ہو۔ 

صحیح البخاری 1315

فجر کی سنتوں میں قراءت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

سیدنا عبد اللہ بن عمر ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ فرماتے ہیں: میں نے غور سے دیکھا کہ رَحْمَۃً لِّلْعَالَمِیْن رسولِ کریم ﷺ نمازِ فجر سے پہلے والی دو رکعتوں میں سورۂ کافرون اور سورۂ اخلاص کی تلاوت کرتے تھے۔ 

مسند احمد 2103

جمعہ کے دن نہانے کی فضیلت

بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبيِ رحمت ﷺ نے فرمایا: تم میں سے جب کوئی شخص جمعہ کی نماز کے لیے آنا چاہے تو اسے غسل کرلینا چاہیے۔ 

مشکوٰۃ 877

دُعا کی اہمیت


بِسْمِ ﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آیت: وقال ربكم ادعوني أستجب لكم ”اور تمہارے رب کا فرمان ہے کہ مجھ سے دُعا کرو میں تمہاری دعاؤں کو قبول کروں گا، یقین مانو کہ جو لوگ میری عبادت سے اعراض کرتے ہیں وہ عنقریب ذلیل ہو کر جہنم میں پہنچ جائیں گے“  ( المؤمن: ۶۰ ) ، کی تفسیر میں فرمایا کہ دُعا ہی عبادت ہے۔

جامع الترمذی 2969